منہاج القرآن علماء کونسل کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر علماء کنونشن کا انعقاد

منہاج القرآن علماء کونسل کے 27 ویں یوم تاسیس کے موقع پر محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر صدارت 10 اکتوبر 2015ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن لاہور میں علماء کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں محتر غلام اصغر صدیقی، محترم مفتی خلیل قادری، محترم ڈاکٹر مسعود مجاہد، محترم مفتی محبوب صدیقی، محترم سید مشرف شاہ، محترم علامہ محمد عثمان سیالوی، محترم علامہ محمد یونس، محترم علامہ رمضان جامی، محترم قاری عاصم اقبال نوری اور تمام مسالک کے جید علماء کرام نے خصوصی شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مصلحتوں کے تحت حکومت قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کی سازش کررہی ہے۔ امن قائم کرنے کا جو موقع فوج کے تاریخی کردار کے باعث حاصل ہوا ہے۔ علماء اور عوام اسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینگے۔ سالہا سال حکومتی صفوں میں بیٹھے وزراء اور اہم عہدیدار فرقہ واریت کو فروغ دیتے رہتے ہیں اور محرم الحرام میں حکومت کو بین المسالک ہم آہنگی اور علماء کا کردار یاد آجاتا ہے۔

اسلام امن، برداشت اور بھائی چارے کا دین ہے۔ اسلام میں بے گناہوں کے خون بہانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اسلام اور پاکستان کے دشمن مذہب کے نام پر بے گناہوں کو خون میں نہلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اسلامیان پاکستان اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمنان اسلام کی سازشوں اور وارداتوں کو ناکام بنائیں۔ منہاج القرآن ایک علمی فکری تحریک ہے قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کیلئے پوری دنیا میں اپنا اسلامی و قومی کردار ادا کررہی ہے۔ علماء کرام فروغ امن کے نصاب کا بطور خاص مطالعہ کریں اور امن کے اس پیغام کو تمام انسانیت تک پھیلائیں۔ افواج پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا تاہم پائیدار امن کے قیام کیلئے فکری سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور یہ کام صرف علمائے کرام ہی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے علم اور امن کے فروغ کیلئے منہاج القرآن علماء ونگ کے ملی، مذہبی و قومی کردار کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے محترم علامہ فرحت حسین شاہ، محترم علامہ امداد اللہ قادری، محترم علامہ میر آصف اکبر قادری اور محترم مفتی ارشاد حسین سعیدی نے بھی خطاب کیا۔