پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے عاشورہ محرم الحرام کی شب مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہادت امام حسین علیہ السلام کے بعد کائنات انسانی کو دو کردار مل گئے، یزیدیت جو بد بختی، ظلم، استحصال، جبر، تفرقہ پروری، قتل و غارت گری اور خون آشامی کا استعارہ بن گئی اور حسینیت صبر، شکر، عدل، امن، وفااور تحفظ دین مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی علامت ٹھہری۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان اور خواتین شہدائے کربلا کی مقدس زندگیوں کے مطالعہ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں اور انکی فکر پر چلیں۔

کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، مرکزی صدر علماء کونسل علامہ حاجی امداد اللہ خان، مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر، مولانا اسلم ندیم نقشبندی، مولانا حافظ نعمان جالندھری اور علامہ نیاز حسین بخاری نے بھی خطاب کیا، اس مو قع پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں اور مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ اور خانہ فرہنگ کے زیر اہتمام سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار

منہاج القرآن ویمن لیگ اور خانہ فرہنگ ایران کے اشتراک سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بنت علی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کی۔ خانہ فرہنگ ایران سے مسز بانی اسدی اور مسز اکبر برخورداری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، مسلم لیگ ق کی رہنما آمنہ الفت، ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا، امامیہ آرگنائزیشن کی مرکزی ناظمہ سجیلہ معظم، ثمینہ احمد، ڈاکٹر ثمر فاطمہ و دیگر خواتین رہنماؤں نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو آئیڈیل بنائے بغیر آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانا ممکن نہ ہو سکے گا۔ آج کی عورت عقیلہ بنی ہاشم سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ کی خیرات کے بغیر کبھی کامیابی و ترقی حاصل نہیں کر سکتی، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حسینیت کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حق کیلئے وقت کے یزیدوں کو للکارا۔ جہاں حق کی بات ہو گی، عدل و انصاف کی بات ہو گی اور آج کے یزیدوں کے سامنے کلمہ حق کہنے کی بات ہو گی وہاں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم شہیدوں کی بات بھی ضرور ہو گی۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے جرات، بہادری، صبر اور استقامت کا پہاڑ بن کر ظالم اور جابر حکمرانوں کا مقابلہ کیا، آج ہم سیدہ کائنات کی بیٹی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ سنت پر عمل کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کر تے ہیں۔ 17 جون کو شہید ہونیوالی بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ آج کے کرپٹ، ظالم، قاتل اور جابر حکمرانوں کو للکارتے ہیں اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔

امامیہ آرگنائزیشن کی مرکزی ناظمہ معروف مذہبی سکالر سجیلہ معظم نے کہاکہ ذکر سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اور ذکر اہل بیت نے ساری دنیا کے مسلمانوں کو متحد اور یکجا کیا۔ کربلا میں جب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا تنہا رہ گئیں اور انکے ساتھ اسیروں کا قافلہ تھا جبکہ مقابلے میں ظالم دشمنوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا۔ سلام پیش کرتے ہیں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے صبر کو کہ انہوں نے سفاکیت اور بربریت کے اس دور میں کمال تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر کے دنیا کو یزیدی دہشتگردی اور حسینی امن پسند ی کا فرق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی کئی یزید سر اٹھا رہے ہیں جن کے مقابلے کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہو گا۔

مسلم لیگ ق کی رہنماء آمنہ الفت نے کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی شخصیت انسانیت کیلئے عظمت اور مشعل راہ ہے، مسلم خواتین کو سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کو رول ماڈل بنا کر شرم و حیا کا پیکر بننا ہو گا۔ تعلیمات سیدہ زینب سلام اللہ علیہا پر عمل کر نا ہی آج کی عورت کیلئے راہ نجات ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت بیان کرتے ہوئے آمنہ الفت جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہو گئیں۔

پی ٹی آئی کی رہنما ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا نے کہاکہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی تعلیمات کو اگلی نسلوں میں منتقل کرنے کیلئے آج کی ماں کو رہنما اصول حضرت علی علیہ السلام کی بیٹی کے قدموں کے نشانات سے تلاش کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کو ہر موقع پر اپنے ساتھ رکھا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہاکہ نئی نسل کو مقام اہل بیت کے آداب سکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے بیٹوں عون و محمد علیہما السلام کو کربلا میں قربان کر کے پوری انسانیت کو قربانی اور ایثار کا عظیم درس دیا۔ سیمینار سے ڈاکٹر ثمر فاطمہ، افنان بابر، عائشہ مبشر و زہرا بی بی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنسز (سنٹرل پنجاب)

محترمہ نورین علوی ضلعی صدر شیخوپورہ نے ضلع فیصل آباد، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اس کے تمام PPs میں 10 محرم الحرام تک سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنسز کا نہ صرف انتظام و انصرام کروایا بلکہ بطور معلمہ و داعیہ اپنی خدمات سرانجام دیں۔ بالخصوص تحصیل مریدکے کی کانفرنس میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ جس میں 2 ہزار تک خواتین نے شرکت کی اور کثیر تعداد میں ممبر شپ کروائی اور مطلوبہ ٹارگٹس حاصل کئے۔

تربیتی و تنظیمی ورکشاپ

مورخہ 16 اکتوبر 2016ء کو دعوت و تنظیم کے بنیادی منصوبہ کو بطور پائلٹ پراجیکٹ 6 تحصیلات میں لانچ کرنے کے لئے اس منصوبہ کے حوالے سے مرکز پر پہلی بار مرکزی سطح کی ورکشاپ کروائی گئی جس کی نگرانی محترم نائب ناظم اعلیٰ تنویر احمد خان صاحب اور ناظم تربیت محترم غلام مرتضیٰ علوی نے کی باقی فورمز کی طرح ویمن لیگ کی نمائندگی کے لئے مختلف تحصیلات سے ویمن لیگ کی بہنوں نے شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن کا 36 واں یوم تاسیس

تحریک منہاج القرآن کے 36 ویں یوم تاسیس پر بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم تحریک کے کارکنان کو انکی خدمات، استقامت، جرات مندانہ جدوجہد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انقلاب کیلئے بہنے والا خون اور کارکنوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ قاتل سن لیں شہداء کا خون تحریک پر قرض ہے، ہر صورت قصاص لیں گے، تحریک منہاج القرآن نے نوجوانوں کو انتہا پسندی، دہشتگردی اور فتنہ خارجیت سے بچایا اور اسلام کے علم و امن کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے قیام کے 36 سال مکمل ہونے پر یوم تاسیس کی پروقار تقریب 16 اکتوبر 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں تحریک کے دیرینہ عہدیداران و رفقاء، بانی اراکین، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء، اور اسیران انقلاب و زخمیوں سمیت سینکڑوں کارکنان نے تحریکی جوش و جذبہ سے شرکت کی۔ خواتین کی بڑی تعداد بھی اس پروگرام میں شامل تھی۔

یوم تاسیس کے سالانہ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد تحریکی ترانہ بھی سنایا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے صدارتی خطاب سے پہلے قائدین نے اظہار خیال کیا، جن میں منہاج القرآن کے امیر لاہور حافظ غلام فرید، رفیق نجم، سید الطاف حسین شاہ، چودھری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، علامہ غالب پرویز، حاجی فرخ حبیب، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ محمد حسین آزاد، حاجی محمد حنیف، شیخ محمد اسلم اور عارف چودھری شامل ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کو عام کر کے ثابت کر دیا کہ یہی اس صدی کی تجدیدی تحریک ہے۔ علم و امن کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قابل فخر خدمات انجام دینے پر یو این کی طرف سے منہاج القرآن کو سپیشل کنسلٹیٹو کا سٹیٹس ملا، جو پاکستان ہی نہیں پورے عالم اسلام کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلامک سکالرز کی ایک ایسی کھیپ تیار کی جو پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں علم و امن کی شمعیں روشن کر رہے ہیں۔

تقریب کے آخر میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کی طرف سے کیک کاٹا گیا اور صدر مجلس نے تحریک کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔