حمد باری تعالیٰ و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

حمد باری تعالیٰ

ذرے ذرے میں پنہاں ہے اک کائنات
ذرے ذرے میں موجود ہے تیری ذات

تو خدائے محمد نہیں بے ثبات
تجھ پر قربان سب موت ہو یا حیات

یہ پہاڑوں کے پتھر، یہ پیڑوں کے پات
سب ہی تیرے بیاں کررہے ہیں صفات

تیری جلوہ گری ہے میں دیکھوں جدھر
دِیر و کشمیر و کاغان ہو یا سوات

خوبصورت پرندے جو گاتے ہیں گیت
سچ تو یہ ہے ادا کررہے ہیں صلوٰۃ

بہتا راوی ہوکہ جھیل سیف الملوک
تیرے مظہر ہیں سب نیل ہو یا فرات

حمد باری تعالیٰ میں مشغول ہیں عاصم
یہ زبان یہ آنکھیں، یہ دل یہ ہاتھ

(امین عاصم)

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

ثمر لائی نبی کی جستجو ہے
محمد ہی محمد سو بہ سو ہے

خدا کی جستجو والوں سے کہہ دو
لباس مصطفی میں ہوبہ ہو ہے

یہاں پر سانس بھی لینا ادب سے
یہاں حکم خدا لا ترفعوا ہے

اجل آکے اپنا کام کرلے
میرا محبوب میرے روبرو ہے

انہیں دیکھوں میں بس ان کو ہی دیکھوں
یہی میری نمازیں ہیں وضو ہے

یہ رنگینی یہ شادابی یہ نگہت
اسی کے دم قدم سے رنگ و بو ہے

مرے آقا کرم قطب حزیں پر
اسے دیدار کی بس آرزو ہے

(خواجہ غلام قطب الدین فریدی)