تقریب برائے تقسیم عید گفٹس

رپورٹ : بشریٰ ریاض (ممبر ایگزیکٹو کونسل)

اللہ تبارک و تعالیٰ نے انسان کو انس اور محبت کے خمیر سے گوندھ کر اس کائنات میں بھیجا۔ لفظ ’’انسان‘‘ کا مادہ انس سے ہے جس کے معنی ہے مانوسیت اور لگاؤ، لہذا یہی عنصر انسان کی بنیادی سرشت اور جبلت میں بدرجہ اتم موجود ہے اور یہی جذبہ انسان کو معاشرتی ہم آہنگی کا احساس دلاتا ہے۔

معاشرے میں انسانوں کے مختلف گروہ جو کسی مخصوص علاقے، نسل یا جماعت سے تعلق رکھتے ہوں وہ ایک دوسرے سے قرابت داری کی اقدار کو فروغ دینے کے لئے تحائف اور دیگر اشیاء کا تبادلہ کرتے ہیں، جس کا بنیادی مقصد نادار اور غریب افراد کو اپنی خوشی میں شریک کرنا اور ان کی دلجوئی کر کے معاشی تنگی اور تنگ دستی کو خوشحالی میں بدلنا ہوتا ہے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ جو خواتین کی سطح پر اسلامی اقدار اور اسلامی رسوم و رواج کو قرآن مجید اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ کے سانچے میں ڈھال کر پیش کرنے پر کاربند نظر آتی ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یہ حدیث مبارکہ انہی اقدامات کی بنیاد ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :

’’تمہارا اپنے مسلمان بھائی کے سامنے مسکرانا بھی صدقہ ہے‘‘۔ (ترمذی، السنن، کتاب البروالصلۃ عن الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم باب ماجاء فی صنائع المعروف)

یعنی اگر کسی کو صرف مسکراہٹ سے خوشی نصیب ہوسکتی ہے تو تحفے سے تو بدرجہ اولیٰ نصیب ہوگی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ اسی تصور کو سامنے رکھ کر معاشرے کے مستحقین کو اپنی مسرتوں اور شادمانیوں میں شریک کرتی ہے جس سے مساوات، رواداری اور بھائی چارے کے اصولی اقدامات کا فروغ ہوتا ہے۔ انہی اقدامات سے معاشرے بنتے اور سنورتے ہیں۔ لہذا منہاج القرآن ویمن لیگ اسی احساس اور پیغام کو عام کرنے کے لئے جہاں قریہ قریہ، نگر نگر اور گلی گلی مختلف فلاحی سرگرمیوں میں مشغول رہتی ہے وہاں ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کرتی ہے جس میں مستحق خواتین میں عید گفٹس تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اشیاء خورد و نوش، اچھے ملبوسات، مہندی، چوڑیاں اور عید پر استعمال ہونے والی اشیاء کو خوبصورت انداز میں Gift Pack کی صورت میں خواتین میں تقسیم کیا جاتا ہے ان خواتین اور گھرانوں کو یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ بھی ان کی عید کی خوشیوں میں ان کے ساتھ شریک ہے۔

اس تقریب کے انعقاد کا باقاعدہ آغاز 2004ء میں کیا گیا جس میں تقریباً 260 گھرانوں میں راشن، کپڑے، مہندی، چوڑیاں اور پیسے تقسیم کئے گئے۔

2005ء میں اسی تقریب کو مزید بڑھا کر ملک بھر میں تقریباً 325 خواتین میں ضروریات زندگی سے متعلق اشیاء تقسیم کی گئیں۔

2006ء میں 375 گھرانوں میں راشن مع سویاں، چینی، کپڑے تقسیم کئے گئے۔

2007ء میں اس عظیم کاوش کو قائم رکھتے ہوئے 435 گھرانوں میں آٹا، چینی اور کپڑے تقسیم کئے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں مثلاً کراچی، اسلام آباد اور گوجرانوالہ میں عید گفٹس کی تقریب کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔ جس میں مرکز کی کسی مالی معاونت کے بغیر منہاج القرآن ویمن لیگ کی ان تنظیمات نے از خود تقریبات کا اہتمام کیا جس میں ایک خطیر رقم کے گفٹس مستحقین میں تقسیم کئے گئے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ خدمت خلق اور فلاح عام کی علمبردار ہے جو معاشرے میں محروم و مجبور طبقات کی خوشحالی کے لئے اپنی مقدور بھر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ ان تمام کاوشوں کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔ (آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)