قدوۃ الاولیاء کانفرنس

7جون 2016ء قدوۃ الاولیاء حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے 25 ویں یوم وصال کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں قدوۃ الاولیاء کانفرنس منعقد ہوئی جس میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور جملہ مرکزی قائدین و سٹاف ممبران نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ

صوفیائے کرام نے لاکھوں دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی۔ جب تک لوگ صوفیاء سے وابستہ تھے اور ان سے علمی، فکری، دینی رہنمائی لیتے رہے تب تک یہ خطہ امن اور محبت کا گہوارا تھا اور لوگ دہشتگردی اور انتہا پسندی نام کی کسی چیز سے واقف نہیں تھے۔ صوفیائے کرام کی درگاہیں ہر قسم کے مسلکی، مذہبی تعصب سے پاک تھیں۔ حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ دنیائے ولایت کے اس آفتاب درخشاں کا نام ہے جنکے فیض سے تحریک منہاج القرآن کا آغاز ہوا اور اس عظیم مشن کو وہ کامیابی اور تحرک ملا کہ آنے والاہر لمحہ اس تحریک کی مقبولیت اور وسعت کا گواہ بنتا چلا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی شخصیت قدوۃ الاولیاء حضور پیر صاحب کی علمی، فکری، تحریکی اور انقلابی سوچ کی وارث ہے۔ یہی صوفیاء فرد کو معاشرے کیلئے امن کا سفیر بناتے ہیں، انکی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے ہیں۔

کانفرنس میں محترم خرم نواز گنڈا پور، محترم احمد نواز انجم، محترم جی ایم ملک، محترم شہزاد رسول قادری، محترم رانا محمد ادریس، محترم سید مشرف شاہ، محترم سید فرحت حسین شاہ، محترم آفتاب شیخ، محترم حاجی اسحق، محترم جواد حامد، محترم ساجد بھٹی، محترم علامہ غلام ربانی تیمور، محترم راجہ ندیم اور عقیدتمندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

کراچی: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ’سیاست برائے ریاست‘ سیمینار

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام 28 مئی 2016ء کو خالقدینا ہال میں ’سیاست برائے ریاست‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی، جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ محترم شیخ رشید احمد مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل محترم خرم نواز گنڈاپور، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل محترم خواجہ عامر فرید کوریجہ، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر محترم سید علی اوسط، محترم قیصر اقبال قادری، محترم سید ظفر اقبال، محترم مسعود عثمانی، صدر ویمن لیگ محترمہ مسز رانی ارشد، محترم الیاس مغل، محترم علامہ رانا نفیس، محترم زاہد لطیف، محترم لیاقت کاظمی، محترم فیصل بلوچ، محترم سلیم احمد اعوان، محترم بشیر خان مروت اور محترم فراز عالم سمیت مختلف سیاسی، سماجی، شوبز، کھیل، تعلیم، قانون، اور صحافت کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک تھیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء دو سال سے انصاف کے منتظر ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ ظلم کے نظام کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔ قوم ظالم نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کرے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کا مقصد قائد اعظم اور اقبال کے گم گشتہ پاکستان کی بازیابی ہے۔

اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ محترم شیخ رشید، سیکرٹری جنرل PAT محترم خرم نواز گنڈا پور اور محترم خواجہ عامر فرید کوریجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست وہ ہوتی ہے جہاں لوگوں کو تحفظ اور روزگار میسر ہو مگر افسوس کہ پاکستان کی عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے۔ موجودہ حکومت نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن پر مشتمل کاروبار دنیا کے 23 سے زائد ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ اپنا سرمایہ ملک سے باہر رکھنے والے وزیراعظم کس منہ سے لوگوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں؟ مک مکا کی سیاست اور لوٹ مار سے پاکستان کا ہر ادارہ کرپٹ ہو چکا ہے اور خسارے کا شکار ہے۔ قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے۔