عظیم الشان فرید ملت سیمینار

رپورٹ: صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری (ایڈیٹر مجلہ العلمائ)

مورخہ 28 اکتوبر 2008ء بروز منگل 10 بجے دن مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن کے کانفرنس ہال میں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کے عظیم والد گرامی فرید ملت حضرت علامہ ڈاکٹر فریدالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں منہاج القرآن علماء کونسل نے عظیم الشان ’’فرید ملت سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے فرمائی جبکہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ سلطان العارفین حضرت سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ حضرت پیر صاحبزادہ سلطان احمد علی مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور نائب ناظم اعلیٰ تحریک محترم شیخ زاہد فیاض، مرکزی ناظم علماء کونسل محترم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے خصوصی شرکت فرمائی۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض راقم الحروف نے سرانجام دیئے۔ مقالہ نگار حضرات اور مقررین میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی راہنما اور سابق ایم این اے محترم ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، صدارتی ایوارڈ یافتہ شخصیت محترم ڈاکٹر محمد سلیم اختر، مرکزی نائب امیر تحریک داعی اتحاد بین المسلمین علامہ سید علی غضنفر کراروی، سابق صدر لاہور بار اور سابق ایم پی اے محترمہ مصباح کوکب، چیف ایڈیٹر مجلہ منہاج القرآن اور ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ محترم ڈاکٹر علی اکبر الازہری اور ڈائریکٹر لائبریری تحریک منہاج القرآن محترم پروفیسر نصراللہ معینی شامل تھے۔ جنہوں نے حضرت فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کے مختلف گوشوں اور پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ جبکہ ضلع جھنگ (صدر) سے تشریف لائے ہوئے مہمان محترم اللہ دتہ راہی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حضرت فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے خصوصی منقبت پیش کی اور اپنی مخصوص آواز اور انداز اور حاضرین و سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فارن آفس تحریک محترم شکیل احمد طاہر نے بھی حضرت فرید ملت رحمۃ اللہ علیہ کے حضور بصورت منقبت نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ آخر میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے مہمانان ذی وقار کے لئے ان کی تشریف آوری پر کلمات تشکر ادا کئے اور منہاج القرآن علماء کونسل کو فرید ملت سیمینار کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ آخر میں صدر مجلس حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے اختتامی کلمات کے ساتھ خصوصی دعا فرمائی۔