منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

کرپٹ نظام کے خلاف بیداری شعور کی احتجاجی ریلی

سیدہ ریحانہ بخاری

MWL.L اور TMQ.L کے زیر اہتمام 21 اپریل بروز اتوار لاہور میں ریلوے سٹیشن تا لکشمی چوک کرپٹ سیاسی نظام کے خلاف بیداری شعور کی عوامی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں لاہور بھر سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مرکزی ناظمہ محترمہ مسز نوشابہ ضیاء، محترمہ سدرہ کرامت، محترمہ افنان بابر اور ماہنامہ دختران اسلام کی اسسٹنٹ ایڈیٹر محترمہ ملکہ صبا، ویمن لیگ لاہور کی صدر محترمہ ارشاد اقبال ناظمہ لاہور، محترمہ صائمہ ایوب، محترمہ ہما وحید، محترمہ عطیہ بنین وغیرہ نے کی لاہور کے مختلف ٹاؤن کی ناظمات مثلاً مس توقیر رانا، زریں لطیف، آمنہ قادری، سعدیہ اسلم، رخسانہ اسلم، ثمینہ کنول اور دیگر نے بھی ریلی میں بھرپور طریقے سے شرکت کی۔ شرکاء ریلی کا جوش و خروش دیدنی تھا بیشتر خواتین نے خاص طور پر MSM کی طالبات نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر کرپٹ نظام کے خلاف نعرے درج تھے طالبات کی نمائندگی اور قیادت محترمہ عائشہ قادری، محترمہ ثنا وحید، محترمہ جویریہ وحید کررہی تھیں۔ خواتین اور طالبات مسلسل موجودہ کرپٹ الیکٹورل سسٹم کے خلاف 11 مئی کو ہونے والے عوامی تحریک کے ملک گیر دھرنے کے حق میں نعرے لگارہی تھیں۔ انہوں نے کرپٹ نظام کا پتلا بناکر ہاتھوں میں اٹھا رکھا تھا ریلی میں شریک خواتین نے اپنے نعروں اور مختصر تقاریر کے ذریعے عہد کیا کہ وہ مرتے دم تک اس کرپٹ نظام کے خلاف تحریک میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بھرپور ساتھ دیں گی اور اس مشن سے ہرگز ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ لکشمی چوک پہنچ کر قائد تحریک پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شرکائے ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ انہوں نے کہا یہ انتخاب محض ڈھونگ ہیں۔ ان انتخابات میں آئین کی شق نمبر62، 63 کا مذاق اڑایا گیا ہے اور ہر کرپٹ اور بددیانت شخص کو الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر الیکشن لڑنے کی اجازت دے کر پاکستان اور پاکستانی قوم کے ساتھ گھناؤنا ظلم کیا ہے اور اسے تباہی کے گڑھے میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس سارے سسٹم کے خلاف پاکستان کے 300 شہروں میں پرامن دھرنا دے کر دنیا کو بتادیں گے کہ قوم کا ایک بڑا طبقہ اس کرپٹ نظام انتخاب کو مسترد کرتے ہوئے پرامن دھرنے کے ذریعے سراپا احتجاج ہے۔ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دعا پر ریلی کا اختتام ہوا۔

محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (وزیرآباد)

ایمان فاطمہ

منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل وزیرآباد سٹی نے حسب روایت تحصیل میں محافل میلاد کا سلسلہ شروع کیا۔ اس سلسلہ کا نکتہ کمال چھٹی سالانہ مرکزی میلاد کانفرنس تھی جو کہ حسب سابق اکھنور میرج ہال وزیرآباد میں منعقد ہوئی، عوام الناس میں بڑھتی ہوئی پذیرائی اور مقبولیت کے پیش نظر اس سال اس کانفرنس کے لئے تین ہال بک کروائے گئے تھے۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز صبح 10 بجے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت ناظمہ تربیت MWL وزیرآباد سٹی محترمہ حافظہ عائشہ صدیقہ نے حاصل کی جبکہ نقابت کے فرائض محترمہ رخشندہ جبین (فاضلہ منہاج یونیورسٹی) نے احسن انداز میں نبھائے۔ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کے لئے ہماری دعوت پر منہاج نعت کونسل کینٹ ٹاؤن لاہور سے محترمہ شائستہ اور ان کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ لاہور سے آل پاکستان سیدہ زینب نعت کونسل سے محترمہ حلیمہ سعدیہ اور ان کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی، مذکورہ نعت کونسلز، ان کی ٹیموں اور دیگر ثناء خواں بہنوں نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں جب باری باری گلہائے عقیدت پیش کئے تو شرکاء و حاضرین پر ایک وجد طاری ہوگیا۔ ایسے میں محترمہ مسز مقصود انجم مرکزی سابقہ ناظمہ تنظیمات کو خصوصی خطاب کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے ’’میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ساتھ دہلیز ولایت سے نسبت سگانہ‘‘ کے عنوان سے بہت خوبصورت، مدلل اور پرجوش خطاب فرمایا۔ بعد ازاں محترمہ ام حبیبہ قادری نے میلاد کی غرض و غایت اور مقصد پر خطاب کیا۔ محفل کا اختتام دعا و سلام پر ہوا۔

محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ اور سسٹر لیگ کارپی اٹلی کے زیر اہتمام باقاعدہ شیڈول بناکر مختلف شہروں میں محافل کو ترتیب دیا گیا اکثر محافل بڑے شہروں میں باقاعدہ ہال میں منعقد کی گئیں جن میں برنکسن (بلزانو)، رپورتیو، کارپی اور بلونیا، فبریکو، قنقویہ، کمپونیولا سن، پوسٹیرونو اور مانتووا بونیرو، بیرکس شامل ہیں۔ جن میں منہاج القرآن سسٹر لیگ اور ویمن لیگ نے خصوصی شرکت کی۔ جن میں محترمہ عائشہ علی بھاگت، محترمہ حفصہ علی بھاگت، محترمہ بشیر اور مسز عابدہ اشرف بٹ شامل ہیں۔ ان محافل کو کامیاب کرنے میں منہاج القرآن ویمن لیگ اور سسٹر لیگ رجومیلیا۔مودنہ کی پوری ایگزیکٹو نے بھرپور تعاون کیا اور بطور خاص صدر ویمن لیگ عابدہ اشرف بٹ ، نائب صدر اشفاق بیگم اور عظمیٰ ظہیر سعدیہ انور مرکزی مجلس شوریٰ اٹلی کے صدر محمد علی بھاگت اور فاضل منہاج القرآن انٹرنیشنل سید غلام مصطفی مشہدی نے خصوصی تعاون کیا۔ان محافل میں سسٹر لیگ کارپی نے دف کے ساتھ ہدیہ نعت پیش کیا اور محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔ ان تمام محافل میں محترمہ عائشہ علی بھاگت نے مختلف موضوعات پر خطابات کئے۔ ان محافل میں جن موضوعات پر خطابات کئے گئے ان میں ’’شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سورہ نجم کی روشنی میں‘‘ ’’ابروئے مازنام مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہ کے سیرت و کردار اور حضور غوث پاک شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی تعلیمات شامل ہیں۔

سالانہ محفلِ میلاد سرگودھا شرقی

مورخہ 31مارچ بروز اتوار منہاج القرآن ویمن لیگ سرگودھا شرقی کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ محترمہ انجم شہزادی صدر MWL سرگودھا شرقی اور محترمہ پروین بھٹہ سرپرست نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر بہترین انتظامات کئے۔ علاقہ بھر میں بھر پور دعوت دی گئی اور 3000 خواتین نے محفل میں شرکت کی۔ مرکز سے خصوصی خطاب کیلئے محترمہ گلشن ارشاد مرکزی ناظمہ تربیت نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ منھاج نعت کونسل کی طالبہ مہناز اختر نے آیاتِ ربانی کی تلاوت سے سماں باندھ دیا۔ تلاوت کے بعد باقاعدہ نعت خوانی کا آغاز ہوا۔ دف کے ساتھ درودِپاک اور پھولوں کی برستی رم جھم میں سرورِ دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ثناخوانی نے محفل کا رنگ ہی بدل دیا۔ یوں محسوس ہو رھا تھا کہ جیسے ہرذی روح اپنے آقا و مولا شہنشاہ کائنات کی بارگاہ میں اپنی عقیدت ثنا خوانی کی صورت میں پیش کر رہا ہے۔ نعت خوانی کے بعد مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے پر تاثیر انداز میںـ" حضور سے تعلقِ اطاعت و وفا اور دورِ حاضر میں اسکی ضرورت"کے موضوع پر خطاب کیا۔ آپ نے قرآن و سنت سے بیان کیا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلقِ غلامی و وفا ایمان کا جزوِلاینفک ہے۔ اور یہ تعلق ہر سچے غلام اور باوفا مومن کی عملی زندگی میں جھلکتا دکھائی دینا چاہیے۔ اور جب بھی مسلمان حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے یہ عملی تعلق کمزور کر دیں گے ہر لحاظ سے زوال کا شکار ہو جائیں گے۔ آج امتِ مسلمہ بالعموم اور پاکستان باالخصوص اخلاقی، روحانی،معاشرتی، تہذیبی زوال کے دہانے پر کھڑا ہے۔ معاشرہ بد امنی،بے حیائی، غربت، افلاس،خوف و دہشت اور بے حسی و بے ضمیری کی آگ میں جل رہا ہے اور اسکی وجہ یہ ہے کہ ہم نے دین سے دوری اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلقِ وفا کو نبھانا ترک کر دیا۔ دین کی نصرت کا جذبہ مفقود ہو کر رہ گیا۔ ظالمانہ اور طاغوتی نظام حکمرانوں کو یزیدی صفات کا حامل بنا کر بے بس و مجبور عوام کو گھٹ گھٹ کر زندگی گزارنے پر مجبور کر رہا ہے۔ اگر ہم دین کا غلبہ چاہتے ہیں، اپنی پریشانیوں کا مداوا چاہتے ہیں تو ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا ہوا عہد نبھانا ہو گا۔ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز میں آواز ملا کر معاشرے کو ظالمانہ نظام سے چھٹکارا دینے اور اسلامی اقدار کے نفاذ کیلئے اس کرپٹ انتخابی نظام کو رد کرنا ہو گا۔ سنتِ امامِ عالی مقام و سنتِ اہلِ بیت ادا کر کے وقت کے یزیدوں کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرنا ہو گا۔ تمام خواتین نے ہاتھ اٹھا کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کیا اور نظام کی تبدیلی کیلئے بھر پور کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔ سلام اور دعا پر محفلِ پاک اختتام پزیر ہوئی۔

وزٹ رپورٹ اضلاع

(اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، خانیوال، عبدالحکیم، میاں چنوں)

مورخہ یکم اپریل تا 25 اپریل مرکز ناظمہ محترمہ نوشابہ ضیاء نے درج ذیل اضلاع کی تحصیلات کا وزٹ کیا۔ (اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، خانیوال)

مورخہ یکم اپریل کو فیصل آباد کی ضلعی تنظیم کے ساتھ میٹنگ کی مورخہ 13 اپریل تا 14 اپریل راولپنڈی کی تمام پی پی کے کارکنان کے ساتھ ورکرز کنونشن کیا۔ مورخہ 23 تا 24 اپریل ضلع سٹی خانیوال اندرون گاؤں اور عبدالحکیم میں ورکرز کے ساتھ ورکرز کنونشن کیا۔ مورخہ 25 اپریل کو میاں چنوں میں تنظیم کے ساتھ میٹنگ کی۔

مختلف اضلاع میں وزٹس کا مقصد موجودہ کرپٹ نظام سے کارکنان اور عوام الناس میں شعور بیدار کرنا تھا کہ یہ نظام آپ لوگوں کا کھلا دشمن جس نے آپ کو بھوک، افلاس، خون ریزی، مہنگائی، بے روزگاری، فرقہ پرستی، محرومیوں کے سوا آپ کو کچھ نہیں دیا لہذا ایسی نظام حکومت جو کہ مظلوم لوگوں کے لئے باعث پریشانی ہو ان کے لیڈروں کو الیکشن میں ووٹ دینا گناہ ہے کیونکہ ہر برائی جو اس طبقہ میں پائی جاتی ہے وہ اس حکمران طبقہ کے باعث ہے ہمیں ان کی اس پالیسی تیری باری میری باری کا منہ توڑ جواب دینا ہے لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب آپ سب لوگ ہمارے ساتھ مل کر دھرنا مہم میں یہ ثابت کردیں کہ ہم ان بے ضمیر، بے اعتماد لوگوں کو مسترد کرتے ہیں اور کسی کو اس قابل نہیں سمجھتے کہ وہ پاکستان کو چلانے کا اہل ہو مگر اگر آپ اس ظالمانہ نظام کے خلاف آواز اب بھی بلند نہیں کریں گے تو یہ ظلم کا بازار یونہی گرم رہے گا اور یہ سلسلہ لامتناہی ہوجائے گا۔ بعد ازاں اپنے کارکنان کو دھرنے کے ٹارگٹس تقسیم کرتے ہوئے مختلف ٹولز بتائے کہ Door to Door مہم کو تیز کریں، حلقات درود کروائیں، حلقہ عرفان القرآن کروائیں، قائد محترم کا خطاب و پیغام سنائیں، لٹریچر تقسیم کریں وغیرہ وغیرہ تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ظالمانہ نظام تیری باری میری باری کے خلاف آپ کے ساتھ مل کر کلمہ حق بلند کریں۔

وزٹ رپورٹ اضلاع

(لیہ، بھکر، میانوالی، خوشاب، جھنگ، ٹوبہ، سرگودھا، فیصل آباد)

مورخہ 31 مارچ تا 21 اپریل مرکزی ضلعی نگران محترمہ ساجدہ صادق نے درج ذیل اضلاع کی تحصیلات کا وزٹ کیا۔ لیہ، بھکر، میانوالی، خوشاب، جھنگ، ٹوبہ، سرگودھا، فیصل آباد

31 مارچ کو گوجرانوالہ اور بچیانہ کی سالانہ محفل میلاد۔ 3 اپریل کو ضلع اوکاڑہ کی تحصیلات حویلی لکھا، اوکاڑہ، حجرہ شاہ مقیم، مورخہ 6 اپریل کو ضلعی ورکرز کنونشن سرگودھا، مورخہ 9,10اپریل کو ضلع میانوالی کی تحصیلات میانوالی، عیسیٰ خیل، پپلاں اور کندیاں مورخہ 12,13 اپریل کو ضلع خوشاب کی تحصیلات نوشہرہ، کٹھہ سگرال، قائدآباد، مورخہ 15,16 اپریل کو ضلع لیہ کی تحصیلات چوبارہ، چوک اعظم، فتح پور، لیہ، کروڑ، مورخہ 17 اپریل کو گکھڑ موڑ، جھنگ اور فیصل آباد مورخہ 18 اپریل کو سمندری اور شور کوٹ مورخہ 20,21 اپریل کو ضلع بھکر کی تحصیلات منکیرہ، دریا خان، بھکر، کلورکوٹ اور 21 اپریل کو ضلع ٹوبہ کے ضلعی ورکرز کنونشن میں دھرنا مہم کو کامیاب بنانے کے لئے دھرنے کی اہمیت و ٹارگٹس کو کارکنان اور عوام الناس کو دیتے ہوئے ساجدہ صادق نے کہا کہ اگر حکومت فساد کا شکار رہی تو معاشرہ زمانہ اور حالات یونہی بگڑتے رہیں گے۔ انہی امانتوں کو بددیانت اور نااہل لوگوں کی جھولی میں ڈالنے کی بجائے اس کرپٹ نظام کے خلاف احتجاج کریں جس نے پچھلے 65 سال سے لوگوں کو بھوک افلاس، خون ریزی، مہنگائی، بے روزگاری، فرقہ پرستی، محرومیوں کے سوا کیا دیا ہے۔ آج معاشرے میں عورتوں کی عزتیں محفوظ نہیں مال محفوظ نہیں جان محفوظ نہیں۔ یہ حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں فیل ہیں۔ آج اگر اس نظام کو نہ ٹھکرایا تو اگلے پانچ سال پھر ذلت کی موت مرنا پڑے گا۔ آؤ سب مل کر دھرنے میں بیٹھ کر اس فرسودہ اور استحصالی نظام کے خلاف آواز حق بلند کریں تاکہ ظالموں، چوروں، لٹیروں کی حکومت سے بچا جائے۔ آخر میں کارکنان کو دھرنے کے ٹارگٹس تقسیم کئے گئے۔

سہ روزہ تنظیمی وزٹس

مورخہ 26 تا 29 اپریل دھرنا مہم کو کامیاب بنانے کے لئے چکوال، گوجر خان، راولپنڈی، ہری پور، ہزارہ، حویلیاں کا وزٹس کیا گیا۔ جس میں محترمہ سدرہ کرامت ناظمہ دعوت نے کرپٹ نظام انتخابات کی برائیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ 65 سالہ تاریخ گواہ ہے کہ جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کی طرف کوئی توجہ نہیں دی بلکہ ملک پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام الناس کو اپنا حق لینے کے لئے کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف صف آراء ہوجائے۔ اس کے علاوہ محترمہ سدرہ کرامت نے اپنی تنظیمات کو اس نظام کے خلاف یکجا کرنے کے لئے مختلف ٹولز بتائے جن میں ڈور ٹو ڈور مہم، حلقہ عرفان القرآن، آئیں دین سیکھیں کورس اور حلقہ درود شامل ہیں۔

محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ 29 اپریل کو ویمن لیگ پشاور کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ محترمہ شمائلہ عباس نے خدمت دین میں خواتین کا کردار کے موضوع پر خطاب کیا جبکہ محترمہ سدرہ کرامت ناظمہ دعوت نے دھرنا مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ محفل کا اختتام دعا و سلام پر ہوا۔

ڈنمارک: پاکستانی کمیونٹی کا کرپٹ نظام انتخاب کے خلاف پرزور احتجاج

رپورٹ: علامہ اشفاق عالم قادری۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم

برمنگھم پاکستانی کمیونٹی کا نظام انتخاب کے خلاف پرزور مذمت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس ظالمانہ اور عوام دشمن انتخاب کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد پاکستانی عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی ہے کیونکہ عرصہ دراز سے عوام اس قدر مشکلات کا شکار ہے کہ خودکشی جیسے گناہ کبیرہ کے مرتکب ہورہے ہیں۔ لہذا ایسی سیاست کو منہاج القرآن عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے جو محبت کی، اخوت کی، تنظیم کی، یقین کی، وحدت کی سیاست ہو جو ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے بجائے ایک اکائی بنادے اسی کے پیش نظر پوری دنیا میں منہاج القرآن کی تنظیمات نے پاکستانی ایمبیسی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم کی تنظیم نے بھی مورخہ 10 مئی 2013ء کو کثیر تعداد میں پاکستان ایمبیسی کے سامنے مظاہرہ کیا۔

شیخ الاسلام مدظلہ کی بیرون ملک مصروفیات

دورہ برطانیہ (برمنگھم)

رپورٹ: علامہ محمد اشفاق عالم قادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم)

23 دسمبر کے فقیدالمثال عوامی استقبال، تاریخی لانگ مارچ اورپرامن دھرنے کے بعد گذشتہ دنوں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری برطانیہ تشریف لائے جہاں منہاج القرآن ایگزیکٹو کونسل نے برمنگھم میں پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق ’’پاکستان اور حقیقی جمہوریت‘‘ کے عنوان سے 4 مئی بروز ہفتہ شاندار تاریخی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس کانفرنس میں شرکت فرمانے کے لئے شیخ الاسلام ایک دن پہلے جب برمنگھم پہنچے تو راقم نے منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم کے نمائندہ ساتھیوں کے ساتھ آپ کا استقبال کیا اور اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ اور سسٹر لیگ برمنگھم کی بہنوں اور بچیوں نے شیخ الاسلام کی خدمت میں گلدستے پیش کئے۔ شیخ الاسلام نے کمال محبت کا مظاہرہ فرماتے ہوئے سب سے مصافحہ فرمایا اور دعائیں دیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپ کے صدر محترم نواز وڑائچ نے یورپ سے تشریف لائے ہوئے ساتھیوں کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی کے لئے شیخ الاسلام سے ملاقات کا وقت لیا ہوا تھا تھوڑی دیر بعد ملاقات کے لئے Digbeth Hall میں تشریف لے گئے جس کا انتظام برمنگھم کی تنظیم نے نہایت خوبصورت انداز میں کیا ہوا تھا۔ بعد ازاں تلاوت و نعت سے محفل کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر عوامی استقبال، لانگ مارچ اور دھرنے کے لئے مالی قربانیاں دینے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے اور منہاج القرآن ناروے، فرانس اور ڈنمارک کی تنظیمیں یورپ سے بالترتیب اول، دوم، سوم آئیں۔ شیخ الاسلام نے فرمایا کہ ان کے مالی تعاون اور قربانی کے بغیر اتنی بڑی کامیابی نا ممکن تھی۔

اگلے روز 4 مئی بروز ہفتہ کانفرنس سے پہلے کچھ وفود کی ملاقاتیں طے تھیں جس میں مرکزی جماعت اہل سنت والجماعت سرِ فہرست تھی احباب نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور وفد کے تمام ارکان نے اہل سنت والجماعت کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے کہا کہ اس وقت آپ کے سوا ایک مخلص لیڈر ایسا نہیں جس کی قیادت میں آگے بڑھا جاسکے۔ شیخ الاسلام نے اللہ کی عطا کردہ صلاحیتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان لوگوں کی ذمہ داری لگائی کہ اب جس طرح آپ کی سوچ و فکر میں تبدیلی آئی ہے آپ اہل سنت و جماعت کے دوسرے گروہوں سے بھی رابطہ کریں تاکہ اہل سنت کا آپس میں اتحاد قائم ہوسکے۔ بعد ازاں ہزارہ ورلڈ کونسل کے نمائندہ وفد نے آغا جعفری کی قیادت میں شیخ الاسلام سے ملاقات کی اورہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج میں ساتھ دینے پر شیخ الاسلام کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی عزم کیا کہ ہم منہاج القرآن کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ چلیں گے۔

مورخہ 4 مئی 2013ء بروز ہفتہ کو ’’پاکستان اور حقیقی جمہوریت‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی کانفرنس کا اہتمام برمنگھم کے ایک خوبصورت Bingley Hall میں کیا گیا جس کی تیاری ایک ماہ قبل سے جاری تھی۔ کانفرنس میں شرکت کے لئے پورے یوکے اور یورپ بھر سے منہاج القرآن کے رفقاء تشریف لائے۔ اس کے علاوہ برمنگھم سے ہزاروں کی تعداد میں لوکل لوگوں نے بھی شرکت کی۔ شیخ الاسلام، ڈاکٹر دانش کے ہمراہ کانفرنس ہال میں تشریف لائے تو لوگوں نے کھڑے ہوکر شاندار تاریخی استقبال کیا اور تالیوں اور نعروں کی گونج میں اسٹیج تک پہنچے۔ کانفرنس کی کاروائی کا آغاز ہوا۔ مہمان مقرر تشریف لاکر اپنی محبت و تعاون کا اظہار کرتے رہے اس موقع پر تین تقاریر نے محفل کا رنگ بدل کر رکھ دیا اور کانفرنس ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ ان میں حضرت علامہ احمد نثار بیگ، محترم سید زاہد حسین اور محترم ڈاکٹر دانش شامل ہیں۔ علامہ احمد نثار بیگ نے فرمایا کہ ہم اپنے قائد کی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جو جو باتیں انہوں نے کیں وہ آج ایک ایک کرکے پوری ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب نے ہمارے دل کوجو زخم دیئے ہیں وہ ہم بھولنے والے نہیں ہیں وقت خود ان سے ہماری توہین کا بدلہ لے گا۔ محترم سید زاہد حسین شاہ نے شیخ الاسلام کی صلاحیت و جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے قائد سے اس درجہ پیار ہے کہ ہم مالی و جانی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے کیونکہ ہمارا قائد حق کی جنگ لڑر رہا ہے اور ہم آخری دم تک اس کے شانہ بشانہ رہیں گے جبکہ ڈاکٹر دانش نے شیخ السلام سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سے اس وجہ سے پیار ہے کہ آپ اس دور فتن میں حق کی آواز بلند کررہے ہیں جبکہ لوگ اپنے ذاتی مفادات کی تگ و دو میں لگے ہیں اور اجتماعی مفادات کا قلع قمع کررہے ہیں بلکہ اجتماعی مفادات کی بات کرنے والے کے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیں۔ شیخ الاسلام نے ان تمام حضرات کے جذبات کو سراہتے ہوئے اپنے خطاب کا آغاز چند احادیث مبارکہ سے کیا جس کا خلاصہ یہ تھا کہ آخری دور میں حق پر وہ شخص ہوگا اور اس کے ذریعے اصلاح امت کا کام سرانجام پائے گا جو یہ نہیں دیکھے گا کہ لوگوں کا مزاج کیسا ہے یا ہوا کس طرف کی چل رہی ہے بلکہ وہ اس بھیڑ چال کے دور میں بھی حق، سچ اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ چاہے زمانہ اسے ملامت کرتا رہے، سنگ زنی کرتا رہے، چاہے اس کی کردار کشی ہوتی رہے اور اسے طعنے دیئے جاتے رہیں۔ لیکن وہ لوگوں اور زمانہ کی پرواہ کرکے ان کے ساتھ چلنے اور ان کی غلط بات میں ان کا ساتھ دینے کی بجائے، اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بتائی ہوئی راہ پر چلتا ہے۔ لوگوں کو اندھیروں میں امید کی کرن دکھاتا ہے، بکھری ہوئی قوم کو مجتمع کرتا ہے۔ ان کو فکری اور عملی یکسوئی عطا کرتا ہے اور بکھرے ہوئے افراد کو ایک قوم بناتا ہے۔ آج کے دور میں اللہ نے اس کام کے لئے منہاج القرآن کو چنا ہے، اسے منہج نبوت پر رکھا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ کرپٹ نظام کا حصہ بن کر کبھی اصلاح نہیں ہوسکتی۔ ہمیں اس پورے نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر سمندر برد کرنا ہوگا۔ آپ نے فرمایا کہ قوم کو انتخابات کا یہ آخری تماشہ دیکھنے دو، جب یہ مکمل طور پر اس نظام سے مایوس ہوجائیں گے تو پھر میں وہ نظام دوں گا جس سے ملک و قوم کی بقا ہوگی اور ہمیں من حیث المجموع عزت نصیب ہوگی۔ آپ نے فرمایا کہ 11 مئی کے دھرنے انتخابات کا بائیکاٹ ہرگز نہیں بلکہ جس طرح لوگوں کو اپنے من پسند نمائندوں کو ووٹ دینے کا آئینی حق حاصل ہے اسی طرح ہمیں ووٹ نہ دے کر انہیں مسترد کرنے کا بھی آئینی حق حاصل ہے۔ اس کانفرنس کا اختتام صلوۃ و سلام اور شیخ الاسلام کی دعا پر ہوا۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائض محترم علامہ محمد افضل سعیدی اور علامہ سید عباس شاہ بخاری نے انجام دیئے۔