تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ، دنیا بھر میں تقریبات کا انعقاد

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا بھر میں قائد ڈے کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔ اس سلسلہ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر 19 فروری 2016 کو قائد ڈے کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں شیخ الاسلام کی علمی، تحقیقی، سیاسی، فلاحی، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، علاوہ ازیں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، چیف آرگنائزر عوامی تحریک میجر (ر) محمد سعید، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، آسٹریلین پروفیسر ڈاکٹر ہرمن روبروگ، ناظم امورخارجہ جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، دیگر قائدین، سٹاف ممبران، رفقا و کارکنان خواتین و حضرات اور آئرلینڈ سے آئے مہمان محمد زاہد نے شرکت کی۔

مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرلقادری کی عالمی امن، بین المسالک ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری، تعلیمی و فلاحی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے خدمات کا دائرہ پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔ شیخ الاسلام کا علمی کام نہ صرف صدیوں کا قرض چکا رہا ہے بلکہ آنے والی کئی صدیوں کیلئے امت کو علوم کا لازوال تحفہ دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جہاں پاکستان کو درپیش مسائل کی اصل وجہ(cause root) سے عوام کو آشنا کیا وہیں انہوں نے پاکستان کے روشن و مستحکم اور خود مختار مستقبل کے لیے اپنا اِنقلابی ویژن بھی پیش کیا ہے۔ آج اگر پاکستانی قوم واقعی اپنے حالات بدلنے میں سنجیدہ ہے اور مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی، بے روزگاری اور پسماندگی جیسے عذابوں سے چھٹکارا پانا چاہتی ہے اور پاکستان کو اَقوامِ عالم کی صف میں نمایاں مقام دلانا چاہتی ہے تو اسے شیخ الاسلام کے ویژن پر ہی عمل کرنا ہوگا۔

آئرلینڈ سے آئے مہمان محمد زاہد نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قائم کئے گئے تعلیمی اداروں میں 15000 سے زائد اساتذہ تعلیم دے رہے ہیں۔ ہزاروں افراد کو روزگار مل رہا ہے جو ایک بڑا کارنامہ ہے۔ عالم اسلام خوش قسمت ہے کہ اسے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیت میسر ہے وہ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا میں ان کی علمی، فکری، تجدیدی اور تعلیمی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انسانیت کو فکری اور عملی رہنمائی دی۔

منہاج انٹرنیٹ بیورو نے شیخ الاسلام کو 65 ویں سالگرہ کے موقع پر انکے خطابات پر مشتمل نئی ملٹی میڈیا ویب سائٹ کا تحفہ پیش کیا، جس کا افتتاح ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے دست مبارک سے کیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت، سلامتی اور درازی عمر کیلئے دعا کی گئی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی قائد ڈے تقریبات

منہاج القرآن ویمن لیگ نے 15 فروری 2016 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر قائد ڈے کی چار روزہ تقریبات کا آغاز کیا، ان تقریبات کا مقصد اللہ تعالیٰ کے حضور اظہار تشکر اور شیخ الاسلام کی عالمی سطح پر قیام امن اور فروغ محبت و رواداری کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو نمایاں کرنا اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت قائد ڈے کے سلسلہ تقریبات کی چوتھی تقریب 18 فروری 2016 کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد کی گئی جس کی مہمانِ خصوصی محترمہ فضہ حسین قادری تھیں۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا۔ محترمہ عائشہ قادری نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی سیکرٹری جنرل افنان بابر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

محترمہ فضہ حسین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد ڈے کے اس موقع پر ہم اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے موجودہ دورِ فتن میں شیخ الاسلام جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ شیخ الاسلام کا وجود سراپا امن و سلامتی اور محبت ہے اس لئے ان کے ہر لفظ سے انسانیت کیلئے محبت اور سلامتی کے رویے پھوٹتے ہیں۔ بلاشبہ وہ تجدید دین کی بڑی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجدد وقت مشرق اور مغرب کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ امت مسلمہ کی آنیوالی نسلوں کیلئے بھی آئیڈیل ہیں اور انکی فکر اگلی کئی صدیوں تک مشعل راہ رہے گی۔ وہ امت مسلمہ کی مشکلات، مسائل کا ادراک اور انکو حل کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ انکی ذات عرب و عجم میں امت مسلمہ کیلئے قابل فخر ہے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور میں شعبہ آئی ٹی کی ڈین سمرین اختر نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی کا حصہ بننے کے بعد انہیں اس بات کا اندازہ ہوا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل وہ واحد آرگنائزیشن ہے کہ جس کا ایجوکیشنل سیٹ اپ بہت بااثر ہے، جس نے دینی و جدید دنیاوی علوم کو یکجا کر کے انتہا پسندی سے پاک اور اعتدال پسند اسلامی معاشرہ کی تشکیل کی بنیاد رکھ دی۔ جدید عصری علوم سے آراستہ منہاج یونیورسٹی لاہور کا قیام بہت بڑا کام ہے۔

ماہر تعلیم مسز لبنی ہاشمی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بلاشبہ قابلِ رشک خوبیوں کے مالک ہیں۔ وہ بیک وقت عالم باعمل، پراثر مقرر اور صاحب طرز اسلوب نگار مصنف ہیں۔

آئی بی ایل آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مسز راحیلہ سعید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آئی بی ایل آرگنائزیشن معاشرے میں خواتین کو درپیش مسائل کا حل دے رہی ہے، اس سلسلے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے افکار ان کے لیے راہنمائی کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سماجی و سیاسی خدمات کو سراہا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تجدیدِ دین، فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امید کی روشن ترین کرن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں، جب دہشت گردی سے اسلام اور پاکستان کا چہرہ مسخ ہو رہا تھا تو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جرات مندانہ آواز نے دنیا کی سوچ بدل دی۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی محترمہ فضہ حسین قادری نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور ان کی درازئ عمر کی دعا کی۔

قائد ڈے کی افتتاحی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ نے 15 فروری 2016ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر قائد ڈے کی تقریبات کا آغاز کیا۔ افتتاحی تقریب تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوئی، جس کی مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی بیٹی مروہ حسین تھی۔ تقریب میں شریک بچوں کو منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے تحائف دیے گئے۔ تقریب کے شرکاء نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحتیابی اور درازئ عمر کے لیے دعا کی۔

قائد ڈے تقریب (اسلام آباد)

منہاج القرآن ویمن لیگ این اے 48 اسلام آباد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر 27 فروری 2016ء کو قائد ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا جس کی مہمان خصوصی منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید تھیں۔ تقریب میں منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کی صدر ناہیدہ راجپوت، لیڈی کونسلر سیما طاہر، مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ اسلام آباد کی سیکرٹری جنرل شمائلہ افضل سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قائد ڈے کی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت سائرہ راشد نے حاصل کی۔ شبانہ عظیم نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر مسز روبینہ سہیل نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری عالمی سفیر امن ہیں۔ ان کا بڑے سے بڑا مخالف بھی ان کے علمی و تحقیقی کارناموں کا معترف ہے۔ وہ پوری دنیا میں پاکستان کا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کی انقلابی جدوجہد نے عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا ہے جس سے خواتین اور نوجوانوں میں اپنے حقوق کے حصول کا جذبہ بیدار ہوا ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان اور عالمِ اسلام کی راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی علمی و تحقیقی کاوشوں سے پوری دنیا میں اسلام کے چہرے پر لگے دہشتگردی کے بدنما داغ کو دھویا اور اسلام کے حقیقی تشخض کو اجاگر کیا ہے۔ ان کا کیا ہوا علمی و تحقیقی کام صدیوں تک امت مسلمہ کے کام آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام کی مرتب کردہ ’فروغِ امن اور انسدادِ دہشت گردی کا اسلامی نصاب‘ تحریک منہاج القرآن کی ضربِ امن مہم ملک میں حقیقی امن کی طرف ایک قدم ہے۔ ہمارا فریضہ ہے کہ ہم اس مہم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ آنی والی نسلوں کے لیے انتہاپسندی اور دہشتگردی سے پاک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔

تقریب سے منہاج القرآن ویمن لیگ راولپنڈی کی صدر ناہیدہ راجپوت نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ نعت کونسل نے تحریکی و انقلابی نغمے پیش کیے جنہیں تقریب کے شرکاء نے سراہا۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ مسز انیسہ نے شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی، درازئ عمر اور مصطفوی مشن کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

ضرب امن سیمینار (کراچی)

رپورٹ: محمد الیاس مغل

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن کی انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف فکری، شعوری اور عملی جدوجہد ’ضرب امن مہم‘ کے سلسلے میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی نے سندھ سکاؤٹس آڈیٹوریم میں ضرب امن سمینار کا انعقاد کیا جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ سیمینار میں تحریک منہاج القرآن سندھ کے سرپرست الحاج ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف، تحریک منہاج القرآن کراچی کے امیر قاضی زاہد حسین، ناظم مرزا جنید علی، مرکزی کور کمیٹی پاکستان عوامی تحریک کے ممبر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر سید علی اوسط، سیکرٹری جنرل راؤ کامران محمود، سید ظفر اقبال، صفدر قریشی، قیصر اقبال قادری، عدنان رؤف انقلابی، سیکرٹری انفارمیشن الیاس مغل، منہاج ویمن لیگ کی صدر رانی ارشد، ارم قیصر، تسبیحہ شفیق، لبنیٰ مہاجر، رانا نفیس، زاہد لطیف، بشیر خان مروت، عرفان یوسف، عماد الدین، مسعود احمد، محمد طیب، حافظ محمد عثمان، شاہد ملک، تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی صوبائی و شہری قیادت سمیت کارکنان اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ضرب امن سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلامِ رحمان سے ہوا جس کی سعادت علامہ عطاء الرحمان بٹ نے حاصل کی۔ فہیم لودھی نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا اور محمود الحسن نے تحریکی ترانہ پیش کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی کے سیکرٹری جنرل فہیم لودھی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ پاک افواج ضرب عضب کے ذریعے ملک و ملت کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے دہشتگردی کے خلاف لڑ رہی ہیں، جبکہ تحریک منہاج القرآن ضرب امن کے ذریعے ملک کی فکری و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ ضربِ علم و امن پاکستان سے مذہبی و سیاسی دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کی مہم ہے۔ انہوں نے حکومت کی نااہلی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بیرون ملک کی حکومتوں اور تنظمیوں کی فنڈنگ سے چلنے اور انتہاپسندی کو فروغ دینے والے مدارس کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق صرف سندھ اور کراچی میں ہی کیوں ہے پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق کیوں نہیں ہو رہا؟ حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ناکام ایکشن پلان بنا دیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی 14 لاشیں اور سو سے زائد زخمی آج بھی نیشنل ایکشن پلان اور رینجرز آپریشن کی راہ تک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اسلام اور پاکستان کیلئے زہر قاتل ہے۔ امید کی کرن صرف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں جنہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کو للکارا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فروغِ امن اور انسدادِ دہشتگردی کے قومی نصاب کے ذریعے نسلِ نو کو انتہاپسندی سے دور کیا اور انہیں امن کا داعی بنایا ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلے نیشنل ایکشن پلان کا اطلاق پورے ملک پر کیا جائے۔ مدارس کو ہونے والی بیرونی فنڈنگ روکی جائے۔ قومی امن نصاب کو قومی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے اور دہشت گردی کی سرکاری سرپرستی بند کی جائے۔ نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم دی جائے تاکہ وہ انتہاپسندی اور مایوسی کے ہاتھوں اپنے آپ کو برباد نہ کریں۔ تکفیریت پر مبنی انتہاپسندی کو فروغ دینے والے لٹریچر پر پابندی لگائی جائے۔ فوجی عدالتوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان امن کا پیغام لیکر ہر فرد کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 50 لاکھ نوجوانوں کو ضرب امن مہم میں شامل کیا جائے گا تاکہ معاشرے سے انتہاپسندی کا خاتمہ ہو سکے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کے پروفیسر خیال آفاقی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیات صدیوں بعد خوش نصیب اقوام کو نصیب ہوتی ہیں، قوم ان کی قدر کرے۔

سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ضرب امن کی دستخط مہم کا افتتاح کیا۔ سیمینار میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سابق عہدیداران کو ان کی شاندار کارکردگی پر اعزاز اور شیلڈز سے نوازا گیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر 65 پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی کے صدر راؤ محمد طیب نے اختتامی کلمات ادا کیے۔

قائد ڈے تقریب (برطانیہ)

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر تحریک منہاج القرآن برمنگھم، برطانیہ کے زیراہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ امیر تحریک برطانیہ ظہور احمد نیازی کی زیرصدارت منعقدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔ تقریب سے منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر سید علی عباس بخاری، معظم رضا، علامہ اشفاق عالم قادری، ڈاکٹر زاہد اقبال اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

تقریب میں ابواحمدآدم الشیرازی، علامہ محمد افضل سعیدی، علامہ اشفاق عالم قادری، معظم رضا، علامہ شاہد بابر، ڈاکٹر رفیق حبیب، علامہ ریاض قادری، علامہ بلال اشرفی، غزالہ حسن قادری، فاطمہ مشہدی، محمد ساجد ایڈووکیٹ، ہارون خورشید راٹھور کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن سسٹرز لیگ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کے برطانیہ بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن دہشت گردی اور انتہا پسندی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے اور ضرب علم کے ذریعے اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنے والے فسادیوں کو علمی محاذ پر مسلسل شکست سے دوچار کررہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا بھر میں احیائے اسلام، انسانیت کی فلاح اور مسلم نوجوان نسل کے دلوں میں عشق مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے قرآنی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ امت کو جب بھی عالمی سطح پر دین اسلام کے بارے میں علمی و تحقیقی رہنمائی کی ضرورت پڑی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صف اول میں نظر آئے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شرکاء بالخصوص نوجوانوں سے خطاب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ عالم مغرب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سپاہی ہیں جو امن کے سفیر ہیں، نوجوانوں کے انفرادی کردار سے یہ بات عیاں ہونی چاہیے ان کا تعلق تحریک منہاج القرآن سے ہے۔ نوجوان اپنے اپنے ممالک میں دینی تعلیمات پر قائم رہتے ہوئے مقامی سیاسی، سماجی اور دیگر میدانوں میں بھر پور کردار ادا کریں اور ان تمام میدانوں میں کامیابی کے لیے حصول علم بنیادی نقطہ ہے، خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور جدید علمی و تحقیقی ذرائع کے استعمال سے اسلام کی ترویج و اشاعت کو عام کریں۔ تقریب میں معروف قوال قاری وحید چشتی اور محمد قیصر و ہمنواؤں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

تقریب کے آخر میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی قائدین کے ہمراہ اور محترمہ غزالہ حسن قادری نے منہاج ویمن لیگ کی قیادت کے ہمراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ان کی درازی عمر اور صحت کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ملٹی میڈیا ویب سائٹ کا افتتاح

منہاج انٹرنیٹ بیورو نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65ویں سالگرہ کے موقع ہدیہ تبریک پیش کرنے کے لئے 19 فروری 2016ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کی نئی ملٹی میڈیا ویب سائٹ کا تحفہ پیش کیا، جس کا افتتاح صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قائد ڈے کی مرکزی تقریب میں کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی پوری ٹیم کو اس عظیم کاوش پر مبارکباد پیش کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات پر مشتمل منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ملٹی میڈیا ویب سائٹ www.deenislam.com کے نئے ورژن میں بہت سے نئے فیچرز متعارف کر وائے گئے ہیں۔ جدید تکنیکی تقاضوں کو مدِنظر رکھ کر نیا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔ responsive ڈیزائن کی وجہ سے ویب سائٹ اب کسی بھی سائز کے سمارٹ فون اور ٹیبلٹ پر بہترین رزلٹ دیتی ہے۔

ویب سائٹ پر شیخ الاسلام کے خطابات مختلف ویڈیو فارمیٹس کے علاوہ آڈیو فارمیٹ میں بھی دستیاب ہیں، جو کہ آڈیو میں ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔ فیچرڈ خطابات کی فہرست بھی دی گئی ہے۔ شیخ الاسلام کے پرانے خطابات کی دستیابی کے لیے ’اولڈ از گولڈ‘ کے نام سے بلاک دیا گیا ہے۔ اس وقت تک ویب سائٹ میں 1800 سے زائد ویڈیوز، 500 آڈیوز اور 2000 سے زائد شارٹ کلپس پبلش کیے جا چکے ہیں۔

خطابات کی جنرل سرچ کے علاوہ ایڈوانس سرچ کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس سے صارفین کو خطاب نمبر، سی ڈی سیریل نمبر، تاریخ، مقام یا عنوان سے خطاب کی تلاش کرنے میں آسانی ہوگی۔

ٹاپ مینیو میں کیٹیگری اور کوئیک لنک کے بٹن دیئے گئے ہیں، جس سے صارفین شیخ الاسلام کے ہزاروں خطابات کو کیٹیگری اور سب کیٹیگری میں ایک کلک پر دیکھ سکیں گے۔ کوئیک لنک میں نئے اپلوڈ ہونے والے خطابات، پاپولر، زیادہ سنے جانے والے خطابات، اردو، انگلش، ویڈیو، آڈیو اور شارٹ کلپس کا لنک بھی دیا گیا ہے۔

شیخ الاسلام کے خطابات میں سے سوالاً جواباً ویڈیوز کے علاوہ سیاسی خطابات، شارٹ کلپس، ٹاک شوز، ٹی وی انٹرویوز، بیداری شعور پر مشتمل ویڈیوز کا بلاک بھی دیا گیا ہے۔ ہر خطاب کے نیچے سوشل میڈیا شیئرر اور کمنٹ کی سہولت بھی دی گئی۔

نئے خطابات کو HD کوالٹی میں فراہم کیا جا رہا ہے، صارفین کو نئی شامل کی جانے والی ویڈیوز سے فوری آگاہ ہونے کیلئےsubscribe کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اس صورت میں کسی بھی ویڈیو کے ویب سائٹ میں شامل ہونے کے فوری بعد وہ خودکار طریقے سے انہیں بذریعہ ای میل بھجوا دی جاتی ہے۔

منہاج القرآن ساؤتھ آف انگلینڈ کا ڈاکٹر حسن محی الدین کے اعزاز میں استقبالیہ (یوکے)

(رپورٹ: آفتاب بیگ)

سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے دورہ انگلینڈ کے دوران ہائی ویکمب پہنچنے پر منہاج القرآن ساؤتھ آف انگلینڈ کی طرف سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے امیر ظہور احمد نیازی، صدر سید علی عباس بخاری، منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ زون کے صدر محمد شاہد اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ہائی ویکمب کے صدر حافظ سجاد حسین سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان شریک تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت حافظ ظہور احمد نے حاصل کی۔ حافظ سجاد احمد نے تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ انتہاء پسندی، دینِ اسلام اور امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے، ضرب امن کے ذریعے دنیا بھر سے بدامنی اور انتہا پسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے مغرب میں رہائش پذیر والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آبائی ممالک میں دنیاوی اشیاء پر سرمایہ کاری کرنے کی بجائے اپنی اولادوں کے روشن اور محفوظ مستقبل پر توجہ دیں۔ بچوں کی تعلیم کو دیگر معاملات پر ترجیح دی جائے اور دنیاوی اور دینی علوم کو سیکھنے، سمجھنے اور عملی زندگی میں عمل درآمد کو اہمیت دی جائے تاکہ امن و امان، برداشت اور محبت پر مبنی معاشرے کو تشکیل دینے میں کردار ادا کیا جاسکے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بتایا کہ ماہِ اپریل میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ میں نوجوانوں کی روحانی تربیت کیلئے ’الہدایہ کیمپ‘ کا انعقاد کر رہی ہے جس میں پانچ سو نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تربیت میں چند ایام گزاریں گے اور اس دوران نوجوانوں کو انتہاء پسندی اور دہشتگردی سے نمٹنے اور اس موذی مرض سے اپنی نوجوان نسل کوبچانے کیلئے قرآن و احادیث کی روشنی میں علمی اسلحہ لیس کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ظہور احمد نیازی اور سید علی عباس بخاری نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں عالمی سطح پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ضرب امن کے ذریعے شکست دینے کی جدوجہد کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازئ عمر کے لیے دعا کی گئی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ آف انگلینڈ کے کارکنان اور عہدیداران کو ان کی تنظیمی سرگرمیوں اور کارکردگی پر اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔

قائد ڈے تقریب شہداء انقلاب کی فیملیز کے ہمراہ

منہاج القرآن ویمن لیگ نے 15 فروری 2016 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ پر کے موقع پر قائد ڈے کی تقریبات کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے کی تیسری تقریب شہدائے انقلاب کی فیملیز کے ساتھ مورخہ 17 فروری 2016 کو منعقد کی گئی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہید تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید، شہید غلام رسول کی بیوہ، شہید محمد عمر کی والدہ، شہید غلام رسول کی بہن، مسز تنویر قریشی شہید، شہید صوفی اقبال کے بیٹے سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قائدین اور کارکنان شریک تھیں۔

شہید تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جانیں اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پر قربان ہیں۔ بسمہ امجد نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلانے کیلئے آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے انقلاب کا خون حکمرانوں کی گردنوں پر ہے اور یہ گردنیں جلد پھانسی کے پھندے پر ہوں گی۔ خون کی ہولی کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے عظیم عزم اور ورثا کے استقلال نے تحریک منہاج القرآن کی قیادت اور کارکنان کے سر فخر سے بلند کر دئیے ہیں، اپنے شہداء اور زخمیوں کی کفالت کرنا جانتے ہیں۔ انصاف اور قانون کی عدالت میں حکومتی بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ آخری فتح مظلوموں اور شہیدوں کی ہو گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ انقلاب کے شہیدوں کو کبھی نہیں بْھلا سکتے۔ قاتلوں سے قانون کے مطابق قصاص لیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث دہشت گرد اور قاتل بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امید کی روشن ترین کرن ڈاکٹر طاہرالقادری ہیں۔ جب دہشت گردی سے اسلام اور پاکستان کا چہرہ مسخ ہو رہا تھا تو ڈاکٹر طاہرالقادری کی جرات مندانہ آواز نے دنیا کی سوچ بدل دی۔ انتہا پسندی اسلام اور پاکستان دونوں کیلئے زہر قاتل ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جرات سے کام لے کر مٹھی بھر لوگوں کی زہریلی فکر سے انسانیت کو بچانے کا فریضہ انجام دیا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی راہنما عائشہ مبشر نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی قیادت ایسا ادارہ ہے جو علم و فکر کی شمع روشن کیے ہوئے ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا دنیا کے 5 بر اعظموں تک پہنچ جانا ایک بیمثال کامیابی ہے۔

منہاج ویمن لیگ کی ’حجاب کانفرنس‘ میں شرکت

منہاج القرآن ویمن لیگ کے وفد نے 07 جنوری 2016 کو خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران میں منعقدہ حجاب کانفرنس میں شرکت کی۔ وفد کی قیادت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سیکرٹری تربیت عائشہ مبشر کر رہی تھیں۔ کانفرنس میں سمیعہ راحیل قاضی سمیت مختلف مکاتب مفکر کی خواتین شریک تھیں۔

عائشہ مبشر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے عورتوں کے تحفظ اور انکے حقوق کا علم بلند کیا اور عورت کی عظمت و احترام اور اسکی صحیح حیثیت کا واضح تصور پیش کیا۔ اسلام دین فطرت ہے جو آرائش کا حکم دیتا ہے نمائش کا نہیں۔ قوموں کا عروج عورت کی حیاء اور مرد کی غیرت سے مشروط ہے۔ ہر دین کا ایک اخلاق ہوتا ہے اور اسلام کا اخلاق حیاء ہے۔ حجاب حکم الٰہی ہے جو امت مسلمہ کی تہذیبی علامتوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، حجاب عورت کو آزادی، تحفظ، شناخت عزت ووقار عطا کرتا ہے۔ حجاب اختیار کرکے حیاء و عظمت کی مضبوط ڈھال اپنے گرد قائم کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حجاب عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اسکی عظمت کی علامت ہے۔ خواتین امہات المومنین رضی اللہ عنہا کے کردار کو مشعل راہ بنائیں، حجاب اپنی مقرر کردہ حدود کے ساتھ ایک شرعی حکم اور دینی ہدایت ہے۔ حجاب اسلام کا عطا کردہ معیار عزت و عظمت ہے۔ حجاب عورت کا حق ہے کوئی پابندی یا جبر کی علامت نہیں۔ باحجاب عورت کیلئے معاشی ترقی کی راہیں کھلی ہیں۔ حجاب اعلیٰ تعلیم اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، حقیقت میں حجاب خاموش دعوت دین ہے، دل کا پردہ آنکھ میں حیاء اور نیت کی پاکیزگی کا عملی اظہار حجاب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومیں اپنے امتیازات کو محفوظ رکھتی ہیں اور ان کی حفاظت پر فخر کرتی ہیں۔ حجاب اسلامی شعائر میں سے ہے جو سماجی فضا کو سالم رکھنے کا ذریعہ ہے۔ حجاب کا مقصد سماج کی فضا کو گناہوں کی آلودگیوں سے پاک رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو حجاب کا پابند بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے دلوں میں اللہ اور اس کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے چراغ روشن کیے جائیں۔

آغوش میں قائد ڈے کی تقریب

شیخ الاسلام کی 65 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے آغوش میں قائد ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آغوش کے بچوں کے ساتھ محترمہ فضہ حسین قادری اور محترمہ سکینہ حسین قادری کی خصوصی شرکت نے بچوں کا حوصلہ بلند کیا۔ تقریب میں MWL کی مرکزی باڈی اور MWL لاہور کی تنظیم اور محترمہ نوشابہ حمید اور آغوش کے سٹاف اور بچوں نے شرکت کی۔ محترمہ گلشن ارشاد نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ تقریب میں بچوں نے قائد کے ساتھ اپنی محبت اور جذبات کا اظہار تقاریر اور نغموں کی صورت میں کیا اور MWL لاہور کی جانب سے محترمہ سکینہ حسین قادری نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ مختلف مقابلہ جات میں بچوں نے انتہائی دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔ آخر پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور محترمہ فضہ حسین قادری، محترمہ سکینہ حسین قادری نے بچوں کے ساتھ آغوش کے میس میں کھانا تناول فرمایا۔