منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

تنظیمات کیمپ 2009ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 27 جولائی 2009ء تا 31 جولائی 2009ء تنظیمات کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 130 تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔ یہ کیمپ تنظیمات کی اخلاقی و روحانی، فکری و نظریاتی اور تحریکی و تنظیمی تربیت کے لئے کروایا گیا جس میں ضلعی، تحصیلی، UC، PP حلقوں کی تنظیمات اور MSM سسٹر کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔ اس کیمپ میں بھکر، بورے والا، چکوال، دیپالپور، فیصل آباد، فتح جنگ، گوجرہ، گوجرانوالہ، ہارون آباد، حویلی لکھا، اسلام آباد، جہلم، کمالیہ، کامرہ کینٹ، لاہور، لودھراں، ملتان، مریدکے، شیخوپورہ، سیالکوٹ، واہ کینٹ اور وزیرآباد اور دیگر شہروں کی UC,PP تنظیمات کی شرکت رہی۔ اس کیمپ میں محترمہ فاطمہ مشہدی، محترمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ، محترمہ ساجدہ صادق، محترمہ صائمہ فیاض، محترمہ فریحہ خان، محترمہ شازیہ شاہین، محترمہ فریدہ سجاد، امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، محترم شیخ زاہد فیاض سینئر نائب ناظم اعلیٰ، محترم سکواڈرن لیڈر (ر) عبدالعزیز، محترم طاہر حمید تنولی نے قائد تحریک و تحریک، تحریکی فکر، تنظیمی استحکام، قائد اور تحریک سے تعلق اور تحریک کے اغراض و مقاصد تحریک کی پروجیکشن کیسے؟ اور دیگر موضوعات پر نہایت مدلل اور پر اثر لیکچرز دیئے۔ ورکشاپ کے پہلے روز محترم صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے تنظیمات کیمپ میں خصوصی شرکت فرمائی اور قائد تحریک سے تعلق کے موضوع پر گفتگو کی جبکہ ورکشاپ کے چوتھے روز محترمہ فاطمہ قرۃ العین، محترمہ خدیجہ قرۃ العین اور محترمہ فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ محترمہ فاطمہ قرۃ العین نے تنظیمات سے خصوصی گفتگو کی اور ان کی ورکنگ کا جائز لیا اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ شیخ الاسلام مدظلہ کی فیملی کی آمد اور ان کی گفتگو تمام تنظیمات کے لئے Motivation کا باعث بنی۔ انہوں نے مزید جذبے سے کام کرنے اور آئندہ سالوں کے تمام Targets کو حاصل کرنے کا عہد کیا۔ ورکشاپ کے آخری دن خصوصی شفقت فرماتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ نے تنظیمات سے ٹیلیفونک خطاب فرمایا۔ آپ نے اس شاندار Camp کے انعقاد پر مبارکباد دی اور تربیتی حوالے سے گفتگو فرمائی۔ اختتامی تقریب میں ورکشاپ میں شامل ہونے والی تنظیمات کو اسناد دی گئیں اور اس کیمپ کا اختتام محفل نعت و ذکر پر ہوا اور آج میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی اور مشن مصطفوی کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

استحکام پاکستان ریلی

مورخہ 11 اگست 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں کم و بیش 3 ہزار بچوں اور خواتین نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے شرکت کی۔ یہ ریلی مسجد شہداء سے شام 6 بجے شروع ہوئی جو اسمبلی ہال تک اختتام پذیر ہوئی۔ بچوں نے رنگ برنگی جھنڈیاں اور پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔

اس موقع پر ریلی میں شامل خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ فاطمہ مشہدی صدر ویمن لیگ نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباء و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ یہ دنیا بھر میں ہماری پہچان ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ استحکام پاکستان کے لئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے حالات حاضرہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کو ایسا خطہ بنانا چاہتی ہے جہاں ہر کسی کو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہوں۔ محترمہ سمیرا رفاقت ناظمہ ویمن لیگ نے شرکاء ریلی سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستانی معاشرے سے تمام جرائم اور اخلاقی برائیوں کو ختم کرکے اسے ایک مثالی معاشرہ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے توسط سے حکومت سے اپیل کرتے ہیں وہ ملک کو مستحکم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام کی قیادت میں ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں خواتین، بچوں، مسلمانوں اور غیر مسلموں کو اپنے حقوق حاصل ہوں۔ ریلی کا اختتام محترمہ عائشہ شبیر (صدر ویمن لیگ لاہور) کی استحکام پاکستان کے لئے دعا پر ہوا۔

نظامت حلقہ درود کی افتتاحی تقریب (ناروے)

رپورٹ : رافعہ رؤف۔ صدر MWL ناروے

مورخہ 19 جولائی منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے اور ویمن لیگ ناروے کے باہمی اشتراک سے ایک افتتاحی تربیتی ورکشاپ بسلسلہ تیاری کوآرڈینیٹر حلقہ درود پاک کا انعقاد کیا گیا۔ بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے گذشتہ دنوں دورہ ناروے کے دوران نئی نظامت حلقہ درود کا قیام عمل میں لایا گیا اور اس موقع پر 40 عہدیداران اور کارکنان نے ناروے کے دیگر شہروں میں حلقہ جات قائم کرنے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔ اس تربیتی ورکشاپ میں نئی نظامت کے عہدیداران کے علاوہ کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد ایسے افراد تیار کرنا تھا جو نظامت حلقہ درود پاک کے تحت فعال کردار ادا کر سکیں۔

ورکشاپ کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قصیدہ بردہ شریف سے ہوا، ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے علامہ ناصر علی اعوان نے کہا کہ اس ورکشاپ کا اصل مقصد ایسے کوآرڈینیٹر تیار کرنا ہے جو نظامت حلقہ درود کے ترتیب شدہ شیڈول کے مطابق مختلف علاقوں اور شہروں میں حلقہ درود پاک قائم کرسکیں، انہوں نے تفصیلاً حلقہ درود پاک کا طریقہ کار بتایا۔ شیڈول کے مطابق قرآن پاک کی تلاوت اور المنہاج السوی کے مطالعہ پر خاص زور دیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ ناروے کی صدر رافعہ رؤف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ درود کوآرڈینیٹر کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہفتہ وار حلقہ درود پاک کے پروگرام خود بھی کروائیں اور اپنے اپنے علاقوں میں حلقہ جات کی نگرانی بھی کریں۔

حلقہ درود کی اہمیت و فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ اسرار احمد نے کہا کہ حلقہ درود شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و عشق کا اظہار ہے۔ اس ورکشاپ کے اختتام پر ایک نارویجن خاتون نے اسلام بھی قبول کیا۔ ورکشاپ میں ناروے کے شہر موس سے قاری خالد محمود نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ورکشاپ کا اختتام درود و سلام اور دعائے خیر سے ہوا۔

واہگہ ٹاؤن میں بیس روزہ نعت و خطاب کیمپ (رپورٹ : پروشہ سرفراز)

15 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن واہگہ ٹاؤن ویمن تنظیم کے زیر اہتمام نعت و خطاب کیمپ کا آغاز کیا گیا۔ یہ کیمپ واہگہ ٹاؤن کی ناظمہ محترمہ سعدیہ اسلم کی زیر نگرانی مقامی مدرسہ ردائے فاطمۃ الزہرہ میں منعقد کیا گیا۔ جس میں دور و نزدیک سے تقریباً 50 شرکاء نے شرکت کی۔ فن تجوید و نعت کی تدریس کے فرائض محترمہ سعدیہ اسلم ناظمہ ویمن لیگ واہگہ ٹاؤن نے سرانجام دیئے۔ محترمہ نبیلہ الیاس کوآرڈینیٹر حلقہ درود واہگہ ٹاؤن کی خدمات لی گئیں۔ کیمپ میں محترم ظہیر بلالی، محترمہ کلثوم طارق، محترمہ سدرہ کرامت، محترمہ ضوبیہ اقبال نے فن نعت پر اہم درس دیئے۔ موجودہ دور میں منہاج القرآن کی اہمیت اور قائد محترم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ بیس روزہ کیمپ کی اختتامی تقریب 5 اگست 2009ء کو منعقد کی گئی۔ محترم ظہیر بلالی نے تقریب میں منعقدہ مقابلے کے لئے جج کے فرائض سرانجام دیئے۔ شرکاء میں انعامات تقسیم کئے اور تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔

منہاج القرآن اسلامک سینٹر مصطفی آباد لاہور (رپورٹ : عائشہ مصطفی)

منہاج القرآن اسلامک سنٹر برائے خواتین جو مصطفی آباد لاہور میں ہے۔ محترمہ صفیہ صغیر قادری کی زیر سرپرستی چل رہا ہے اس سال 2009ء میں موسم گرما کی تعطیلات میں منہاج شریعہ کورس (سہ ماہی) کروایا گیا جس میں 70 طالبات نے داخلہ لیا جنہوں نے تجوید، ناظرہ قرآن پاک، ترجمہ، فقہ، عقائد، سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تحریک کے علاوہ سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تربیت حاصل کی۔ فن قرات، نعت، فن خطابت اور فن دعا میں بھی مہارت حاصل کی۔ اس کورس کی تقریب تقسیم اسناد مرکز پر کانفرنس ہال میں مورخہ یکم اگست 2009ء کو منعقد ہوئی جس میں سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم شیخ زاہد فیاض، مرکزی نائب ناظم تربیت محترم قمر جاوید ملک، مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت، ریسرچ سکالر محترمہ فریدہ سجاد، ناظمہ ویمن لیگ لاہور طاہرہ فردوس اور دیگر قائدین و قائدات بھی شریک ہوئے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوا جبکہ نقابت کے فرائض محترمہ عاصمہ مصطفی نے ادا کئے۔ کورس کی آرگنائزر محترمہ عائشہ مصطفی نے اسلامک سینٹر کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ مقابلہ جات میں انعامات حاصل کرنے والی طالبات نے قرات، نعت اور خطاب کیا۔ بعد ازاں محترمہ سمیرا رفاقت نے کورس کی انتہائی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور آئندہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم شیخ زاہد فیاض نے بھی کورس کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ’’قرآن مجید کے حقوق‘‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے پیغام کو عام کرنے کی دعوت دی۔ اس کے بعد تمام معلمات میں تحائف محترم شیخ زاہد فیاض نے تقسیم کئے مقابلہ جات اور کورس کی پرائز ہولڈرز طالبات میں محترم قمر جاوید ملک اور سمیرا رفاقت نے انعامات تقسیم کئے۔ پروگرام کا اختتام محترمہ ثمینہ سلیم کی دعا سے ہوا۔

12 روزہ اسلامک لرننگ کورس (وزیرآباد)

مورخہ یکم جولائی سے 12 جولائی تک زیر اہتمام منہاج القرآن ویمن لیگ وزیرآباد بتعاون مسلم ہینڈز انٹرنیشنل بمقام وزیرآباد سکول آف ایکسیلینس، اسلامک لرننگ ڈپلومہ کورس کروایا گیا۔ اس کورس میں بڑے نامور علماء کرام نے لیکچر دیئے جس میں پروفیسر ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، پروفیسر عبدالقدوس درانی، پروفیسر ارشاد حسین سعیدی، پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد منیر رضا، پروفیسر خادم حسین طاہر، پروفیسر اعظم شاکر، محمد خاں المعروف نوری صاحب، حافظ جاوید سعید گورائیہ، پروفیسر افتخار احمد مظہر، علامہ محمد افضال احمد قادری، محمد الیاس چشتی، صاحبزادہ حافظ حامد احمد رضا، محترمہ ام حبیبہ (فاضلہ منہاج یونیورسٹی)، محترمہ ہما اشرف (فاضلہ منہاج یونیورسٹی)، محترمہ حافظہ بشری جبین قادری۔ اس کورس میں علم فقہ، قرات، نعت، ترجمہ القرآن، ترجمہ الحدیث، علم العقائد اور تربیتی اور روحانی موضوعات پر لیکچر دیئے گئے۔

اس کورس کی اختتامی تقریب مورخہ 12-07-2009 کو ہوئی جس میں سینکڑوں طالبات و خواتین نے شرکت کی جس میں محترم پیر سید صفی اعظم المروف چن پیر شاہ صاحب آستانہ عالیہ سوہدرہ شریف اور محترم صاحبزادہ سید ضیاء النور شاہ صاحب اور محترم مفتی ارشاد حسین سعیدی (وائس پرنسپل منہاج یونیورسٹی کراچی کیمپس)، محترم محمد الیاس چشتی، محترم پروفیسر اعظم شاکر، محترم خادم حسین طاہر ڈی۔ ڈی۔ ای گوجرانوالہ زون، محترم زاہد محمود نائب صدر تحریک منہاج القرآن وزیرآباد اور مرکز سے محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ اور مریم حفیظ مرکزی نائب ناظمہ تربیت نے خصوصی شرکت کی۔

مہمان خصوصی محترمہ سمیرا رفاقت مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ نے قائد محترم شیخ الاسلام مدظلہ کی فکر پر مبنی خطاب کیا۔ محترمہ سمیرا رفاقت نے 12 روزہ لرننگ کورس کو کافی سراہا اور محترمہ ام حبیبہ صدر ویمن لیگ وزیرآباد اور ان کی پوری ٹیم اور مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کی تمام انتظامیہ چیئرمین محترم صاحبزادہ سید ضیاء النور شاہ صاحب محترم صاحبزادہ سید سید لخت حسنین شاہ صاحب، محترم صاحبزادہ سید آل احمد شاہ صاحب کو بہت مبارکباد دی۔ محترم مفتی ارشاد حسین سعیدی نے اس لرننگ کیمپ کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا انہوں نے مسلم ہینڈز انٹرنیشنل اور تحریک منہاج القرآن کے لئے تعریفی کلمات کہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرفتن دور میں جہاں خواتین کا گھروں سے نکلنا مشکل ہے وہاں تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ آخر میں مہمانان گرامی نے لرننگ کورس میں شامل تمام طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ اس تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔

سیدہ کائنات کانفرنس (ہارون آباد)

رپورٹ : سعیدہ لیاقت

منہاج القرآن ویمن لیگ ہارون آباد کے زیر اہتمام سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام خواتین، اساتذہ کرام اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ناظمہ ہارون آباد محترمہ رضیہ سلطانہ نے بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کی شان کو بیان کیا۔ پروگرام کے آخر میں تمام خواتین کو رفاقت سازی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب اور سی ڈیز کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ دعا سے پروگرام کا اختتام کیا گیا۔

محفل میلاد : منہاج القرآن ویمن لیگ ہارون آباد کی ناظمہ محترمہ رضیہ سلطانہ کے گھر محفل میلاد بسلسلہ ایصال ثواب حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ منعقد ہوئی۔ جس میں انہوں نے خواتین کو بتایا کہ حضرت سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ اور حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا نے آپس میں باہمی رضا مندی سے گھریلو امور اور ذمہ داریوں کو کیسے تقسیم کیا؟ آخر میں دعائیہ کلمات کے ساتھ محفل کا اختتام کیا گیا۔

سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کانفرنس : منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل ہارون آباد کے زیر اہتمام بمقام مدینہ کالونی میں ایک عظیم الشان غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں 150 کے قریب خواتین نے شرکت کی اور اس کانفرنس میں کثرت سے درود پاک پڑھا گیا۔ محترمہ رضیہ سلطانہ نے خواتین کو حلقہ درود کی دعوت بھی دی۔ سلام و دعا سے محفل اختتام پذیر ہوئی۔ اس کے علاوہ ٹبہ نور پورہ، الہاشم کالونی، فقیر والی شہر اور چک نمبر (آڑ -6 /105) میں محافل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

معلمات کیمپ (ملتان) (رپورٹ : ہما اسماعیل)

منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیر اہتمام مورخہ 5 جولائی 2009ء کو معلمات کیمپ منعقد ہوا۔ جس میں معلمات کے لئے ’’دورہ صحیح بخاری‘‘ کے موضوع کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس کیمپ کی آرگنائزر پروفیسر یاسمین چاندنی، راقمہ حروف اور پروفیسر قاری محمد ہاشم سعیدی (پنجاب کالج) گولڈ میڈ لسٹ، M.Phil اور Ph.D عربی نے اس کیمپ میں لیکچرز دیئے۔ اس کیمپ میں معلمات کی تعداد 18 ہے۔ اس کیمپ کا مقصد ایسی معلمات تیار کرنا تھا جو فیلڈ میں موثر انداز میں خواتین کی فکری و شعوری بیداری کا کام سرانجام دے سکیں۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (حویلی لکھا) (رپورٹ : ناظمہ نشر و اشاعت)

مورخہ 20 جولائی 2009ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ حویلی لکھا ضلع اوکاڑہ کے زیر اہتمام شب معراج کے موقع پر عظیم الشان محفل، منہاج ماڈل سکول میں سجائی گئی۔ محفل میں معزز مہمانوں کے علاوہ 400 خواتین نے شرکت کی۔ محترمہ ثریا منظور نے نقابت کے فرائض سر انجام دیئے۔ فاضلہ و لیکچرار منہاج یونیورسٹی لاہور محترمہ اسماء منظور کا ’’واقعہ معراج‘‘ پر خوبصورت اور پُر مغز خطاب ہوا۔ محفل کا اختتام مس اسماء منظور قادری کی دعا سے ہوا۔

محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (ملتان) (رپورٹ : محترمہ شمع جمیل)

منہاج القرآن ویمن لیگ کوٹ عباس شہید ملتان کے زیر اہتمام مورخہ 19 جولائی 2009ء بروز اتوار ایک شاندار محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم زیر صدارت مسز ولایت منعقد ہوئی۔ جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ محفل کے دوران شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا معراج النبی کے حوالے سے خطاب DVD پر دکھایا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا محترمہ یاسمین کنول نے کروائی۔

شب بیداری (اسلام آباد) (رپورٹ : نصرت امین)

اسلام آباد میں گذشتہ دس سال سے 15 شعبان المعظم کی رات تحریک منہاج القرآن اسلام آباد اور منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کے زیر اہتمام اجتماعی طور پر شب بیداری کا انتظام کیا جاتا ہے۔ امسال بھی 15 شعبان کی رات حیدری مسجد G-9/2 میں شب بیداری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں خواتین کی تقریباً 300 تعداد موجود تھی۔ جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی، تحصیلی تنظیمات اور عرفان القرآن کورس کی طالبات نے شرکت کی۔ شب بیداری میں خصوصی محفل ذکر و نعت کے علاوہ صلاۃ التسبیح کا بھی اہتمام کیا گیا اور ناظم منہاج القرآن اسلام آباد محترم ابرار رضا ایڈووکیٹ نے بہت خوبصورت انداز میں تحریک اور قائد تحریک کا تعارف پیش کیا۔ رقت آمیز دعا کی گئی۔ اس کے بعد سحری کا بھی انتظام تھا۔

محفل شب معراج (فیصل آباد)

9 جولائی کو بنگلہ روڈ پر مسز ملک علی اصغر کے گھر پر ایک عظیم الشان محفل شب معراج منعقد کی گئی جو کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر ثریا شازی کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ محترمہ رضیہ سلطانہ نے شیخ الاسلام مدظلہ کا تعارف پیش کیا اور رفاقت سازی کے بارے میں بریفنگ دی۔ محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (جہلم کینٹ) (رپورٹ : ثمرہ لطیف)

مورخہ 24 جولائی بروز جمعۃ المبارک معمول کی محفل میلاد کو معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے حوالے سے ترتیب دیا گیا۔ جس میں قرب و جوار کے دیہاتوں سے سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ تمام کارکنان اور رفقاء نے اس روز تک پڑھے گئے درود شریف کو باقاعدہ حلقہ ہائے درود کی صف بندی کی شکل میں محفل میں پیش کیا۔ تلاوت اور عرفان نعت کونسل کے حلقہ درود کے بعد قائد محترم کا خطاب اور بعد میں محترمہ سیدہ نازیہ مظہر نے مختصراً قائد محترم کے خطاب کا مرکزی نقطہ اور نچوڑ بیان کیا۔ محترمہ سیدہ شازیہ مظہر نے تربیتی گفتگو کی اور خواتین کا شکریہ ادا کیا۔

دس روزہ لرننگ کورس (حویلی لکھا) (رپورٹ : ناظمہ نشر و اشاعت)

منہاج القرآن ویمن لیگ حویلی لکھا کے زیر اہتمام دس روزہ لرننگ کورس مورخہ 3 جولائی 2009ء کو منعقد ہوا جو بارہ جولائی تک جاری رہا۔ ان دس دنوں میں حویلی لکھا کے مشہور و معروف قاری محمد حسن نے علم تجوید و قرات اور قاری احمد حسن نے علم الحدیث سے روشناس کیا۔ مرکزی قائدین میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے M.D پروفیسر شاہد لطیف، پروفیسر محمد رفیق سیال پرنسپل F.G کالج لاہور اور پروفیسر مدثر اعوان کام سیٹ یونیورسٹی، محترم وقار مرکزی اکاؤنٹینٹ MRS، M.Fhil، ریسرچ سکالر پروفیسر سجاد مسعود قریشی، محترم ڈاکٹر طاہر حمید تنولی P.hD ڈائریکٹر اقبالیات ایوان اقبال لاہور، محترم اقبال ڈوگر ڈپٹی ڈائریکٹر MES، محترم زاہد اقبال طاہر پرنسپل آف منہاج ماڈل سکول اور ناظمہ تربیت منہاج ویمن لیگ لاہور فاضلہ و لیکچرار منہاج یونیورسٹی مسز آسیہ سیف قادری، فاضلہ و لیکچرار منہاج یونیورسٹی لاہور مس اسماء منظور، نائب ناظمہ مرکزی ویمن لیگ لاہور محترمہ ساجدہ صادق اور ان تمام سکالرز نے علمی سطح پر مختلف موضوعات پر روشنی ڈالتے ہوئے اپنے لیکچرز سے 71 طالبات کو مستفید کیا اور مسز آسیہ سیف قادری نے فن خطابت اور مس شمائلہ ارشد نے فن نعت کے علم سے بھی آشنا کیا۔

بارہ جولائی کو پروگرام کی اختتامی تقریب میں فن خطابت اور فن نعت میں حصہ لینے والی طالبات کا مقابلہ ہوا۔ جیوری ممبران کے فرائض محترم ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، محترم اقبال ڈوگر اور محترم قاری محمد حسن نے سرانجام دیئے۔ فن نعت اور فن خطابت میں فرسٹ، سکینڈ، تھرڈ، پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو محترم پروفیسر شاہد لطیف نے انعامات دیئے اور باقی طالبات کو اسناد دی گئیں اور دعائے خیر سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تربیتی نشست برائے کارکنان (ملتان) (رپورٹ : ہما اسماعیل)

مورخہ 11جولائی 2009ء ہفتہ بمقام ابوبکر مسجد نیو ملتان میں ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس نشست میں تحصیلی، یونین کونسل، تنظیم نیز حلقہ درود کے انچارج اور معلمات و نعت کونسل کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

اس نشست کو منعقد کرنے کا مقصد منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف تھا جس کو مرکزی صدر محترمہ فاطمہ مشہدی نے بڑے موثر انداز میں بیان کیا اور ویمن لیگ کی اگلی پلاننگ اور مزید ذمہ داریوں پر بھی بات کی گئی۔ نشست کے آخر میں زیر دستخطی کی طرف سے موجودہ ورکنگ کی رپورٹ محترمہ فاطمہ مشہدی کو پیش کی گئی۔ جس کو انہوں نے بہت سراہا۔ اس نشست کا اختتام محترمہ فاطمہ مشہدی کی دعا سے ہوا۔

اظہار تعزیت

گذشتہ دنوں محترم الحاج حکم داد خان صاحب (MQI-London) جو کہ تحریک کے بانیوں میں سے ہیں ان کی زوجہ محترمہ قضائے الہیٰ سے انتقال فرماگئیں۔ اللہ پاک مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تمام قائدین اور جملہ وابستگان ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ محترمہ شکیلہ وہیم بٹ صاحبہ ( صدر منہاج القرآن ویمن لیگ گوجر خان) کی ساس قضائے الہٰی سے وفات پاگئی۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین