ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

رپورٹ : ایم ایس پاکستانی

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلٰوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 2 اگست کو منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں جملہ مرکزی قائدین و ناظمین، مشائخ و علماء، اساتذہ و طلباء اور زندگی کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے احباب نے خصوصی شرکت کی۔

مجلس کا باقاعدہ آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محترم ضیاء الحق، محترم شکیل احمد طاہر، محترم بلالی برادران، محترم الطاف برادران اور منہاج نعت کونسل نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل نے دف کے ساتھ نعت خوانی کی جس میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کا کلام پڑھا۔

شب سوا 11 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بیرون ملک سے ٹیلی فونک خطاب شروع ہوا۔ اس موقع پر آپ نے حقیقت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موضوع پر خطاب کیا۔ آپ نے کہا کہ نسبت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی پختگی اور معرفت کے لیے حقیقت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم تک رسائی حاصل کرنا ضروری ہے ۔ اس حوالے سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا تصور ہمیں اپنے دل و دماغ میں پختہ کرنا ہو گا۔ یہ تصور آقا علیہ السلام سے کسی بھی نسبت کا ہو سکتا ہے ۔ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے تعلق اور محبت و عشق کے لیے آپ کے حسن سراپا کو اپنے تصور میں پختہ کرنا چاہیے ۔ جن لوگوں کو یہ میسر نہیں تو وہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی کالی کملی کا تصور اپنی آنکھوں میں باندھ لیں۔ جن کے لئے یہ کام بھی مشکل ہے تو وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قبر انور کا خیال پختہ کریں۔ جس شخص نے آقا علیہ السلام کی قبر انور کی زیارت کی تو وہ یہ مت کہے کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی قبر انور کی زیارت کی بلکہ اس نے آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زیارت کی کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم قبر انور میں بھی حیات ہیں۔ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا تم میں سے جب بھی کوئی زیارتِ قبر انور کرے تو یہ مت کہے کہ میں نے قبر انور کو دیکھا بلکہ وہ یہ کہے کہ میں نے حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زیارت کی کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم قبر مبارک میں حیات ہیں۔

حقیقت محمدی صلی اللہ علیہ والہ وسلم صرف اللہ تعالی ہی جانتا ہے ۔ اس طرح جس انسان کو آقا علیہ السلام کی معرفت اور استحضار جتنا نصیب ہے تو وہ اس قدر ہی آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو پہچانتا ہے ۔ اس معرفت کے سفر کو تیز ترین طے کرنے کا سب سے بہتر طریقہ درود و سلام ہے ۔ منہاج القرآن کا گوشہ درود دنیا کو آقا علیہ السلام کی معرفت کا درس دے رہا ہے ۔ اس کے ذریعے مخلوق کو حقیقت محمدیہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی معراج تک لے جایا جا رہا ہے ۔

شیخ الاسلام کا یہ خطاب لاہور کے علاوہ گوجرانولہ، سیالکوٹ اور چند دوسرے شہروں میں بذریعہ ٹیلی فون سنایا گیا۔ آپ کے خطاب کے بعد محمد افضل نوشاہی نے ذکر کیساتھ عارفانہ کلام پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ نے خصوصی دعا کروائی۔ اس پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض وقاص قادری نے سرانجام دیئے۔