تحریک منہاج القرآن بھمبر آزادکشمیر کے زیراہتمام عظیم الشان سیمینار "حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بحیثیت داعی امن عالم"

رپورٹ : رفیع اللہ ہیرا

تحریک منہاج القرآن ضلع بھمبر کے زیراہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان سیمینار بعنوان ’’حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بحیثیت داعی امن عالم‘‘ ہیون پیلس ریسٹورنٹ میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت جناب ریاض اختر چوہدری چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر نے کی جبکہ مہمان خصوصی جناب پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن خان وائس چانسلر جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد تھے۔

سیمینار میں بطور سکالرز مہمانان گرامی قدر میں مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، محترم ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ و چیف ایڈیٹر ماہنامہ منہاج القرآن لاہور، محترم ڈاکٹر طاہر حمید تنولی ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ اقبال اکیڈمی لاہور اور محترم عبدالرسول سندھو شامل ہیں۔

تحریک کے زیراہتمام یہ منفرد نوعیت کا سیمینار تھا جس میں ضلع بھر کا اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ شامل ہوا تمام کالجز کے پرنسپلز، پروفیسرز، لیکچررز، معلمین، وکلاء وعلماء، صحافی، دانشور اور بلاتخصیص تمام مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔

سیمینار میں ضلع بھمبر کی تمام انتظامیہ نے محترم ارشد محبوب چوہدری ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ شرکت کی۔ علاوہ ازیں پروفیسر یونس سجاد بٹ پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ کالج بھمبر، پروفیسر طارق مسعود پرنسپل D/C برنالہ، ممتاز ماہر تعلیم صدارتی ایوارڈ یافتہ سکالر پروفیسر رشید احمد قاسمی، پروفیسر علامہ امین الدین، پروفیسر مراد علی چوہدری، پروفیسر فضل حسین مرزا، پروفیسر نذیر احمد تشنہ، پروفیسر محمد سلیم، پروفیسر محمد فیضان، پروفیسر محمد اصغر، پروفیسر محمد رزاق چوہدری، پروفیسر شبیر احمد چوہدری، پروفیسر یاسر عرفات، عبدالقیوم کیانی پرنسپل، ظفراللہ چوہدری، سید محمود حسین، منیر احمد، حاجی طارق مسعود پرنسپل پاکستان ماڈل کالج برنالہ، افتخار ملک پرنسپل ماڈل کالج برنالہ، محترم غلام عباس پرنسپل تعمیر ملت کوٹ جمیل، محترم تصدق حسین پرنسپل ریڈ فاؤنڈیشن کوٹ جمیل، پروفیسر رشید احمد صدیقی، ناظم تحریک کشمیر، پروفیسر رفیع اللہ ہیرا نائب ناظم تحریک کشمیر، محمد مالک انقلابی صدر تحریک بھمبر، جمیل احمد زاہد، ناظم تحریک بھمبر، غلام مصطفی صدیقی، محترم حاجی ظفر علی ڈار، محترم عطاء اللہ ڈار، محترم منور اقبال، محترمہ نسرین سلطانہ، محترمہ صغری صدیقی، مرزا محمد صادق ایڈووکیٹ، راجہ مظہر حسین ایڈووکیٹ، ایس ڈی ایم بھمبر الغرض کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی مذہبی دانشور حضرات نے شرکت کی۔

سیمینار دو نشستوں پر منعقد ہوا۔ نشست اول کی نقابت کے فرائض محترم جمیل احمد زاہد نے انجام دیئے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے محترم قاری محمد طیب نے کیا جبکہ نعت رسول مقبول فہد قیوم کیانی نے پڑھی اور تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ کارکن اور لائف ممبر محترم حاجی ظفر علی نے کلام شیخ الاسلام پیش کیا۔ بعد ازاں عزیز احمد نے مخصوص انداز میں درود پاک پڑھا۔ بعد ازاں امیر تحریک ضلع بھمبر محترم حافظ طارق علی منہاجین، محترم عبدالرسول سندھو اور راقم (نائب ناظم تحریک جموں و کشمیر) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پرفتن دور میں اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف دہشت گردی، شدت پسندی جیسے بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں۔ دریں حالات تحریک کی قیادت جو بلاشبہ نباضِ حالاتِ حاضرہ ہے نے موضوع نہایت ہی مناسبت سے چنا اور سیمینار کا اہتمام کرکے ایک اہم دینی فریضہ انجام دیا۔

دوسری نشست کا آغاز تلاوت قرآن مجید قاری محمد طیب اور نعت رسول مقبول فہد قیوم سے ہوا۔ نقابت کے فرائض رشید احمد صدیقی ناظم تحریک نے انجام دیئے۔ سیمینار کے پہلے مہمان سکالر ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ و چیف ایڈیٹر ماہنامہ منہاج القرآن اور روزنامہ نوائے وقت کے معروف کالم نگار جناب ڈاکٹر علی اکبر قادری الازہری نے موضوع کے مطابق محققانہ مقالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام داعی امن عالم از ابتداء تا انتہا رحمت ہی رحمت ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میثاق مدینہ، صلح نامہ حدیبیہ تاریخ انسانی کے پہلے تحریری امن معاہدے فرماکر داعی امن عالم ہونے کا عملی اسوہ مہیا کیا۔

علامہ اقبال اکیڈمی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر حمید تنولی نے خطاب میں امن کا مفہوم بیان کرتے ہوئے قرآن و حدیث کے متعدد حوالہ جات دیئے اور فرمایا امن اس وقت قائم ہوگا جب اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عطا کردہ قانون کی پاسداری ہوگی۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبہ حجۃ الوداع جو چارٹر آف امن عالم ہے اس میں تئیس آرٹیکل بیان فرمائے جن میں سے دو کا تعلق اللہ و رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کریم سے ہے اور باقی اکیس آرٹیکلز کا تعلق حقوق انسانی کے احترام و پاسداری سے متعلق ہیں۔

اس کے بعد مہمان خصوصی جناب پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن خان وائس چانسلر آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن کی قیادت نے نہایت بروقت اور عالمی حالات کے مطابق سیمینار کا انعقاد کرواکر ایک بہت بڑے قومی مذہبی اور دینی فریضہ کو ادا کیا ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانی زندگی کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنے عملی اسوہ سے راہنمائی فرمائی۔ ان سے فیض لیتے ہوئے ہم زندگی کے ہر شعبہ میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خصوصی خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ اسلام تو دین محبت ہے آپس میںمحبت عام کرنے سے ایمان کی تکیل ہوتی ہے۔ اس وقت امت مسلمہ ہمہ جہتی بگاڑ کا شکار ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کے اصلاح احوال کے لئے شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو چن لیا ہے جو دعوت و تبلیغ حق، اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین کرنے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں پیغام محبت اور سفیر امن عالم کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ آؤ ہم سب مل کر کاروان امن و سلامتی کا ساتھ دیں اور سفیر امن کا دست و بازو بنیں اور پورے عالم کو امن کا گہوارہ بنائیں۔

ان کے بعد محمد مالک انقلابی نے قرار داد تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ اس قرار داد کی تمام شرکائے سیمینار نے ہاتھ بلند کرکے تائید کی۔ آخر میں صدر سیمینار محترم جناب ریاض اختر چوہدری چیف جسٹس آف سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے خطبہ صدارت دیتے ہوئے فرمایا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام سیمینار بعنوان حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بحیثیت داعی امن عالم، قابل صد

تحسین ہے۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت بھی ساری کائنات کے لئے پیغام امن ہے۔ آپ کا پیغام و ماٹو ہے کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں ہے ہاں اگر فضیلت ہے تو صرف ایک معیار ہے اور وہ تقویٰ ہے۔ پروگرام کا اختتام حافظ طارق علی منہاجین کی دعا سے ہوا۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ سیمینار

رپورٹ : میر محمد آصف اکبر ( ناظم منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب)

منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں عظیم الشان غوث الاعظم سیمینار زیر صدارت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی منعقد ہوا۔ اس تقریب میں نامور جید علماء و مشائخ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار سے محترم شیخ زاہد فیاض (نائب ناظم تحریک منہاج القرآن) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کونسل کا تنظیمی نیٹ ورک معاشرے میں مثبت اقدام کو فروغ دینے میں انتہائی اہم کردار ادا کررہا ہے۔

محترم علامہ الحاج امداداللہ قادری صدر علماء کونسل پنجاب نے کہا کہ آج کے نازک دور میں علماء اہلسنت کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ علماء شیخ الاسلام کے تجدیدی کام کو آگے عوام الناس تک پہنچاکر مسلک کی خدمت کریں۔

محترم علامہ مفتی گل احمد عتیقی شیخ الحدیث جامعہ رسولیہ شیرازیہ نے کہا کہ غوث الاعظم سے مضبوط نسبت ہی دنیا و آخرت کی کنجی ہے جس نسبت کی پختگی کے لئے شیخ الاسلام نے عالمی سطح پر تبلیغ کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

محترم علامہ محمد منشاء تابش قصوری صدر مدرس جامعہ نظامیہ لاہور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پر غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ کا خاص کرم دکھائی دیتا ہے آج ہم سب کا منہاج القرآن کے اس مرکز پر جمع ہوجانا بھی غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ سے پختہ نسبت کا ثبوت ہے۔

پیر محترم ڈاکٹر جمیل الرحمن چشتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ چشتیہ آباد نے کہا کہ غوث الاعظم رحمۃ اللہ علیہ دنیا میں امن و سلامتی کا نور بانٹنے آئے تھے۔ آج دنیا میں امن و سلامتی کے لئے ان کی تعلیمات سے روشنی حاصل کرنی ہوگی میں خوش نصیب ہوں کہ تحریک منہاج القرآن کا پرانا رفیق چلا آرہا ہوں یہی میری بخشش کا ذریعہ ہے۔

محترم علامہ حافظ محمد اکبر شیخ الحدیث جامعہ صدیقیہ کاہنہ نو و ممبر سپریم کونسل جمیعت علماء پاکستان (نورانی) نے کہا کہ دنیا میں کم ہی ایسی ہستیاں ہیں جن پر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضور غوث پاک کا خصوصی کرم ہو ان میں سر فہرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں جن کو رب تعالیٰ نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خصوصی عنایت کے طفیل یہ مرتبہ اور مقام عطا کیا ہے۔

محترم پیر سید غلام حسین شاہ آستانہ عالیہ واڑہ گجرال نے کہا کہ اعتقادی خدمات کے ذریعہ جو شیخ الاسلام نے ہماری آئندہ نسلوں کے لئے کام کردیا ہے۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں اللہ انہیں ہماری عمریں بھی عطا کردے۔

علامہ میر محمد آصف اکبر ناظم علماء کونسل پنجاب نے علماء کونسل کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ ہم اہلسنت کے بکھرے ہوئے شیرازے کو جمع کرکے ایک مرکز اور برگزیدہ ہستی سے منسلک کرنا چاہتے ہیں تاکہ نااتفاقی انتشار و افتراق سے اس خوفناک کیفیت سے عوام اور علماء اہلسنت کو بچایا جاسکے۔

محترم علامہ غلام اصغر صدیقی صدر نعیمیہ ایسوسی ایشن پاکستان نے کہا کہ شیخ الاسلام کے علمی و تحقیقی کام اور خطابات نے اہلسنت کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ورنہ ہماری کوئی حالت نہیں تھی اب علماء کرام کو چاہئے کہ ان کے دست و بازو بن کر اس علمی اور تحقیقی کام کو عوام تک موثر انداز سے پہنچائیں۔ نقابت کے فرائض علامہ ممتاز حسین صدیقی (ناظم علماء کونسل لاہور) نے سرانجام دیئے۔