نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

ریاض حسین چودھری

ہنگامۂ حیات میں چارہ گری کریں
آقا حضور (ص)، میری مدد آج بھی کریں

ہر سانس میں درود کے جگنو کریں قیام
ذکرِ رسولِ پاک کریں، ہر گھڑی کریں

حمدِ خدا کے بعد سرِ شامِ آرزو
آقا کریں تو صرف ثناء آپ (ص) کی کریں

تھوڑا سا رنگ گنبدِ خضرا سے مانگ کر
ہر شاخِ احترامِ پیمبر ہری کریں

امید کے چراغ یہ بجھنے لگیں تو پھر
گھر میں چراغِ نعتِ نبی (ص) روشنی کریں

اعزاز کس قدر ہے بڑا سوچئے ذرا
آقائے کائنات (ص) کی ہم نوکری کریں

لوگو! تمہیں تلاش ہے امن و سکون کی
سردارِ انبیاء (ص) کی چلو پیروی کریں

معمور ہو جو اسمِ محمد (ص) کے نور سے
شہرِ غزل میں ایسی کھری شاعری کریں

اُن کے نقوشِ پائے قناعت ملیں کبھی
بازارِ زر میں زر کی طلب میں کمی کریں

ٹھہریں گے محترم سرِ محشر بھی ہم ریاض
اس زندگی کو وقفِ ثنائے نبی (ص) کریں