منہاج القرآن ویمن لیگ کا نظام تربیت

فوزیہ شوکت

تاریخ کے روشن دریچوں میں صرف ان عظیم شخصیات کے حالات و کارنامے رقم ہیں جو اللہ رب العزت کے فضل و کرم سے سخت ترین تربیتی مراحل سے گزرے ہیں یہاں تک کہ آج تاریخ خود ان کی نقارہ ہے کیونکہ

دانہ خاک میں مل کر گل و گلزار ہوتا ہے

اگر ہم مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے کامیاب اور باصلاحیت افراد کی زندگی کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی صلاحیتوں اور کامیابی کے پیچھے تربیت کا بہت بڑا ہاتھ ہے ہر شعبہ میں تربیت کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں اور کام جتنا بڑا اور اہم ہو تربیت کے مراحل بھی اتنے ہی اہم اور مشکل ہوتے ہیں۔ گھر کے چھوٹے چھوٹے امور سے لے کر تعمیر معاشرہ میں عورت کا بہت بنیادی کردار ہوتا ہے جو کہ اچھی تربیت کے بغیر ممکن نہیں خصوصاً بحیثیت مسلمان اللہ رب العزت کی جانب سے ہمارے کندھوں پر بہت بھاری ذمہ داری ہے اور وہ ذمہ داری اس کی بندگی کے تقاضوں کو بجا لاتے ہوئے اس کے دین کی سربلندی کے لئے اپنی زندگی کو وقف کرنا ہے۔

جب ہم یہ دیکھتے ہیں کہ زندگی کے چھوٹے چھوٹے امور کو تربیت کے بغیر بہتر انداز میں کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانا انتہائی مشکل ہے تو پھر زندگی کے سب سے بڑے مقصد کی تکمیل اور انجام دہی اعلیٰ تربیت کے بغیر کیسے ممکن ہوسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت نظامت تربیت کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے بنیادی مقاصد یہ ہیں:

i۔ بحیثیت مسلمان ذمہ داریوں کے شعور کی بیداری

ii۔ قرآن و حدیث کی تعلیمات کو عام کرنا

iii۔ خدمت دین کا جذبہ بیدار کرکے بامقصد زندگی گزارنے کے لئے عملی تربیت

iv۔ تعمیر شخصیت کے ذریعے موثر کردار کی حامل خواتین کی تیاری

ان مقاصد کے حصول کے لئے نظامت تربیت کے تحت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور تمام ممکنہ تربیتی ذرائع، ورکشاپس، کیمپس، ڈسکشنز، نشستیں، کتب، لٹریچر اور دیگر چیزوں کو بھی برائے کار لایا جاتا ہے۔ ان میں چند اہم ذرائع کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

اسلامک لرننگ کورس

ہر سال موسم گرما کی تعطیلات میں خواتین و طالبات کے لئے بنیادی اسلامی تعلیمات خصوصاً قرآن پاک کی تجوید، ترجمہ، تفسیر، حدیث مبارکہ کا فہم، فقہ کے بنیادی مسائل، بحیثیت مسلمان عورت کے کردار پر خصوصی لیکچرز کا اہتمام ہوتا ہے اور اس دوران فکری اور شعوری تربیت کے ساتھ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے فن نعت، فن خطابت، ڈسکشن، عملی مشقیں، سوال و جواب کی نشستوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد طالبات اپنی ان صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ میں اپنا بھرپور تعمیری کردار ادا کرسکیں۔

عرفان القرآن کورس

قرآن کتاب ہدایت ہے اور موجودہ دور کے تمام مسائل کا حل ہے لیکن افراد امت کی قرآن پاک اور اس کی تعلیمات کی دوری کے سبب آج ہر شعبہ زندگی اور دنیا کے تمام معاشروں میں ذلت و رسوائی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی وسعت نظری اور بصیرت نے امت مسلمہ کی تفہیم و تعلیم کے لئے سلسلہ شروع کیا جو تاحال جاری ہے اور تحریک منہاج القرآن کے تمام فورمز قرآن پاک کی اس دعوت اور پیغام اور ابلاغ کے لئے مسلسل کوشاں ہیں۔ اس سلسلہ میں منہاج القرآن ویمن لیگ ملک بھر بلکہ پوری دنیا میں فہم قرآن کو عام کرنے کے لئے حلقہ جات اور عرفان القرآن سینٹر کے منصوبہ پر کام کر رہی ہے حلقہ جات اور سینٹرز کو چلانے کے لئے ہر سال ان کی تربیت اور قرآن پاک کی بنیادی تعلیمات کی حامل خواتین کے لئے عرفان القرآن کورس کا اہتمام کیا جاتا ہے اور درس و تدریس کے حوالے سے معلمات کی تربیت کی جاتی ہے۔

تنظیمات کیمپ

تنظیمات، منہاج لقرآن ویمن لیگ کا وہ ہر اول دستہ ہیں جو دعوت الی اللہ، دعوت الی الرسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم، دعوت الی القرآن، دعوت الی العلم، دعوت الی اخوۃ، دعوت الی الجماعۃ اور دعوت الی الاقامۃ کو منظم انداز میں نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پہنچارہی ہیں۔ اتنی بڑی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کے لئے تنظیمات کی تربیت کا مختلف سطحوں پر خصوصی اہتمام کیا جاتاہے تاکہ دین حق کی دعوت دینے والی خواتین خود اس دعوت کا عملی نمونہ ہوں اس سلسلہ میں مرکزی سطح سے لے کر تحصیل اور یونین کونسل تک تربیت کا ایک مستقل اور مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔

علاقائی ورکشاپس

مرکز پر منعقد ہونے والی تمام تربیتی سرگرمیاں اجتماعی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر پلان کی جاتی ہیں جبکہ علاقائی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان بھر میں جہاں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات قائم ہیں ان تمام علاقوں میں تربیتی ورکشاپس اور کیمپوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان تربیتی ورکشاپس اور کیمپس کا اہتمام تنظیمات کرتی ہیں جبکہ خصوصی تربیتی Session اور لیکچرز کا اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ کی طرف سے ہوتاہے۔

اعتکاف کیمپ

انسان کی ظاہری شخصیت بہت حد تک اس کی باطنی حالت پر منحصر ہوتی ہے اور اس کے اندر کی پاکیزگی اس کے ظاہری اعمال میں پاکیزگی کا سبب اور ذریعہ بنتی ہے اور باطن کی بالیدگی کے لئے ریاضات و مجاہدات اور عبادات کا بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ اسی مقصد کی تکمیل کے لئے تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مسنون اعتکاف کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں خواتین کے لئے علیحدہ انتظام ہوتا ہے۔ دوران اعتکاف نظامت تربیت ویمن لیگ معتکفات کے لئے دس روزہ نظام تربیت پلان کرتی ہے جس میں حلقہ عرفان القرآن، نوافل، وظائف، شب بیداریوں، دروس تصوف اور محافل ذکر و نعت کے ذریعے ان کی اخلاقی و روحانی تربیت کا اہتمام ہوتا ہے۔

لٹریچر

جہاں لیکچرز، خطابات اور ورکشاپس تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں وہیں تحریر کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا اس سلسلہ میں نظامت تربیت مختلف اسلامی مہینوں مثلاً رمضان المبارک، شعبان المعظم، ربیع الاول، محرم الحرام کے حوالے سے کتابچے تیار کرتی ہے جس میں ان مہینوں کے حوالے سے انفرادی و اجتماعی معمولات پر رہنمائی دی جاتی ہے تاکہ خواتین اور تنظیمات نہ صرف ان مبارک مہینوں کے فیوض و برکات سے استفادہ کرسکیں بلکہ ان کی تربیتی ضروریات بھی پوری ہوسکیں اور یہ تربیت ایک پاکیزہ معاشرے کے قیام میں معاون ثابت ہوسکے۔

درج بالا سرگرمیوں کے علاوہ وقتاً فوقتاً مختلف تعلیمی اداروں میں بھی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے نیز تنظیمات مقامی سطح پر بھی گاہے بگاہے سرگرمیوں کا اہتمام کرتی رہتی ہیں۔ مرکزی سطح پر ہونے والی تربیتی سرگرمیوں کے نتیجے میں اب تک جتنی خواتین و طالبات تربیتی مراحل سے گزر چکی ہیں ان کی تفصیلات یہ ہیں:

اسلامک لرننگ کورس 3,000 عرفان القرآن کورس 1845

تنظیمات کیمپ 1510 اعتکاف کیمپ 46,293