منہاج القرآن ویمن لیگ کی نظامت طالبات

سمیرا رفاقت (مرکزی ناظمہ ویمن لیگ)

ملک کی ترقی و خوشحالی میں طلبہ بنیادی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ طلبہ قوم کے معمار ہوتے ہیں قوموں کا عروج و زوال اسی طبقہ پر منحصر ہے۔ کسی بھی تحریک کی ترقی و کامرانی کے لئے طلبہ ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔ تحریک پاکستان کے عروج کا باعث بھی علی گڑھ کے طلبہ ہی تھے جنہوں نے اس تحریک کو اپنی خدمات دے کر کامیابی سے سرفراز کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی نظامت طالبات، تحریک احیائے اسلام، تحریک منہاج القرآن کا ہر اول دستہ ہے۔ نظامت طالبات علمی و روحانی اور تعلیمی و تربیتی پلیٹ فارم ہے جو طالبات کو ایمان و عمل صالحہ کے ساتھ ساتھ تحریکی و انقلابی بنیادوں پر قوم کی راہنمائی کا فریضہ سرانجام دینے کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔ اس سے وابستہ طالبات اپنی تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غلبہ دین حق کی بحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد و احیاء کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ نظامت طالبات، طالبات کی تعلیم و تربیت اور ان کی توانائیوں کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کرنے کے لئے ملک گیر سطح پر یونیورسٹیز، کالجز اور سکولز میں سرگرم عمل ہے۔ ملک سے جہالت کے خاتمے، علم کی روشنی عام کرنے، بے راہ روی، فحاشی، عریانی اور مغربی تہذیب و ثقافت کے فروع پذیر رجحانات کو ختم کرنے اور طالبات کی توجہ تعلیمی، ملی اور قومی مقاصد کی جانب مبذول کرانا اس نظامت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

مقاصد

1۔طالبات تک مصطفوی مشن کا پیغام اور فکر پہنچانا۔ 2۔طالبات کو مصطفوی مشن کے فروغ کے لئے منظم کرنا۔

3۔ طالبات کی نظریاتی، فکری، روحانی، اخلاقی تربیت کرنا۔

4۔ تنظیمی تربیت کے ذریعے طالبات کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنا۔

5۔ طالبات کو مختلف تعلیمی و تربیتی مراحل سے گزار کر ویمن لیگ اور تحریک کے لئے Dynamic leadership کی فراہمی۔

مقاصد و اہداف

1۔ علم کا شعور : طالبات میں علم کی اہمیت کو اجاگر کرنا۔ طالبات کو علم کا صحیح فہم دینا تاکہ وہ معاشرہ کے مفید شہری کے طور پر سامنے آئیں اور باشعور معاشرہ کی تشکیل ممکن ہوسکے۔ اسلامی تعلیمات کا فروغ اور قرآن و سنت سے آشنائی ہی نافع علم ہے جو زندگی کے ہر موڑ پر فرد کے لئے لازم و ملزوم ہے۔

2۔ شعور مقصدیت کا تعین : معاشرے کے کلی بگاڑ نے جہاں ہر طبقہ کو متاثر کیا ہے وہیں اس کا سب سے زیادہ شکار ہونے والی نوجوان نسل ہے جن کے نزدیک علم سے مراد نصابی سرگرمیوں کے علاوہ کھیلیں اور مقصد حیات مادی آسائش اور معاشرتی ترقی کا حصول ٹھہرا ہے ان نامساعد حالات میں نظامت طالبات، طالبات کو شعور مقصدیت سے روشناس کروانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ امت مسلمہ کی زبوں حالی اور سوئے ضمیروں کو جھنجھوڑنے کی فکر دینا اس نظامت کا مطمح نظر ہے۔

3۔ ذہنی و فکری تربیت : طالبات کی ذہنی و فکری تربیت کرنا اور ان کے قلوب و اذہان میں تحریک منہاج القرآن کی فکر اتارنا تاکہ وہ اس مشن کے فروغ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ مختلف Learning and Training camps کے ذریعے ان کی ذہنی و فکری تربیت کا سامان مہیا کرنا نظامت طالبات کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔

4۔ طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا : طالبات جو کہ معاشرہ کا باصلاحیت اور باہمت طبقہ ہے۔ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنا اور انکا مثبت استعمال کرنا، سکولز و کالجز میں مختلف Activities اور Programs کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو برائے کار لانا کر منہاج القرآن ویمن لیگ کے لئے Active leadership فراہم کرنا نظامت طالبات کے مقاصد میں سے ہے۔

5۔ طالبات کی فلاح و بہبود : وہ طالبات جو علم حاصل کرنے کی خواہاں ہیں مگر وسائل کی کمی کی وجہ سے وہ اس دولت سے محروم رہی ہیں ان مستحق طالبات کی مدد و تعاون کے لئے نظامت طالبات سرگرم عمل ہے۔ نظامت طالبات معاشرے کی مجبور اور نادار طالبات کی خدمت کے لئے مدد (کتب کی فراہمی، فیس کی ادائیگی وغیرہ کے لئے allocation of funds) کے جذبے سے معمور ہے۔

6۔ اخلاقی و روحانی تربیت : اخلاقی و روحانی تربیت کے لئے حضور شیخ الاسلام کی کتب اور سی ڈیز سے استفادہ کرنا اور ان کے ذریعے ان کے قلب و روح اور زندگی میں انقلاب بپا کرنا۔ طالبات کی سہولت کے لئے ان کے قریبی ایریا میں Video points اور CD exchange قائم کرنا۔