منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا منہاج کالج برائے خواتین میں فکری و تربیتی نشست سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج کالج برائے خواتین میں منعقدہ فکری و تربیتی نشست میں شریک سینئر کلاسز کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑھی لکھی بچیاں اور بیٹیاں پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ جس معاشرے کی خواتین تعلیم یافتہ ہونگی اس معاشرے اور ملک کو ترقی کی منازل طے کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قوم کی بیٹیوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے عالمی معیار کے ادارے بنائے ہیں جہاں پسماندہ خاندانوں کی بچیاں باوقار انداز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، محترمہ فضہ حسین قادری اور پرنسپل منہاج کالج برائے خواتین ڈاکٹر ثمر فاطمہ بھی موجود تھیں۔

فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کی تربیتی ورکشاپ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 29 اگست 2017ء کو خواتین کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے خصوصی شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ میں منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع فیصل آباد کی ناظمہ فرحت دلبرقادری، فریدہ علی، روبینہ خاکی، قمرالنساء علی اور تسنیم افضال سمیت سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ احتساب کا پہیہ روکنے کیلئے سازشیں عروج پر ہیں۔ اس وقت حکومت نام کے کسی ادارے کا وجود نہیں ہے۔ قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہیں، آج بھی قاتل حکمرانوں کی سوچ بدنیتی پر مبنی ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو گا۔ ملک کی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ خواتین ملک کی معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں مگر اس کیلئے بہترین اور موزوں پالیساں تشکیل دینا ہونگی۔ پالیسیاں بناتے وقت خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانا ہو گا کیونکہ اس کے بغیر خواتین کی بہبود اور ترقی کی حامل پالیسیاں تشکیل دینا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔ انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی کیونکہ یہ حقیقت ہے کہ تعلیم کے بغیر خواتین کی صلاحیتیں بیکار ہیں، خواتین کو تعلیم کی سہولتیں میسر ہونی چاہئیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعلیم کے حصول کی طرف راغب ہوں اور ملکی تعمیر و ترقی میں معاون و مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل ہیں انکی موجودگی میں کس طرح انصاف کے تقاضے پورے ہونگے۔ احتساب کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے اگر چوروں، لٹیروں اور قاتلوں کو چھوڑا گیا توپاکستان کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے انتقام قصاص کی صورت میں لیں گے۔ قاتل حکمرانوں سے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیں گے، اب سانپوں کے سر کچلنے کا وقت آ گیا ہے، چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ایک اللہ کی گرفت میں آ چکا ہے دوسرا جلد اپنے انجام کو پہنچنے والا ہے۔

12 سالہ بچی ماریہ مجید کا 3 ماہ 15 دن میں قرآن حفظ کرنے کا اعزاز

تحریک منہاج القرآن کے رہنماعلامہ قاری عبدالمجید چشتی کی صاحبزادی حافظہ ماریہ مجید نے 3 ماہ 15 دن میں قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی اور دنیائے اسلام میں مختصر ترین مدت میں قرآن پاک کو حفظ کر کے ریکارڈ قائم کرنے والوں کی صف میں اپنا نام نمایاں حیثیت سے درج کروا لیا۔ منہاج القرآن علماء کونسل اور تحریک منہاج القرآن کی طرف سے قاری عبد المجید چشتی اور ان کے دیگر اہل خانہ کو اس سعادت کے حصول پر مبارکباد دی گئی ہے ۔

تنظیم نو (جنوبی پنجاب)

زونل ناظمہ جنوبی پنجاب محترمہ میمونہ شفاعت کے 8 روزہ دورہ تنظیم سازی کے سلسلے کی پہلی میٹنگ تحصیل بوریوالہ میں منعقد ہوئی جس میں ورکرز اور رفقاء خواتین نے شرکت کی۔ زونل ناظمہ شمالی پنجاب محترمہ ارشاد اقبال اس اہم وزٹ کے موقع پر ہمراہ تھیں۔ میٹنگ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ محترمہ ارشاد اقبال نے خدمتِ دین کے موضوع پر فکر انگیز گفتگو کی اور محترمہ میمونہ شفاعت نے بعد ازاں خواتین کی تحصیلی تنظیم تشکیل دی ۔

تنظیمی وزٹس (سنٹرل پنجاب)

تنظیموں کی زندگی میں مرحلہ وار تربیت انہیں ترقی کے مدارج طے کروانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے. مرکز کا تعلق تنظیم سے استاد اور شاگرد، ماں اور اولا د کی طرح کا ہوتا ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتا ۔ منہاج القرآن ویمن لیگ جھنگ نے اپنی تحصیلات کی تنظیمِ نو اور تربیت کے لیے مورخہ 17 اکتوبر کو ایک تنظیمی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس میں مرکزی ناظمہ افنان بابر اور زونل ناظمہ عائشہ مبشر نے بطور ٹرینر شرکت کی اس ورکشاپ میں تحصیل جھنگ، تحصیل اکڑیانولہ، تحصیل شورکوٹ،تحصیل احمد پور سیال اور تحصیل اٹھارہ ہزاری کی تنظیمات نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور ہدیۂِ نعت بحضورِ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ بعد ازاں محترمہ عائشہ مبشر نے خدمت دین اور دین مصطفوی کے فروغ کے لیے تنظیم کی اہمیت اور کردار پر روشنی ڈالی۔ محترمہ افنان بابر نے تمام تحصیلات سوائے اکڑیانوالہ تمام تحصیلات کی تنظیمِ نو کی۔ اکڑیانوالہ تنظیم کو ان کی بہترین ورکنگ کے پیشِ نظر اگلے دو سال کی مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا ۔ بعد ازاں مرکزی ناظمہ ویمن لیگ نے ورکنگ کے حوالے سے تربیت کی اور نو منتخب تنظیموں کو اگلے دو ماہ کے ٹارگٹس دیے اور ان ٹارگٹس کے حصول کا طریقہ کار بھی واضح کیا ۔