آپ کی الجھنیں (الفیوضات المحمدیۃ سے حل)

معزز قارئین! روزمرہ زندگی میں درپیش مسائل کے حل، پریشانیوں اور ظاہر وباطن کے امراض کے علاج کے لئے ’’آپ کی الجھنیں‘‘ کے عنوان سے ماہنامہ دختران اسلام میں سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ جس کا حل شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب ’’الفیوضات المحمدیہ‘‘ سے حاصل کردہ وظائف کی روشنی میں دیا جاتا ہے۔ آپ بھی اپنے روحانی مسائل کے حل کے لئے سوال بھیج کر رہنمائی حاصل کرسکتی ہیں۔ (ادارہ)

عزت و ناموس اور دشمنوں کے شر سے حفاظت

سوال۔ عزت و ناموس کو خطرہ ہو تو اس کی حفاظت کے لئے کوئی وظیفہ تجویز فرمائیں؟ (سلمیٰ سلیم۔ کراچی)

جواب۔ گھریلو پریشانی، دشمن کے حملے کا خوف، کاروباری نقصان کا اندیشہ اور عزت و ناموس کو خطرہ ہو تو اس کی حفاظت کے لئے مندرجہ ذیل وظائف نہایت مفید و موثر ہیں۔

پہلا وظیفہ

اَعُوْذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطٰنِ الرَّجِيْمِ.

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ.

وَأَيُّوبَ إِذْ نَادَى رَبَّهُ أَنِّي مَسَّنِيَ الضُّرُّ وَأَنتَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَO فَاسْتَجَبْنَا لَهُ فَكَشَفْنَا مَا بِهِ مِن ضُرٍّ وَآتَيْنَاهُ أَهْلَهُ وَمِثْلَهُم مَّعَهُمْ رَحْمَةً مِّنْ عِندِنَا وَذِكْرَى لِلْعَابِدِينَO

(الانبياء : 21 : 83 - 84)

’’اور ایوب (علیہ السلام کا قصہ یاد کریں) جب انہوں نے اپنے رب کو پکارا کہ مجھے تکلیف چھورہی ہے اور تو سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر مہربان ہے‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)

دونوں آیات دس بار پڑھیں پھر گیارہویں مرتبہ ایک تسبیح (100 مرتبہ) درج ذیل آیت کی کریں :

رَبِّ اَنِّيْ مَسَّنِیَ الضُّرُّ وَاَنْتَ اَرْحَمُ الرَّحِمِيْنَ.

جب تسبیح ختم ہوجائے تو پھر اول تا آخر دونوں آیات مکمل پڑھیں۔ اس وظیفہ کو 7دن ، 11دن یا 40 دن تک جاری رکھیں۔

دوسرا وظیفہ

جب دشمنوں کے نقصان پہنچنے اور حاسدوں کے شر، جان و مال اور عزت و آبرو کو خطرہ لاحق ہو تو درج ذیل وظیفہ بھی مفید ہے۔

فَاللّهُ خَيْرٌ حَافِظًا وَهُوَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَO

(يوسف : 12 : 64)

’’اللہ ہی بہتر حفاظت فرمانے والا ہے اور وہی سب مہربانوں سے زیادہ مہربان ہے‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)

یہ وظیفہ 100 بار پڑھیں اور اول و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھیں، ان شاء اللہ اس وظیفہ کی برکت سے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہوگا، سازشیں دم توڑ جائیں گی اور اللہ کی طرف سے مدد و نصرت حاصل ہوگی۔

  • یہ وظیفہ سفر میں حفاظت کے لئے مفید ہے۔
  • اس وظیفہ کو 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔

طعنہ زنی اور جھوٹے پراپیگنڈہ میں صبر کیلئے وظیفہ

سوال۔ لوگوں کی طرف سے طعنہ زنی، جھوٹی سازشوں اور الزام تراشی کی وجہ سے دل پر بوجھ ہو تو اس صورتحال میں برداشت اور صبر کے لئے کوئی وظیفہ تجویز فرمائیں؟ (سعدیہ لطیف۔ سرگودھا)

جواب۔ اگر لوگوں کی طرف سے طعنہ زنی، غیبت، جھوٹا پراپیگنڈا اور سازشیں ہوں جس کی وجہ سے دل میں حزن و ملال اور غم و اندوہ کی کیفیت ہو یا کسی جانی مالی اور جسمانی نقصان کی وجہ سے دل پر بوجھ، غم اور بے صبری ہو تو اس صورتحال میں درج ذیل وظیفہ نہایت مفید و موثر ہے۔

فَصَبْرٌ جَمِيلٌ وَاللّهُ الْمُسْتَعَانُ عَلَى مَا تَصِفُونَO

(يوسف : 12 : 18)

’’پس (اس حادثہ پر) صبر ہی بہتر ہے اور اللہ ہی سے مدد چاہتا ہوں اس پر جو کچھ تم بیان کررہے ہو‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)

اس وظیفہ کو 40 بار یا 100 بار پڑھ کر صبح و شام دم کریں۔ پانی دم کرکے پئیں، پلائیں، اول و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھیں۔ اس وظیفہ کو 40 دن تک یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔

(الفیوضات المحمدیہ، 379 - 380)