انیسواں یوم تاسیس منہاج القرآن ویمن لیگ

منہاج القرآن ویمن لیگ کے انیسویں یوم تاسیس کی پروقار تقریب 27 جنوری بروز اتوار کو منہاج القرآن پارک ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ جس میں ملک بھر سے ہزاروں تنظیمی عہدیداران اور ذمہ داران کے علاوہ وابستگان و رفقاء نے شرکت کی۔ دختران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری محترمہ فاطمہ قرۃ العین اور محترمہ عائشہ قرۃ العین نے خصوصی شرکت فرمائی۔

ملک بھر سے تقریباً 25 تنظیمات تجدید عہد وفا کے اس پر مسرت موقع پر کیک اور بینرز لائیں جس سے ان کے جذبات کا اظہار ہوتا تھا۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ محترمہ فاطمہ قرۃ العین، محترمہ عائشہ قرۃ العین نے خصوصی شفقت فرماتے ہوئے ہر تنظیم کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ جنہیں خوبصورت کارڈز سے آراستہ کیا گیا تھا جن پر نمائندہ تنظیم کا نام درج تھا۔ تمام تنظیمات نے اس موقع پر نہایت مسرت و خوشی کا اظہار کیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ جس کی بنیاد انیس سال پہلے محترمہ بیگم رفعت جبیں قادری کی سرپرستی میں رکھی گئی وہ آج تناور درخت بن چکی ہے جس کی شاخیں نہ صرف ملک بھر میں بلکہ بیرون ملک بھی پھیل چکی ہیں۔ آج اس کا نیٹ ورک تحصیلات سے لے کر UC اور ٹاؤن کی سطح تک پھیل چکا ہے اس موقع پر ملک بھر سے 5000 خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحریکی نغمے بھی گائے گئے اور ویمن لیگ کی 19 سالہ کارکردگی کو ایک ڈاکومنٹری کے ذریعے بہت خوبصورت انداز سے پیش کیا گیا۔ تمام مہمانان گرامی اور وابستگان نے ڈاکومنٹری کو بہت سراہا۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم نے یوم تاسیس کی 4 گھنٹوں پر مشتمل تقریب کو انٹرنیٹ پر براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا اور 18 پرائیویٹ چینلز پر ٹیلی کاسٹ کرنے کا بھی اہتمام کیا ہے۔ اس تقریب میں دیگر مہمانان گرامی میں محترمہ صبا صادق (منسٹر آف سوشل ویلفیئر برائے خواتین)، محترمہ مسز عبدالعلیم خان، محترمہ طاہرہ بتول (ڈائریکٹر سپورٹ فاطمہ جناح میڈیکل کالج)، محترمہ مریم فیض (سابقہ ممبر آف صوبائی زکوۃ کونسل)، محترمہ عالیہ سدید (ایڈووکیٹ ہائی کورٹ) شامل تھیں۔

امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، نائب امیر تحریک بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ کرنل ریٹائرڈ محمد احمد، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور جملہ ناظمین اور عہدیداران کے علاوہ ناظمہ ویمن لیگ محترمہ فرح ناز، سینئر نائب ناظمہ محترمہ فاطمہ مشہدی، ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین، نائب ناظمہ تنظیمات محترمہ مسرت بشیر اور محترمہ بشریٰ ریاض، صدر پنجاب محترمہ ڈاکٹر نوشابہ حمید، ناظمہ تربیت محترمہ فوزیہ شوکت، ناظمہ دعوت محترمہ نبیلہ جاوید، نائب ناظمہ تربیت محترمہ شازیہ شاہین، نائب ناظمہ دعوت محترمہ خدیجہ فاطمہ، مرکزی سٹوڈنٹ کنوینئر محترمہ رابعہ عروج ملک، آفس سیکرٹری محترمہ کشور شاہین، انچارج حجاب ہاؤس محترمہ مریم نذیر، محترمہ کوثر رشید اور محترمہ خالدہ رحمن (اسسٹنٹ ایڈیٹر دختران اسلام) بھی شامل تھیں۔

اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ویمن لیگ لاہور کی پوری ٹیم اور محترم رانا نفیس صاحب کی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔ اس تقریب میں حجاب ہاؤس کے ساتھ لٹریچر اور رفاقت و لائف ممبر شپ کا سٹال بھی لگایا گیا جہاں ویمن لیگ کا تعارفی اور تربیتی لٹریچر بھی موجود تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز محترمہ سمیرا شاہین (طالبہ منہاج کالج برائے خواتین) نے تلاوت کلام الہٰی سے کیا۔ محترمہ فوزیہ شوکت (ناظمہ تربیت) نے نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔

ابتدائی کلمات میں محترمہ فاطمہ مشہدی (سینئر نائب ناظمہ) نے کہا کہ پاکستان کے 90 شہروں میں ہماری تنظیمات دین مبین کی خدمت کا فریضہ انجام دے رہی ہیں اور گھر گھر اسلام کا حقیقی پیغام پہنچ رہا ہے۔ محترمہ فرح ناز ناظمہ ویمن لیگ نے کہا کہ 19 ویں یوم تاسیس کے موقع پر میں انتہائی فخر سے یہ بات کہوں گی کہ شیخ الاسلام کی اہلیہ محترمہ بیگم رفعت جبیں قادری کی عظیم قربانی اور سرپرستی کی بدولت ہی آج ویمن لیگ کامیابی کی اس منزل پر کھڑی ہے۔ اس کا پیغام 5 براعظموں تک پہنچ چکا ہے اور لاکھوں خواتین مشن کے ساتھ وابستہ ہوکر دین مبین کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ دعوت دین کے لئے ایک عورت کا گھر سے باہر نکلنا 70 مردوں کے برابر ہے اور یوم تاسیس کی تقریب میں آنے والی ویمن لیگ کی بہنیں خوش نصیب ہیں کہ انہیں دین کی خدمت کرنے کی نوکری نصیب ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 19 برس قبل منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر امت کی کروڑوں بہنوں کو ایسا پلیٹ فارم دے دیا ہے جس کے ذریعے وہ دین کی سربلندی کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرسکتی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بڑی صاحبزادی محترمہ فاطمہ قرۃ العین نے فرمایا:

’’ تحریک منہاج القرآن نہ تو روایتی مذہبی اور نہ ہی روایتی سیاسی تحریک ہے۔ ہماری جدوجہد کا مرکز و محور انقلاب ہے جو مفاد قربان کرنے کا نام ہے۔ خودغرضی اور انقلاب کبھی جمع نہیں ہوسکتے انہوں نے فرمایا کہ بہترین وظیفہ درود وسلام ہے ہمیں قرآن پاک پڑھ کر رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔ مسلمان عورت حضرت فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا کی سیرت کو اپنا کردار بنالے تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن جائے۔ انہوں نے فرمایا کہ ظالمانہ نظام کو پاؤں کی ٹھوکر سے اڑا کر انقلاب کی طرف بڑھنا ہوگا‘‘۔ دختر شیخ الاسلام محترمہ عائشہ قرۃ العین نے فرمایا:

’’شیخ الاسلام نے ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کے تحفظ کے لئے امت کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا پلیٹ فارم دے کر حوصلہ، عزم اور انقلاب کا شعور بیدار کیا جس کے باعث حق کی آواز پوری دنیا تک پہنچ رہی ہے‘‘۔

تقریب کا اختتام محترمہ فاطمہ قرۃ العین نے خصوصی دعا سے کیا جس میں امت مسلمہ کی سربلندی اور بحالی کے ساتھ ساتش شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و سلامتی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔