منہاج القرآن یوتھ لیگ کی ضربِ امن مہم اور Say no to terrorism کیمپ کا انعقاد

رپورٹ

دہشت گردی کی لہر نے اِس وقت پوری دنیا بالخصوص پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا عفریت پوری طرح چھایا ہوا ہے جس میں آئے روز معصوم اور بے گناہ انسان اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ انسانیت کی سلامتی اور بقا کا انحصار انتہا پسندی اور دہشت گردی سے کلیتاً چھٹکارا پانے میں ہی مضمر ہے۔ خالقِ کائنات تمام مخلوقات پر نہایت مہربان، انتہائی رحم فرمانے والا ہے اور نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سراپا رحمت اور مجسم شفقت ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بناکر مبعوث فرمایا گیا ہے، لہذا یہ کیسے ممکن ہے کہ سراپا رحمت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام لیوا ایک دوسرے کا گلا کاٹتے پھریں؟ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے تمام اقدامات سراسر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے خلاف ہیں اور کسی طور دینِ اسلام میں شمار نہیں ہوسکتے۔ بنا بریں امت محمدیہ کا ہر فرد اخوت، رواداری، اعتدال، برداشت اور شفقت و رحمت کا پیکر ہونا چاہئے۔ دہشت گردی کے اس عالم گیر فتنے کے خلاف ہم سب کو متحد ہوکر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی کیونکہ اس لعنت کا تدارک جتنی جلد ممکن ہوسکے، ملک و ملت کے حق میں اتنا ہی بہتر ہوگا۔

ربع صدی سے امت مسلمہ بالعموم اور وطن عزیز بالخصوص جس تنگ نظری، انتہاء پسندی، شدت پسندی اور دہشت گردی کی عالمی جنگ کی لپیٹ میں ہے، اس کو قائدِ ملتِ اسلامیہ سفیرِ امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی سطح پر دنیا بھر میں مختلف زبانوں میں دہشتگردی کے خلاف فتویٰ، نصابِ امن اور عالمی امن کانفرنسز کی صورت میں علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر فرنٹ لائن پر Counter کیا ہے۔ جس سے دنیا بھر میں اسلام کا تشخص بحال ہوا۔

اب تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ فورمز (MYL,MSM,MWL) بالخصوص منہاج القرآن یوتھ لیگ نے انتہاء پسندی دہشت گردی کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ان فکری و نظریاتی خدمات کو ایک بہت بڑی ملک گیر مہم ضربِ امن کی صورت میں لانچ کیا ہے، جس کے ذریعے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنان Peace Workers اور Peace Ambassadors کی صورت میں تحصیلات، یونین کونسلز، وارڈز اور دیہات میں Door to Door جارہے ہیں اور امن، محبت، برداشت اور رواداری کے پیغام پر مشتمل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مرتب کردہ قرار داد امن پر دستخط کروارہے ہیں اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ یوں ملک ضرب امن مہم کے ذریعے لاکھوں افراد قرار داد امن پر دستخط کرکے عالمی سطح پر پیغام دیں گے کہ پاکستان کی اکثریت نہ صرف تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی سے لاتعلقی کا اعلان کرتی ہے بلکہ انسانیت کے لئے امن، محبت، برداشت اور رواداری کے کلچر کے فروغ کے لئے ’’سفیرِ امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری‘‘ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ضربِ امن (قرار داد امن دستخطی مہم) کے مقاصد

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی و انتہاء پسندی کی فکری بیخ کنی کے لئے ’’ضربِ عضب‘‘ کے ساتھ ’’ضربِ امن‘‘ کو وقت کی آواز قرار دیا ہے۔ اس ضربِ امن کو کامیاب بنانے کے لئے ہر فرد کو اس کڑے وقت میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سپاہی کی حیثیت سے فکری محاذ پر عملی کردار ادا کرنا ہوگا اور قوم کو خوابِ غفلت سے جگانے کے لئے میدانِ عمل میں اترنا ہوگا۔ فروغِ امن کی اس فکری اور عملی جدوجہد ’’ضربِ امن‘‘ کو ہم ان شاء اللہ پاکستان کے ہر شہر قصبہ اور ہر قریہ پہنچائیں گے۔ ہماری یہ مہم تحریک کی دعوت کے فروغ، کارکنان کے تحرک، نظریاتی تربیت اور عوام الناس کی فکری رہنمائی میں غیر معمولی کردار ادا کرے گی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اس منفرد اور نہایت اہمیت کی حامل ’’ضربِ امن‘‘ مہم کے درج ذیل مقاصد ہیں:

  1. قیام امن کے لئے اجتماعی کردار
  2. اسلام کے تشخص اور تعلیمات کا فروغ
  3. دہشت گردی کے خلاف عملی کردار
  4. براہِ راست رابطہ عوام مہم اور فروغ دعوت
  5. کارکنان کو دعوتی عمل میں شریک کرکے متحرک کرنا
  6. تنظیمی جمود کا خاتمہ
  7. کارکنان کی نظریاتی تربیت کا حصول
  8. عوام الناس کی فکری رہنمائی
  • ضربِ امن مہم کے زیر اہتمام پاکستان کے ہر صوبائی اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ساتھ ساتھ اہم اضلاع کی سطح پر 63 کے قریب ٹریننگ ورکشاپس منعقد ہوئیں جن میں 5ہزار پیس ورکر تیار کئے گئے۔ ان پیس ورکرز نے عوامی سطح پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ضربِ امن مہم کے مقاصد اور قرار دادِ امن کو پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
  • ضربِ امن مہم کے زیر تحت دستخطی مہم بھی شروع کی گئی، اس Door to Door دستخطی مہم کے دوران تحصیلی اور ضلعی سطح پر ضربِ امن ریلیز، ضربِ امن سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا گیا جن میں بڑے بڑے بینرز پر شرکاء سے دستخط لئے گئے۔ ان بینرز کو آئندہ عالمی سطح پر پیش کیا جائے گا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ڈویژنل و ضلعی کوآرڈینیٹرز، ضلعی و تحصیلی صدور اور جملہ عہدیداران ضربِ امن مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔
  • ضربِ امن مہم کے دوران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے تیار کردہ ’’قرار دادِ امن‘‘ اس مہم کا مرکزی نقطہ ہے۔ یہ قرار دادِ امن دہشت گردی اور انتہاء پسندانہ سوچ کے خاتمے کا باعث بنے گی اور اس کے ذریعے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عطا کردہ حقیقی تعلیماتِ امن، محبت اور رواداری کا فروغ ہوگا۔ ضربِ امن کا ہتھیار’’ قرار دادِ امن‘‘ ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر ایسے پرامن معاشرے کا قیام ہے جو امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کا حسین مظہر ہو۔

ماہنامہ منہاج القرآن کے گزشتہ شماروں میں قارئین منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ضربِ امن مہم اور قرار دادِ امن کے سلسلہ میں منعقدہ سرگرمیوں کے بارے میں گاہے بگاہے مطلع ہوتے رہے ہیں۔ یہ ضربِ امن مہم اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ اس آخری مرحلے کی سرگرمیاں درج ذیل ہیں:

  • گزشتہ ماہ مئی میں نوجوان نسل کو دہشتگردی اور انتہاپسندانہ سوچ سے بچانے اور اعتدال اور امن پسندی کی طرف راغب کرنے کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے تحت پچھلے ایک سال سے جاری ملک گیر ضربِ امن مہم کے آخری مرحلے میں خیبر تا کراچی چھوٹے بڑے شہروں میں تقریباً 60 مقامات پر Say No To Terrorism کے عنوان سے کیمپس لگائے گئے۔ ان شہروں میں مانسہرہ، ابیٹ آباد، خان پور، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، پنڈ دادنخان، میانوالی، عیسی خیل، پپلاں، واں بھچراں، گجرات، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، گکھڑ (گوجرانوالہ)، لاہور، فیصل آباد، قصور، سیالکوٹ، جڑانوالہ، لودھراں، رحیم یار خان، بہاولپور، جیکب آباد، سکھر، گھوٹکی، ڈھرکی، میرپور ماتھیلو، لاڑکانہ اور کراچی کے مختلف ٹاونز قابل ذکر ہیں۔

ان کیمپس میں مرکزی صدر منھاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان، سینئر نائب صدر ملک وقار، نائب صدر عصمت علی، نائب صدر سیف اللہ بھنگر، صدر راولپنڈی ڈویژن چوہدری زین جٹ، صدر سرگودھا ڈویژن عرفان الحسن خان ایڈووکیٹ، صدر منڈی بہاؤالدین ڈاکٹر فیاض، صدر، صدر حافظ آباد یاسر عرفات وٹو، سیالکوٹ اشرف گجر، صدر کراچی فہیم خان، صدر لاہور حاجی فرخ خان، صدر فیصل آباد رانا ساجد، صدر بہاولپور ڈویڑن افتخار فانی،صدر لودھراں ارشد علی مرزا نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر صوبائی ذمہ داران کے علاوہ علاقائی سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان کیمپس میں قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قرارداد امن پر دستخط لیے گئے۔ ہزاروں نوجوانوں نے دہشتگردی کے خلاف مہم میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی کاوشوں کو سراہا اور ساتھ مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا۔