محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورہ برطانیہ

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نارتھ آف انگلینڈ کے مختلف شہروں کا تنظیمی دورہ کیا جہاں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنان اور عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ تنظیمی دورہ جات کے دوران وہ شیفلڈ، رادھرم، نیلسن، بلیک برن، ایکرنگٹن، بریڈ فورڈ، ہیلی فیکس، ہڈرزفیلڈ اور برنلے میں گئے۔ ان دورہ جات میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے صدر علی عباس بخاری اور سیکرٹری جنرل معظم رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کارکنان اور وابستگان سے ملاقات میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کارکنان کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کسی سیاسی، سماجی یا مذہبی جماعت کے ایسے باصلاحیت، بے لوث اور پرامن کارکنان نہیں جیسے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ہیں۔ نوجوان اپنے حسنِ کردار اور عملی سرگرمیوں سے خود کو سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کارکن ثابت کریں اور امن و محبت اور برداشت پر مبنی شیخ الاسلام کی تصانیف کو عام کریں

  • محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری دورہ انگلینڈ کے دوران ہائی ویکمب پہنچے۔ منہاج القرآن ساؤتھ آف انگلینڈ کی طرف سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے امیر ظہور احمد نیازی، صدر سید علی عباس بخاری، منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ زون کے صدر محمد شاہد اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ہائی ویکمب کے صدر حافظ سجاد حسین سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے کارکنان شریک تھے۔

حافظ سجاد احمد نے تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ انتہا پسندی، دینِ اسلام اور امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے، ضرب امن کے ذریعے دنیا بھر سے بدامنی اور انتہا پسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ مغرب میں رہائش پذیر والدین آبائی ممالک میں دنیاوی اشیا پر سرمایہ کاری کرنے کے بجائے اپنی اولادوں کے روشن اور محفوظ مستقبل پر توجہ دیں۔ بچوں کی تعلیم کو دیگر معاملات پر ترجیح دی جائے اور دنیاوی اور دینی علوم کو سیکھنے، سمجھنے اور عملی زندگی میں اس کے اطلاق کو اہمیت دی جائے تاکہ امن و امان، برداشت اور محبت پر مبنی معاشرے کو تشکیل دینے میں کردار ادا کیا جاسکے۔

  • امن کانفرنس (پیرس): منہاج القرآن انٹرنیشنل پیرس، فرانس کے زیراہتمام مورخہ 7 مارچ کو امن کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی دنیا کا بہت بڑا مسئلہ ہے، اس سے نبرد آزما ہونے کے لیے آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ آپ جس سوسائٹی میں بھی رہیں اس کی اقدار کا خیال رکھ کر ہی امن کو فروغ دے سکتے ہیں۔ منہاج القرآن اپنے قائد کی قیادت میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام کا قرآن و سنت کی روشنی میں انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے تحقیقاتی کام اسلام کے چہرے پر لگائے جانے والے دہشت گردی کے داغ کو صاف کر رہا ہے۔ شیخ الاسلام عالم اسلام کی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے تعلیمی اداروں میں فروغ امن نصاب پڑھائے جانے کی آواز بلند کی۔ اب ہر ذی شعور کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی اس فکر کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

محترم ڈاکٹر حسین محی الدین کا دورہ جنوبی پنجاب

تحریک منہاج القرآن کے صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین دو روزہ دورہ پر 25 مارچ کو جنوبی پنجاب پہنچے۔ اس دورہ کے دوران انہوں نے کارکنان و رفقاء اور تنظیمات سے ملاقاتیں، ورکرز کنونشن اور فروغ امن کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، ڈاکٹر زبیر، نائب ناظم اعلیٰ شاکر مزاری، راجہ زاہد، جنوبی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عارف رضوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • 26 مارچ 2016ء کو محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مظفر گڑھ میں عوامی تحریک کے ورکرز کنونشن اور فروغ امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صرف لاہور کی چند سڑکوں کی تزئین و آرائش پر صوبہ کے 35اضلاع کا بجٹ لگا یا جا رہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام سیلابوں اور غربت کے عذابوں میں ڈوبنے کیلئے رہ گئے ہیں۔ مقامی جاگیرداروں اور غیر مقامی صنعتکار حکمرانوں نے خواجہ غلام فرید رحمۃ اللہ علیہ ، بہاؤالدین زکریا، شاہ شمس تبریز رحمہم اللہ کی دھرتی سے اچھا سلوک نہیں کیا۔ گورنری، سپیکر شپ اور چند وفاقی اور صوبائی وزارتوں کے عوض خطہ کے کروڑوں عوام کے حقوق کا سودا کیا گیا۔ جس ملک اور خطے کے حکمران قاتل بن جائیں انکے خلاف ضمیر کے مطابق آواز بلند نہ کرنا اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمرانوں کے خلاف صرف عوامی تحریک کے غریب کارکن لڑ رہے ہیں، کیونکہ عوامی تحریک کی صفوں میں غریب مگر غیرت مند کارکن شامل ہیں اور عوامی تحریک کا مرنا جینا غریبوں اور مظلوموں کے ساتھ ہے۔ وقت کے فرعون ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف اس لئے اکٹھے ہو جاتے ہیں کہ انہیں پتہ ہے کہ اصلی اور حقیقی احتساب صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کر سکتے ہیں۔ غریب عوام مایوس نہ ہوں انکے دن بدلنے والے ہیں اور ظالم اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

ورکرز کنونشن سے خواجہ عامر فرید کوریجہ اور جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسان پیکج کے نام پر کسانوں کو دھوکہ دینے والے دھوکے باز اور غدار ہیں، جس دن کسان سڑک پر نکل آیا، ان صنعتکار حکمرانوں کو ان کی دولت اور اقتدار بھی پناہ نہیں دیں گے۔ لہذا قاتل حکمران مخلوق خدا پر ظلم کرنا بند کر دیں۔

ورکرکز کنونشن سے نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری، پروفیسر عبد القدوس درانی، راؤ عارف رضوی، سید ظفر کچھی، علامہ سعید فاروقی، راجہ زاہد محمود، ملک طارق بھابھا، سردار آصف اللہ خان سدوزئی، ڈاکڑ سعد بلوچ، ریاض علیانی، اللہ بخش مکوال، سردار میاں جہانگیر بدر مکوال اور میاں غلام رسول مکوال نے بھی خطاب کیا۔

  • 27 مارچ کو شاہ جمال مظفر گڑھ میں مسلم لیگ ن چھوڑ کر عوامی تحریک میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماء میاں جہانگیر بدر مکول کی رہائش گاہ پر پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے زیر اہتمام تاریخی جلسہ اور عظیم الشان فروغ علم کانفرنس منعقد ہوئی۔ محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ایڈیشنل جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے اس موقع پر خطابات کئے۔ ضلعی امیر پروفیسر طارق چشتی کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔