ماڈل شہروں میں تربیتی کیمپس کا انعقاد

رپورٹ: قمر جاوید ملک

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 12 ماڈل شہروں میں تربیتی کیمپس کا انعقاد

وطن عزیز میں روز افزوں بڑھتی ہوئی لاقانونیت، بدامنی اورمنافرت کے خاتمے کیلئے تحریک منہاج القرآن نے ملک کے 12 اہم ترین شہروں کو ’’شہر امن‘‘ ماڈل سٹی بنانے کا ہدف متعین کیا ہے۔ اس ہدف کو دوران سال ممکن بنانے کیلئے مکمل لائحہ عمل وضع کرلیا گیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے فورمز بشمول یوتھ، ایم یاس ایم اور ویمن لیگ کو ایسے افراد تحریک میں شامل کرنے کے اہداف دیئے گئے ہیں جو امن و محبت کے جذبات اپنے دلوں میں بسا کرمحبت کی خوشبو اور امن کی شمع لے کر وطن عزیز کا قریہ قریہ معطر اور روشن کر دیں۔ یہ امر مسلمہ ہے کہ امن صفائے قلب سے آتا ہے اور صفائے قلب و باطن کیلئے سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خطابات اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ ان خطابات کو منظم انداز میں عوام الناس تک پہنچانے کیلئے تحریک کی مرکزی قیادت نے ’’سی ڈی ایکسچینج‘‘ کے نام سے ایک مربوط اور منظم نظام وضع کیا ہے۔

بارہ ماڈل شہروں کو سی ڈی ایکسچینز کے قیام کیلئے بھی خصوصی ٹارگٹ دیئے گئے ہیں۔ اس طرح نئے افراد کو تحریک میں شامل کر کے شیخ الاسلام کے خطابات گھر گھر پہنچانے کیلئے تیار کیا جائے گا۔ اس عمل کو ’’کارکن سازی‘‘ کے نام سے تعبیر کیا گیا ہے۔ کارکن سازی جیسا اہم اور غیرمعمولی کام تربیت یافتہ کارکنان ہی کر سکتے ہیں۔

اسی مقصد کے حصول کیلئے ایک روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ ترتیب دی گئی جس کا دورانیہ 8 گھنٹے رکھا گیا۔ اس ورکشاپ کو دو حصوں میں یوں تقسیم کیا گیا کہ پہلا حصہ ورکنگ پلان 08-2007 کے اہداف اور اس کے حصول کے لائحہ عمل پر گروپ ڈسکشن و فیڈ بیک سے متعلق تھا۔ اس سیشن کے اختتام پر اعتکاف 2007ء کی خصوصی بریفنگ بھی رکھی گئی۔

دوسرا حصہ سی ڈی ایکسچینج میں بطور انچارج/ داعی کام کرنے والے افراد کیلئے مخصوص تھا جس میں سی ڈی ایکسچینج کی ابتدا سے نتیجہ خیزی تک کے تمام مراحل نہایت مہارت اور حکمت کے ساتھ شرکاء کو ذہن نشین کروائے گئے۔

مرکز سے خصوصی طور پر دو ٹیمیں تیار کر کے فیلڈ میں بھجوائی گئیں۔ ٹیم I کی سربراہی محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ ممبران میں محترم سکواڈرن لیڈر عبدالعزیز (نائب ناظم اعلیٰ)، محترم پروفیسر محمد سلیم احمد (ناظم تربیت)، محترم ساجد محمود بھٹی (ناظم یوتھ)، محترمہ فرح ناز (ناظمہ ویمن لیگ) شامل تھے۔ اس ٹیم کے ذمہ لاہور، میرپور، کراچی، گوجرانوالہ اور سرگودھا کے شہر تھے۔

دوسری ٹیم کے سربراہ نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض تھے جبکہ ممبران میں محترم احمد نواز انجم (امیر پنجاب)، محترم قمر جاوید ملک (نائب ناظم تربیت)، محترم بلال احمد مصطفوی (صدر MYL) اور محترمہ راضیہ شاہین (ناظم دعوت ویمن لیگ) شامل تھیں۔ اس ٹیم نے بالترتیب 3، 5، 10، 11، 12، 13، 17 اور 18 اگست سیالکوٹ، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، ایبٹ آباد، لاہور، جہلم اور دوبارہ لاہور میں کیمپس منعقد کیے۔

ان تمام کیمپس میں تنظیمی عہدیداران و انچارج سی ڈی ایکسچینج پر مشتمل سینکڑوں افراد شریک ہوئے جس میں خواتین کی قابل ذکر تعداد بھی شامل ہے۔ شرکائے کیمپ سے ملنے والے فیڈ بیک میں مرکزی قائدین پر مشتمل دونوں ٹیموں کے طرز تدریس کو تربیت و بہت سراہا گیا اور اس طرح کے کیمپ منعقد کرتے رہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ امید ہے کہ ان کیمپس میں تنظیمات و مرکز کی طرف سے کی جانے والی محنت کے نتیجے میں کارکن متحرک اور وطن عزیز امن کی خوشبو سے معطر ہوگا۔