منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ’’میری پہچان پاکستان‘‘ یوتھ مہم

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ’’میری پہچان پاکستان‘‘ یوتھ مہم کا آغاز یکم اگست کو لاہور میں پریس کانفرنس سے ہوا۔ بعد ازاں ملک بھر میں تحصیل سطح پر کیمپ لگا کر نوجوانوں کو یوتھ کا ممبر بنایا گیا۔

12 اگست 2009 کو ڈریم لینڈ ہوٹل اسلام آباد میں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر استحکام پاکستان میں نوجوانوں کے عملی کردار کے حوالے سے یوتھ سیمینار بعنوان "میری پہچان پاکستان" منعقد ہوا۔ محترم ملک تنویر نائب صدر MYL، محترم عارف ہاشمی سیکرٹری انفارمیشن MYL، محترم عتیق الرحمن چوہدری سیکرٹری کوآرڈنیشن MYL نے آنے والے معززمہمانوں کااستقبال کیا۔ محترم بلال مصطفوی مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ نے استقبالیہ پیش کیا اور آنے والے معزز مہمانان گرامی قدر اور سیمینار میں شریک نوجوانوں کو خوش آمدید کہا اور قومی یوتھ سیمینار کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ پروگرام میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محترم فیصل کریم کنڈی، محترم سید ممتاز عالم گیلانی (وفاقی وزیر انسانی حقوق)، محترم قاضی حسین احمد (سابق امیر جماعت اسلامی)، محترم شیخ رشید احمد (سربراہ عوامی مسلم لیگ)، محترم جہانگیر بدر (سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی)، محترم شیخ زاہد فیاض (سنئیر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن)، محترمہ فوزیہ وہاب ( سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی)، محترم جنرل (ر) اسلم بیگ (سربراہ عوامی قیادت پارٹی)، محترم ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ (سینٹر مرکزی رہنما متحدہ قومی موومنٹ)، محترم خواجہ محمد خاں ہوتی (ممبر قومی اسمبلی و مرکزی رہنما عوامی نیشل پارٹی) اور پاکستان کے تمام علاقوں سے سیاسی جماعتوں کے مرکزی عہدیدران نے شرکت کی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کا استحکام پاکستان اور فروغ محبت و اخوت کے لئے نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے سیمینار میری پہچان پاکستان یوتھ لیگ کے نوجوانوں کے جذبہ حب الوطنی کا آیئنہ دار ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان "میری پہچان پاکستان" کے جس منفرد سلوگن کو لے کر ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں یقینا یہ قابل ستائش ہے۔ محترم سردار منصور احمد خان نے اختتامی کلمات کہے اور MYL کے مرکزی صدر محترم بلال مصطفوی، محترم تنویرملک، محترم عتیق الرحمن چوہدری، محترم عارف ہاشمی اور یوتھ کے جملہ عہدیدران کو اس عظیم الشان قومی یوتھ سیمنار کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ سیمینار کے انعقاد میں محترم سہیل عباسی، محترم سید اعجاز شاہ، محترم راجہ شفیق، محترم راجہ سعید، محترم شیخ اقبال، محترم عرفان احمد قادری، محترم اقبال شاہین، محترم راجہ طالب اور محترم طاہر محمود اعوان نے خصوصی کردار ادا کیا۔

٭ میری پہچان پاکستان یوتھ مہم کے سلسلہ میں 14 اگست کو منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ملک بھر میں تحصیل سطح پر جیوے پاکستان موٹرسائیکل ریلیاں منعقد ہوئیں۔ ان ریلیوں میں بلال مصطفوی، ظہیر عباس گجر، اشتیاق حنیف مغل، بابر علی چودھری، تنویر ملک، منصور بلال علوی، انجینئر اعجاز وڑائچ، طیب ضیاء، ثناء اللہ طاہری، عتیق چودھری، امجد محمود، میاں کاشف محمود، عارف عاشمی اور سلیم مہر نے خطابات کئے اور ان ریلیوں کی قیادت کی۔

٭ علاوہ ازیں ملک بھر کے مختلف پریس کلب میں میری پہچان پاکستان کے عنوان سے عظیم الشان سیمینار بھی منعقد ہوئے جن میں قومی و علاقائی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔