بیرون ملک منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

دی ہیگ میں شاندار عید ملن پارٹی میں

منہاج القرآن ویمن لیگ دی ہیگ کے زیراہتمام عیدالفطر کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے خواتین اور بچوں کے لئے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ محترمہ سیرت خالد نے تلاوت کلام پاک اور محترمہ عندلیب شیخ اور ساتھی بہنوں نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ اس کے بعد صدر منہاج ویمن لیگ دی ہیگ مسز سرشاد علی نے افتتاحیہ کلمات ادا کئے اور تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ معزز مہمان خواتین کی دلچسپی کے لئے انتہائی خوبصورت سلسلے پیش کئے گئے جن میں اسلام، پاکستان اور جنرل نالج کے حوالے سے سوال کئے گئے۔میزبانی کے فرائض مسز مقصود احمد شاہ اور مسز جاوید نے سرانجام دیئے اور صحیح جوابات پر خوبصورت انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ قرعہ اندازی اور بچیوں کے درمیان میوزیکل چیئر کے خوبصورت مقابلے ہوئے۔ دوران پارٹی مسز سید مقصود احمد شاہ نے تحریک منہاج القرآن کا تعارف کروایا۔ پرتکلف ڈنر نے چار چاند لگا دیئے۔ تمام پروگرام کو خواتین نے بہت انجوائے کیا اور سراہا۔ مرکز منہاج القرآن کی بڑی اور ننھی منی طالبات خوبصورت اور رنگ برنگ لباس پہنے ماحول کو مزید خوبصورت بنارہی تھیں۔ پروگرام کے انعقاد میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین نے بھرپور محنت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کی مرکزی تنظیم نے خصوصی تعاون کیا۔ آخر میں سرپرست ویمن لیگ محترمہ شفقت نے خصوصی دعا کروائی۔ پروگرام کو خوبصورتی اور کامیابی سے منعقد کرنے میں ان بہنوں کا کردار قابل ذکر ہے۔ محترمہ نائلہ نذیر چوہدری، محترمہ ریحانہ راجہ رفعت، مسز رشیدہ صغیر مرزا، محترمہ فائزہ صغیر مرزا، محترمہ ثنا مقصود شاہ، محترمہ ماہ نور مقصود شاہ، محترمہ زاہدہ نواز، محترمہ مسز فہمیدہ خالد محمود چودہری، محترمہ تابندہ خالد محمود اورتمام مہمان خواتین نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی انتظامیہ کو اس قدر خوبصورت پروگرام منعقد کروانے پر مبارکباد دی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ آریزو

یکم نومبر 2007ء منہاج القرآن ویمن لیگ آریزو کے زیر اہتمام محفل میلاد کا انعقاد ہوا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے محترمہ سیرت علی نے کیا جبکہ تمام خواتین نے مل کر حمد پڑھی۔ اس محفل میلاد میں منہاج القرآن ویمن لیگ کارپی کی صدر مسز عظمیٰ ظہیر، ناظمہ نشرو اشاعت محترمہ صائمہ نورین اور مسز ثمینہ راشد نے خصوصی شرکت کی۔ مسز عظمیٰ ظہیر نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف کروایا اور اس بات پر زور دیا کہ دین کی اشاعت کے لئے جتنا فرض مسلمان مرد کے لئے ہے اتنا ہی مسلمان عورت کے لئے بھی ہے اس لئے خواتین کو بھی اس میدان میں مردوں سے بڑھ کر کام کرنا چاہئے جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر مسز شازیہ اور ناظمہ مسز عظمیٰ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس محفل میں آریزو منہاج القرآن ویمن لیگ کی ایگزیکٹو کے علاوہ کثیر خواتین نے شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ بلزانو

10نومبر2007ء بروز ہفتہ منہاج القرآن ویمن لیگ بلزانو کے زیر اہتمام برکسن Brixen میں محفل میلاد کا انعقاد ہوا۔ اس محفل میں منہاج القرآن ویمن لیگ کارپی کی صدر مسز عظمیٰ ظہیر ناظمہ نشرو اشاعت محترمہ صائمہ نورین اور مسز ثمینہ راشد نے خصوصی شرکت کی۔ مسز عظمیٰ ظہیر نے منہاج القرآن ویمن لیگ بلزانو کی تنظیم نو پر مبارکباد پیش کی جس کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

محترمہ رضیہ سلطانہ (صدر)، محترمہ صاعقہ مناف (نائب صدر)، محترمہ نزہت پروین تبسم (نائب صدر)، محترمہ سمیعہ مشتاق (نائب صدر)، محترمہ فریدہ سلطانہ (ناظمہ)، محترمہ نسیم فاطمہ (نائب ناظمہ)، محترمہ شبانہ شمشاد (نائب ناظمہ)، محترمہ تسلیم فاطمہ (ناظمہ نشرو اشاعت)، محترمہ سمیرا اقبال (نائب ناظمہ نشرو اشاعت)، محترمہ نرگس انجم (ناظمہ دعوت و تربیت)، محترمہ منفیہ جان (نائب ناظمہ دعوت و تربیت)

تلاوت کلام پاک کا شرف محترمہ تسلیم فاطمہ نے حاصل کیا جبکہ مسز ثمینہ راشد کو ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد خواتین میں شعور و آگہی بیدار کرنے کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو ہوئی اور خواتین کے معاشرتی حقوق پر روشنی ڈالی گئی کہ خواتین معاشرے کا حصہ ہیں اس لئے ان کا باشعور ہونا بہت ضروری ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کارپی

25 نومبر بروز اتوار منہاج القرآن ویمن لیگ کارپی کے زیر اہتمام محفل گیارہویں شریف کا اہتمام ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد نعت شریف کا نذرانہ مسز ثمینہ راشد نے پیش کیا جبکہ بچیوں نے دف کے ساتھ نعت پڑھی۔ اس محفل میں علامہ سید غلام مصطفی مشہدی نے حضرت سیدنا عبدالقادر جیلانی حضورت غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے ایمان افروز واقعات سنائے جس سے دلوں کو سرور ملا۔ محفل کے آخر میں تمام خواتین کو لنگر پیش کیا گیا۔

لندن (یوکے)

رپورٹ : نزہت پرویز

منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے مرکز پر خواتین، بچوں اور یوتھ کے لئے تعلیم و تربیت کے حوالے سے اس وقت درج ذیل پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔

1۔ خواتین کے لئے

i۔ ناظرہ قرآن لیڈیز کلاس : ہفتہ وار بروز منگل بوقت 11:00am - 10:00am

ii۔ اسلامک عالمہ کورس برائے لیڈیز : ہفتہ وار بروز منگل بوقت 01:00pm - 11:00am عالمہ کورس کی پچھلی دو سیریز بڑی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئیں۔ پہلے کورس میں سورۃ النور اور سورۃ الحجرات پڑھائی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی الحدیث میں المنہاج السوی بھی پڑھائی گئی۔ سورۃ النور اور سورۃ الحجرات مع ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھانے کے فرائض امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن محترم علامہ محمد صادق قریشی نے سرانجام دیئے جبکہ الحدیث کے فرائض محترم علامہ نعیم طارق نے سرانجام دیئے۔ دونوں حضرات نے بڑی محنت اور احسن طریقے سے پڑھانے کا فریضہ سرانجام دیا۔ اس کورس کے مکمل ہونے کے بعد امتحانات ہوئے اور خواتین نے Thesis بھی جمع کروائے۔ اس کے بعد تقریب اسناد میں نتائج کا اعلان کیا گیا۔ راقمۃ الحروف نے پہلی پوزیشن، محترمہ ذریدہ شفیق نے دوسری پوزیشن اور محترمہ جنت الفردوس ناصر اور محترمہ فریدہ ڈار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سیریز 2میں سورۃ الاحزاب بھی بہت ہی احسن طریقے سے محترم علامہ محمد صادق قریشی نے پڑھائی۔ الحدیث میں الاربعین فی فضائل النبی الامین تصنیف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، محترمہ فائزہ قادری (عالمہ فاضلہ منہاج یونیورسٹی) نے پڑھائی۔ 3سیشن میں سورۃ النساء پڑھائی جارہی ہے۔ اس سورۃ کی تدریس کے فرائض بھی علامہ محمد صادق قریشی انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی الحدیث میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف العقدالثمین فی مناقب امہات المومنین کو پڑھانے کی سعادت محترمہ فائزہ قادری کے حصے میں آئی ہے۔

iii۔ تجوید کورس برائے خواتین : تاحال ابتدائی تجوید کورس بروز جمعرات بوقت 07:00pm - 06:00pm کی کلاس محترم قاری جمیل سہروردی لے رہے ہیں جبکہ بروز اتوار بوقت 01:00pm - 11:00am، قرآن حکیم تجوید کے ساتھ پڑھایا جاتا ہے، نماز تجوید کے ساتھ سکھائی جاتی ہے اور طریقہ وضو، نماز، غسل اور اس سے متعلق بنیادی مسائل بتائے جاتے ہیں۔

iv۔ ماہانہ محفل نعت و ذکر برائے خواتین : ماہانہ محفل نعت و ذکر بروز اتوار بوقت 5:30pm - 1:30pm باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے جس میں خواتین کی کثیر تعداد شریک ہوتی ہے اور حلقہ ذکر پر خصوصی زور دیا جاتا ہے۔

v۔ مینا بازار : ہر سال کی طرح امسال بھی گرمیوں کی چھٹیوں میں لندن مرکز پر مینا بازار منعقد کیا گیا۔ مختلف قسم کے اسٹال لگائے گئے جن میں کھانے پینے کے اسٹال نمایاں تھے۔ اس مینا بازار کا مقصد خصوصاً ویمن لیگ کے لئے فنڈ ریزنگ اور آس پاس کی لوکل کمیونٹی میں باہمی تعلقات کو بڑھانا ہے۔

بچوں کے تربیتی پروگرام

ایوننگ سکول میں سارا سال بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ہفتہ میں دو روز بروز جمعہ اور پیر دینی تعلیم دی جاتی ہے مضامین میں القرآن والحدیث (مع ترجمہ)، فقہ، سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اسلامی روایات اور واقعات، شامل ہیں۔

یوتھ کے لئے کورسز

ویک اینڈ سکول، بیت الحکمۃ میں ہفتہ وار کورس بروز اتوار بوقت 12pm باقاعدگی سے جاری ہے۔ اس سے پہلے یوتھ کے لئے بیت الحکمۃ کی پہلی اور دوسری سیریز بڑی کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی جس میں امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن محترم علامہ محمد صادق قریشی اور علامہ عبدالباسط قادری استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مضامین میں القرآن، الحدیث، عقائد اور سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل ہیں۔ یکم جولائی سے بیت الحکمۃ Session 3 کا آغاز ہوا تھا۔ الحمدللہ 80 سے زائد طلبہ اور طالبات نے داخلہ لیا۔ علاوہ ازیں عربی زبان سکھانے کے لئے یوتھ کی ہفتہ وار کلاسز کا اہتمام بروز جمعرات بوقت 8:9pm  کو کیا جاتا ہے۔

عربی زبان سکھانے کی کلاسز کیلئے : (8:9:30pm) بروز بدھ۔ ہر سال کی طرح گرمیوں کی چھٹیوں میں سمر سکول کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں بچے اور بچیاں اسلام اور دینی تعلیم کے متعلق معلومات حاصل کرتے ہیں۔ مضامین میں القرآن، الحدیث، فقہ اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل ہیں۔