تحریک منہاج القرآن کا ستائیسواں یوم تاسیس اور عید ملن پارٹی

کشور شاہین

18 اکتوبر 2007ء بروز جمعرات مرکزی سیکرٹریٹ میں عید ملن پارٹی اور تحریک منہاج القرآن کے ستائیسویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی صاحبزادہ حسین محی الدین قادری جگر گوشہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں محترم امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی، محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، محترم نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور دیگر قائدین تحریک، ناظمین اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے جملہ کارکنان نے شرکت کی۔

تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد معزز مہمانان گرامی نے گذشتہ عید کی مبارک باد دی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک کے 27 سالہ سفر کے نشیب و فراز پر روشنی ڈالی۔ محترم ساجد محمود بھٹی (ناظم یوتھ)، مفتی اعظم محترم عبدالقیوم ہزاروی، محترم ڈاکٹر شاہد محمود (ناظم میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز)، محترم احمد نواز انجم (امیر پنجاب)، محترم جی ایم ملک (ناظم امور خارجہ) نے جہاں سب کو گذشتہ عید کی مبارک باد پیش کی وہاں تحریک کے جملہ کارکنان اور وابستگان کو اعتکاف کی بھرپور کامیابی پر مبارک باد بھی پیش کی۔ محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض نے تحریک کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور تحریکی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے قائد تحریک کے ساتھ حبی، قلبی، فکری اور نظریاتی وابستگی کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اعتکاف کی بھرپور کامیابی پر سب کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ عید ملن پارٹی اور اعتکاف کی بھرپور کامیابی کی خوشی میں تمام کارکنان کے لئے ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا اور اعتکاف میں بھرپور کارکردگی پر انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

آخر میں اجلاس کے مہمان خصوصی صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے تمام شرکاء پروگرام کو اعتکاف و عید کی بھرپور مبارک باد پیش کی۔ آپ نے قائدین و وابستگان تحریک سے آخرت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں ہر وقت اپنی آخرت کے لئے تیاری کرنی چاہئے۔ آپ نے حضرت ابوبکر شبلی رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول مبارک بیان فرمایا کہ

دنیا کے لئے اتنا کرو جتنا تم نے اس میں رہنا ہے۔ آخرت کے لئے اتنا کرو جتنا تم نے اس میں رہنا ہے۔ مولا کے لئے اتنا کرو جتنا تمہیں اس کی حاجت ہے۔

اور دوزخ کے لئے اتنا کرو جتنا کہ تم میں اسے برداشت کرنے کی ہمت ہے۔

صاحبزادہ حسین محی الدین کی اس خوبصورت تربیتی گفتگو کے بعد یوم تاسیس کی خوشی میں کیک کاٹا گیا جس میں آپ کے ساتھ جملہ قائدین تحریک، محترم امیر تحریک، محترم ناظم اعلیٰ، محترم نائب امیر تحریک، محترم نائب ناظم اعلیٰ، بھی شامل تھے۔ بعد ازاں منہاج القرآن ویمن لیگ سے فوزیہ شوکت صاحبہ، شازیہ شاہین صاحبہ، کشور شاہین صاحبہ اور انچارج حجاب ہاؤس مریم نذیر صاحبہ نے بھی کیک کاٹا۔