تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

منہاج القرآن علماء کونسل اور منہاجینز کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مرتب کردہ فروغ امن اور انسداد دہشت گردی کے اسلامی نصاب کے سلسلہ میں مورخہ 30 جولائی بروز جمعرات عظیم الشان نصاب امن علماء کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان کے نامور و جید علماء کرام محترم علامہ مفتی عبدالقوی (ملتان)، محترم علامہ شہزاد احمد مجددی (لاہور)، محترم علامہ پروفیسر عون محمد سعیدی (بہاولپور)، محترم علامہ سعید احمد فاروقی (ملتان)، محترم علامہ پیر مفتی ممتاز الحسن شاہ (زیب سجادہ کیلیانوالہ شریف)، محترم مفتی سعید احمد طفیل (نارووال)، محترم پیر سید عبدالقادر شاہ (خطیب مرکز سیفیہ راوی ریان لاہور)، محترم علامہ الحاج امداد اللہ نعیمی، محترم مفتی افتخار احمد نعیمی (سابق صدر نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان)، محترم مفتی محبوب احمد چشتی (جامعہ نعیمیہ) اور ایک ہزار سے زائد علماء کرام اور منہاجینز نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض محترم علامہ سید فرحت حسین شاہ (مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تحریک) نے سرانجام دیئے۔ جبکہ مرکزی ناظم رابطہ علماء کونسل علامہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری اور ناظم علماء کونسل پنجاب علامہ میر محمد آصف اکبر قادری اور ناظم علماء کونسل لاہور علامہ محمد خلیل حنفی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کنونشن میں جامعۃ المنتظر سے شیعہ علماء کا وفد بھی شریک ہوا جس کی قیادت علامہ محمد افضل حیدری نے کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد اور تحریک منہاج القرآن کے بانی وسرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملک بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں علماء کرام کی ورکشاپ سے خطاب اور انسداد دہشتگردی اور فروغ امن کے نصاب کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے آپریشن ضرب عضب کی طرح ’’ضرب علم‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ آپریشن دہشتگردی کے خاتمہ کا ایک پہلو ہے۔ اس مسئلہ کے پائیدار حل کیلئے دہشتگردی کی نرسریوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انتہاء پسندی کے خاتمہ، امن اور رواداری کے فروغ کے حوالے سے علمائے کرام کا کردار مرکزی ہے۔ ورکشاپ میں پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخواہ، سندھ، بلوچستان سے آئے ہوئے علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کیلئے 25 کتابوں پر مشتمل نصاب مرتب کیا گیا ہے۔ یہ نصاب اردو، انگریزی اور عربی زبان میں ہے۔ اسلام اور پاکستان کا مسئلہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی ہے۔ فوجی آپریشن کی 100 فیصد کامیابی اسی صورت ممکن ہے جب علمی، سیاسی، سماجی سطح پر عوامی شعور اجاگر ہوگا۔ دہشتگرد ان علاقوں اور ممالک میں قوت پکڑتے ہیں جہاں ناانصافی، سیاسی، سماجی استحصال اور قرآن و سنت، آئین و قانون کی غلط تشریح ہوتی ہے اور اس علمی بد یانتی پر کوئی رد عمل دینے والا نہیں ہوتا یا مصلحتاً خاموشی اختیا ر کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے تاریخ عالم میں پہلی بار فروغ امن کیلئے نصاب تیار کیا ہے۔ اس نصاب میں شامل 5 کتب ہر طبقہ کے افراد کے مطالعہ کیلئے مفید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے فروغ کے نصاب کا مسلک اور مسلکی اختلاف سے دور دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ یہ عالم اسلام کے ہر فرد اور پوری انسانیت کے مفاد میں مرتب کیا گیا ہے۔ علمی و تحقیقی سطح پر جو خلاء تھا ہم نے اسے پر کرنے کی پرخلوص کوشش کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ نسلوں کو انتہا پسندی اور فتنہ خوارج سے بچانا علماء کی سب سے زیادہ ذمہ داری ہے۔ دہشتگرد اسلام اور قرآن کے نام پر بے گناہوں کوقتل کررہے ہیں جبکہ اسلام میں ایک بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔ دہشت گرد اور انکے گروپس نام بدل بدل کر کرہ ارض پر فساد پھیلارہے ہیں اور اختلاف کرنے والوں کو واجب القتل قرار دیتے ہیں۔ ایسے عناصر خود واجب القتل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدرسوں، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ انسداد دہشتگردی کے نصاب کو اپنے مطالعہ کا حصہ بنائیں بالخصوص علماء آئندہ نسلوں کو اس فتنہ سے بچانے اور پاکستان کی بقاء کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

MWL تنظیمی وزٹ ملتان

منہاج القرآن ویمن لیگ نے مورخہ 9-8-2015 (ملتان شہر) کا تنظیمی وزٹ کیا جس میں مرکزی صدر MWL محترمہ فرح ناز، صدرMSM سسٹرز محترمہ انعم اور نائب ناظمہ دعوت محترمہ سعدیہ حفیظ شامل تھیں۔

وزٹ کا مقصد ملتان MWL کی تنظیم نو کرنا، دھرنے کے شرکاء سے ملاقات ان کی حوصلہ افزائی کرنا، امن سلیبس کا تعارف اور امن ٹریننگ سیشن کرنا تھا۔ تنظیم نو کے مطابق محترمہ ہما اسماعیل کو بطور صدر MWL ملتان اور محترمہ مدیحہ جاوید کو بطور نائب ناظمہ MWL ملتان منتخب کیا اور محترمہ رابعہ سعید کو بطور نائب ناظمہ دعوت ذمہ داری دی گئی۔

صدر MWL محترمہ فرح ناز نے تنظیم نو کے بعد دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔ اس پر تمام خواتین نے اپنے جذبات کا اظہار کیا کہ وہ آج بھی اسی جذبہ، ہمت اور عزم و استقلال کے ساتھ امن کے فروغ کے لئے کام کرنے کو تیار ہیں اور ان کی جدوجہد ہمیشہ جاری رہے گی۔

صدر MWL نے امن سلیبس کے بارے میں بریفنگ دی جس کو میٹنگ نے بہت سراہا۔ امن کے فروغ کے لئے عملی جدوجہد کے حوالے سے یقین دلایا۔ مرکزی صدر MSM سسٹرز نے بھی MSM کے ورکنگ پلان پر بریفنگ دی اور ٹارگٹس کی تقسیم کارکی اور نائب ناظمہ دعوت محترمہ سعدیہ حفیظ نے نظامت دعوت اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بریفنگ دی۔

MWL وزٹ پاک پتن شریف

منہاج القرآن ویمن لیگ نے مورخہ 8-8-2015ء پاکپتن شریف کا تنظیمی وزٹ کیا۔ جس میں MWL کی مرکزی صدر محترمہ فرح ناز، صدر MSM سسٹرز محترمہ انعم ریاض اور نائب ناظمہ دعوت محترمہ سعدیہ حفیظ شامل تھیں۔ وزٹ کا ایجنڈا MWL پاکپتن کی تنظیم نو اور سلیبس کا تعارف اور اس پر ٹریننگ سیشن، منہاج ہسپتال کا دورہ اور مریضوں کی عیادت کرنا تھا۔ MWL کی تنظیم نو میں محترمہ انجم اسحر پاکپتن کی صدر منتخب ہوئیں۔ محترمہ زاہد امداد بطور ناظمہ، محترمہ جویریہ رمضان ناظمہ تربیت، محترمہ فضیلہ مصطفوی ناظمہ دعوت منتخب ہوئیں اس پر صدر MWL محترمہ فرح ناز نے ان سب کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور ان کو دعائیں دی۔

صدر MWL پاکپتن محترمہ نجم اسحر نے دھرنے کے بعد اور پہلے پیش آنے والے مسائل کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جذبات آج بھی اسی طرح سلامت ہیں اور آئندہ بھی ان کی جدوجہد ہمیشہ جاری رہے گی۔ ان شاء اللہ

اس کے بعد شیخ الاسلام کے مرتب کردہ امن سلیبس کا تعارف صدر MWL محترمہ فرح ناز نے منتخب کیا۔ امن سلیبس کو تمام شرکاء نے بہت سراہا اور اس پر عملی طور پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مرکزی ٹیم نے منہاج ہسپتال کا دورہ کیا جس کا مقصد ہسپتال کے انتظامات کا جائزہ لینا اور مریضوں کی عیادت کرنا تھا۔ ہسپتال کے انتظامات انتہائی تسلی بخش تھے اور صدر MSM سسٹرز نے صدر ایم ایس ایم پاکپتن محترمہ حمیرا کے ساتھ مل کر ورکنگ پلان اور امن سلیبس پر بریفنگ دی اور ٹارگٹس کی تقسیم کار کی۔ نائب ناظمہ دعوت محترمہ سعدیہ حفیظ نے نظامت دعوت کے پروجیکٹس اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بریفنگ دی اور Feed Back لیا جو کہ نہایت تسلی بخش رہا۔