خصوصی ہدایات برائے میلاد مہم 2008ء

ناظم اعلیٰ۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

ماہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے۔ پوری دنیا میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس ماہ مقدس کو مذہبی جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اپنے قیام سے لیکر آج تک تحریک منہاج القرآن اپنے عظیم قائد کی زیر سرپرستی اس ماہ مقدس کو جس عظیم الشان طریقے سے مناتی ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ اس سال بھی یہ سعادت تحریک منہاج القرآن کو ہی نصیب ہوگی۔ اس سلسلہ میں دنیا بھر کی تنظیمات/ جملہ فورمز/ کارکنان، وابستگان و رفقاء کیلئے خصوصی ہدایات بسلسلہ میلاد مہم 2008ء دی جا رہی ہیں۔

جملہ تنظیمات و کارکنان پر لازم ہے کہ ان ہدایات کی روشنی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی اس مہم کو بڑھ چڑھ کر کامیاب بنائیں۔

1۔ میلاد مہم کا دورانیہ

پچھلے سال کی طرح اس سال بھی مہم کا دورانیہ یکم مارچ سے 30 اپریل تک ہو گا۔

2۔ مرکزی کمیٹی

پچھلے دوسالوں کی طرح اس سال بھی نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض کو میلاد مہم کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ کام کی نگرانی اور احسن طریقہ سے مختلف امور کی انجام دہی کیلئے میلاد مہم کی مرکزی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ مہم کے سلسلہ میں آپ کو کسی قسم کی راہنمائی اور معلومات درکار ہوں تو آپ ان ذمہ داران سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

محترم احمد نواز انجم (نائب سربراہ) محترم شاہد لطیف (نائب سربراہ)
محترم ملک شمیم احمد خان نمبردار (نائب سربراہ) محترم ملک محمد عاقل (نائب سربراہ)
محترمہ فرح ناز (نائب سربراہ برائے امورِ خواتین) محترم ساجد محمود بھٹی (سیکرٹری)

3۔ استقبال ربیع الاول

  • ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے بعد دو رکعت نماز نوافل شکرانہ ادا کریں۔
  • بارہ ماڈل سٹیز میں 9 مارچ بروز اتوار 11 بجے صبح تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتما م عظیم الشان استقبال ربیع الاول مارچ کا انعقاد کیاجائے گا۔ جس میں شہر کی جملہ تنظیمات کو بھی دعوت دی جائے نیز پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں بھرپور کوریج کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔
  • ماڈل سٹی کے علاوہ اگر ہر تحصیل اس کو Manage کرنا چائے تو بھی اجازت ہے مگر بارہ ماڈل سٹیز میں پابندی کرنا ہوگی۔

4۔ عالمی میلاد کانفرنس

پچھلے سال کی طرح اس سال بھی عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سائے تلے انعقاد پذیر ہوگی۔

  • اس کانفرنس کو عظیم تر بنانے کیلئے ہر تنظیم/ فورم/ کارکن اپنے گزشتہ سال کے ٹارگٹ کو دو گنا کر دے۔
  • ہر شہر خود سے عالمی میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز لگوائیں۔
  • پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے نگران اپنی زیر قیادت ڈویژن کی سطح پر ہر تحصیل میں "کاروان میلاد" نکالیں اور ہر ڈویژن میں 50 ہزار ہینڈ بلز تقسیم کئے جائیں۔
  • ہر رفیق/ وابستہ/ کارکن اپنی گاڑی کی بیک سکرین پر "عالمی میلاد کانفرنس" کی چاکنگ یکم تا 12 ربیع الاول کروائے گا۔
  • ہر تحصیل، یونین کونسل سطح کی محافل پر عالمی میلاد کانفرنس میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جائے۔
  • پاکستان بھر میں ہونے والے دروس قرآن/ حلقہ عرفان القرآن و حلقہ درود میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی بھرپور دعوت دی جائے۔
  • ہر شہر میں چلنے والے کیبل نیٹ ورک پر عالمی میلاد کانفرنس کے اشتہار چلوائے جائیں۔
  • بسوں کے جو قافلے مینار پاکستان روانہ ہوں ان میں دیگر تنظیموں کو بھی دعوت دیں۔
  • عالمی میلاد کانفرنس میں بروقت پہنچنے کا اہتمام کریں تاکہ جگہ کی پریشانی نہ ہو۔

5۔ رفاقت سازی

پچھلے سال کی طرح اس سال بھی میلاد پاک کے مبارک موقع پر 12000 نئے افراد کو تحریک میں شامل کرنے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ جس میں 11000 ریگولر جبکہ 1000 لائف ممبرز شامل ہوں گے۔ اس سلسلہ میں کارڈز و رفاقت فارم آپ تک پہنچ جائیں گے۔ اس مہم کو بھرپور انداز سے کامیاب بنائیں۔ جملہ فورمز کے عہدیداران و کارکنان اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ مہم 31 مارچ تک ہو گی۔

6۔ اجتماعی تنظیمی ذمہ داریاں

  • تنظیمات اور وابستگان تحریک یونین کونسل سطح پر حلقہ ہائے درود وسلام اور محافل میلاد کا اہتمام کریں۔
  • ان پروگرامز میں مرکزی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی بھرپور دعوت دیں۔
  • کیبل پر چلانے کیلئے خصوصی پیغامات، قائد محترم کے خطابات اور مقامی کیبل نیٹ ورک پر چلانے کیلئے عالمی میلاد کانفرنس کی تشہیری CD اور قائد محترم کے منتحب خطابات کی CDs تیار کی گئی ہیں۔ ان CDs کے حصول کیلئے جلد از جلد مرکز رابطہ کریں۔
  • دیگر کتب کے علاوہ قائد محترم کی کتاب سیرۃ الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منہاج السوّی کی بھرپور تشہیر کی جائے۔
  • 12 روز تک تحصیل سطح پر مشعل بردار جلوس کا اہتمام کریں اور جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ماحول پیدا کریں۔
  • تحصیل سطح پر ہونے والے دروس قرآن میں عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے دروس قرآن کا اہتمام کریں۔
  • ہر تحصیلی تنظیم قائد محترم کی کتب و کیسٹس اور CDs دعوتی پیکج تحائف کی صورت میں مذہبی، سیاسی اور سماجی دانشور شخصیات کو دیں۔
  • بینرز کے ذریعے مقامی سطح پر امت کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکباد دی جائے اور فروغ عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اجاگر کیا جائے۔
  • علاقے کی معزز، مؤثر شخصیات کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی جائے۔
  • مقامی سطح پر محافل میں خطابات کیلئے تنظیمات مقررین کی ڈیمانڈ نظامت دعوت سے کریں۔
  • مرکزی سطح پر قائم ہونے والے گوشہ درود کو مقامی محافل میں متعارف کروایا جائے۔
  • قائد محترم کے Qtv پر چلنے والے خطابات کو پورا مہینہ اجتماعی طور پر بازاروں اور گھروں میں دکھانے کا اہتمام کیا جائے۔
  • پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر میلاد مہم کی جملہ تقریبات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔

7۔ گھریلو سطح (صرف خواتین کیلئے)

یکم تا 12 ربیع الاول خواتین بچوں کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت بیان کریں تاکہ بچوں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی کا احساس پیدا ہو۔ اپنے گھروں میں خصوصی حلقہ ہائے درود کا انعقاد کریں۔

  • بچوں کو درود و سلام پڑھنا سکھائیں اور اس کے اجروثواب کی اہمیت کو اجاگر کریں۔
  • ہر روز گھروں میں خواتین کی محفل نعت کا اہتمام کریں جس میں تبرک کا اہتمام کیا جائے۔
  • خواتین محفل نعت میں خود اور بچوں کو نعت پڑھنے کی سعادت کا موقع فراہم کریں۔
  • والدین آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بچوں کے ساتھ محبت و شفقت بھرے واقعات اپنے بچوں کو سنائیں۔
  • خواتین گھروں میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ کھانا جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تناول فرماتے تھے (تفصیل کتاب شمائل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درج ہے) گھر میں تیار کریں۔
  • صبح فجر کے بعد شکرانے کے نفل ادا کریں۔ شرینی بانٹیں، نئے کپڑے پہنیں، عزیز و اقارب سے ملیں اور محافل کا انعقاد کریں۔
  • ہر تحریکی گھرانے میں نماز فجر کے بعد کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود وسلام پڑھا جائے۔

8۔ برائے کارکنان (انفرادی سطح)

  • ہر کارکن کثرت سے درود پاک کا وظیفہ کرے۔ ماہ ربیع الاول کے پہلے 12 دن کم ازکم 1000 مرتبہ اور باقی دنوں میں کم ازکم 500 مرتبہ روزانہ درود پاک ضرور پڑھا جائے۔
  • پہلے 12 دن روزانہ ہر کارکن حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے نفل پڑھے جبکہ باقی ایام ربیع الاول میں ہر پیر کو پڑھے۔ ہر کارکن فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحریک، تحریک منہاج القرآن میں لوگوں کو شمولیت کی دعوت دے اور کم ازکم 10 افراد کو تحریک کا رفیق بنائے۔
  • ہر پیر کو روزہ کا اہتمام کیا جائے۔
  • پورا مہینہ گنبد خضریٰ کا مونوگرام اور نعلین پاک سینوں پر آویزاں کئے جائیں۔
  • حسب استطاعت گھروں پر یکم سے 12 ربیع الاول تک جھنڈیوں اور لائٹنگ کے ذریعے بھرپور خوشی کا اظہار کیا جائے۔
  • جہاں تک ممکن ہو صدقہ و خیرات اور دعوتوں کا اہتمام کیا جائے۔
  • دوستوں اور رشتہ داروں کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ، تحائف اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے جائیں۔ ہر کارکن کم ازکم 10 افراد کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ بھجوائے گا۔ مرکز سے یہ کارڈ دستیاب ہوں گے۔
  • اہم شخصیات کو سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم/ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا شمائل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم/ منہاج السوّی کا تحفہ دیں۔
  • تحریک سے وابستہ ہر فرد اپنی فیملی کو روزانہ قائد محترم کی کتاب نورالابصار بذکر النبی المختار سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات اور حسن و جمال پر مبنی عبارت پڑھ کر سنائے۔
  • آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں ہر تحریکی گھرانہ اہل محلہ کے بچوں میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرے تاکہ شعوری طور پر بچوں کے اندر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی کا احساس پیدا ہو۔
  • بچوں کو نئے کپڑے پہنائے جائیں اور حسب استطاعت عیدی دی جائے۔
  • بچوں کو کم ازکم ایک مرتبہ سیر کیلئے لے جایا جائے۔
  • ٹیلی فون، Mobile Message کے ذریعے مبارکباد دی جائے۔
  • ہر کارکن تحریک کے پیغام کے ساتھ کم ازکم 50 لوگوں کو SMS کرے۔
  • E-mail کے ذریعے کارڈ کی ترسیل کی جائے۔

9۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی

  • منہاج پبلک/ ماڈل سکولز میں تلاوت، نعت اور تقریری مقابلے بسلسلہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کیے جائیں۔
  • منہاج پبلک/ ماڈل سکولز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بچوں کے ساتھ شفقت و محبت اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر لیکچرز اور محافل نعت کا اہتمام کرنا اور بعد ازاں شرینی بانٹی جائے۔
  • جہاں ممکن ہو مشعل بردار جلوس نکالا جائے۔
  • بچوں کو صبح اسمبلی میں ایک حدیث میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ترجمہ کے ساتھ سنائی جائے۔
  • تقریری مقابلوں میں اول، دوئم اور سوئم آنے والے بچوں کو قائد محترم کی کتاب کا تحفہ دی جائے۔
  • منہاج پبلک/ ماڈل سکول قریبی پرائیویٹ سکولز کو مرکزی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔
  • مختلف سکولز کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ ارسال کیے جائیں۔ DDEs تمام سکولز کو اس سعادت میں شامل کریں۔
  • سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی ادارہ جات کو تحریک منہاج القرآن کی طرف سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ روانہ کیے جائیں۔
  • بچوں کو صاف ستھرے کپڑے پہننے کی ترغیب دی جائے۔
  • تمام سکولز کی بلڈنگ میں بھی چراغاں کیاجائے۔
  • MES کے تمام سٹاف کی مرکزی پروگرام میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
  • بچوں کو گھروں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چراغاں کرنے کی خصوصی ہدایت کی جائے۔
  • صبح کی اسمبلی میں تمام بچے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ایک مرتبہ درو د و سلام ضرور پیش کریں۔

اس عظیم الشان مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ابھی ذمہ داریاں تقسیم کردی جائیں اور تمام احباب اس میں بھرپور محنت کا مظاہرہ کریں۔