منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض کی چکوال میں آمد

رپورٹ : رافعہ عروج ملک

20 اکتوبر بروز ہفتہ محترم نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے چکوال کا وزٹ کیا اور ایگزیکٹو ممبران سے میٹنگ کی۔ جس میں یوتھ لیگ، ویمن لیگ، علماء کونسل اور تحصیلی تنظیم تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران نے شرکت کی اور اپنی اپنی رپورٹ پیش کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے اپنی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ مرکز کی طرف سے دیئے جانے والے اہداف کی روشنی میں پیش کی جس پر محترم نائب ناظم اعلیٰ نے خوشی کا اظہار کیا اور مزید آراء و تجاویز سے نوازا۔ آخر میں انہوں نے تحریک اور قائد تحریک سے متعلق گفتگو فرمائی اور مشن کے کام کو چکوال میں مضبوط کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ چکوال میں آپ لوگوں نے اپنے حصے کا انقلابی کام کرنا ہے۔ یہاں ہر گھر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آواز پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے۔ میلاد کانفرنس کی ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ چکوال میں لوگوں کا عالمی میلاد کانفرنس کے لئے ایک سمندر تیار کریں تاکہ اس رات حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوش ہوکر اپنی رحمت سے نوازیں اور حضور شیخ الاسلام کے دل کو ٹھنڈک ملے اور وہ آپ کو مزید دعاؤں سے نوازیں۔

آخر میں دعائیہ کلمات علماء کونسل کے صدر نے ادا کئے اور حقیقتاً محترم نائب ناظم اعلیٰ کی بریفنگ نے چکوال کے کارکنان کو اور خصوصاً ویمن لیگ کو بہت متحرک کردیا جس کی وجہ سے ویمن لیگ نے فوراً ہی اپنی میٹنگ طلب کی اور اپنے کام کو منظم اور دیئے گئے اہداف کو پورا کرنے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔

ہفتہ وار محافل۔ جہلم کینٹ

رپورٹ : سیدہ ثمرہ لطیف

حسب معمول ستمبر میں ہر جمعہ و اتوار کو محافل میلاد اور دروس عرفان القرآن پورے جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئے جو حسب ذیل ہیں :

محافل میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سنوانے کے ساتھ ساتھ خواتین کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہوئے اعتکاف ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں اجتماعی اعتکاف کے اصول و ضوابط اور نظم و ضبط پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ امسال اعتکاف میں الحمدللہ جہلم کینٹ کی طرف سے 55خواتین نے شرکت کی جبکہ 27 ویں رمضان المبارک کو ساٹھ مزید خواتین نے اعتکاف میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔

19 اور 26 اکتوبر 2007ء کی محافل میں زیادہ سے زیادہ درود پاک پڑھنے کے لئے حلقہ درود میں تحرک پیدا کیا جس کے نتیجے میں الحمدللہ درود پاک کی تعداد ساڑھے سات کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ اس مرتبہ 12 ربیع الاول کو 12 کروڑ درود پاک کا تحفہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے وسیلہ سے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پیش کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا۔

مورخہ 2 نومبر 2007ء بروز جمعۃ المبارک ’’رفاقت سازی‘‘ مہم کے سلسلے میں خصوصی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں 1500 سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ محفل کی خاص بات یہ تھی کہ ریڈیو FM95 کی مشہور نعت خواں محترمہ ساجدہ نے شرکت کی اور آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفل میں مختلف علاقوں سے آنے والی خواتین طے شدہ شیڈول کے مطابق سلاسل طریقت قادریہ، نقشبندیہ، چشتیہ، سہروردیہ کے زیر سایہ بینرز اور جھنڈے لہراتی ہوئی مختلف گروہوں میں تشریف لائیں۔

محترمہ سیدہ شازیہ مظہر نے تحریک کی فکر کو بہت موثر انداز میں خواتین تک پہنچایا۔ مرکزی نائب ناظمہ تربیت محترمہ شازیہ شاہین نے اعتکاف میں بھرپور شرکت پر مبارک باد پیش کی اور حالیہ اعتکاف کے بارے میں اپنے مشاہدات بہت موثر انداز میں بیان کئے۔ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب ’’منہاج القرآن کا 24 سالہ سفر‘‘ دکھایا گیا۔ خواتین کو خصوصی طور پر تحریک کے ساتھ رفاقت و سنگت اختیار کرنے کی دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں الحمدللہ 25 سے زائد خواتین نے رفاقت اختیار کی۔ شرکاء کی جانب سے قائد محترم کے دکھائے جانے والے خطاب کی بہت زیادہ ڈیمانڈ کی گئی۔ اختتام پر محترمہ سیدہ شازیہ مظہر نے خصوصی دعا فرمائی۔