منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ علمی، روحانی اور تربیتی پروگرام

گذشتہ ماہ 24 تا 27 اگست 2007ء میں تیسرا سالانہ روحانی، علمی اور تربیتی کیمپ ’’الہدایہ‘‘ آکسفورڈ شائر برطانیہ میں منعقد ہوا۔ برطانیہ بھر سے تشریف لائے ہوئے سینکڑوں شرکاء بالخصوص نوجوانوں نے 4 دن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، فکری اور روحانی صحبتوں میں گزارنے کا شرف حاصل کیا۔

گذشتہ سالوں میں منعقدہ ’’الہدایہ کیمپ‘‘ نے یورپ میں بسنے والے نوجوانوں کے دلوںاور ذہنوں پر خاطر خواہ مثبت و روحانی اثرات مرتب کئے اور انکی زندگیوں میں واضح تبدیلی آئی۔ اس کا اظہار امسال کیمپ میں تشریف لانے والے نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے شب و روز کے معمولات سے جھلک رہا تھا۔

مہمانانِ گرامی:

الہدایہ کیمپ میں محترم الشیخ اسعد محمد سعید الصاغرجی، محترم الشیخ عبدالرحمن حمامی، الشیخ موحد۔ شام، اسلام چینل کے چیف ایگزیکٹو محترم محمد علی اور یورپ کے نامور سکالر محترم شیخ عبدالحکیم مراد نے خصوصی شرکت کی۔

پہلا دن:

اس کیمپ کے پہلے دن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 3 گھنٹے کے خطاب کے دوران مثنوی مولانا روم کا تفصیلی تعارف کروایا۔ علاوہ ازیں درج ذیل موضوعات کو زیر بحث لاتے ہوئے شرکاء کی علمی، فکری اور روحانی تربیت فرمائی۔

  • انسانی جسم اپنے اعمال کے اعتبار سے ایک ریاست/ ملک کی طرح ہے جس میںمختلف اعضاء حکومت، دارالحکومت، سیاسی اپوزیشن، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرح کے کردار ادا کرتے ہیں۔ روح کی حیثیت بادشاہ کی سی ہے، بادشاہ ایک محل میں رہتا ہے، اس محل کی 5 کھڑکیاں ہیں اور یہ پانچ کھڑکیاں حواس خمسہ ہیں۔
  • نفس، اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کرتا ہے۔ روح اور نفس کے درمیان ہونے والی جنگ کا میدان دل ہے۔
  • کسی بھی عمل کے نتیجے میں نفس 5مراحل سے گزرتا ہے۔
  1. نفس امارہ
  2. لوامہ
  3. ملہمہ
  4. مطمئنہ
  5. راضیہ و مرضیہ
  • روح کے ساتھ برسر پیکار ہونے کے دوران نفس بیرونی امداد بھی لیتا ہے اور وہ امداد اسے شیطان کی طرف سے حاصل ہوتی ہے۔
  • دل کی بھی 3 کیفیات ہیں۔
  1. 1۔ قلب منیر
  2. 2۔ قلب سلیم
  3. 3۔ قلب شہید

٭ اس طرح روح کی بھی چند کیفیات ہیں۔

  1. روح العین
  2. روح الملکی
  3. روح القدس
  4. روح الارواح

٭ سِر کی کیفیات و مراحل

  1. سِرُّ المجّرد
  2. سِرُّالعلم
  3. سِرُّ الحال
  4. سِرُّ السِّر
  5. رؤیت السِرُّ السِرّ
  6. معارف سِرُّ السِّر

٭ خفی کے مراحل

  1. خفی
  2. اخفاء
  3. غیب
  4. غیب الغیب

دوسرا دن:

الہدایہ کیمپ کے دوسرے روز شرکاء کے لئے قرات و تجوید کی کلاس کا خصوصی اہتمام کیا گیا جس میں محترم الشیخ عبدالرحمن الحمامی نے قرات و تجوید کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا۔

بعد ازاں محترم الشیخ اسعد محمد سعید الصاغرجی نے متعدد علمی و فکری موضوعات پر شرکاء کے سوالات کے جوابات دئیے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے الہدایہ کیمپ کے دوسرے روز تقریباً 4 گھنٹے مثنوی مولانا روم کے حوالے سے خطاب کیا اور اس دوران آپ نے مثنوی کے انداز، طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے متعدد علمی، روحانی موضوعات پر مبنی اشعار کی وضاحت فرمائی۔

  • شیخ الاسلام کا الہدایہ کیمپ سے تیسرا لیکچر تقریباً اڑھائی گھنٹے پر محیط تھا جس میں آپ نے نہایت ہی عام فہم انداز میں
  • سندو متن
  • اصول الحدیث اور احادیث کی اقسام کو جاننے کی اہمیت
  • راویوں کی اہمیت
  • صحیح البخاری کی ترتیب و تدوین
  • اصول الحدیث کو مدون کرنے والے احباب اور اصول الحدیث سے متعلقہ دیگر موضوعات کی وضاحت فرمائی۔

الہدایہ کیمپ میں اسلام چینل کے چیف ایگزیکٹو محترم محمدعلی نے خصوصی شرکت کی۔ یہ امر ذہن نشین رہے کہ اسلام چینل سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ہفتہ وار انگلش خطابات باقاعدگی سے نشر ہورہے ہیں جس سے UK میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

خصوصی محافل نعت کا انعقاد:

الہدایہ کیمپ کے دوران مسلسل چار دن خصوصی محافل نعت کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ان محافل نعت میں محترم شیخ عبدالرحمن الحمامی، محترم شیخ موحد، منہاج القرآن فرانس، محترم میلاد رضا قادری (UK)، محترم کبیر حسین، محترم زین شبیر اور متعدد دیگر احباب نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت کے پھول نچھاور کئے۔

تیسرا دن:

الہدایہ کیمپ کے تیسرے روز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا چوتھا لیکچر اصول الحدیث کے موضوع پر ہوا۔ آپ نے پانچ گھنٹے کی اس تفصیلی نشست میں مختلف جہتوں سے احادیث کی اقسام، امام بخاری کی شخصیت، ان کے عقائد اور صحیح البخاری کی ترتیب و تدوین کے حوالے سے خصوصی گفتگو فرمائی۔

الہدایہ کیمپ کے دوران کیمبرج یونیورسٹی کے مشہور برٹش سکالر محترم شیخ عبدالحکیم مراد نے شرکائے کیمپ سے ’’انکساری اور عاجزی‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب فرمایا۔

٭ الہدایہ کیمپ کا پانچواں لیکچر درس صحیح البخاری پر مشتمل تھا۔ اس نشست میں قائد محترم نے تقریباً دو گھنٹے کی گفتگو کے دوران صحیح البخاری سے کتاب العلم اور دیگر موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

بعد ازاں شام سے تشریف لائے ہوئے مہمانان گرامی نے اپنے مخصوص انداز سے ذکر کروایا۔ جس میں تمام شرکاء نے روحانی لذت اور کیف محسوس کیا۔

٭ الہدایہ کیمپ کے آخری دن قائد محترم کا چھٹا لیکچر درس صحیح البخاری پر مشتمل تھا۔ اس نشست میں آپ نے صحیح البخاری سے بعض موضوعات کو موضوع بحث بناتے ہوئے شرکاء کو علمی، فکری، روحانی اور تربیتی خصوصی پیغام دیا۔