یاخدا! تاریکیاں مٹ جائیں ارضِ پاک سے

ریاض حسین چودھریؔ

یاخدا! تاریکیاں مٹ جائیں ارضِ پاک سے

یاخدا! میری قبائے شعر میں کرنوں کے پھول
یاخدا! نطق و بیاں کو دولتِ حُبِّ رسول
یاخدا! چشمِ تصور شہرِ مدحت میں رہے
یاخدا! ہوں شاعرِ سرکار کے آنسو قبول

یاخدا! سرکارِ دو عالم کو ہو میرا سلام
یاخدا! خوشبو بنے میری غلامی کا کلام
یاخدا! میرے قلم کو دے مدینے کے گلاب
یاخدا! مدحت نگاری میں ہو میرا اختتام

یاخدا! روحِ ادب، شامِ غزل، ابرِ بہار
یاخدا! ہوں قریۂ عشقِ محمد پر نثار
یاخدا! ارضِ دعا گہوارۂ رحمت بنے
یاخدا! میرا وطن ہے جاں نثاروں کا حصار

یاخدا! تاریکیاں مٹ جائیں ارضِ پاک سے
یاخدا! نسبت مدینے کے خس و خاشاک سے
یاخدا! خاکِ منور سے بنے میرا چراغ
یاخدا! روشن فضا ہو دیدۂ نمناک سے

یاخدا! ہر ہر محلے میں ہو میلادِ رسول
یاخدا! مقصود ہو آقا کی رحمت کا حصول
یاخدا! ہر ہر گلی میں رقص کرتے ہوں چراغ
یاخدا! رحمت کرے اُن کی، مرے آنسو قبول