اجلاس ویمن مشاورتی کونسل

رپورٹ: مسرت بشیر (ممبر ایگزیکٹو کونسل)

مشورہ ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے مختلف الذہن اور مختلف الشعور افراد کی آراء کے ذریعے علم و آگہی کے اعلیٰ ترین حقائق تک پہنچا جاتا ہے۔ خالق کائنات نے مخلوقات میں سے اشرف الخلائق ’’انسان‘‘ کو عقل اور شعور و ادراک کی دولت سے نواز کر اسے باہمی مشاورت کے ذریعے امور کو سرانجام دینے کی تاکید فرمائی ہے۔

مشورہ، شورائیت اور شوریٰ، تینوں الفاظ ہم معنی ہیں حقیقت یہ ہے کہ اسلام کے معاشرتی اور سیاسی نظام کی روح شورائیت میں مضمر ہے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا:

وَالَّذِينَ اسْتَجَابُوا لِرَبِّهِمْ وَأَقَامُوا الصَّلَاةَ وَأَمْرُهُمْ شُورَى بَيْنَهُمْ

(الشوریٰ42:38)

’’اور جو لوگ اپنے رب کا فرمان قبول کرتے ہیں اور نماز قائم رکھتے ہیں اور ان کا فیصلہ باہمی مشورہ سے ہوتا ہے‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)

ہادیٔ عالم اور محسن انسانیت حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو مشاورت کے عمل میں شامل فرماتے تھے۔ اذان کے لئے الفاظ کے چناؤ کے وقت رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے مشورہ کیا۔ اسی نہج پر نظام قائم کرتے ہوئے چاروں خلفائے راشدین کا انتخاب بھی مجلس شوریٰ کے ذریعے عمل میں آیا جس سے آمریت کی تردید ہوتی ہے۔

مشورے میں کئی ذہنوں کی سوچ اور ادراک کارفرما ہوتی ہے جس سے نتیجہ اخذ کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور فیصلوں کو استحکام ملتا ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہ سے تدوین حدیث، جمعۃ المبارک کی دوسری اذان اور دیگر معاملات میں مشاورت کرکے اسے عملی طورپر اسلام کی روح قرار دیا۔

دین اسلام کی اسی اعلیٰ انضباطی روح کو برقرار رکھتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ نے ویمن مشاورتی کونسل قائم کی تاکہ دعوتی، تربیتی، تنظیمی و اصلاحی امور کو کماحقہ نبھانے کے لئے مکمل مشاورت کے بعد اصل نتائج تک پہنچا جاسکے۔ یہی وجہ ہے کہ ویمن لیگ تمام امور ویمن مشاورتی کونسل کے سامنے رکھ کر اس پر مضبوط اور مدلل نقطہ ہائے نظر لے کر ہی اجتماعی فیصلہ کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان فیصلہ جات کے اثرات ذہنی و فکری اور اخلاقی و روحانی تربیت کے سامان میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

ویمن مشاورتی کونسل کا قیام

ویمن مشاورتی کونسل ستمبر2004ء میں قائم کی گئی جس کا پہلا اجلاس ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ویمن لیگ کو از سر نو منظم اور فعال کرنے اور حلقہ عرفان القرآن کے وسیع تر نیٹ ورک کے قیام کے لئے لائحہ عمل پر مکمل مشاورت کی گئی۔

ویمن مشاورتی کونسل کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر مرکزی ناظمہ ویمن لیگ کی سربراہی میں مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوتا ہے جس میں ویمن لیگ کی پورے پاکستان سے صائب الرائے خواتین اور ضلعی صدور و ناظمات شریک ہوکر اپنا نقطہ نظر پیش کرکے مشاورتی عمل میں شامل ہوتی ہیں۔ اس کونسل میں شرکت کرنے والی ممبران کی تعداد تقریباً 100ہے۔

ویمن مشاورتی کونسل میں شرکت کرنے والی ناظمات اور صدور اپنے علاقے کی نمائندہ ہوتی ہیں۔ وہ اجلاس میں شرکت سے قبل وہ اپنے علاقے کی تنظیم سے ایجنڈا پر مکمل مشاورت کرتی ہیں جس کے بعد وہ اپنی رائے ویمن مشاورتی کونسل میں پیش کرتی ہیں۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے والی عہدیداران اپنی سہ ماہی رپورٹ بھی ہاؤس میں پیش کرتی ہیں۔

ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے کی جانے والی تمام سرگرمیاں، ورکنگ پلان اور جملہ امور ویمن مشاورتی کونسل کے اجلاس میں آراء و تجاویز کی روشنی میں ترتیب پاتے ہیں نیز ویمن مشاورتی کونسل سے آنے والی بعض بنیادی اور انتہائی اہم تجاویز کو بعد ازاں بالائی سطح پر شوریٰ اور ایگزیکٹو میں منظوری کے لئے پیش کیا جاتا ہے جس کے مطابق پالیسیز ترتیب دی جاتی ہیں۔

اللہ رب العزت ہمیں دین مبین کی راہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ والہ وسلم)