تحریکِ منہاج القرآن کے زیرِاہتمام ہر سال عظیم الشان شہراعتکاف میں اجتماعی اعتکاف کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس اجتماعی اعتکاف منعقد کروانے کا مقصد امتِ مسلمہ کو اللہ کی خوشنودی ورضا حاصل کرنے اور اجتماعی عبادات کی برکات حاصل کرنے اور ان کی اخلاقی وروحانی تربیت ہے۔ الحمداللہ ! حرمین شریفین کے اعتکاف کے بعد یہ دنیا کا سب سے بڑا اعتکاف ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرِ سرپرستی ٹاؤن شپ میں منعقد کیا جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان بھر سے ہزارہا خواتین نے شرکت کی۔ پورے ملک سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کے علاوہ عوام النّاس کی ایک کثیر تعداد شامل تھی جس میں ایک بڑی تعداد طالبات کی تھی۔ ویمن اعتکاف کے انتظامی امور کی سرپرستی مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے کی اور ان کے ساتھ ان کی پوری ٹیم نے بھرپور معاونت کی اور تمام امور کو خوش اسلوبی سے سرانجام دیا۔

شیڈول

نمبرشمار

معمولات

اوقات کار

1 بیداری، نماز تہجد و سحری 02:30 تا 04:00
2 نماز فجر 04:00 تا 04:30
3 خطاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 04:30 تا 07:00
  نمازِ اشراق 07:00 تا 30 : 07
4 آرام 07:30 تا 12:00
5 حلقاتِ عرفان القرآن 12:00 تا 01:30
6 نماز ظہر 01:00 تا 01:30
7 انفرادی وظائف 02:00 تا 04:00
8 تنظیمی لیکچرز، صلوٰۃ التسبیح 04:00 تا 05:00
11 نماز عصر 05:00 تا 05:30
12 محفلِ نعت و ذکر 05:30 تا 06:20
14 افطاری و نماز مغرب و اوابین 06:20 تا 08:00
15 نماز عشا و تراویح 08:00 تا 09:45
16 محفل 09:45 تا 11:00
17 آرام 11:00 تا 02:30

خواتین بڑے ذوق وشوق سے 19 رمضان المبارک کی سہ پہر کو اعتکاف گاہ میں آنا شروع ہو گئیں۔ دن کا پہلا حصہ خواتین کی رجسٹریشن اور الاٹمنٹ میں گزرا۔ الاٹمنٹ کے بعد نمازِ عصر ادا کی گئی جس کے بعد معتکفات نے اعتکاف کی نیت کی۔ دعا اجتماعی طور پر کی گئی اور اس مسنون اعتکاف کے تمام فرائض اور احکامات بتائے گئے تمام معتکفات نے اپنے اپنے حلقوں میں روزہ افطار کیا۔ افطار کے بعد تمام معتکفات کو پنڈال میں بلوایا گیا۔ خواتین کی اعتکاف کے تمام انتظامات منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم نے سرانجام دئیے۔ ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم نے تمام معتکفات کو خوش آمدید کہا اور ان کو اس دس روزہ اجتماعی اعتکاف کے تمام معمولات سے آگاہ کیا۔ جس کی صدارت مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے کی۔

باجماعت نمازِ تراویح کے بعد محفلِ نعت و ذکر کا اہتمام کیا گیا اور رات 00 : 10 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معتکفات سے بذریعہ ویڈیو پہلی ملاقات کی جس میں انہوں نے معتکفات کو خوش آمدید کہا اور بہت سی دعاؤں سے ہمکنارکیا۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ اس دس روزہ اعتکاف کو احسن طریقے سے گزرایں جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ ہے۔ شیخ الاسلام نے تمام معتکفات کو نسبتِ توحید اور نسبتِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وظائف بھی بتائے اور انہیں ہر روز پوری توجہ کے ساتھ پڑھنے کی تلقین کی۔ آپ نے ان باتوں پر زور دیا۔

  1. کم کھانا، کم سونا اور کم بات کرنا
  2. قرآن ِپاک پڑھنا
  3. حلقہّ عرفان القرآن میں جانا
  4. حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر دورد و سلام بھیجنا
  5. اخلاقی برائیوں اور عادات کو چھوڑنا
  6. وظائف کو باقاعدگی کے ساتھ پڑھنا

ہر روز تمام معتکفات اپنے مقررہ وقت پر بیدار ہوتیں اور نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد پنڈال میں چلی جاتیں جہاں شیخ الاسلام مدظلہ نے کئی اہم موضوعات پر لیکچر ز دئیے۔ ان میں اہم موضوع "تصوف" ہے اور باقی عنوانا ت درج ذیل ہیں :

  1. مرید کون ہوتا ہے؟ نیز مرید کیسے بنا جائے؟
  2. سلوکِ تصوف
  3. صحبت
  4. علم، تصوف کا پہلا قدم
  5. اخلاق ِحسنہ
  6. ادب، تصوف کی طرف ایک اور قدم

حلقات ِعرفان القرآن

شیڈول کے مطابق تمام معتکفات اپنے مقررہ وقت پر اپنے اپنے حلقہ جات میں جاتیں جہاں انہیں اسلام کے بنیادی احکامات سکھائے جاتے۔ معلمات نے احسن طریقے سے طہارت اور پاکیزگی کی وضاحت کی۔ اس کے علاوہ روزہ کے مسائل بھی بیان کئے گئے۔ وضو اور غسل کے درست طریقے بھی سکھائے گئے اور قرآن پاک کی آخری دس سورتیں ترجمہ وتفسیر کے ساتھ پڑھائی گئیں۔ خواتین نے بھی اپنے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہدایات لیں۔

طالبات کے لئے الگ حلقہ عرفان القرآن کا اہتمام کیا گیا جس کی معلمہ ناظمہ MSM محترمہ شاکرہ چوہدری تھیں۔ طالبات نے اپنے الگ حلقہ پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔ اس حلقہ میں قرآنی سورتوں کا ترجمہ وتفسیر کے علاوہ طالبات سے ان کی آئندہ زندگی میں تحریک کے کام کے حوالے سے پوچھا گیا اور ان کے مسائل کاحل بھی بتایا گیا۔

محترمہ سمیرا رفاقت صاحبہ نے تمام طالبات کے ساتھ ایک نشست کی اور زور دیا کہ طالبات اپنے تعلیمی معمولات کے ساتھ ساتھ ملکی اور غیر ملکی حالات سے بھی باخبر رہیں اور اپنے معاشرے میں اہم کردار ادا کریں اور یہ بھی بتایا کہ وہ کس طرح اس معاشرے کی تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں؟

محافل نعت و ذکر کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں منہاج نعت کونسلز نے اہم کردار ادا کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات سے گفتگو

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم میں محترمہ سمیرا رفاقت، محترمہ ساجدہ صادق، محترمہ نوشابہ ضیاء اورمحترمہ سدرہ کرامت علی نے تنظیمی بہنوں سے ملاقات کی جو کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے آئیں تھیں۔ اس ملاقات میں تمام شہروں کی موجودہ اور آئندہ کا رکردگی پر زور دیا گیا۔ تنظیمات نے بھی اپنے اپنے علاقے کے مسائل بتائے اور ان مسائل کے حل کی تجاویز پیش کی گئیں۔ محترمہ ساجدہ صادق نے تمام تنظیمات سے فرداً فرداً میٹنگ بھی کی جس میں تنظیمات کی تنظیم سازی اور کاکردگی زیر گفتگو رہی۔

شب بیداری

تمام طارق راتوں میں شب بیداری کا اہتمام کیا گیا جس میں صلوۃ التراویح باجماعت ادا کی گئی۔ شہراعتکاف میں معتکفات کے لئے اجتماعی طور پر محفل نعت وذکر کا اہتمام بھی کیا جاتا تھا جو کہ خواتین کی طرف ویڈیو کانفرنسز کے ذریعے دکھائی جاتی تھیں۔ 27 رمضان المبارک کی طاق رات میں ایک روحانی اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں پورے ملک سے ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ تمام شرکاء شیخ الاسلام مدظلہ کے تربیتی وروحانی خطاب سے مستفید ہوئے۔ آخر میں شیخ الاسلام نے اجتماعی دعا بھی فرمائی۔ جسے Live طور پر تمام ٹی وی چینل نے بھی نشر کیا۔

سربراہان کمیٹی ہالز اور سربراہان تنظیمات کے ساتھ افطاری

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ٹیم نے تمام کمیٹی اور ھالز کے سربراہان اور تنظیمات کے صدور اور ناظمین کے ساتھ افطاری کا اہتمام بھی کیا۔ اس افطار کا مقصد تمام خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کی کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ محترمہ سمیرا رفاقت نے تمام بہنوں کی کارکردگی پر مبارکباد دی اور ان کے کام کو سراہا۔

شیخ الاسلام کی طرف سے ویمن لیگ اور اس کی تنظیمات کی حوصلہ افزائی

شیخ الاسلام نے 28 رمضان المبارک کو منہاج القرآن ویمن لیگ اور اس کی تمام تنظیمات سے بذریعہ ویڈیو ملاقات فرمائی۔ آپ نے یہ گفتگو رات 00 : 09 بجے کی جس میں تما م معتکفات نے خوش آمدید کہا۔ محترمہ شمائلہ عباس نے منقبت پیش کی۔ شیخ الاسلام مدظلہ نے ویمن لیگ اور اسکی تنظیمات سے خصوصی گفتگو میں ان کے کام کو سراہا اور مبارکباد دی اور مستقبل میں استقامت اور لگن کے ساتھ دینِاسلام کی اشاعت کے لئے دعائیں بھی دیں۔

میڈیکل اور سٹالز

معتکفات کے لئے فری ڈسپنسری کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں تمام امراض کی بہتر ادویات فراہم کی گئیں۔ ڈسپنسری میں تجربہ کار ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹر زنے دس روزہ اعتکاف میں خدمتِ خلق کے جذبے سے اپنی خدمات سرانجام دیں۔

علاوہ ازیں تمام معتکفات کی ضروریات کے پیشِ نظر کئی سٹالز لگائے گئے جس میں مرکزی سیل سنٹر، حجاب ہاؤس، ممبر شپ، زکوۃ سٹالز اور کینٹین کا اہتمام بھی کیا گیا۔

اللہ کے فضل وکرم اور حضور کے نعلین پاک کے صدقے سے یہ دس روزہ اعتکاف کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچا۔ شیخ الاسلام مدظلہ نے اختتامی دعا سے قبل تمام معتکفین و معتکفات کو تلقین کی کہ وہ خلوصِ نیت سے رضائے الہیٰ کے حصول کے لئے عبادات کریں اور اس دین کی خدمت کریں۔ ہر روز قرآن پاک پڑھیں اور سمجھیں۔ آپ نے ہر ایک کو عبادت میں استقامت سے عمل کرنے کی تلقین کی اور پھر اجتماعی دعافرمائی جس میں امتِ مسلمہ کی خوشحالی اور عروج کے لئے دعائیں مانگیں گئیں۔