اعتکاف سے اللہ کا قرب حاصل ہوتا ہے، ٹوٹا ہوا تعلقِ بندگی استوار ہوتا ہے

منہاج القرآن کے زیر اہتمام ویمن لیگ اعتکاف، سرگرمیاں، خصوصی رپورٹ

اعتکاف ایسی بدنی عبادت ہے جس میں انسان دنیا کی ہر جائز چیز سے بے رغبت ہوکر صرف مولا کا قرب حاصل کرتا ہے۔ اپنا ٹوٹا ہوا تعلق بندگی مولا سے استوار کرتا ہے جو انسان اس تعلق کو استوار کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اللہ رب العزت اس پر مقصد زیست وا کردیتا ہے۔ دنیا کی سرداری اور آخرت میں سرخروئی اس کا مقدر ٹھہرتی ہے۔ اسی لئے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 10 روزہ اجتماعی اعتکاف مردوں کے ساتھ خواتین کے لئے بھی منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ حرمین شریفین کے بعد دوسرا بڑا روحانی عالمی اجتماع ہے۔ جس کا مقصد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر تربیت قرآن و سنت کی روشنی میں ایسے انسان تیار کرنا جو اپنے آپ کو نفس کی آلائشوں، غلاظتوں اور گندگیوں کو ندامت کے آنسو سے دھوکر اپنی روح کو قرآن و سنت کی روشنی سے مزین کرکے عامۃ الناس کی اصلاح کا فریضہ سرانجام دیں۔ رواں برس بھی روایتی دینی جوش و جذبہ کے ساتھ اعتکاف کا انعقاد ہوا اور ہر سال کی طرح امسال بھی شعبہ خواتین کی طرف سے مثالی انتظامات کئے گئے اور شہر اعتکاف کا حصہ بننے والی خواتین کی تعداد گذشتہ سالوں سے کہیں زیادہ تھی جو شعبہ خواتین کی جملہ ذمہ داران کی مساعی اور محنت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی خصوصی انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

مرکزی کمیٹی: نگران: محترمہ فرح ناز، سربراہ: محترمہ افنان بابر، نائب سربراہ: محترمہ ڈاکٹر ثمر فاطمہ، محترمہ مدثرہ بلوچ، محترمہ ڈاکٹر شاہدہ مغل، سیکرٹری: محترمہ ام حبیبہ، محترمہ آمنہ بتول، ڈپٹی سیکرٹری: محترمہ میمونہ شفاعت، ممبران: محترمہ عائشہ مبشر، محترمہ ایمن یوسف، محترمہ آمنہ سرور اور تمام ذیلی کمیٹیوں کے سربراہان اور ہالز کی انچارجز مرکزی اعتکاف کمیٹی کی ممبران تھیں۔

کمیٹی برائے فیلڈ رابطہ جات: سربراہ: عائشہ مبشر، سیکرٹری: ارشاد اقبال، ممبران زونل ناظمات۔

کمیٹی برائے تنظیمی امور: سربراہ: شازیہ بٹ، سیکرٹری: سدرہ کرامت، ممبران زونل ناظمات

تربیتی و اجتماعی شیڈول کمیٹی: نگران: ڈاکٹر شاہدہ مغل، سربراہ: ام کلثوم قمر، سیکرٹری: حریرہ باوا، افشاں غلام رسول

رجسٹریشن کمیٹی: سربراہ: آمنہ سرور، سیکرٹری: بلقیس رانی

الاٹمنٹ کمیٹی: سربراہ: میمونہ شفاعت، سیکرٹری: ثمرین یاسین، ڈپٹی سیکرٹری: اسماء فاروق

کمیٹی برائے دعوتی امور: سربراہ: جویریہ حسن، سیکرٹری: سعدیہ الماس، ممبران: رابعہ نسرین، فہمیدہ نسرین، آمنہ افضل

سیکورٹی کمیٹی: سربراہ: فریدہ سجاد، سیکرٹری: آصفہ صفدر

میس کمیٹی: سربراہ: ثمینہ رحمن، نائب سربراہ: کوثر نیازی، نائب سربراہ: عفت اقبال

ڈسپلن کمیٹی: سربراہ: نصرت فاطمہ، نائب سربراہ: محترمہ ثمینہ سلیم میڈیکل کمیٹی: نگران: ڈاکٹر نوشابہ حمید، سربراہ: نبیلہ یوسف

کنٹرول روم کمیٹی: سربراہ: میمونہ شفاعت، سیکرٹری: آمنہ بتول

سٹالز کمیٹی: سربراہ: اقراء یوسف میڈیا کمیٹی: سربراہ: زینب ارشد

سوشل میڈیا کمیٹی: سربراہ: عائشہ مبشر رابطہ و ملاقات کمیٹی: سربراہ: فاطمہ کامران

سائونڈ سسٹم و اعلانات کمیٹی: سربراہ: عمارہ خلیل، سیکرٹری: حمنہ ملک

صفائی کمیٹی: سربراہ: ارم ارشاد، سیکرٹری: ادیبہ شہزادی کینٹین کمیٹی: سربراہ: حمیرا خالد، سیکرٹری: بلقیس رانی

امور طالبات: سربراہ: اقراء یوسف جامی امور اطفال: نگران: فوزیہ شفیق، سربراہ: ایمن یوسف، سیکرٹری: حسن آراء

استقبالیہ+ الوداعی کمیٹی: سربراہ: فرح ناز سیکرٹری: افنان بابر

کالج کوآرڈینیشن کمیٹی: نگران: حمیرا ناز، سربراہ: سعدیہ الماس، سیکرٹری: نادیہ سلمیٰ

Windup کمیٹی: سربراہ: افنان بابر، سیکرٹری: آمنہ بتول ممبران: یاسمین ظفر، سعدیہ الماس

میل کوآرڈینیشن کمیٹی: نگران: بریگیڈئیر (ر) محمد اقبال، نائب نگران: ساجد محمود بھٹی، سربراہ: حافظ غلام فرید، سیکرٹری: کیپٹن صاحب

سالانہ روحانی اجتماع: سربراہ: آمنہ بتول، سیکرٹری: فاطمہ کامران تھیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویمن اعتکاف گاہ کا وزٹ اور خطاب

شیخ الاسلام ایک شفیق معلم کی طرح عورتوں کی تعلیم و تربیت کے لئے بھی ان کی اعتکاف گاہ میں تشریف لاتے ہیں۔ خواتین کے مسائل سنتے ہیں اور اس کے ساتھ قرآن و سنت کی روشنی میں ان کے دل کی دنیا کو آباد بھی کرتے ہیں۔ امسال بھی شیخ الاسلام خواتین کے روحانی اجتماع میں تین مرتبہ تشریف لائے۔ ان میں سے ایک دن حدیث مسلسل بالمصافحہ بھی پڑھائی تاکہ معتکفات اس سعادت سے فیض یاب ہوسکیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 24 رمضان المبارک کو خواتین شہر اعتکاف میں ’’صبر، شکر، دعوت اور رفاقت‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ اعتکاف میں ہم اللہ سے لو لگانے آئے ہیں۔ اللہ کی سنگت کے لیے آئے ہیں۔ اللہ سے رشتہ اور ناطہ بہت بڑی سنگت ہے۔ آپ نے کہا کہ میں اللہ سے پیار سکھاتا ہوں۔ اللہ کے محبوب کا پیار سکھاتا ہوں، اللہ کیسے راضی ہوتا ہے، وہ راستہ بتاتا ہوں تاکہ اللہ کے حبیب سے ہمارے من جڑ جائیں۔

حضرت امام احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ کے زمانہ میں ایک بہت بڑے ولی اللہ عارف اور عاشق تھے۔ قرآن میں ہے کہ اہل ایمان میں سے اللہ ان کا دوست ہوتا ہے۔ انہی میں سے ننگے پائوں پھرنے والا اللہ کا دوست بشرالحافی بھی تھا۔ امام احمد بن حنبل اس فقیر کی مجلس میں جا کر بیٹھتے تھے۔ لوگ امام احمد بن حنبل سے پوچھتے آپ اس مجذوب کے پاس کیوں جاتے ہیں؟ امام نے جواب دیا کہ ساری دنیا مجھ سے شریعت کی باتیں پوچھتی ہے اور میں ان سے اللہ کی باتیں سننے جاتا ہوں۔

اعتکاف میں جتنی تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا، اجر بھی اتنا ہی زیادہ ملے گا۔ جتنی مشقت ہوگی، اتنا بڑا ہی انعام ملے گا۔ زندگی میں کبھی شکوہ کرنا ہی نہیں اور نہ ہی دل میں شکوہ لانا ہے۔ اللہ سے محبت کرنے والے کبھی شکوہ نہیں کرتے۔ بے صبری اور شکوہ کو حرام کرلیں۔ ہمیشہ اللہ کا شکر کرتے رہیں اور صبر کو اپنے اوپر لازم کرلیں۔ شکر اور صبر میں فرق یہ ہے کہ شکر نعمتوں والوں کے لیے اور صبر اللہ والوں کے لیے ہے۔ اولیاء کے ہاں شکراور صبر میں صبر کا درجہ اعلیٰ ہوتا ہے۔ صبر کا درجہ اس لیے اونچا ہوتا ہے کہ شکر کرنے والے اللہ کی نعمتوں سے فائدہ اٹھا کر اس میں مشغول رہتے ہیں۔ صبر والے اللہ کے ساتھ مشغول رہتے ہیں۔ انہیں نعمتیں تو ملتی نہیں، اس لیے وہ اللہ کیساتھ اس کا شکوہ بھی نہیں کرتے۔

شہراعتکاف میں 27 ویں شب کا عالمی روحانی اجتماع 2017ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شہراعتکاف میں 27 ویں شب رمضان لیلۃ القدر کا عالمی روحانی اجتماع 22 جون 2017ء کو جامع المنہاج بغداد ٹاون میں منعقد ہوا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفیٰ قادری اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ العربی نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی سمیت منہاج القرآن کے قائدین، ملک بھر سے علماء و مشائخ اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے معزز شخصیات بھی مہمانوں میں شامل تھیں۔

شہراعتکاف کے ہزاروں معتکفین اور معتکفات کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے خواتین و حضرات اور عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بڑی تعداد نے عالمی روحانی اجتماع میں جوق در جوق شرکت کی۔ بیرونی شرکاء کے لیے اجتماع میں بڑی سکرینیں اور پروجیکٹر لگا کر خصوصی انتظامات کیے گئے۔ منہاج ٹی وی نے عالمی روحانی اجتماع براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جبکہ پاک نیوز نے ’’شب توبہ‘‘ کے ٹائٹل سے براہ راست نشر کیا۔

جامع المنہاج میں نماز تراویح اور صلوۃ التسبیح کا باجماعت اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب سوا گیارہ بجے محترم قاری اللہ بخش نقشبندی کی تلاوت سے ہوا۔ ثناء خوانوں میں شکیل احمد طاہر، شہزاد برادران، محمد افضل نوشاہی اور ظہیر بلالی برادران شامل تھے۔ صاحبزادہ حماد مصطفیٰ القادری نے عربی نعت ’’یانورالعین‘‘ مخصوص انداز میں پڑھی، جسے بہت پسند کیا گیا۔ نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات انجینئر رفیق نجم نے شیخ الاسلام اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی نئی شائع ہونے والی کتب کا تعارف پیش کیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے خطاب سے پہلے گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کے حوالے سے بتایا کہ اس نظام کے تحت اب تک مجموعی طور پر ایک کھرب 60 ارب، 623 کروڑ سے زائد درود پاک پڑھا جا چکا ہے۔ اسطرح اب تک 8 ہزار 509 گوشہ نشین گوشہ درود میں بیٹھ چکے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کا خطاب شب سوا بارہ بجے شروع ہوا، آپ نے ’’عشق الہی‘‘ (ارادہ اور محبت) کے موضوع پر گفتگو فرمائی (جس کا خلاصہ یہ ہے)۔ اللہ رب العزت نے سورۃ البقرہ میں ایمان والوں کی شدید محبت کو اہل ایمان کی علامت قرار دیا۔ اللہ نے سورہ آل عمران میں فرمایا کہ کچھ ایسے بھی لوگ ہیں، جو جو اللہ سے محبت کرتے ہیں جبکہ کچھ وہ بندے ہیں، جن سے اللہ خود محبت کرتا ہے۔ جو اللہ سے محبت کریں وہ مرید ہو جاتے ہیں، لیکن جن سے اللہ محبت کرے وہ مراد بن جاتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن میں مرید کا لفظ استعمال نہیں ہوتا۔ یہاں مرید نہیں ہمارے ہاں رفیق ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں سنگت اور ساتھی ہوتے ہیں۔ منہاج القرآن میں مرید صرف اللہ کا بنایا جاتا ہے۔ میں اور سب ملکر اللہ کا مرید بننے کی کوشش کرتے ہیں۔

آپ نے مرید کی تعریف بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب ارادے میں خالصیت ہو جائے تو اسے مرید کہتے ہیں۔ اللہ کی طلب کے لیے جب دل بیدار ہو جائے تو اسے ارادہ کہتے ہیں۔ یعنی جب دل اللہ کی محبت میں گرفتار ہوجائے تو اسے ارادہ کہتے ہیں۔ لہذا مرید وہ ہے، جس کی زندگی میں اللہ کی طلب اور چاہت کے علاوہ باقی سب کچھ فوت ہو جائے۔

غوث الاعظم الشیخ سیدنا عبدالقادر جیلانی نے اپنی کتاب غنیۃ الطالبین میں فرمایا کہ مرید وہ ہوتا ہے کہ جو اللہ کیلیے اپنے ارادے میں خالص ہو جائے۔ درجات، جنت اور ثواب کے ارادہ میں نہیں بلکہ خالص اللہ کے لیے اور اپنے مولا سے صرف اسی کو چاہے۔

شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں دعائیہ تقریب

گذشتہ ماہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام شہداء ماڈل ٹائون کی یاد میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے عزتی اس کی ہوتی ہے جس کی کوئی عزت ہو، حکمران عزت بے عزتی کو مشروب سمجھ کر روز پیتے ہیں، ملک میں رول آف لاء ہوتا تو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء 3 سال بعد بھی انصاف سے محروم نہ ہوتے۔ مجھے علم ہے کہ ان اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر انصاف کی جدوجہد کرتے کرتے اس دنیا سے جاؤں گا اور میری آئندہ نسلیں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف مانگیں گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔ چینی اور سموسوں کی قیمتوں پر سوموٹو ہوئے مگر کسی کو 100 لوگوں کو گولیاں مارنا نظر نہ آیا۔ ملک میں پارلیمنٹ کو بے آواز کر دیا گیا، اداروں کی عزت رول آف لاء سے ہوتی ہے۔ آخری سانس تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا انصاف مانگیں گے۔

شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں منعقدہ تقریب سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ، میاں منظور احمد وٹو، تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، مرکزی راہنما اعجاز چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور رفیق نجم نے خطاب کیا۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو سلام پیش کرتے ہیں جو ڈٹ کر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ساتھ دے رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی ظلم کیخلاف سیاسی جدوجہد بڑی طویل ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اللہ کی پکڑ ہے کہ حکمران خاندان کا بچہ بچہ ماتحت افسران کی جے آئی ٹی میں پیش ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمشید دستی کا قصور یہ ہے کہ وہ مزدور گھر کا بیٹا ہے اور انکے برابر اسمبلی میں آکر بیٹھ گیا، ظلم اور تشدد انکا مائنڈ سیٹ ہے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہاکہ میاں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ سونے کیلئے نیند کی گولیاں کھاتے ہیں مگر بے گناہوں کا خون انہیں سونے نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔ 17 جون 2014ء کے دن رانا ثناء اللہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے جتنے جھوٹ بولے تھے وہ آج سب بے نقاب ہو چکے ہیں۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے حق میں پاکستان کی ہر سیاسی جماعت، مکتب فکر اور دانشوروں نے احتجاج کیا پھر بھی انصاف کا نہ ملنا المیہ ہے، ہم ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اعجاز چوہدری نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظالم سیاہ باب ہیں۔ میں انصاف کیلئے اپنی جان دینے کیلئے بھی تیار ہوں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کا ماڈریٹ ویژن دیا، ہمیشہ امن و محبت کا درس دیا انکے لوگوں کو قتل کرنا بربریت اور یزیدیت ہے۔

تقریب کے اختتام پر تمام رہنماؤں نے ڈاکٹر طاہرالقادری اور شہدا کے ورثاء کے ہمراہ یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور دعائے مغفرت کی۔

تقریب میں بریگیڈئر (ر) فاروق حمید، فیاض وڑائچ، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق، میاں محمد منیر، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، حافظ محمد علی یزدانی، محترم پاسٹر سیموئیل نے بھی شرکت کی۔ مسیحی بھائیوں نے شہداء کی یادگار امن کی شمعیں روشن کر کے اظہار یکجہتی کیا۔ تقریب میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین، حماد مصطفی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

خواتین شہراعتکاف میں تحصیلی ناظمات سے میٹنگ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام خواتین شہر اعتکاف میں ویمن لیگ کی تحصیلی ناظمات کیساتھ تنظیمی و تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ ٹریننگ سیشن کی صدارت ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے اور مسز فضہ حسین قادری نے کی۔ اس نشست میں منہاج القرآن ویمن لیگ سنٹرل پنجاب سے اوکاڑہ، مریدکے، صفدر آباد، خانقاہ ڈوگراں اور مانا والا کی تحصیلی ناظمات نے شرکت کی۔ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور مسز فضہ حسین قادری نے شرکاء اجلاس کو تنظیمی امور کی بہتر انجام دہی اور رفاقت سازی کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔

ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کا کڈز اعتکاف کیمپ کا دورہ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بیت الزہرہ میں چھوٹے بچوں کیلئے الگ اعتکاف گاہ قائم کی گئی ہے جہاں سینکڑوں بچے اور بچیاں شریک ہیں۔ مؤرخہ 18 جون 2017ء کو کڈز اعتکاف کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سٹالز وزٹ کیے، بچوں سے گفتگو کی اور ان کی ورک شیٹس بھی چیک کیں۔

ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور مسز فضہ حسین قادری کا ویمن اعتکاف گاہ کا وزٹ

21 رمضان المبارک کو محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور محترمہ فضہ حسین قادری نے خود شہر اعتکاف کا وزٹ کیا اور معتکفات سے ملیں۔ بعدازاں شہر اعتکاف میں شریک کراچی، ہری پور، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان کے اضلاع کی معتکفات سے ان کی تربیتی نشست ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے خواتین میں رفاقت سازی کی اہمیت پر بھی لیکچر دیا۔ نشست میں منہاج ویمن لیگ کی زونل ناظمہ مسز عائشہ مبشر نے زونل تنظیمات کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔

تنظیمی امور پر ویمن ٹریننگ ورکشاپ

منہاج القرآن ویمن لیگ نے شہراعتکاف 2017ء کے دوران فیلڈ سے تنظیمی عہدیدار معتکفات کے لیے خصوصی ٹریننگ کیمپ اور ورکشاپس منعقد کیں۔ اس سلسلہ میں منعقدہ کیمپ میں ضلعی سطح سے لے کر یونٹ لیول تک خواتین ذمہ داران نے شرکت کی۔ کیمپ میں منہاج ویمن لیگ کی ناظمہ افنان بابر اور زونل ناظمات نے خواتین کو تنظیمی امور پر رہنمائی دی۔ اس موقع پر تحریکی و تنظیمی حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ افنان بابر نے بتایا کہ فیلڈ میں خواتین کی عملی رہنمائی کے لیے منہاج ویمن لیگ کے ورکنگ پلان کے مطابق کام کرنا ہوگا۔

ویمن اعتکاف گاہ کی تربیتی نشست سے ڈاکٹر حسن محی الدین کا خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے شہراعتکاف 2017ء میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے تربیتی و اصلاحی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، منہاج ویمن لیگ کی صدر فرح ناز اور منہاج ویمن لیگ کی قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھیں۔ ہزاروں معتکفات اس تربیتی پروگرام میں شریک ہوئیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعتکاف ایک ایسا واحد ذریعہ ہے، جس سے آپ کو ایک دوسرے کیساتھ لوجہ اللہ یکجا ہونے کا موقع ملتا ہے۔ اعتکاف ہمارے من اور باطن میں تطہیر پیدا کرتا ہے۔ یہ اللہ کے نیک بندوں کی علامات میں سے ہیں وہ دنیا چھوڑ کر صرف اس کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ آپ نے کہا کہ اعتکاف سے حاصل ہونے والے روحانی و اخلاقی اور دینی فیوضات کو ہمیں اپنے معاشرے میں باقی خواتین اور لوگوں تک عام کرنا ہوگا۔ پروگرام میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری اور فرح ناز نے بھی خطاب کیا۔