منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پُر وقار اور عظیم الشان تقریبات

33 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 2016ء

ماہِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری مسلم دنیا کیلئے خوشی و مسرت کا احساس لیکر طلوع ہوتا ہے۔ اس مبارک مہینے کی خوشیوں کے آگے ہماری ذاتی اور اجتماعی خوشیاں ہیچ ہیں۔ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سب سے بڑا پیغام محبت، امن اور سلامتی ہے۔ اس ماہ میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے وابستگان اور کارکنان پوری دنیا میں محافل میلاد کا انعقاد کر کے امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیتے ہیں۔

ہر سال کی طرح امسال بھی ماہ ربیع الاوّل 1438ھ کی آمد کے ساتھ ہی تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چراغاں کیا گیا ہے اور محسنِ انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں میلاد تقریبات کا انعقاد ہوا۔ ان تقریبات کا آغاز 30 صفر کی شام کو استقبال ربیع الاول کے جلوس سے ہوا۔ مرکزی سیکرٹریٹ سے شروع ہونے والے مشعل بردار جلوس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان، شریعہ کالج کے طلبہ اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ جلوس کے شرکاء نے اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے کتبے اور برقی مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔ شرکائے جلوس تمام راستے درود پاک کا ورد کرتے رہے اور ثناء خوانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔ عیدِ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ، جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاون اور اردگرد کی عمارتوں پر خوبصورت چراغاں بھی کیا گیاہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کی طرف سے آنے والے راستوں کو بھی خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گیا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ پر روزانہ نمازِ عشاء کے بعد ’ضیافتِ میلاد‘ کے عنوان سے محفلِ نعت کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ تقریبات 10 ربیع الاوّل تک مرکزی سیکرٹریٹ پر جاری رہیں۔

مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ ان تقاریب کے علاوہ بھی ماہ ربیع الاول میں تحریک کی دنیا بھر میں قائم تنظیمات نے اپنے اپنے علاقوں میں میلاد جلوس اور محافل نعت کا عظیم الشان اہتمام کیا۔ ان محافل اور میلاد جلوس میں کثیر تعداد میں ہر طبقہ زندگی کے نمایاں افراد اور عوام الناس نے خصوصی شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن لاہور نے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں لاہور کے مختلف ٹاؤنز سے 70 سے زائد مقامات سے بسلسلہ استقبال ماہ ربیع الاول مشعل بردار جلوس نکالے۔ واہگہ ٹاؤن، جلو، عزیز بھٹی ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، سمن آباد ٹاؤن، شاہدرہ ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، کاہنہ و دیگر علاقوں میں 30 نومبر سے 10 دسمبر تک روزانہ مشعل بردار جلوس نکالے گئے۔ ماہ ربیع الاول کی آمد کی خوشی میں نکالے جانیوالے جلوسوں میں ہزاروں عشاقان مصطفی شرکت کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت اور وفا کا اظہار کرتے رہے۔ 70 سے زائد مقامات سے نکالے جانیوالے مشعل بردار جلوسوں کی قیادت محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین نے کی اور منہاج القرآن علماء کونسل کے قائدین نے خطاب کیا۔ اہلیان علاقہ، تاجر برادری دیگر سماجی، سیاسی رہنما جگہ جگہ شرکاء جلوس کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ جلسوں کے راستے میں خیر مقدمی بینر لگائے گئے، عمارتوں پر چراغاں کیا گیااور سبیلیں بھی لگائی گئیں۔ (اندرون و بیرون ملک منعقدہ محافل میلاد کے جملہ پروگرامز کی تفصیلات www.minhaj.org پر ملاحظہ فرمائیں)

عالمی میلاد کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کی 33 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس لاہور کے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے 11 دسمبر 2016ء کی شب منعقد ہوئی۔ جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ یہ کانفرنس www.Minhaj.TV نے براہ راست نشر کی۔

کانفرنس کی صدارت شہزادہء غوث الوریٰ جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء حضور پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی نے کی جبکہ جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم اور جامعہ الازھر مصر کے کالج آف ہائر سٹڈیز کے وائس پرنسپل محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر الدسُوقۃ لبان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ میلاد کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، محترم صاحبزادہ احمد مصطفی العربی، سجادہ نشین اجمیر شریف محترم بلال احمد چشتی، محترم صاحبزادہ پیر سلطان احمد علی سجادہ نشین دربار سلطان باہو، سابق وزیراعلی پنجاب محترم میاں منظور احمد وٹو، امیر تحریک محترم صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم خرم نوازگنڈاپور، محترم احمد نواز انجم، محترم بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خاں، ڈائریکٹر نظامت سیکرٹریٹ محترم جواد حامد، محترم علامہ فرحت حسین شاہ، محترم علامہ امداد اللہ قادری سمیت علماء و مشائخ اور ہندو، عیسائی اور سکھ مذہب کے رہنماؤں اور زندگی کے مختلف طبقات کی مہمان شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس میں پاکستان اور دیگر ممالک امریکہ، ڈنمارک، سپین، اٹلی، سعودی عرب، کویت، بحرین، آسٹریا، فرانس، یوکے، افغانستان، کینیڈا، مصر اور انڈیا سے عوامی، سیاسی، سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

عالمی میلاد کانفرنس میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر شریک تھا۔ عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جم غفیر چیئرنگ کراس سے ناصر باغ تک پھیلا ہوا تھا۔ سٹیج کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا۔ خواتین کے بیٹھنے کا علیحدہ انتظام کیا گیا۔ ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرحبا مرحبا کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے 2 ہزار نوجوانوں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے۔ ناظم اعلی محترم خرم نواز گنڈاپور نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے تمام شرکاء کانفرنس اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

عالمی میلاد کانفرنس کا باضابطہ آغاز محترم قاری نور احمد چشتی کی تلاوت سے بعد از نماز عشاء ہوا۔ محترم صاحبزادہ احمد مصطفی العربی نے خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ منہاج نعت کونسل، ظہیر بلالی، امجد بلالی، محمد افضل نوشاہی اور ملک کے نامور نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس سے مصر سے تشریف لائے ہوئے مہمانان گرامی جامعہ الازھر مصر کے نائب صدر محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد محمود احمد ہاشم اور جامعہ الازھر مصر کے کالج آف ہائر سٹڈیز کے وائس پرنسپل محترم پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر الدسُوقۃ لبان نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے خصوصی اظہار خیال کیا اور اس عظیم الشان میلاد کانفرنس کے انعقاد پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کی نمائندہ شخصیات نے بھی اپنے اپنے انداز میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا گھر کعبہ کب، کیسے اور کیوں بنا؟ جب اللہ تعالی نے حضرت آدم علیہ السلام کو زمین ہند پر اتارا تو اللہ چاہتا تو کعبہ اسی جگہ کو بنا دیتا جہاں آدم علیہ السلام کو اتارا تھا۔ اس وقت تو نہ کوئی ہندو تھا، نہ مسلمان تھے اور نہ مشرک تھے۔ اس زمانے میں کوئی بشری مخلوق نہیں تھی اور نہ ہی ملکوں کے نام موجود تھے۔ اللہ تعالی نے مکہ میں کعبہ کیوں بنایا؟ اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ اس شہر کو نسبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حاصل ہونے والی تھی۔ تاریخ میں سب سے پہلے حضرت آدم علیہ السلام آئے اورانہوں نے کعبہ کی تعمیر کی۔ جب اللہ کے گھر کی زیارت کو دل کرتا تو اپنے وطن سے دوبارہ واپس مکہ جا کر اللہ کے گھر کی زیارت کرتے۔ صحیح ابن خزیمہ میں ہے حضرت آدم علیہ السلام کے علاوہ بھی متعدد انبیاء علیھم السلام کا رخ اس لیے کرتے کہ ہر نبی کو معلوم تھا کہ سب انبیاء کے بعد ایک نبی آخر الزماں مبعوث ہوگا، جس کا نام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہوگا۔ انبیاء کا دل بے تاب رہتا تھا کہ وہ نبی آخرالزماں کی زیارت کر لیں، شاید وہ نبی ان کی زندگی میں ہی آ جائے۔

شیخ الاسلام نے میلاد کانفرنس کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ لوگو سارا ایمان نسبتِ مصطفی اور محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہے۔ منہاج القرآن نے 35 سال تک عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو فروغ دیا۔ منہاج القرآن کے رفقاء و کارکنان کو حاصل عشق رسول کی طاقت ہی کی بدولت کارکنوں نے نمرود کی طاقت اور فرعون وقت کے ظلم کا مقابلہ کیا۔ حالات کا زیر و بم کارکنوں کو ڈرا نہ سکا۔ حقیقت یہ ہے کہ جسے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دولت میسر آجائے تو اس کو دنیا کی کوئی طاقت ڈرا نہیں سکتی کیونکہ اصل زندگی اور موت آقا علیہ السلام کی محبت میں ہے۔

افسوس! دینِ امن و سلامتی کے پیروکار آج سب سے زیادہ تشدد، قتل و غارت گری، بد امنی اور بے سکونی سے دوچار ہیں۔ اسلامی دنیا کے عوام جن ابتر حالات سے دوچار ہیں اس کا ذمہ دار کوئی اور نہیں، بدعنوان اور بے عمل حکمران ہیں۔ پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عدل و انصاف کی عظیم روایات کے ذریعے عرب و عجم کو مطیع فرمان کیا۔ آج ہم عدل و انصاف کے راستے کو ترک کر کے اپنے ہی ملکوں اور گھروں میں غلاموں جیسی زندگیاں بسر کر رہے ہیں۔ سربراہ حکومت جب اپنے اقتدار کو دوام دینے کیلئے ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات برپا کرے گا، بے گناہوں کو ناحق قتل کیا جائے گا۔ ریاستی وسائل و اختیارات کواپنی جائز و ناجائز خواہشات کی تکمیل کیلئے بروئے کار لایا جائے گا تو وہاں اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمتوں کا نزول کیونکر ممکن ہوگا؟

آیئے! آج کے مبارک دن کے موقع پر ہم عہد کریں کہ سیرت طیبہ کا صدق دل سے مطالعہ کریں گے اور اپنی زندگیوں کو نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے کے مطابق ڈھالیں گے۔ علم اور تحقیق کو زاد راہ بنائیں گے، امن و محبت، رواداری کواختیار کریں گے۔ تنگ نظری، انتہا پسندی اور تکفیری رجحانات سے نجات کیلئے اللہ کی توفیق کے طلبگار رہیں گے اور انصاف، سچائی کو اپنا فخر بنائیں گے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی میلاد کانفرنس کے اختتام پر رقت آمیز دعا کرواتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ عالم اسلام کو تفرقہ بازی، بد عنوانی، تشدد، نا انصافی سے پاک کرے۔ عراق، شام، افغانستان، یمن کو داخلی انتشار و خلفشار سے نجات دے۔ کشمیر، فلسطین، برما سمیت جہاں جہاں مسلمان اکثریتی مظالم کا شکار ہیں اور بزور بندوق غلامانہ زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اللہ تعالیٰ انہیں آزادی، امن اور خوشحالی سے بہرہ مند کرے اور عالم اسلام کو قرآنی حکم لاتفرقو پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی اور کہا کہ ظلم کرنے والے دنیا اور آخرت میں رسوا ہونگے اور بے گناہ انسانی خون کے ہر قطرے کا حساب دیں گے۔

عالمی میلاد کانفرنس کے عظیم الشان انتظامات کی سر پرستی محترم ڈاکٹر حسن محی الدین، محترم ڈاکٹر حسین محی الدین، محترم بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خاں، امیر تحریک منہاج القرآن محترم صاحبزادہ فیض الرحمان درانی اور محترم خرم نواز گنڈا پور نے کی۔ مثالی انتظامات پر شیخ الاسلام نے سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس محترم جواد حامد کو مبارکباد دی۔

میلاد النبی2016ء کے موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طبع ہونے والی نئی کتب

  1. حروفِ مقطعات کا قرآنی فلسفہ
  2. کَشْفُ الْغِطَا عَنْ مَعْرِفَةِ الْاَقْسَامِ لِلْمُصْطَفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (شانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں قرآنی قَسمیں)

اِس کتاب میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شانِ اَقدس میں کھائی گئی 43 قرآنی قسموں کا نہایت اِیمان اَفروز اور محبت آمیز بیان کیا گیا ہے۔

  1. اِزَالَة الْغُمَّة عَنْ حُجِّيَّةِ الْحَدِيْثِ وَالسُّنَّة (حجیتِ حدیث و سنت )

اِس کتاب میں اْردو ترجمہ کے ساتھ سینکڑوں احادیث مبارکہ، اَئمہ و محدثین اور سلف صالحین کے اَقوال کی روشنی میں ثابت کیا گیا ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث مبارک اور سنت مطہرہ بھی اْسی طرح سند اور قابلِ حجت ہیں جس طرح قرآن مجید ہے۔

  1. فَضَائِلُ عَلِیٍّ وَفَاطِمَةَ وَالْحَسَنَيْنِ عليهم السلام مَا رَوَی الْبُخَارِیُّ وَمُسْلِمْ فِی الصَّحِيْحَيْنِ

(اَربعین: صحیح بخاری و صحیح مسلم میں مذکور سیدنا علی المرتضیٰ، سیدہ کائنات اور حسنین کریمین علیہم السلام کے فضائل و مناقب)

  1. اَلْکِفَايَة فِی حَدِيْثِ الْوِلَايَة (حدیثِ ولایتِ علی رضی اللہ عنہ کا تحقیقی جائزہ )

بعض لوگ ولایت علی کے مضمون پر مشتمل حدیث مبارک کی ثقاہت اور سند پر اِعتراضات وارد کرتے ہوئے اسے ضعیف یا موضوع ثابت کرنے کی سعیِ لاحاصل کرتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اِس کتاب میں یہ حدیث مبارک اُردو ترجمہ کے ساتھ 153 مختلف اسانید و طُرُق سے بیان کی ہے اور ان کے رُواۃ اور صحت پر تفصیلی بحث کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ 153 طْرْق میں سے اکثر صحیح یا حسن ہیں۔ اِس حدیث پر کی جانے والی نقد و جرح کا اُصولِ حدیث کے مطابق تسلی بخش ردّ بھی کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حدیثِ ولایتِ علی رضی اللہ عنہ ‘ کو روایت کرنے والے اَٹھانوے (98) صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اَسماء گرامی بھی آخر میں دیے گئے ہیں۔

  1. اَلْاِنْتِقَا مِنْ طُرُقِ الْحَدِيْثِ: اَنْتَ مِنِّی بِمَنْزِلَةِ هَارُوْنَ مِنْ مُوْسٰی عليهما السلام

اِس کتاب میں اِس حدیث مبارکہ کہ ’’سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وہی نسبت ہے جو ہارون علیہ السلام کو موسیٰ علیہ السلام سے تھی‘‘ کے 128 مختلف اسانید اور طُرُق مع اُردو ترجمہ درج کی گئی ہیں، جن سے اِس حدیث کی شہرت و قبولیت پر روشنی پڑتی ہے۔

  1. اَلْقَوْلُ الْقَيِّم فِی بَابِ مَدِيْنَةِ الْعِلْم عليه السلام (بابِ مدینہ علم علیہ السلام)

اِس کتاب میں شیخ الاسلام نے فقط اِس ایک حدیث مبارک کی مختلف اسانید و طُرُق، رواۃ اور صحت پر تفصیلی بحث کی ہے، جن سے سیدنا علی علیہ السلام کی وْسعتِ علمی اور حکمت و معرفت کے بحرِ بیکراں کا اِدراک ہوتا ہے۔

  1. خَيْرُ الْمَآب فِيمَنْ بُشِّرَ بِالْجَنَّةِ مِنَ الْاَصْحَاب

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے جنتی ہونے کی بشارات کا سلسلہ صرف عشرہ مبشرہ تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مختلف مواقع پر کئی صحابہ کرام یا طبقۂ صحابہ کا نام لے کر انہیں بہشت کی نعمتِ جاوداں کی خوش خبری سے سرفراز فرمایا ہے۔ اس کتاب میں 15 صحابیات رضی اللہ عنہن سمیت جنت کی خصوصی بشارت پانے والے 60 صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے تذکار موجود ہیں۔

  1. اِیمان، یقین اور اِستقامت

اس کتاب کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ اَہلِ حق ایمان، یقین اور اِستقامت کے نسخۂ کیمیا کے ذریعے اپنی منزلِ مقصود کو پا لیتے ہیں۔ حالات جیسے بھی ہوں، انقلابیوں کو مایوسی کا شکار ہو کر اپنی قوت کو بکھرنے نہیں دینا چاہیے بلکہ ایمان، یقین اور استقامت کی مدد سے اپنا سفر جاری رکھنا چاہیے۔ بالآخر فتح حق کی ہوتی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب سرزمینِ پاک پر مصطفوی پھریرا لہرائے گا اور چار دانگِ عالم اِس مشن کا آفتاب جگمگا رہا ہوگا۔ (اِن شاء اللہ عزوجل۔)

  1. تعلیماتِ اِسلام سیریز 11: بچوں کی تعلیم و تربیت اور والدین کا کردار (2 سے 10 سال کی عمر تک)

زیرِ نظر کتاب میں بچوں کی تربیت کے متعلق شیخ الاسلام کے گلشنِ اَفکار سے گہر ہائے گراں مایہ مرتب کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام‘ کی گیارہویں کڑی ہے جب کہ بچوں کے حوالے سے دوسری کتاب ہے۔ اس میں اِسلامی تعلیمات اور بچوں کی نفسیات کی روشنی میں ان کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے 180 سوالات پر مشتمل ایک رہبر نامہ ترتیب دیا گیا۔

11۔ MAWLIDAL-NABIA [According to the Imams & Hadith Scholars]

انگریزی زبان میں طبع ہونے والی اِس کتاب میں جشنِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت کو 55 اَئمہ و محدثین اور سلف صالحین کے اَقوال کی روشنی میں انتہائی خوب صورتی سے اْجاگر کیا گیا ہے۔

12۔ INNOVATION [According to the Imams & Hadith Scholars]

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انگریزی زبان میں طبع ہونے والی اِس نئی کتاب میں بدعت کا حقیقی تصور 45 اَئمہ و محدثین اور سلف صالحین کے اَقوال کی روشنی میں اِنتہائی مدلل طریقے سے واضح کیا گیا ہے۔

13۔ INTERMEDIATION [According to the Imams & Hadith Scholars]

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انگریزی زبان میں طبع ہونے والی اِس نئی کتاب میں توسل اور وسیلے کا حقیقی تصور 93 اَئمہ و محدثین اور سلف صالحین کے اَقوال کی روشنی میں بڑے خوب صورت اور مدلل پیرائے میں اُجاگر کیا گیا ہے۔