تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

دین اور دنیا کی تعلیم کو الگ کرنا دشمنوں کی کامیاب سازش ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

گذشتہ ماہ سیالکوٹ میں انسداد دہشتگردی اور فروغ امن نصاب کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں مختلف طبقہ ہائے فکر کی نمائندہ شخصیات اور بڑی تعداد میں ماہرین تعلیم، تاجر، صنعتکاروں، طلبہ و طالبات وعوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں و کارکنان نے شرکت کی۔ سیمینار سے میجر(ر) محمد سعید، نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات محمد رفیق نجم، یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے خطابات کئے جبکہ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا:

دین اور دنیا کی تعلیم کو دریا کے دو کناروں کی طرح بانٹ دیا گیا اور اس تقسیم سے دہشتگردی اور انتہاء پسندی نے جنم لیا۔ دہشتگردی کے خاتمے کا ایک پہلو آپریشن ضرب عضب ہے جس کا اعلان فوج نے کیا جبکہ اس کے علاج کا دوسرا پہلو ضرب علم ہے جس کا آغاز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انسداد دہشتگردی اور فروغ امن کا نصاب دے کر کیا۔ دہشتگردی کے انفیکشن کا شکار مریضوں کا علاج فوج بڑی اچھی طرح کررہی ہے جبکہ دہشتگردی کے وائرس کو آئندہ نسلوں تک پھیلنے سے روکنے کا واحد طریقہ ضرب علم ہے ۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک صفت اور شان تحرک ہے ۔ اللہ کی قدرت کاملہ کا اظہار، ایجادات اور انکشافات کی صورت میں جاری و ساری ہے ۔ پوری کائنات اور اس کا ہر شعبہ اللہ اور اس کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحرک والی صفت کے تابع ہے ۔ کائنات جب جمود کا شکار ہو گی تو وہ قیامت کی گھڑی ہو گی۔ جب تک امت مسلمہ علم و عمل کے اعتبار سے متحرک تھی تو دنیا پر اس کی حکومت تھی۔ جب جمود کا شکار ہوئی تو زوال کی کھائی میں گر گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ اس کا بے دریغ سیاسی استعمال ہے ۔ پہلے الیکشن جیتنے کیلئے چوروں اور ڈاکوؤں کو استعمال کیا جاتا تھا پھردہشتگرد گروپس کی خدمات لی جانے لگیں اور دہشتگرد قوت پکڑتے چلے گئے ۔ دہشتگرد گروپوں سے سیاسی خدمات حاصل کرنے والی جماعتوں اور ان کی لیڈر شپ کے چہرے کسی سے چھپے ہوئے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غالب اکثریت کو سیاسی عمل سے باہر کر دینے کی وجہ سے بھی انتہاء پسندانہ جذبات نے فروغ پایا۔ دنیا کے کسی مہذب ملک اور جمہوریت میں عوام کو بلدیاتی انتخابات سے دور رکھنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

سپین: اولاد کی کردار سازی ماں کی اولین ذمہ داری ہے: غزالہ حسن قادری

(رپورٹ: زہرہ اصغر)

گذشتہ ماہ منہاج القرآن ویمن لیگ سپین کے زیر اہتمام بارسلونا میں ایک تربیتی نشست منعقد ہوئی جس سے سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ممبر محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی گود انسان کی پہلی درس گاہ ہے ۔ ماں کا جذبہ ایمان جتنا زیادہ ہوگا یہ درس گاہ اتنی ہی بلند معیار کی حامل ہوگی اور اس میں پلنے والے بچوں کی تربیت اتنی ہی عمدہ ہوگی۔ عربی میں ماں کو’’ ام‘‘ کہا جاتاہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بھی ’امّی‘ کہا گیا ہے ۔ اس میں لفظی نسبت کے ساتھ ساتھ ایک معنوی نسبت ہے اور وہ یہ کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ساری انسانیت کے لیے باعثِ رحمت و شفقت تھے جیسے ماں اپنی اولاد کے لیے سراپا محبت و شفقت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے بگاڑ اور اصلاح کی محرک ماں ہے ۔ وہ بچوں کی بہترین معلمہ ہے۔ پھولوں کے بغیر جس طرح ہر باغ بے رنگ و بو ہوتا ہے اسی طرح عمدہ پرورش اور تربیت کے بغیر ہر بچہ ناسمجھ اور گنوار رہتا ہے ۔ بچے پھولوں کی طرح نازک، خوبصورت اور حساس ہوتے ہیں۔ ان کی نگہداشت اور پرورش بھی اتنی ہی ضروری اور محنت طلب ہے جتنی کسی باغ کی دیکھ بھال اور آرائش۔ ماں کی محنت، توجہ اور ایثار سے ان پھولوں میں رنگ بھرتا ہے اس طرح وہ دلکش اور کارآمد بنتے ہیں۔

گفتگو کے اختتام پراْنہوں نے اِس بات پر زوردیا کہ دور حاضر کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے مائیں اپنے بچوں کی تربیت کریں، انہیں بھرپور توجہ دیں۔ یورپ میں رہنے والی مائیں خاص طور پر اپنے بچوں کی تربیت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کریں تاکہ وہ بچے معاشرے کے مفید رکن بن سکیں اور معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار بہتر طور پر ادا کریں۔ انہیں مہذب، شائستہ اور احسن اخلاق سکھائیں۔

اوکاڑہ: منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قیادت کا دورہ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے پاکستان بھر میں تنظیمی دورہ جات جاری ہیں۔ اس سلسلہ میں یکم ستمبر کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر محترمہ فرح ناز نے مرکزی ناظمہ تنظیمات محترمہ انیلا الیاس کے ہمراہ اوکاڑہ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ دورے کے دوران منہاج القرآن ویمن لیگ اوکاڑہ کی ضلعی اور ذیلی تنظیمات کی تنظیمِ نو کی گئی۔ نئی تنظیمات کو آئندہ ایک سال کا ورکنگ پلان دیا گیا اور انہیں اہداف سے آگاہ کیا گیا۔

جہلم: منہاج القرآن ویمن لیگ کا تنظیمی اجلاس، دعوتی اور تربیتی پروگرامز کا تعارف

مورخہ 19 اگست 2015ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشر، نائب ناظمہ تربیت اْم کلثوم اور ایم ایس ایم جنرل سیکرٹری حافظہ ایمن یوسف نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مقامی سطح پر تنظیم سازی کرنا اور دعوتی اور تربیتی پروگرامز کا تعارف کروانا تھا۔ 3 ماہ کے لیے عبوری تنظیم کے لیے صدر صفیہ رفعت، ناظمہ تربیت سمیعہ ظفر، ناظمہ دعوت راحیلہ زین، ناظمہ مالیات حلیمہ سعدیہ اور ایم ایس ایم کی کوآرڈینیٹر رابعہ مقصود کو منتخب کیا گیا۔

اس موقع پر نائب ناظمہ تربیت اْم کلثوم نے دعوتی و تربیتی پروجیکٹ آداب زندگی کا تعارف کروایا اور مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشرنے امن نصاب کا تعارف کروایا جبکہ ایم ایس ایم جنرل سیکرٹری حافظہ ایمن یوسف نے ایم ایس ایم کے پروجیکٹس کے بارے میں آگاہ کیا۔ نائب ناظمہ تربیت اْم کلثوم کی دعا سے میٹینگ کا اختتام ہوا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قیادت کے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے تنظیمی دورہ جات

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کی صدر انعم ریاض اور نائب ناظمہ دعوت منہاج ویمن لیگ سعدیہ حفیظ نے 16 سے 30 اگست اسلام آباد، راولپنڈی، گوجر خان، کامرہ، اٹک، واہ کینٹ، ٹیکسلا، پنڈی گھیپ، حضرو، حسن ابدال، فتح جنگ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، حویلیاں، ہری پور، نوشہرہ اور پشاور سمیت پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے مختلف شہروں کے تنظیمی دورہ جات کیے ۔ دورہ جات کا مقصد ملک کے مختلف حصوں میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تنظیمی سٹرکچر کو مضبوط اور مؤثر بنانا تھا۔ دورہ جات کے دوران تنظیمات کو نئی پالیسیوں کے مطابق کام کرنے کی ہدایات دی گئیں اور مختلف علاقوں میں نئی تنظیم سازی کی گئی۔ علاوہ ازیں انقلاب مارچ میں شریک تنظیمات کی عہداران اور کارکنان میں اعزازی شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

گوجر خان کے تنظیمی دورہ کے دوران، تنظیمی ذمہ داران سے ملاقات کے ساتھ ساتھ نئے افراد کو تنظیمی ذمہ داریاں بھی سونپی گئیں۔ منہاج ویمن لیگ کی مرکزی قیادت نے گوجر خان میں قائم منہاج اسلامک سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ مرکزی ذمہ داران نے ذمہ داران اور کارکنان کی کاوشوں پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اسلام آباد کے تنظیمی دورہ کے دوران منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر نصرت امین اور ان کی ٹیم سے ملاقات کے دوران تنظیم کی ورکنگ کا جائزہ لیا گیا، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔

دورہ جات کے دوران مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کی خصوصی نشستیں بھی منعقد کی گئیں۔ مرکزی صدر ایم ایس ایم سسٹرز انعم ریاض نے تنظیم میں شامل ہونے والی نئی طالبات کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران موجودہ حالات میں طالبات کے مؤثر کردار پر روشنی ڈالی۔ سینئر طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے مادرِ وطن پاکستان کی بقاء و سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

ان دورہ جات کے دوران دھرنے میں شریک ہونے والی خواتین کو شیلڈ اور اسناد دی گئیں اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مرتب کردہ امن سلیبس کا تعارف بھی کروایا گیا اور تعلیمی ادارہ جات میں شامل نصاب کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

تنظیمی وزٹس MWL

منہاج القرآن ویمن لیگ نے مورخہ 28 اگست تا 5ستمبر2015ء خوشاب، میانوالی، بھکر، ساہیوال اور جھنگ کے تنظیمی وزٹس کئے۔ ویمن لیگ کے وفد میں محترمہ انیلہ الیاس ناظمہ تنظیمات اور گلشن ارشاد ناظمہ دعوت شامل تھیں۔ وزٹس کا ایجنڈا MWL کی تنظیم نو، قائد تحریک کے امن سلیبس کا تعارف اور ٹریننگ تھا۔ وزٹس میں اضلاع کی تنظیم نو کی گئی۔ محترمہ انیلہ الیاس ناظمہ تنظیمات MWL نے نئی منتخب ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ ورکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ محترمہ گلشن ارشاد ناظمہ دعوت MWL نے امن نصاب پر بریفنگ دی۔ شرکاء نے امن سلیبس کو سراہا اور اس کو عوام الناس تک بھرپور انداز میں پہنچانے کی یقین دہانی کروائی اور تنظیمات کی گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سابقہ تنظیمات کو ان کی بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔

فرید ملت سکالرشپ تقریب 2015

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام فرید ملت سکالرشپ کی 6 ویں سالانہ تقریب 10 ستمبر 2015 کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے صفہ ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی، جبکہ امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، صاحبزادہ محمود فیضی، خالد محمود سلطان، شیخ محمد اسلم، حاجی محمد حنیف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں ملک بھر سے آئے ہوئے درجنوں سکولوں کے ہونہار پوزیشن ہولڈرز 120 بچوں میں 10 لاکھ روپے کے سکالر شپ تقسیم کیے گئے۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سکولوں کے اساتذہ کو بھی شیلڈز اور اسناد دی گئیں۔ بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلو شو اور مختلف خاکے پیش کر کے اپنی تخلیقی اور تعمیری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور شرکائے تقریب نے انہیں والہانہ داد سے نوازا۔ بچوں اور ان کے والدین نے سستی اور معیاری تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی معیاری، بامقصد اور سستی تعلیم کا واحد ادارہ ہے جس کے 630 سکولوں میں ڈیڑھ لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں اور جنہیں 10 ہزار سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ جدید علوم سے روشناس کروارہے ہیں۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی ویڑن کی روشنی میں آئمہ مساجد نہیں بلکہ اسلامک سکالر پیدا کررہی ہے۔ ایسے دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیمی ادارے قائم کررہے ہیں جہاں مناسب فیس نہ ملنے کے ڈر سے بڑے بڑے کمرشل ایجوکیشن گروپ اپنی برانچز قائم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ سیکنڈ ایئر تک پورے ملک میں یکساں نصاب اور تعلیم ہونی چاہیے۔ آج کا دانشور بولتا زیادہ، سوچتا کم ہے، لکھتا زیادہ اور پڑھتا کم ہے اور سوسائٹی پر اس کے اثرات بھی ویسے ہی ہیں۔ تعلیم مقدار میں بڑھ گئی مگر معیار میں کم ہو گئی۔ ایسی تعلیم کی ضرورت ہے جو قوم میں غیرت و حمیت کو پروان چڑھائے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمہ اللہ علیہ کے اندر اخلاص اور عمل کا نور تھا جس کے ثمرات کروڑوں مسلمانوں کی آزادی کی صورت میں سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران ہمارا کوئی سکول یا کالج ایک دن کیلئے بھی بند نہیں ہوا حالانکہ منہاج القرآن کے زیراہتمام کام کرنے والے سکولوں، کالجوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچے اور دس ہزار سے زائد اساتذہ ہیں۔ ظالم نظام کے خلاف ہماری جدوجہد میں پسے ہوئے طبقات نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد ڈگریوں کے انبار لگانا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور وطن کی سربلندی کیلئے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے 500 سال پہلے اساتذہ اور تعلیمی ادارے آج کی نسبت بہت کم تھے مگر آج ہمیں ڈھونڈنے سے بھی غزالی، بوعلی سینا، رازی اور مولانا روم نہیں ملتے کیونکہ آج درس و تدریس کا عمل دنیاوی مراعات سے منسلک ہو چکا ہے جبکہ پانچ سو سال قبل اور اس سے پہلے والے مسلمان انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے علم حاصل کرتے اور تقسیم کرتے تھے۔ آج بھی اسی اخلاص اور تعلیم کے مصطفوی مقصد کی طرف لوٹنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جب سے اعلیٰ تعلیم کو بڑی نوکری اور بڑی مراعات کا ذریعہ بنایا گیا ہے تب سے انتشار اور بے چینی میں اضافہ ہوا ہے اور آج کی مہذب دنیا ایک جنگل کا منظر پیش کررہی ہے۔ آج بھی ہزاروں کتابیں لکھی جاتی ہیں جن کی عمر چند مہینے یا چند سالوں سے زیادہ نہیں ہوتی جبکہ ہم آج بھی امام غزالی، بوعلی سینا جیسے اسلاف کی کتب کے فخر سے حوالے دیتے ہیں اور انہیں اپنے مطالعے کا حصہ بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے شاندار ماضی کو واپس لانے کیلئے علم و تحقیق کی طرف لوٹنا ہو گا، اسلامی حکمران اپنی بڑی بڑی لائبریریوں اور کتب خانوں کے قیام کے ذریعے امت مسلمہ کی خدمت کررہے تھے اورآج ہم اس شخص کو لائبریرین بناتے ہیں جو بیمار اور عمر رسیدہ ہوتا ہے۔

لاہور: یوم دفاع پر ایم ایس ایم سسٹرز کے انٹر سکولز تقریری مقابلہ جات

یومِ دفاعِ پاکستان کی گولڈن جوبلی پر ایم ایس ایم سسٹرز لاہور نے ’دفاع وطن اور فروغ امن‘ کے عنوان سے 5۔ستمبر 2015 کو لاہور کے علاقے ٹؤن شپ میں انٹر سکولز تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا۔ مقابلہ میں الائیڈ گرائمر سکول، الائیڈ سکول پنجاب گروپ آف کالجز، دی امریکن ایجوکیٹر سکول سسٹم، منہاج ماڈل ہائی سکول، آغوش گرائمر سکول اور منہاج گرائمر سکول کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ جبکہ ججز کے فرائض پروفیسر نورالزماں نوری، منہاج الدین اور مصباح ملک نے انجام دیئے۔ سکول آف اسلامک اکنامکس منہاج یونیورسٹی لاہور کے ہیڈ عبد العمار پروگرام کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ دیگر مہمانوں میں ایم ایس ایم سسٹرز کی مرکزی صدر انعم ریاض، سکولز کوآرڈینیٹرز حافظہ ایمن یوسف اور ایم ایس ایم لاہور کی صدر انیتہ الیاس شامل تھیں۔

عبدالعمار منعم نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس ایم سسٹرز نے عساکرِ پاکستان اور 1965 کے شہداء کو اپنے انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا پاک افواج عوام کی محافظ و مددگار ثابت ہوئیں۔ پاک افواج کی بہادری پوری دنیا میں بیمثال ہے۔ موجودہ اندرونی و بیرونی حالات سے افواج پاکستان جس طرح نمٹ رہی ہیں وہ بغیر جذبہ حب الوطنی کے ممکن نہیں۔

مقابلہ میں منہاج ماڈل ہائی سکول کے طیب امین اور منہاج گرائمر سکول کے شامین خان کاکڑا نے پہلی، الائیڈ گرائمر سکول کے حبیب شاہین نے دوسری جبکہ منہاج گرائمر سکول کی زارا بتول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔