حمد باری تعالیٰ و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

حمد باری تعالیٰ

تری شان سب سے عظیم ہے
تیری ذات سب سے قدیم ہے

ترے نام دل کا سرور ہے
تیرے نام آنکھوں کا نور ہے

تجھے اپنے ناموں کا واسطہ
ترا فضل ہم پہ رہے سدا

کوئی ماہ ہو، کوئی سال ہو
ترا لطف شامل حال ہو

کوئی مرحلہ ہو حیات کا
رہے آسرا تری ذات کا

ملیں دو جہانوں کی دولتیں
ترے سب خزانوں کی دولتیں

کبھی لب پہ تیری ثنا رہے
کبھی ذکر صلی علیٰ رہے

اے ملیک و مالک و کبریا
نہیں اور کوئی تیرے سوا

(عابد نظامی)

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

اللہ اللہ شہ کونین جلالت تیری
فرش کیا عرش پہ جاری ہے حکومت تیری

تیرے انداز یہ کہتے ہیں کہ خالق کو ترے
سب حسینوں میں پسند آتی ہے صورت تیری

بزم محشر کا نہ کیوں جائے بلاوا سب کو
کہ زمانے کو دکھانی ہے وجاہت تیری

موت آجائے مگر آئے نہ دل کو آرام
دم نکل جائے مگر نکلے نہ الفت تیری

دیکھنے والے کہا کرتے ہیں اللہ! اللہ!
یاد آتا ہے خدا دیکھ کے صورت تیری

مجمع حشر میں گھبرائی ہوئی پھرتی ہے
ڈھونڈنے نکلی ہے مجرم کو شفاعت تیری

چین پائیں گے تڑپتے ہوئے دل محشر میں
کیسے غم یاد رہے دیکھ کے صورت تیری

(مولانا حسن رضا خان رح)