مرتّبہ: ملکہ صبا

ماضی

ماضی (گزرا ہوا وقت) میں الجھے رہنے والے ماضی سے سیکھ نہیں رہے ہوتے بلکہ اپنے حال (جو وقت اب ہم گزار رہے ہیں) کو خراب کررہے ہوتے ہیں۔ اکثر لوگ اپنے اچھے ماضی کا ذکر کرکے اپنے حال کو خراب کرتے ہیں اور کچھ اپنے خراب ماضی کا ذکر کرکے اپنے حال کو خراب کرتے ہیں۔ اس ساری کیفیت میں خراب مستقبل (آنے والا وقت) ہورہا ہوتا ہے لیکن سمجھ نہیں آتی یہ ایک ایسا ناختم ہونے والا سلسلہ ہے جو پتہ نہیں کب سے ہمارے ساتھ ہے اور رہے گا۔ لہذا جو انسان خود اپنا نہ ہو وہ کسی کا کیسے ہوسکتا ہے کیونکہ وہ پہلے حال و مستقبل کو برباد کررہا ہوتا ہے جبکہ مستقبل کی بنیاد تو حال ہی ہے اس تحریر کی مدد سے قارئین کو صرف یہی سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ماضی کے اچھے اور برے واقعات کو چھوڑ کر صرف حال پر توجہ دیں تاکہ آپ کا مستقبل بہتر ہوسکے۔ سال نو کا آغاز ہوا ہے۔ لہذا آپ کو بھی اپنی زندگیوں میں نمایاں تبدیلیاں رونما کرنا چاہئیں تاکہ آپ نئے سال میں اپنی زندگی کامیابی و کامرانی کے ساتھ بسر کرسکیں۔

(سید اعجاز بخاری)

{اقوال زریں}

  1. بہترین بیوی وہ ہے جب خاوند اسے دیکھے تو پھولے نہ سمائے اگر اسے کوئی حکم دے تو فوراً بجا لائے اور بہترین خاوند وہ ہے جو بیوی کے ساتھ حسن سلوک رکھے۔ (حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)
  2. حریص آدمی ساری دنیا لے کر بھوکا ہے اور قانع ایک روٹی سے بھی پیٹ بھرسکتا ہے۔ (شیخ سعدی)
  3. کسی پر بھروسہ کرو تو مکمل بھروسہ کرو یا تو تمہیں ایک اچھا دوست ملے گا نہیں تو ایک سبق۔۔۔ (حضرت علی)
  4. جو شخص خاموش رہتا ہے وہ بہت دانا ہے کیونکہ کثرت کلام سے کچھ نہ کچھ گناہ سرزد ہوجاتا ہے۔ (حضرت سلیمان)
  5. جس میں تین خوبیاں ہوں سمجھ لو کہ خدا اسے دوست رکھتا ہے:
  1. دریا جیسی سخاوت
  2. آفتاب جیسی شفقت
  3. زمین جیسی تواضع

گاجر کے فوائد

(ڈاکٹر مصباح کنول، نشتر میڈیکل کالج)

گاجر دنیا بھر میں ایک مقبول سبزی ہے۔ یہ مقوی اور مصفی غذا ہے۔ غذائی اعتبار سے گاجر وٹامن اے کا بہترین ذریعہ ہے۔ اسی طرح گاجر کے پتے بھی غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان میں پروٹین، معدنیات اور وٹامنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ گاجر کے چند ایک فوائد قارئین کی نذر کئے جاتے ہیں:

  1. تیزابیت اور آنکھوں کی بینائی کے لئے نہایت مفید ہے اور خون کو صاف کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے جس سے انسانی جلد شادابی و تازگی کا احساس دلاتی ہے۔
  2. گاجر چبا کر کھانے سے لعاب دہن میں اضافہ ہوتا ہے اور ہاضمہ کا عمل تیز ہوجاتا ہے کیونکہ یہ معدے کو ضروری اینزائمز، معدنی اجزاء اور وٹامنز مہیا کرتی ہے اور گاجر کا باقاعدہ استعمال السر کو روکتا ہے گاجر کا جوس آنتوں کے قولنج، بڑی آنت کی سوزش، اپنڈیسائٹس میں موثر علاج ہے۔
  3. گاجر کا جوس اگر پالک کے جوس کے ساتھ تھوڑا سا لیموں ملاکر پیا جائے تو قبض کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔ واضح رہے کہ اس مشروب کا استعمال دو ماہ مسلسل کرنے سے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
  4. گاجر کا جوس اسہال کے مرض میں ایک عمدہ قدرتی علاج ثابت ہوتا ہے یہ پانی کی کمی کو دور کرتا ہے، نمکیات (سوڈیم، پوٹاشیم، فارسفورس، کیلشیم، سلفر اور میگنیشم) کا نقصان پورا کرتا ہے۔ اس کے استعمال سے بیکٹیریا کی نشوونما رک جاتی ہے اور قے بند ہو جاتی ہے۔
  5. گاجر کا استعمال بچوں کے لئے بھی نہایت مفید ہے چنانچہ بچوں کے پیٹ سے کیڑے خارج کرنے کے لئے مفید ہے اس کے لئے ایک چھوٹا کپ کدوکش کی ہوئی گاجر صبح کے وقت کھانا نہایت مفید ہے۔
  6. بانجھ پن کی ایک وجہ یہ بھی ہوتا ہے کہ مسلسل ایسا کھانا استعمال کیا جائے جو پکنے کے دوران انزائمز سے محروم ہوچکا ہو، تلی ہوئی غذاؤں میں بھی انزائمز ختم ہوجاتے ہیں۔ لہذا بعض اوقات بانجھ پن کا علاج کچی گاجر اور جوس کا استعمال ہی بن جاتا ہے۔

گاجر ہمیشہ دھوکر کھانا چاہئے ورنہ یہ کھانسی پیدا کر سکتی ہے۔