رپورٹ : کوثر رشید

الحمدللہ پہلے کی طرح امسال بھی 19 فروری 2008ء کے پر مسرت موقع پر عظیم قائد ملت اسلامیہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 57 ویں یوم ولادت پر عظیم الشان تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف نظامتوں نے اس تاریخی دن کو نہایت خوبصورت انداز میں منایا اور قائد محترم کی مختلف علمی و تجدیدی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ تحریکی نغموں کی گونج میں کیک کاٹے گئے۔ اس سلسلہ کے چند پروگرامز کی مختصر رپورٹ حسب ذیل ہے :

گوشہ درود کے زیر اہتمام قائد ڈے تقریب

پہلی تقریب گوشہ درود کے زیراہتمام فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی۔ امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ سکوارڈن لیڈر (ر) محترم عبدالعزیز، ڈائریکٹر امور خارجہ محترم جی ایم ملک، سیکرٹری جنرل تحریک علماء پاکستان علامہ علی غضنفر کراروی، ایڈیٹر مجلہ العلماء صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، امیر گوشہ درود الحاج محمد سلیم شیخ، خادم گوشہ درود حاجی محمد ریاض، چوہدری محمد شریف، ناظمہ ویمن لیگ محترمہ فرح ناز، صدر ویمن لیگ پنجاب محترمہ نوشابہ حمید، جملہ عہدیداران منہاج القرآن ویمن و دختران اسلام اور دیگر مرکزی قائدین و سٹاف ممبران بھی اس پرمسرت تقریب میں شریک تھے۔ تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد درود پاک کا ورد کیا گیا۔ اس کے بعد کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ہال سالگرہ مبارک کے نعروں سے گونج اٹھا۔ تقریب کا اختتام صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی دعا پر ہوا۔ انہوں نے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت و سلامتی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔ اس تقریب کے بعد گوشہ درود کی عمارت والی جگہ پر شیخ الاسلام کی 57 ویں سالگرہ کی خوشی میں 57 بکروں کا صدقہ دیا گیا۔ اس صدقے کا اہتمام مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن نے ذاتی طور پر کیا۔ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے ہاتھ سے بکرا ذبح کیا۔ ان کے بعد محترم امیر تحریک، محترم ناظم اعلیٰ، محترم جی ایم ملک، محترم حاجی سلیم قادری، محترم شاہد لطیف اور دیگر مرکزی قائدین نے باری باری بکرے ذبح کئے اور خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے بعد تحریک منہاج القرآن کی طرف سے عامۃ الناس کے لئے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ حاجی ریاض احمد، حاجی محمد سلیم قادری اور محترم یاسر خان نے شرکاء میں کھانا تقسیم کیا۔

یوتھ لیگ کے زیراہتمام قائد ڈے تقریب

دوسری قائد ڈے تقریب منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام انعقاد پذیر ہوئی۔ جس کی صدارت صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کی جبکہ امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے جملہ سٹاف کے علاوہ یوتھ لیگ کے نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے اپنے محبوب قائد کی سالگرہ منانے کے لئے پروگرام میں شرکت کی۔ نقابت کے فرائض محترم بلال منصور علوی اور محترم محمد وقار قادری نے انجام دیئے۔ محترم شفیق الرحمن سعد نے شیخ الاسلام کی سالگرہ کی مناسبت سے نہایت خوبصورت غزل پیش کی۔ اس کے بعد منہاج پروڈکشنز کی طرف سے تیار کردہ محمد مظہر نوجوان گلوکار نے اپنی خوبصورت آواز میں خصوصی نغمہ پیش کیا۔ اس کے بعد عبدالباسط صاحب نے اپنی مخصوص موسیقی جبکہ شکیل احمد طاہر صاحب اور منہاج نعت کونسل نے تحریکی ترانے پیش کئے۔

اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض نے ایک بزرگ کے جذبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کاش شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے کارکنان کو کوئی یہ بتا دے کہ ان کے قائد سے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کتنا پیار ہے تو خدا کی قسم وہ ایک لمحہ بھی مشن سے غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے شیخ ساجد فیاض صاحب کی تیار کردہ شاہکار CD گیارہ ترانوں پر مشتمل قائد محترم کے لئے تحفۃً پیش کی۔ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے اس پرمسرت و پروقار موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صدی کے مجدد، مصطفوی انقلاب کے عظیم رہنما شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں پہچان دی، اللہ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا درس دیا۔ انقلابی فکر اور زندگی کے مقصد کا شعور دیا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم زندگی بھر ان کے غلام اور مشن کے خادم بن کے رہیں گے۔ ہمارا جینا، مرنا سب مشن کے لئے ہے۔

اس کے بعد صاحبزادہ حسین محی الدین قادی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آج جس عظیم ہستی کا ہم یوم ولادت منا رہے ہیں وہ نہ صرف اس صدی کے مجدد ہیں بلکہ طریقت میں غوثیت کے مرتبے پر بھی فائز ہیں۔ ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہئے کہ ہم کس عظیم ہستی کا یوم ولادت منا رہے ہیں۔ بے شک وہ اللہ کا محبوب بندہ ہے۔

ان کے خطاب کے بعد شہزاد برادران کے تحریکی نغموں کی گونج میں کیک کاٹا گیا۔ تمام حاضرین میں سالگرہ کا کیک تقسیم کیا گیا۔ پروگرام کا اختتام محترم امیر تحریک کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔ انہوں نے قائد محترم کی صحت و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب، سی ڈیز اور تصاویر کی نمائش

رپورٹ : شازیہ شاہین

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 57ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی ملک گیر تقریبات کے تسلسل میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ایوان اقبال کی آرٹ گیلری میں سفیر امن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب، سی ڈیز اور ان کی 27 سالہ تحریکی جدو جہد کی تصویری نمائش ہوئی۔ زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے اس نمائش کا وزٹ کیا اور خصوصی طور پر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری اور صاحبزادی محترمہ فاطمہ قرۃ العین صاحبہ نے اس نمائش کا وزٹ کیا۔ انہوں نے کتب، سی ڈیز اور تصاویر کی اس طرز کی منفرد کاوش کو بہت سراہا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی زندگی کے مختلف ادوار میں ان کی مذہبی، سیاسی، سماجی خدمات اور بین المذاہب ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور امن عالم کے لئے ان کے تاریخی کردار کو تصاویر کے ذریعے خوبصورتی کے ساتھ ڈسپلے کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح نائب امیر تحریک منہاج القرآن محترم بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان نے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ فرح ناز نے کہا کہ شیخ الاسلام کی ہمہ جہت شخصیت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے ذریعے ان کی ہمہ جہت جدوجہد اور کاوشوں کے چند اہم پہلوؤں کو عوام الناس کے سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سالوں میں تصاویر کی اس نمائش کو مزید بڑے پیمانے پر ہر شہر اور تحصیل میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں سفیر امن کی بین المسالک ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری کیلئے کی گئی کاوشوں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔ امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی، ناظم اعلیٰ تحریک محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض، امیر پنجاب محترم احمد نواز انجم، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک محترم انوار اختر ایڈووکیٹ، تحریک منہاج القرآن کی مختلف نظامتوں کے سربراہان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائدین نے بھی نمائش کا وزٹ کیا اور اس شاندار اہتمام پر منہاج القرآن ویمن لیگ اور ان کی ٹیم کو خصوصی مبارک باد پیش کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ویمن لیگ کی اس کاوش کو بہت سراہا اور ان کی اس شاندار کامیابی پر گولڈ میڈل دینے کا اعلان کیا۔

منہاج کالج برائے خواتین لاہور میں قائد ڈے تقریب

رپورٹ : سمیہ بی بی

21 فروری 2008 کو منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ لاہور میں قائد ڈے کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں قائد انقلاب کی صاحبزادی محترمہ قرۃ العین فاطمہ صاحبہ نے خصوصی خطاب فرمایا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظہ طیبہ نواز (معلمہ تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ) نے حاصل کی۔ منہاج گرلز ہائی سکول کی طالبہ طاہرہ نواز نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ استقبالیہ کلمات وائس پرنسپل ایڈمن مسز طیبہ طاہرہ نے ادا کئے۔ گرلز کالج کی طالبہ سدرہ بشارت، منہاج گرلز ماڈل ہائی سکول کی طالبہ شائستہ افتخار اور تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ کی طالبہ سیدہ مریم نے اپنے اپنے شعبے کی نمائندگی کرتے ہوئے حضور شیخ الاسلام کی شخصیت اور کارہائے نمایاں کے حوالے سے بہت خوبصورت انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران مصطفوی گروپ اور حیدری گروپ کی طالبات نے تحریکی ترانوں سے شرکاء کے جذبات کو گرمائے رکھا۔ محترمہ قرۃ العین فاطمہ صاحبہ کے خصوصی خطاب سے تقریب کی رونق دوبالا ہوگئی۔ اس موقع پر منہاج گرلز ماڈل ہائی سکول اور تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ کی طالبات کے ہاتھ سے بنائے ہوئے قائد ڈے کے کارڈز کی نمائش کا اہتمام بھی کیاگیا جسے سب لوگوں نے بہت سراہا۔ دیگر مہمانان گرامی میں مسز فرح ناز، مس راضیہ شاہین، مسز صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، مسز فریدہ سجاد اور مسز رافعہ علی شامل تھیں۔ اس موقع پر قائد محترم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ بعدازاں پرنسپل صاحبہ نے اظہار تشکر کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض طالبہ ماریہ صدیقی نے سرانجام دیئے۔ تقریب کا اختتام محترمہ مسز کلثوم طارق صاحبہ کی دعا سے ہوا۔