منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل کی بیرون ملک سرگرمیاں

رپورٹ : شبانہ احمد

محترمہ غزالہ حسن قادری کا ڈنمارک میں شاندار استقبال اور تربیتی نشست سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی جنرل سیکرٹری غزالہ حسن قادری مورخہ 02 مئی2012ء کو چار روزہ تنظیمی دورہ پر ڈنمارک پہنچیں تو کوپن ہیگن ایئر پورٹ پر تحریکی کارکنان کی ایک کثیر تعداد خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھی۔ جن میں ڈنمارک کے صدر محترم سید محمود شاہ، محترم حافظ سجاد (صدر منہاج القرآن ویلبی)، محترم معظم بٹ (صدرمنہاج القرآن نورتھ ویسٹ ڈنمارک)، محترمہ نفیس فاطمہ (صدر منہا ج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک)، محترمہ کنول بٹ (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ویلبی)، محترمہ نجمہ مرتضیٰ (صدر منہاج ویمن لیگ آما)، محترمہ فرحین عامر ( صدر منہاج ویمن لیگ نورتھ ویسٹ) شامل ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کوپن ہیگن نورتھ ویسٹ میں مورخہ 03 مئی 2012ء کو منہاج ویمن لیگ کے لئے ایک خصوصی تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی جنرل سیکرٹری محترمہ غزالہ حسن قادری نے خصوصی گفتگو کی۔

محترمہ غزالہ حسن قادری نے تمام شرکاء کو دینی ودنیاوی تعلیم حاصل کرنے کی خصوصی تاکید کی اور کہا کہ الحمد للہ منہاج القرآن ڈنمارک کی بنیادیں اب بہت مضبوط ہو چکی ہیں۔ اب ہم نے مشن کو لوگوں تک پہنچانے اور مشن سے وابستہ کرنے پر توجہ دینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تب تک ممکن نہیں جب تک منہاج القرآن کی ہر ممبر کی صحیح طریقے سے تربیت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ہماری سسٹرز مشن کے پیغام کو آگے لے کر چلیں اور اپنی دعوتی خدمات سرانجام دیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بچوں کی تربیت اور پرورش کے حوالہ سے نہایت خوبصورت اور جامع گفتگو کی۔

منہاج القرآن نورتھ ویسٹ کا دورہ :

منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی جنرل سیکرٹری محترمہ غزالہ حسن قادری نے مورخہ 02 مئی 2012 ء کو منہاج القرآن نورتھ ویسٹ کوپن ہیگن کے مرکزکا دورہ کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی محترمہ صدرنفیس فاطمہ نے محترمہ غزالہ حسن قادری کو مرکز کے مختلف شعبہ جات کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور وزٹ کرایا۔ یاد رہے کہ منہاج القرآن کوپن ہیگن کا یہ مرکز یورپ میں منہاج القرآن کے تمام مراکز سے بڑا اور خوبصورت مرکز ہے۔ محترمہ غزالہ حسن قادری نے اتنا بڑا اور خوبصورت مرکز خریدنے پر اور احسن انداز میں چلانے پر تمام رفقاء واراکین و وابستگان کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر منہاج ویمن لیگ اور منہاج سسٹرز لیگ نے منہاج ویمن لیگ کی جنرل سیکرٹری کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔

عشائیہ کی تقریب میں محترمہ نفیس فاطمہ، محترمہ فرحین عامر، محترمہ سمیر ا راجہ، محترمہ شبانہ احمد، محترمہ آمنہ اسحاق، محترمہ مسرت ظہور احمد، محترمہ زنیرا مرزا، محترمہ صائمہ حسین اور محترمہ حفصہ ملک کے علاوہ بڑی تعداد میں ممبران اور وابستگان نے شرکت کی۔

عشائیہ تقریب : منہاج القرآن ویمن لیگ ویلبی (ڈنمارک) کی طرف سے منہاج القرآن کی سپریم کونسل کی ممبر اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل محترمہ غزالہ حسن قادری کے اعزاز میں مورخہ 05 مئی 2012ء کو عشائیہ دیا گیا۔

عشائیہ کی تقریب میں منہاج القرآن ویلبی اور سسٹرزلیگ کی ممبران نے محترمہ غزالہ حسن قادری سے ملاقات کی اور فردا فردا جملہ ممبران سے تنظیمی حوالہ سے گفتگو کی اور سوال وجواب کی نشست کی۔ عشائیہ کی تقریب میں منہاج القرآن اوڈنسے کی ویمن لیگ اور سسٹرز لیگ بھی موجود تھیں۔ عشائیہ میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ویلبی کنول بٹ، نائب صدر بشری خالد، نائب صدر دوم کوکب اوپل، جنرل سیکرٹری تہمینہ چودھری، جوائنٹ سیکرٹری سمیہ یوسف، انفارمیشن سیکرٹری صائمہ شاہ نواز، فنانس سیکرٹری ثریا قریشی، ناظمہ اجتماعات زینب احمد اور قمر یوسف کے علاوہ دیگر عہدیداران اور وابستگان بھی موجود تھیں۔

آما سنٹر کا دورہ :

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی جنرل سیکرٹری غزالہ حسن قادری نے مورخہ 03 مئی 2012 ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر آما، کوپن ہیگن (ڈنمارک ) کا دورہ کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر نجمہ مرتضیٰ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ غزالہ حسن قادری کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر محترمہ غزالہ حسن قادری نے استقبال کے لئے آنے والی بہنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں شیخ الاسلام کی زندگی اور ان کی فکر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے محترمہ غزالہ حسن قادری کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ آما سنٹرنجمہ مرتضیٰ، نائب صدر ناہید طارق، جنرل سیکرٹری کوثر نگینہ، جوائنٹ سیکرٹری نغمہ پروین، انفارمیشن سیکرٹری نگینہ سجاد، فنانس سیکرٹری شگفتہ ممتاز، منہاج سسٹر ز آما سنٹر اور وابستگان کے علاوہ محترمہ نفیس فاطمہ اور محترمہ جمیلہ غفور (برطانیہ) نے بھی شرکت کی۔

ویروبروپارکن (ڈنمارک ) کا دورہ :

ڈنمارک میں سب سے پہلے منہاج القرآن کا آغاز ویروبروپارکن سے ہوا، یہاں آج بھی منہاج القرآن سے وابستہ فیملیز کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ مورخہ 04 مئی 2012ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی جنرل سیکرٹری محترمہ غزالہ حسن قادری نے ویربروپارکن کا دورہ کیا۔

انہوں نے نوجوان نسل کی تربیت کے حوالہ سے خصوصی گفتگو فرمائی جس میں انہوں نے اپنے گھریلو ماحول کواسلام کے مطابق بنانے اور بچوں کو دین اسلام سے آشنا کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حلقہ درود قائم کرنے کی ترغیب دی جس کو خواتین نے سراہا۔

معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (اوڈنسے) : منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی جنرل سیکرٹری محترمہ غزالہ حسن قادری نے مورخہ 04 مئی 2012ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ اوڈنسے (ڈنمارک ) کے زیر اہتمام منعقدہونے والی عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔

محترمہ غزالہ حسن قادری کے ساتھ منہاج القرآن ویلبی، نورتھ ویسٹ اور آما کی ممبران کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئیں۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاو ت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محترمہ عابدہ حسین نے حاصل کی۔ محترمہ عائزہ، محترمہ حفصہ، محترمہ بیلہ، محترمہ نساء، محترمہ عمارہ، محترمہ مظفر اور محترمہ شبانہ احمد نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ منہاج یوتھ سسٹرز لیگ نے قصیدہ بردہ شریف اور درود پاک پیش کیا۔ محترمہ سارہ یوسف سے ڈینش زبان میں نماز کی اہمیت کے حوالہ سے گفتگو کی۔ محترمہ نفیس فاطمہ نے معزز مہمان محترمہ غزالہ حسن قادری کا تعارف پیش کیا۔

محترمہ غزالہ حسن قادری نے اپنے خطاب میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مشکلات و مصائب کا ذکر کیا اور بتایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین اسلام کی خاطر کیسے کیسے مظالم برداشت کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے دین اسلام کے فروغ کے لئے جدوجہد کرنی ہے اور اس راستے میں جتنی بھی مشکلات ومصائب آئیں ان کو صبر وشکر کے ساتھ برداشت کرنا ہے۔ پروگرام کا اختتام محترمہ جمیلہ غفور کی خصوصی دعا سے ہوا۔

میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس (کوپن ہیگن) :

منہاج القرآن انٹرنیشنل کوپن ہیگن کے مرکز نورتھ ویسٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 05 مئی 2012ء کو ایک عظیم الشان میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ایک ہزار سے زائد خواتین نے شرکت کی۔ کانفرنس کی مہمان خصوصی منہاج القرآن سپریم کونسل کی ممبر اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل محترمہ غزالہ حسن قادری تھیں۔ دیگر مہمانوں میں برطانیہ سے محترمہ نوشازہ فیاض (نیلسن) اور محترمہ عنبرین حسین (لندن) نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت محترمہ حلیمہ اوپل نے حاصل کی اور حمد باری تعالیٰ شبانہ احمد نے پیش کی۔ محترمہ ثمیلہ قریشی، منہاج نعت کونسل ویلبی، منہاج نعت کونسل اوڈنے اور نورتھ ویسٹ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کی صورت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محترمہ حلیمہ اوپل نے موضوع کی مناسبت سے ڈینش زبان میں تقریر کی۔ محترمہ مسرت ظہور نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف پیش کیا اور ڈنمارک میں منہاج القرآن کی سرگرمیوں سے خواتین کو آگاہ کیا۔ محترمہ جمیلہ غفور نے خوبصورت انداز میں نعتیہ اشعار پیش کئے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک کی سرپرست محترمہ نفیس فاطمہ نے معزز مہمان کا تعارف پیش کی اور انہیں خطاب کی دعوت دی۔ مہمان خصوصی محترمہ غزالہ حسن قادری نے اپنے خطاب میں ایمان کی حقیقت لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ سے سمجھائی۔ انہوں نے کہا کہ لاالہ الااللہ ایمان کی چھت اور محمد رسول اللہ اس کی سیڑھی ہے۔ اللہ سے رسائی اسی صورت میں ممکن ہے کہ پہلے رسول مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک رسائی حاصل کی جائے اور ان تک رسائی ان سے محبت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت مبارکہ کی روشنی میں بتایا کہ اللہ کی محبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے بغیر ممکن وقبول نہیں۔ دین کی تکمیل دو چیزوں پر عمل کرنے سے ہوتی ہے ایک اسلام کی تعلیمات پر عمل اور دوسرا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس سے محبت وعشق کرنے سے۔ اللہ کا نظام ہے کہ ہر جسم کی ایک روح ہوتی ہے، دین کا جسم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شریعت نماز، روزہ، حج، زکوۃ وغیرہ ہیں اور اس کی روح آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہے۔ جس طرح جسم سے روح نکل جائے تو وہ جسم مردہ ہو جاتا ہے اسی طرح اگر دین کے جسم سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت نکل جائے تو وہ مردہ ہو جائے گا۔

محترمہ غزالہ حسن قادری نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری فرماتے ہیں کہ جو حد سے نہ گذرے وہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی نہیں ہے۔ ہر محبت کی حد ہے مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کوئی حد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جتنی محبت ہو گی ہمارا ایمان اتنا ہی مضبوط ہوگا اور اتنی ہی اللہ رب العزت کی معرفت نصیب ہوگی۔ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بہترین ذریعہ سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرنا اور کثرت سے درود وسلام پڑھنا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر کنول بٹ نے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور محترمہ نفیس فاطمہ نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے مہمانوں کو تحائف پیش کئے۔ کانفرنس میں منہاج لائبریری کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب وکیسٹس کا سٹال لگایا گیا تھا جس سے خواتین کی بڑی تعداد میں خواتین نے خریداری کی۔ محترمہ کوکب اوپل نے سلام پیش کیش جبکہ محترمہ جمیلہ غفور نے خصوصی دعا کرائی۔

گولڈ میڈل کا اعلان :

بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مورخہ 05 مئی 2012ء کو منہاج القرآن ڈنمارک ویلبی مرکز میں منہاج القرآن ویمن لیگ اور سسٹرز لیگ سے خصوصی ٹیلی فونک گفتگو فرمائی اور انہیں سیکنڈینیویا کی خواتین کی سب سے بڑی میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کرانے پر مبارکباد اور خصوصی دعاؤں سے نوازا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ڈنمارک کی چاروں خواتین تنظیمات اور سسٹرز ونگ کی مشن کے لئے کی گئی خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل کا اعلان فرمایا اور ان کی مزید ترقی اور کامیابی کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔

واپسی : منہاج القرآن کی سپریم کونسل کی ممبر اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل محترمہ غزالہ حسن قادری ڈنمارک کا 4 روزہ کامیاب دعوتی وتنظیمی دورہ مکمل کرنے کے بعد مورخہ 08 مئی 2012ء کو کینڈا کے لئے روانہ ہو گئیں۔

کوپن ہیگن ایئر پورٹ (ڈنمارک) پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران کی ایک بڑی تعداد انہیں الوداع کہنے کے لئے موجود تھی جن میں منہاج القرآن ویلبی، نورتھ ویسٹ، آما کی عہدیداران کے علاوہ بلال اوپل (جنرل سیکرٹری ڈنمارک)، حافظ سجاد (صدر ویلبی)، معظم بٹ (صدر نورتھ ویسٹ)، عامر حسین (ناظم تعلیمات ڈنمارک)اور خالد بٹ (نائب صدر ویلبی) بھی موجود تھے۔