آپ کی الجھنیں (الفیوضات المحمدیۃ سے حل)

معزز قارئین! روزمرہ زندگی میں درپیش مسائل کے حل، پریشانیوں اور ظاہر وباطن کے امراض کے علاج کے لئے ’’آپ کی الجھنیں‘‘ کے عنوان سے ماہنامہ دختران اسلام میں سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ جس کا حل شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب ’’الفیوضات المحمدیہ‘‘ سے حاصل کردہ وظائف کی روشنی میں دیا جاتا ہے۔ آپ بھی اپنے روحانی مسائل کے حل کے لئے سوال بھیج کر رہنمائی حاصل کرسکتی ہیں۔ (ادارہ)

دشمن کے شر سے محفوظ رہنے کا وظیفہ

سوال۔ دشمن کی مکاری اور اس کے شرو نقصان سے بچاؤ کے لئے کوئی وظیفہ تجویز فرمائیں؟

(ریحانہ امین۔ حیدر آباد)

جواب۔ دشمن کے شر سے محفوظ رہنے، اس کی تدبیروں کو ناکام کرنے اور حملہ آور کے شرو نقصان سے بچنے کے لئے درج ذیل سورتوں کا وظیفہ نہایت مفید اور موثر ہے۔

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلَمْ تَرَ کَيْفَ فَعَلَ رَبُّکَ بِاَصْحَابِ الْفِيْلِo اَلَمْ يَجْعَلْ کَيْدَهُمْ فِيْ تَضْلِيْلٍo وَّاَرْسَلَ عَلَيْهِمْ طَيْراً اَبَابِيْلَo تَرْمِيْهِمْ بِحِجَارَةٍ مِّنْ سِجِّيْلٍo فَجَعَلَهُمْ کَعَصْفٍ مَّاْکُولٍ.

(الفیل، 105  :  1 - 5)

’’کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ آپ کے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا سلوک کیا؟ کیا اس نے ان کے مکرو فریب کو باطل و ناکام نہیں کردیا؟ اور اس نے اس پر (ہر سمت سے) پرندوں کے جھنڈ کے جھنڈ بھیج دیئے جو ان پر کنکریلے پتھر مارتے تھے پھر (اللہ نے) ان کو کھائے ہوئے بھوسے کی طرح (پامال) کردیا‘‘۔

(ترجمہ عرفان القرآن)

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

 

تَبَّتْ يَدَا اَبِيْ لَهَبٍ وَّتَبَّo مَا اَغْنٰی عَنْهُ مَالُه وَمَا کَسَبَo سَيَصْلٰی نَاراً ذَاتَ لَهَبٍo وَّامْرَاَتُه حَمَّالَةَ الْحَطَبِo فِيْ جِيْدِهَا حَبْلٌ مِّن مَّسَدٍ.

(اللهب، 111  :  1 - 5)

’’ابو لہب کے دونوں ہاتھ ٹوٹ جائیں اور وہ تباہ ہوجائے (اس نے ہمارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی ہے) اسے اس کے (موروثی) مال نے کچھ فائدہ نہ پہنچایا اور نہ ہی اس کی کمائی نے۔ عنقریب وہ شعلوں والی آگ میں جا پڑے گا۔ اور اس کی (خبیث) عورت (بھی) جو کانٹے دار لکڑیوں کا بوجھ (سر پر) اٹھائے پھرتی ہے (اور ہمارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تلووں کو زخمی کرنے کے لئے رات کو ان کی راہوں میں بچھا دیتی ہے) اس کی گردن میں کھجور کی چھال کا (ہی) رسہ ہوگا (جس سے کانٹوں کا گٹھا باندھتی ہے)‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)

فَاللّٰهُ خَيْرٌ حَافِظًا وَّهُوَ اَرْحَمُ الرّٰحِمِيْنَ.

(يوسف، 12 : 64)

’’تو اللہ ہی بہتر حفاظت فرمانے والا ہے اور وہی سب مہربانوں سے زیادہ مہربان ہے‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)

اس وظیفہ کو 11 بار، 40 بار یا حسب ضرورت 100 بار پڑھیں۔ اس وظیفہ کا بہتر وقت بعد از نماز فجر طلوع آفتاب سے پہلے اور بعد نماز عصر غروب آفتاب سے پہلے کا ہے۔

اس وظیفہ کو 7 دن، 11 دن یا 40 دن حسب ضرورت جاری رکھیں، اگر 11 یا 40 بار پڑھتے ہوئے آخری بار پڑھنے لگیں تو آخری آیت فَجَعَلَهُمْ كَعَصْفٍ مَّأْكُول کی ایک تسبیح کرلیں تو اس کی تاثیر مزید زیادہ ہوگی۔ ان شاء اللہ دشمن سے نقصان پہنچانے کی توفیق سلب ہوجائے گی۔ سازشیں دم توڑ جائیں گی اور اللہ کی طرف سے مدد و نصرت حاصل ہوگی۔ (الفیوضات المحمدیۃ، 266، 271 :  38)