خصوصی ہدایات برائے میلاد مہم 2015ء

ماہ ربیع الاول اپنی آغوش میں ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشیاں لئے امت مسلمہ پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے تحریک منہاج القرآن جس جوش و جذبہ ایمانی سے میلاد مناتی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے اور پوری دنیا اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔

امسال بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حسب سابق جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس عزم کے ساتھ کہ

قوت عشق سے ہر پست کو بالا کردے
دہر میں اسم محمد (ص) سے اجالا کر دے

رفقاء، کارکنان اور وابستگان تحریک! جذبہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دلوں میں موجزن کرکے دین کی سربلندی کا علَم اٹھائے ہر قسم کے مالی، سیاسی، خاندانی، مفادات اور تحفظات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی منزل کے حصول کے لئے آگے بڑھئے۔

تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز وتنظیمات مرکزی ہدایات کے مطابق میلاد مہم کامیاب بنانے کے لئے محنت و کوشش کریں تاکہ ہم عشق و محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس مقدس ماہ میں اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی تجدید و احیاء اور مصطفوی انقلاب کے پیغام کی زیادہ سے زیادہ ترویج و اشاعت کو ممکن بنائیں۔

  • اس سال میلاد مہم کا دورانیہ 20 دسمبر 2014ء سے 15 جنوری 2015ء تک ہوگا۔

اس سلسلے میں جملہ تنظیمات اور ان کے جملہ فورمز درج ذیل ہدایات کے مطابق میلاد مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں:

استقبال ربیع الاول

  1. ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے بعد دو رکعت نماز نوافل شکرانہ اداکریں۔
  2. اپنے اعزاء و اقرباء، محلہ دار اور دوستوں کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد بذریعہ E-Mail یا SMS کے ذریعہ دیں۔
  3. استقبال ربیع الاول کے حوالے سے علاقہ میں ایک بھرپور جلوس کا اہتمام کیا جائے۔

عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد

31 ویں عالمی میلاد کانفرنس بھی امسال حسب سابق مینار پاکستان لاہور میں ہوگی۔

  1. ضلعی/ تحصیلی میلاد کانفرنس کو عظیم الشان بنانے کے لئے جملہ تنظیمات / فورمز/ کارکنان محنت کریں۔ علاقہ میں موجود مذہبی، سیاسی، فلاحی تنظیمات کے ساتھ ساتھ طلباء، وکلاء، مزدور اور کسان یونینز کو بھرپور دعوت دی جائے۔
  2. علاقہ بھر میں میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز و بینرز لگوائیں۔
  3. ڈویژنل ناظمین اپنی زیر نگرانی ہر تحصیل میں ’’کاروان میلاد‘‘ کا انعقاد کریں اور ہر ڈویژن میں ہینڈ بلز تقسیم کریں۔
  4. مشعل بردار جلوس نکالے جائیں اور ان کے ذریعے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔
  5. ہر رفیق/ وابستہ/ کارکن اپنی گاڑی کی بیک سکرین پر میلاد کانفرنس کا فلیکس آویزاں کرے گا۔
  6. ہر تحصیلی تنظیم اپنی تمام یونین کونسلز میں کم از کم ایک میلاد کانفرنس منعقد کرے۔
  7. حسب استطاعت ضیافت میلاد کا اہتمام کریں۔
  8. کیبل نیٹ ورک پر میلاد کانفرنس کے اشتہار چلوائے جائیں۔

نوٹ: اس سلسلہ میں مزید ہدایات ضلعی/ تحصیلی تنظیمات کو الگ سے جاری کردی جائیں گی۔

اجتماعی تنظیمی ذمہ داریاں

  1. تنظیمات اور وابستگان تحریک یونین کونسل سطح پر حلقہ ہائے درود و فکر اور محافل میلاد کا اہتمام کریں۔
  2. دیگر کتب کے علاوہ قائد محترم کی کتاب سیرۃ الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، منہاج السوی اور معارج السنن کی بھرپور تشہیر کی جائے۔
  3. 11 روز تک تحصیل سطح کے مختلف علاقہ جات میں مشعل بردار جلوس کا اہتمام کریں۔
  4. ہر تحصیلی تنظیم قائد محترم کی کتب و کیسٹس اور CDs کے دعوتی پیکج تحائف کی صورت میں مذہبی، سیاسی اور سماجی دانشور شخصیات کودیں۔
  5. بینرز کے ذریعے مقامی سطح پر امت کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکباد دی جائے اور فروغ عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اجاگر کیاجائے۔
  6. قائد محترم کے Qtv پر چلنے والے خطابات کو پورا مہینہ اجتماعی طور پر بازاروں اور گھروں میں دکھانے کا اہتمام کیا جائے۔
  7. پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر میلاد مہم کی جملہ تقریبات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔

گھریلو سطح پر(صرف خواتین کیلئے)

  1. یکم تا 12 ربیع الاول خواتین بچوں کو عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت بیان کریں تاکہ بچوں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی کا احساس پیدا ہو۔اپنے گھروں میں خصوصی حلقہ ہائے درود کا انعقاد کریں۔
  2. بچوں کو درود و سلام پڑھنا سکھائیں اور اس کے اجر و ثواب کی اہمیت کو اجاگر کریں۔
  3. ہر روز گھروں میں خواتین کی محفل نعت کا اہتمام کریں جس میں تبرک کا اہتمام کیاجائے۔
  4. خواتین محفل نعت میں خود اور بچوں کو نعت پڑھنے کی سعادت کا موقع فراہم کریں۔
  5. والدین بچوں کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بچوں کے ساتھ محبت و شفقت بھرے واقعات سنائیں۔
  6. خواتین گھروں میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پسندیدہ کھانا جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تناول فرماتے تھے۔ (تفصیل کتاب شمائل مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درج ہے) گھر میں تیار کریں۔
  7. صبح فجر کے بعد شکرانے کے نفل اداکریں۔ شرینی بانٹیں، نئے کپڑے پہنیں، عزیزو اقارب سے ملیں اور محافل کا انعقاد کریں۔
  8. ہر تحریکی گھرانے میں نماز فجر کے بعد کھڑے ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود وسلام پڑھاجائے۔

برائے کارکنان (انفرادی سطح)

  1. ہر کارکن کثرت سے درود پاک کا وظیفہ کرے۔ ماہ ربیع الاول کے پہلے 12دن کم ازکم 1000 مرتبہ اور باقی دنوں میں کم ازکم 500 مرتبہ روزانہ درود پاک ضرور پڑھا جائے۔
  2. پہلے 12دن ہر کارکن ہر روز نفل حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے پڑھے جبکہ باقی ایام ربیع الاول میں ہر پیر کو پڑھے۔ ہر کارکن فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تحریک، تحریک منہاج القرآن میں لوگوں کو شمولیت کی دعوت دے اور کم ازکم 10افراد کو تحریک کا رفیق بنائے۔
  3. پوارا مہینہ گنبد خضریٰ کا مونوگرام اور نعلین پاک سینوں پر آویزاں کئے جائیں۔
  4. حسب استطاعت گھروں پر یکم سے 12 ربیع الاول تک جھنڈیوں اور لائٹنگ کے ذریعے بھرپور خوشی کا اظہار کیا جائے۔
  5. دوستوں اور رشتہ داروں کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ، تحائف اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے جائیں۔ ہر کارکن کم ازکم 10 افراد کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ بھجوائے گا۔
  6. اہم شخصیات کو سیرت الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم / میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، شمائل مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یا منہاج السوّی کا تحفہ دیں۔
  7. تحریک سے وابستہ ہر فرد اپنی فیملی کو ہر روز بٹھا کر قائد محترم کی کتاب نورالابصار بذکر النبی المختار سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فضائل و کمالات اور حسن و جمال پر مبنی عبارت پڑھ کر سنائے۔
  8. ہر تحریکی گھرانہ اپنے گلی بازاروں میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں بچوں کے اندر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرے تاکہ شعوری طور پر بچوں کے اندر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی کا احساس پیداہو۔
  9. بچوں کو نئے کپڑے پہنائے جائیں اور حسب استطاعت عیدی دی جائے۔
  10. بچوں کو کم ازکم ایک دفعہ سیر کیلئے لے جایاجائے۔
  11. ٹیلی فون، Mobile Message کے ذریعے مبارکباد دی جائے۔ ہر کارکن تحریک کے پیغام کے ساتھ کم ازکم 50لوگوں کو SMS کرے۔
  12. E-mail کے ذریعے کارڈ کی ترسیل کی جائے۔

منہاج ایجوکیشن سوسائٹی

  1. منہاج پبلک / ماڈل سکولز میں تلاوت، نعت اور تقریری مقابلے بسلسلہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کیے جائیں۔
  2. منہاج پبلک / ماڈل سکولز میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بچوں کے ساتھ شفقت و محبت اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر لیکچرز اور محافل نعت کا اہتمام کریں اور بعد ازاں شرینی بانٹی جائے۔
  3. جہاں ممکن ہو مشعل بردار جلوس نکالا جائے۔
  4. بچوں کو صبح اسمبلی میں ایک حدیث میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے ترجمہ کے ساتھ سنائی جائے۔
  5. منہاج پبلک / ماڈل سکول قریبی پرائیویٹ سکولز کو مرکزی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔
  6. مختلف سکولز کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ ارسال کیے جائیں۔ DDEs تمام سکولز کو اس سعادت میں شامل کریں۔
  7. سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی ادارہ جات کو تحریک منہاج القرآن کی طرف سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کارڈ روانہ کیے جائیں۔
  8. بچوں کو صاف ستھرے کپڑے پہننے کی ترغیب دی جائے۔
  9. تمام سکولز کی بلڈنگ میں چراغاں کیاجائے۔
  10. بچوں کو گھروں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر چراغاں کرنے کی خصوصی ہدایت کی جائے۔
  11. صبح کی اسمبلی میں تمام بچے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر ایک دفعہ درو د و سلام ضرور پیش کریں۔

٭ اس عظیم الشان مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ابھی سے ہی ذمہ داریاں تقسیم کر دی جائیں اور تمام احباب اس میں بھرپور محنت کریں۔