سمندر پار کارکنوں کے روزو شب

آسٹریا

رپورٹ : محمد اکرم باجوہ

منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں بین المذاہب امن و رواداری اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے مصروف عمل ہے۔ آسٹریا میں منہاج القرآن کی تنظیم بھی عالمی سطح پر حقوق انسانی اور امن و اخوت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ گذشتہ ماہ ویانا کے قریب ایک شہر Guntramsdorf میں عیسائی، یہودی، ہندو اور مسلمان تنظیمات نے مل کر امن پلیٹ فارم گنٹرم ڈورف، کے تحت امن و اخوت کے اظہار کے لئے ایک ’’امن مارچ‘‘ کا انعقاد کیا۔ گنٹرم ڈورف میں آسٹرین نو مسلم برادر عبدالمجید سمولی نے مسلم کمیونٹی کی نمائندگی کے لئے منہاج القرآن آسٹریا کو خصوصی طور پر مدعو کیا تھا۔ امن مارچ میں ویانا سے منہاج القرآن آسٹریا کے امیر حاجی حفیظ اللہ قادری، جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، نائب صدر ملک غلام مصطفیٰ کے علاوہ جذبہ انٹرنیشنل آسٹریا کے بیورو چیف محمد اکرم باجوہ (راقم)، پاک ایشیا کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری شفیق الرحمن ہاشمی، محمد جاوید، رفقائے منہاج القرآن ملک اعجاز رشید، عمیر الطاف، معروف نعت خوان ثیاب احمد، ترکی سنٹر کے نمائندگان برادر خلیل اور عبدالحق نے شرکت کی۔

محمد عبدالمجید سمولی نے جرمن زبان میں قرآن و حدیث کی روشنی میں اسلام کے تصور امن کو واضح کیا۔ اسی طرح راستے میں ایک عیسائی مبلغ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آخری مقام پر یہودی پریسٹ خاتون نے امن مارچ کے کامیاب انعقاد پر سب کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر پرتکلف عشائیہ دیا گیا جس کے اختتامی دعاؤں پر مشتمل ’’میوزیکل پروگرام‘‘ منعقد ہوا۔ اس موقع پر برادر عبدالمجید نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کا مختصر تعارف کروایا اور انہیں سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ حاجی حفیظ اللہ، محمد نعیم رضا اور برادر خلیل نے قصیدہ بردہ شریف دف کے ساتھ پیش کیا اور ترکی برادر خلیل نے دف پر ترکی میں کچھ نشید بھی پیش کئے جسے حاضرین کی طرف سے بہت سراہا گیا۔ اسی طرح عیسائی اور یہودی تنظیمات کے نمائندگان نے بھی ترنم کے ساتھ اپنی اپنی دعائیہ نظمیں پیش کیں۔ آخر میں میزبانوں نے تمام تنظیمات کا اور بالخصوص منہاج القرآن آسٹریا کا شکریہ ادا کیا۔

لندن

رپورٹ : محمد آصف شکور

گذشتہ ماہ دسمبر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے زیراہتمام بین المذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے سلسلے میں پروگرام منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں محترم جمیل احمد (امام منہاج القرآن سنٹر)، St Emanuel چرچ، فورسٹ گیٹ سے Reverend Matlub Burnabas، سینٹ برنا باس چرچ Manor Park سے Vicar James Ramsay، محترم اشتیاق احمد، محترم عباس عزیز اور لندن سکول آف تھیالوجی کے طالب علم James Barnabas نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں قرآن حکیم اور انجیل مقدس کی تلاوت کی گئی۔ مہمانانِ گرامی نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور امن عالم کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عالمی امن کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں منہاج القرآن کے عالمی کردار کو سراہا۔ بعد ازاں امن کی شمع روشن کی گئی۔

٭ گذشتہ ماہ دسمبر میں نقشبندی، حقانی سلسلہ کے بانی محترم شیخ محمد ناظم الحقانی کے خصوصی خلیفہ محترم شیخ ہشام الکبانی (چیئرمین اسلامک کونسل آف امریکہ) منہاج القرآن لندن تشریف لائے۔ سنٹر پر انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں خطبہ جمعہ میں محترم شیخ نے مقامِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے اعلیٰ سطحی وفد محترم داؤد حسین مشہدی، محترم اشتیاق احمد، محترم عباس عزیز، محترم صادق قریشی اور صوفی مسلم کونسل کے نمائندے محترم شیخ ہشام الکبانی، محترم حارث رفیق (ایگزیکٹو ڈائریکٹر صوفی کونسل) نے US سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے Miceal Macy اور Jennifer Harris سے ایک سیمینار میں خصوصی ملاقات کی۔ اس سیمینار میں امریکہ سینئر مسلم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا اہتمام مسلم پبلک سروسز نیٹ ورک (واشنگٹن) سے تعلق رکھنے والے دیگر اور زینت رحمن (پروگرام کوآرڈینیٹر) نے کیا۔ پروگرام میں بین المذہبی یوتھ کور (شگاگو) نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں مقررین نے مسلم معاشرے کے لئے اجتہاد کی ضرورت پر گفتگو کی نیز انتہا پسندی اور دہشت گردی کے سدِ باب جیسے موضوعات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔

آئرلینڈ

گذشتہ ماہ ستمبر میں آئرلینڈ میں الہدایہ اسلامک کلچرل سنٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں آئر لینڈ مسلم کمیونٹی کے قابل ذکر افراد نے خصوصی شرکت کی جن میں شیخ حسین الازہری (آئر لینڈ کی سب سے بڑی مسجد کے امام) اور محترم شیخ یحییٰ الحسین (آئرلینڈ کی سب سے پہلی مسجد کے امام) نمایاں ہیں۔ محترم محمد فاروق (طالب علم حفظ الہدایہ سنٹر) نے تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا اور عزیزم محمد نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ بعد ازاں شیخ یحییٰ الحسین نے اس عظیم الشان مرکز کے قیام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسلم معاشرے کی یکجہتی، اتحاد، امن و امان اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کے فروغ میں منہاج القرآن کے کردار کو سراہا۔ بعد ازاں محترم شیخ ظل عمر القادری (ڈائریکٹر الہدایہ اسلامک کلچرل سنٹر) نے انتہا پسندی، دہشت گردی کے سد باب اور عالمی امن کے قیام کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن کو عالمی خدمات کا تعارف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ الہدایہ سنٹر کا قیام بھی اصل میں شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کے عالمی وژن کا عکاس ہے۔ پروگرام کے اختتام پر معزز مہمانوں کو ’’منہاج السوی‘‘ کا تحفہ پیش کیا گیا۔

سپین

رپورٹ : نوید اصغر

گذشتہ ماہ بارسلونا کے مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے منہاج القرآن بارسلونا کا معلوماتی دورہ کیا، سکولوں کے طلبہ نے یہ معلوماتی دور کیا۔ سکولوں کے طلبہ نے یہ معلوماتی دورہ کیا ان میں مذہبی سکول اور حکومتی سکول شامل ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی جانب سے طلبہ کو مسجد کے دورہ پر خوش آمدید کہا گیا اور انہیں دین اسلام کی معلومات دی گئیں۔ سب سے پہلے Sant Antoni کے محلے میں واقع Escola Pia کے نویں دسویں جماعت کے ایک گروپ نے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کا دورہ کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی جانب سے نائب صدر چوہدری پرویز اختر اور ناظم ویلفیئر محمد نواز کیانی نے طلبہ کا استقبال کیا اور انہیں اسلام کے بارے معلومات فراہم کی۔ طلبہ نے ان سے اسلام کے متعلق مختلف سوالات کئے جن کا ان کو تفصیلی جواب دیا گیا۔ اس سے اگلے دن اسی سکول کے ایک اور گروپ نے اپنے اساتذہ کے ہمراہ منہاج القرآن بارسلونا کا دورہ کیا۔ اس مرتبہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) کے ناظم نشرو اشاعت نوید اصغر نے ان کو اسلام کے متعلق معلومات دیں۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ دین اسلام ساری انسانیت کے ساتھ اچھے سلوک کا درس دیتا ہے اور خواتین کو ان کے حقوق بھی فراہم کرنے کا بھی سبق دیتا ہے۔

IES Pau Casals کے چھٹی اور ساتویں جماعت کے طلبہ نے مذہب کے مضمون کی استانیوں کے ساتھ منہاج اسلامک سنٹر کا دورہ کیا۔ ان طلبہ میں منہاج القرآن بارسلونا کے کچھ طلبہ بھی شامل تھے، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی جانب سے طلبہ کا استقبال ناظم نشرو اشاعت نوید اصغر نے کیا۔ اس معلوماتی دورے میں طلبہ اور ان کی استانیوں نے اسلام اور منہاج القرآن کے متعلق سوالات کئے جن کے ان کو تفصیلی جواب دیئے گئے۔ منہاج یوتھ لیگ کے فوٹو گرافر محمد علی نے ان معلومات دوروں کی عکاسی کی، تمام تصاویر منہاج القرآن سپین کی ویب سائٹ www.Minhaj.es پر دستیاب ہیں۔ ان تین دوروں کا مقصد بین المذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، جس کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل پوری دنیا میں کوشاں ہے۔ اس طرح کے معلوماتی دوروں سے ایک دوسرے کی معلومات جاننے کا موقع ملتا ہے جبکہ غیر مسلموں کو اسلام کی اصلی معلومات بھی ملتی ہیں۔

ناروے

رپورٹ : عقیل قادر

گذشتہ ماہ منہاج یورپین کونسل کے وفد نے منہاج القرآن اوسلو۔ ناروے کے مرکز کا تفصیلی وزٹ کیا اور ورکز کنونشن سے خطاب کیا۔ اس کنونشن کا اہتمام منہاج القرآن اوسلو سنٹر پر کیا گیا تھا۔ پروگرام کا آغاز حافظ عبد اللہ نے کلام الہیٰ سے کیا۔ عرفان انصاری اور راجہ شاہدنے بارگاہ رسالت مآّب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقید ت پیش کیا۔ منہاج القرآن یورپ کے امیر علامہ حسن میر قادری نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دئیے۔ انہوں نے منہاج القرآن اوسلو کے مختلف فورمز کا تفصیلی ذکر کیا اور بتایا کہ اس وقت ناروے میں مختلف گیارہ فورمز کام کررہے ہیں اور ہر فورم میں گیارہ افراد شامل ہیں۔ اس کنونشن میں مختلف فورمز نے اپنی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ جن میں منہاج یوتھ لیگ، منہاج سسٹر ونگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج ایجوکیشن سنٹر اور منہاج مصالحتی کونسل شامل ہیں۔ منہاج ایجوکیشن سنٹر کے ڈائریکٹر علامہ نور احمد نور نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے تفصیل بتائی اور کہا کہ اس وقت منہاج ایجوکیشن سنٹر میں 200 کہ قریب بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جگہ کی کمی کے باعث بہت بڑی تعداد میں بچے ویٹنگ لسٹ میں ہیں۔ عاطف رؤف نے یوتھ لیگ اور سسٹر ونگ کی طرف سے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ منہاج ویمن لیگ کی طرف سے منہاج ویمن لیگ کی ناظمہ ثمینہ بھٹی نے شاندار کارکردگی رپورٹ پیش کی اور پاکستان میں ویلفیئر کے مختلف پروجیکٹ کو سپانسر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ منہاج مصالحتی کونسل کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں اعجاز وڑائچ، شگفتہ خالد، سمیہ ناز، زعیم شوکت، اصغر محمد، اسرار یعقوب اور راقم شامل تھے۔ منہاج مصالحتی کونسل نے اپنے مختلف پروجیکٹ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اعجاز ورائچ نے بتایا کہ اللہ پاک کے فضل و کرم سے منہاج مصالحتی کونسل کے قیام سے بہت سارے محکموں کو اسلام کو بہتر طور پر جاننے کا موقع ملا ہے اور غلط فہمیوں کا ازالہ ہوا ہے، انہوں نے خاص طور پر علامہ نور احمد نور اور علامہ حسن میر قادری کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہر وقت اور ہر موڑ پر ہماری رہنمائی فرمائی ہے اور ہمہ وقت ہماری مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔ اسکے بعد منہاج یورپین کونسل کے ناظم حافظ اقبال اعظم، منہاج القرآن یورپین کونسل کے صدر سید ارشد شاہ نے تقریب سے خطاب کے دوران ناروے میں ہونے والے تحریکی کام پر مسرت اور خوشی کا اظہار کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے مضبوط تعلق پر زور دیا۔

MQI سویڈن

رپورٹ : عمران سلیم

گذشتہ دنوں منہاج القرآن انٹر نیشنل مالمو۔ سویڈن سنٹرمیں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یورپین کونسل کے عہدیداران امیر علامہ حسن میر قادری، صدر سید ارشد شاہ، سینئر نائب صدر چوہدری محمد سرور، سینئر نائب صدر افضل انصاری، ناظم محمد اقبال اعظم اور نمائندہ یورپین کونسل محمد جمیل نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ یورپین کونسل کے جملہ عہدیداران کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کی طرف سے اس پروگرام میں خصوصی طورپر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حمزہ راجہ نے حاصل کی اس کے بعد رفیق انجم اور شاہد سرور نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عمران سلیم نے سرانجام دیئے۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد انہوں نے استقبالیہ کلمات کے لئے علامہ حسن اعوان آرگنائزر منہاج القرآن سویڈن کو دعوت دی۔ علامہ حسن اعوان نے استقبالیہ بیان کرتے ہوئے شیخ الاسلام مدظلہ کی سربراہی میں چلنے والے عظیم مشن کا مختصراً تعارف پیش کیا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کی نو منتخب عبوری انتظامیہ کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد یورپین کونسل کے عہدیداران نے منہاج القرآن یورپ کی خدمات اور تنظیمی حوالے سے پرتاثیر گفتگو کی۔ اس پروگرام میں راجہ تنویر احمد خان، سابقہ صدر منہاج القرآن آما ڈنمارک حاجی مظفر اور حاجی محمد اسلم PIA اور دیگر رفقاء نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ آخر میں ناظم یورپین کونسل حافظ محمد اقبال اعظم نے دعا کی۔

سعودی عرب (منطقہ غربیہ)

رپورٹ : ظہور احمد عاجز

گذشتہ ماہ منہاج القرآن انٹرنیشنل منطقہ غربیہ کا اجلاس مکہ مکرمہ ایم کیو آئی کی میزبانی میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت محمد اسلم رانجھا نے کی۔ تلاوت جناب حافظ محمد رفیق نے کی جبکہ گلہائے عقیدت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم راجہ جمیل الرشید نے پیش کئے۔ بعد ازاں محمد عباس خان، محترم راجہ جمیل الرشید، محترم گل بادشاہ خان، تبوک سے محمد منور، مدینہ منورہ سے محترم تاج گوندل اور مکہ مکرمہ سے انجینئر ارشاد احمد، محمد ساجد قیوم اور صاحب صدر محمد اسلم رانجھا نے مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔ مختلف تنظیمی معاملات کے علاوہ آئندہ ملکی اجلاس کے لئے ایجنڈا طے کیا گیا اور ذیلی تنظیمات سے ان کی ماہانہ رپورٹ حاصل کی گئی۔

متحدہ عرب امارات

رپوٹ۔ افتخاراشرف

گذشتہ ماہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام نئی دعوتی حکمت عملی کے تناظرسی ڈی ایکسچینج سینٹرکے قیام کیلئے پہلی ورکشاپ کا قیام کیا گیا۔ پاکستان بھر میں یہ نظام بڑی موثریت اور کامیابی سے نافذالعمل اور فروغ پذیر ہے۔ لیکن تاحال اس کا آغاز بیرون ممالک میں باقی تھا۔ اس سلسلے میں ابو ظہبی تنظیم نے باہمی مشاورت سے اس نظام کو موثر انداز میں لاگو کرنے کے لیئے خصوصی ورکشاپ کا اہتمام کیاگیا جس میں کثیر تعداد میں وابستگان و عہدیداران نے شرکت کی۔

اس ورکشاپ کا آغاز محترم سرفراز احمدنے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ جبکہ محترم صفدرعلی نے بارگاہ رسالتماب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ورکشاپ میں ضلعی یونٹ لیول کے عہدیداران محترم محمد محسن قادری منھاجین نے 5 گنٹھے کی اس طویل ورکشاپ کو 6 حصوں میں تقسیم کیا۔ بنیادی طور پر اس ورکشاپ کا بنیادی محرک بھی موصوف تھے اور انھوں نے اس دعوتی نظام کو لاگو کرنے کیلیئے 6 مختلف حصوں میں 4 عدد لیکچرز دیئے۔

  1. دعوت کی ضرورت و اہمیت
  2. ہماری دعوت اور اہداف ( ہم کیا چاہتے ہیں)
  3. سی ڈی ایکسچینج سینٹر، تعارف، قیام۔ لوازمات، ضروریات
  4. سی ڈیزکے دعوتی، تر بیتی، تحریکی، تنظیمی، روحانی فوائدو ثمرات
  5. گروپس ڈسکشن
  6. عملی مشقیں

ان عنوانات کے تحت محترم محمد محسن قادری (ناظم ابو ظہبی، نائب ناظم متحدہ ارب امارات) نے سیر حاصل گفتگو کی۔ ورکشاپ کے اختتام پر 30، سی ڈیز ایکسچینج سینٹر کا فوری قیام عمل میں لایا گیا۔ اس ورکشاپ میں درج ذیل احباب نے اہم کردار ادا کیا۔ محترم توقیر احمد قادری، محترم افتخار اشرف، محترم راشد محمود، محترم سرفراز احمد، محترم میاں آصف، محترم حسین ہاشمی، محترم سرفراز احمد، محترم طارق محمود، محترم محمد شریف، محترم سید اعجاز الثقلین، محترم حاجی رحمان علی و دیگر احباب شامل تھے۔

بنگلہ دیش

گذشتہ ماہ اکتوبر محترم صوفی میران الرحمن کی یونیورسٹی University of Information Technology & Sciences میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ریسرچ سنٹر کا افتتاح ہوا۔ اس افتتاح کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت منہاج القرآن بنگلہ دیش کے صدر جناب صوفی میزان الرحمن نے کی اور افتتاح بھی انہوں نے اپنے ہاتھوں سے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اس Research Centre میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جتنی تصانیف ہیں سب کا بنگالی زبان میں ترجمہ کیا جائے گا۔ اس Research Centre میں سب سے پہلے ’’عرفان القرآن‘‘ اور ’’منہاج السوی‘‘ کے ترجمہ سے کام کا آغاز کیا جائے گا اس Research Centre کے ڈائریکٹر اور مترجم کی حیثیت سے جامعہ احمدیہ سیفیہ عالیہ کا پرنسپل خطیب بنگال جناب مولانا جلال الدین القادری کو مقرر کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون اور مدد کے لئے منہاج القرآن کے نائب صدر مولانا محمد ابوالکلام، مولانا جعفر اللہ اور مولانا شائستہ خان کو مقرر کیا گیا ہے۔ بحمدہ تعالیٰ عرفان القرآن کا بنگلہ زبان میں ترجمہ کا کام محبت و عقیدت سے جاری و ساری ہے۔