’’الفیوضات المحمدیہ‘‘

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

{ اَلنُّوْرُ ... نور عطا کرنے والا}
وظیفہ برائے حصول انوارِ الٰہی: يَا نُوْرُ

فوائد و تاثیرات: حصول انوارِ الٰہی کے لئے یہ وظیفہ نہایت مفید اور مؤثر ہے۔ یہ وظیفہ کرنے والا لوگوں کو راہِ مستقیم کی طرف ہدایت دینے والا بن جاتا ہے۔ اگر کوئی صاحب حال شخص اس کا ورد کرے تو اس کے دل کا نور اس کے چہرہ سے ظاہر ہو جاتا ہے اور ذکر الٰہی کے وقت بھی اس کا منہ نورِ الٰہی کا مصدر بن جاتا ہے۔

اگر کوئی شخص تاریک کمرے میں آنکھیں بند کرکے یا نور کا ذکر کثرت سے کرے تو اس پر حال طاری ہوتا ہے اور اس کا قلب انوار الٰہی سے بھر جاتا ہے۔ اہل کشف و بصیرت کے لئے یہ اسم پاک خاص تاثیر رکھتا ہے۔

اگر کوئی شخص شبِ جمعہ 7 مرتبہ سورہ نور کی تلاوت کرنے کے بعد ایک ہزار (1000) مرتبہ اس اسم پاک کا ذکر کرے تو اس کے دل میں نور پیدا ہوتا ہے اور جو کوئی صبح کے اوقات میں پابندی سے ذکر کرے تو اس کا دل روشن ہو جاتا ہے۔

عام معمول: اوّل و آخر11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس کا ورد سو (100) مرتبہ روزانہ کریں۔

اس وظیفہ کو حسب ضرورت 11 دن، 40 دن یا اس سے بھی زیادہ عرصہ کے لئے جاری رکھ سکتے ہیں۔

{ اَلْهَادِیُ ... ہدایت دینے والا}

ہدایتِ الٰہی اور ماں کے دودھ کی طرف رغبت کا وظیفہ: يَا هَادِیُ

فوائد و تاثیرات: معرفتِ الٰہی کے حصول کے لئے اس اسم پاک کا وظیفہ نہایت مفید ہے، اس کے ذکر سے بندہ جملہ دینی و دنیاوی امور میں اپنے اور دیگر مخلوق کے لئے ھادی و رہنما بن جاتا ہے۔ اگر کوئی بچہ ماں کے دودھ کی طرف رغبت نہ رکھتا ہو تو اس کے باعث وہ دودھ پینا شروع کر دیتا ہے۔ اگر کوئی مسافر راستے سے بھٹک جائے تو اس کے ورد سے اسے راستہ مل جاتا ہے۔

عام معمول: اوّل و آخر11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس کا ورد سو (100) مرتبہ روزانہ کریں۔

اس وظیفہ کو حسب ضرورت 11 دن، 40 دن یا اس سے بھی زیادہ عرصہ کے لئے جاری رکھ سکتے ہیں۔