منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

تحصیل کمالیہ

رپورٹ : تسلیم اختر

منہاج القرآن ویمن لیگ کمالیہ کے زیر اہتمام دو محافل رجانہ میں منعقد ہوئیں جن میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ ناظمہ عائشہ حسنین ہاشمی اور ناظمہ دعوت سعدیہ بتول ہاشمی نے تحریک منہاج القرآن کا تعارف کروایا اور ’’دین کی خدمت ہی مقصد حیات ہے‘‘ موضوع پر خطابات کئے، تحصیل کمالیہ میں حلقہ درود میں پڑھے جانے والے درود و سلام کی تعداد 9 لاکھ چھہتر ہزار 9 سو بیس ہے۔

علاوہ ازیں تقریباً 25 سے زائد محافل کا انعقاد کیا گیا جن میں نائب ناظمہ محترمہ ارم راشد اور محترمہ ام حبیبہ نے دف کے ساتھ نعتوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نئی رفاقتیں اور ڈیفالٹرز کو بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ مسز اختر فرید صاحبہ کی زیر صدارت میٹنگ منعقد کی گئی جس میں تنظیمی ذمہ داران کو آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ڈگری

رپورٹ : نازیہ حنیف

مورخہ 13 اکتوبر 2008ء کو حسب معمول درس قرآن کا پروگرام غریب آباد ڈگری شہر میں منعقد ہوا۔ جس میں کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ پروفیسر علامہ غلام حسن صاحب نے سورہ الحجرات کی آیت موضوع ’’تلاش خدا‘‘ پر بڑی خوبصورتی کے ساتھ درس قرآن دیا۔ جس کو محفل میں شریک تمام خواتین نے بہت سراہا۔ مجموعی طور پر درس قرآن کا پروگرام بہت کامیاب رہا۔

مورخہ 17 اگست کو ڈگری میں پہلی مرتبہ منہاج القرآن ویمن لیگ ڈگری کی جانب سے شب بیداری کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں 35 کے قریب خواتین نے شرکت کی۔ شب بیداری کا انتظام مسز عافیہ طارق (صدر) کے گھر پر کیا گیا اور مرکز کی جانب سے دیئے گئے شیڈول کے مطابق شب بیداری کروائی گئی۔ شب بیداری کے ساتھ ہی سحری کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ سحری کا انتظام ویمن لیگ ڈگری نے کیا۔ مجموعی طور پر شب بیداری بہت اچھی رہی اور خواتین نے اسے بے حد سراہا۔ علاوہ ازیں منہاج القرآن ویمن لیگ ڈگری نے عید پیکجز کے پروگرام میں غریب و مستحق خواتین میں راشن کی صورت میں عید گفٹ تقسیم کئے اور عید کی خوشیوں میں شریک کیا۔

سمبڑیال

رپورٹ : منور قادری

بحمداللہ تعالٰی ماہ ستمبر میں منہاج القرآن ویمن لیگ سمبڑیال کے زیر اہتمام میٹنگ منعقد کی گئی جس میں تحصیلی تنظیم کے علاوہ یونین کونسلز کی تنظیمات کو بھی شامل کیا گیا۔ سیدہ کائنات کانفرنس کو کامیاب کرنے اور اعتکاف کے حوالے سے بھرپور دعوت دی گئی۔

علاو ازیں سمبڑیال میں ہر جمعہ کے دن حلقہ درود کا اہتمام کیا جاتا ہے رمضان المبارک میں حلقہ درود میں آنے والوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہو رہا ہے۔ رمضان المبارک میں زکوۃ مہم بھی جاری رہی۔ زکوۃ اکٹھی کرنے میں ناظمہ مالیات بھی تعاون کر رہی ہیں اور تقریباً 50 لوگوں میں راشن، کپڑے اور نقد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ تنظیمات نے اعتکاف کے لئے بھرپور محنت کی تھی جس کے نتیجے میں تقریباً 250 خواتین اعتکاف بیٹھیں۔ تقریباً 40 خواتین نے رفاقت اختیار کی ہے۔ خواتین اعتکاف میں بہت خوش اور متاثر تھیں۔

جہلم کینٹ

رپورٹ : صائمہ صدیق

گذشتہ دنوں ضلع جہلم کینٹ میں طے شدہ نصاب کے مطابق معلمہ محترمہ سیدہ نازیہ مظہر نے سورۃ یٰسین پر درس قرآن کا اہتمام کیا۔ جس میں باقاعدگی سے خواتین و طالبات نے شرکت کی۔ اس درس کے طالبات نے باقاعدہ نوٹ لئے۔ بلال ٹاؤن، رائیہ، سعیلہ، بگا، ویسٹ کالونی سے 30 خواتین نے باقاعدگی سے شرکت کی اور دلچسپی کا اظہار کیا۔ حلقہ قرآن کے انعقاد کا مقصد ہی یہ تھا کہ درس قرآن کے لئے معلمات کو تیار کیا جائے۔ معلمہ محترمہ سیدہ نازیہ مظہر کی شب و روز کاوشوں سے نہ صرف سورۃ یٰسین کا ترجمہ و تفسیر کروایا گیا بلکہ طالبات کو صحت لفظی کے ساتھ سورۃ یٰسین پڑھنے کی مشق بھی کرائی گئی جس کے تحت %99 خواتین نے کامیابی حاصل کی۔ حلقہ قرآن میں کچھ وقت طالبات کی فکری و عملی تربیت کے لئے مختص کیا گیا۔ کتابوں کی سٹڈی پر زور دیا گیا۔ ہر درس میں طالبات کو دعا کرنا بھی سکھایا گیا۔ علاوہ ازیں 72 خواتین نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت اختیار کی۔

تحصیلی سطح پر تنظیم سازی کا عمل

اوکاڑا

12 نومبر 2008ء کو ویمن لیگ کی تحصیلی تنظیم اوکاڑا کی تنظیمی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت، ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین اور راقمہ نے شرکت کی۔ تحصیلی تنظیم اوکاڑا کی صدر محترمہ عائشہ امجد اور ناظمہ محترمہ فاخرہ ظل سمیت تمام تحصیلی ذمہ داران اور UC's کی ذمہ داران نے شرکت کی۔

میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ محترمہ فاخرہ ظل نے مرکزی ذمہ داران کا تعارف کرواتے ہوئے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں تمام شرکاء نے اپنا تعارف کروایا۔ مرکزی ناظمہ محترمہ سمیرا رفاقت نے ’’ذمہ دار اور ذمہ داری‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دین کی خدمت کی ذمہ داری ملنا کوئی عام بات نہیں بلکہ اللہ تبارک و تعالیٰ کی خاص عنایت ہے اور یہ نعمت ہر انسان کو نہیں ملتی لہذا آپ وہ چنیدہ لوگ ہیں جنہیں اللہ تعالٰی نے خدمت دین اور مصطفوی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کے لئے چن لیا ہے لہذا ہم سب کو اپنی اپنی جگہ پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ جہاں خدمت دین کا اجر عظیم ہے وہاں اپنی ذمہ داریوں سے غفلت پر سختی کی وعید بھی ہے۔ بعد ازاں محترمہ سمیرا رفاقت نے تحصیلی تنظیم کے تمام ذمہ داران کی ذمہ داریوں کی وضاحت کی۔ ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین نے ورکنگ پلان اور اس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کام کے اچھے اور بہترین نتائج کے لئے اس کی منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے جس کے پیش نظر مرکز نے فیلڈ کے کاموں کی منصوبہ بندی، ورکنگ پلان کی صورت میں اہداف کی ماہانہ تقسیم کر دی ہے۔ تمام ذمہ داران تقسیم کار سے کام کریں تو کم وقت میں زیادہ اور بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ دعائے خیر سے میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔

پاکپتن شریف

12 نومبر 2008ء کو شام 4 بجے ویمن لیگ پاکپتن کی تحصیلی تنظیم کی تنظیمی میٹنگ ہوئی جس میں مرکزی ویمن لیگ کی نمائندگی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت، ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین اور راقمہ نے کی۔ تحصیلی تنظیم پاکپتن کی سرپرست محترمہ پروین حیدری، صدر محترمہ شاہینہ بابر اور ناظمہ محترمہ نجم السحر سمیت تمام تحصیلی ذمہ داران اور UCs کی ذمہ داران نے شرکت کی۔ تلاوت و نعت سے میٹنگ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

مرکزی ناظمہ محترمہ سمیرا رفاقت نے ’’خدمت دین کی ذمہ داری اور اس کے تقاضے‘‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری کسی انسان کی دی ہوئی نہیں بلکہ اللہ رب العزت کی دی ہوئی ایسی نعمت ہے جس پر جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے اور اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہم تن دہی سے محنت کرتے ہوئے اس سے عہدہ بر آ ہوں اور اپنی اپنی سطح پر بھرپور محنت کریں۔ ممبر شپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ممبر شپ صرف ایک رسالے کے حصول کا نام نہیں بلکہ یہ وعدہ ہے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا اور ان کی نسبت کا۔

بعد ازاں ناظمہ تنظیمات نے ورکنگ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کہا کہ جیسے کسی بھی کام سے پہلے منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے بالکل اسی طرح تحریک کے اہداف کو پورا کرنے کے لئے ورکنگ پلان تشکیل دیا گیا ہے لہذا ہمیں اس کی روشنی میں کام کرنا چاہئے اور آج کا کام کل پر نہیں چھوڑنا چاہئے تاکہ بہترین نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ میٹنگ کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

بورے والا

17 نومبر 2008ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ بورے والا کی تحصیلی تنظیم کے زیر اہتمام ایک تنظیمی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مرکزی ناظمہ محترمہ سمیرا رفاقت، ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین اور راقمہ نے شرکت کی۔ تحصیلی تنظیم کی سرپرست ڈاکٹر خالدہ فیاض، صدر محترمہ زاہدہ امجد اور ناظمہ محترمہ ام کلثوم سمیت تمام تحصیلی ذمہ داران اور بعض موثر خواتین نے شرکت کی۔

میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ ڈاکٹر خالدہ فیاض صاحبہ نے مرکزی نمائندگان اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ مرکزی ناظمہ محترمہ سمیرا رفاقت نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف کرواتے ہوئے ’’عصر حاضر میں امت مسلمہ کے مسائل‘‘ پر بات کی اور بطور مسلمان ہماری ذمہ داریوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک تحریک اور تنظیم کے ساتھ مل کر منظم طریقے سے اصلاح احوال اور غلبہ اسلام کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔

ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین نے ’’تحریک منہاج القرآن ایک ہمہ جہت تحریک‘‘ پر بات کی اور بہتر نتائج کے لئے ورکنگ پلان کے مطابق کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ورکنگ پلان کی روشنی میں تقسیم کار کے اصول کو اپناتے ہوئے کام کریں تو تمام اہداف بآسانی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

چوک اعظم لیہ

رپورٹ : مہوش نواز

ضلع لیہ کے مرکزی کاروباری شہر چوک اعظم میں پہلی مرتبہ منہاج القرآن کانفرنس برائے خواتین زیر صدارت مسز حمیدہ مجید بمقام محمد انور مغل کے گھر میں منعقد ہوئی جس میں 150 خواتین نے شرکت کی۔ تحصیلی نائب ناظمہ عظمیٰ منظور نے نقابت کے فرائض انجام دیئے۔ محترمہ میمونہ احسان نے اتحاد امت اور تحصیلء ناظمہ محترمہ مہوش نواز نے اسلامی معاشرے میں عورت کے کردار اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے اغراض و مقاصد اور حلقہ درود کے بارے میں خطاب کیا۔ UC / 128 چوبارہ کی منہاج نعت کونسل نے صدر اقصیٰ اشفاق کے ہمراہ دف کے ساتھ ہدیہ نعت پیش کیا۔ محترمہ نسیم اختر اور محترمہ عابدہ نسرین نے خصوصی شرکت فرمائی۔ کانفرنس کے بعد چوک اعظم کی نئی رفیقات اور ذمہ داران کا اجلاس ہوا جس میں تحصیلی باڈی میں چوک اعظم کی خواتین کو شامل کیا گیا۔ آخر میں محترمہ عائشہ بی بی نے دعا کی۔

گوجرہ

رپورٹ : مقدس فرزانہ

مورخہ 9 نومبر 2008ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرہ کے زیر اہتمام محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چک نمبر156 گ ب پدری میں منعقد کی گئی جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ تلاوت کی سعادت حافظہ راشدہ نے حاصل کی۔ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول محترمہ حافظہ آمنہ، محترمہ حافظہ عائشہ، محترمہ حافظہ سرفراز اور محترمہ شبیلہ اقبال نے نچھاور کئے۔ کمالیہ کی ویمن لیگ سے محترمہ عائشہ حسنین، محترمہ ارم راشد اور محترمہ شاہدہ نے شرکت کی۔ نقابت کے فرائض محترمہ افنان بابر اور محترمہ عائشہ نے سرانجام دیئے۔

پروگرام کی صدارت محترمہ شفقت شاہ محمدخان نے فرمائی۔ محترمہ مس منزہ ضیاء نے اسلام میں عورت کے مقام پر مدلل گفتگو فرمائی۔ مذہبی سکالر محترم علامہ ضیاء اختر نے اسلام میں عورت کے کردار پر جامع خطاب فرمایا۔ اس پروگرام میں مرکز سے ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین اور محترمہ کشور شاہین نے خصوصی شرکت کی۔ آج کے دور میں خواتین کے کردار اور تحریک منہاج القرآن میں عورت کے کردار پر خصوصی گفتگو فرماتے ہوئے محترمہ راضیہ شاہین نے کہا کہ ہمارے بہت سے تحریکی بھائی تحریک میں شمولیت اختیار کرکے اپنی فیملیز کو تحریکی نہ بنا سکے جبکہ خواتین تحریک میں شمولیت اختیار کر کے اپنی فیملی کو تحریکی بنا رہی ہیں۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انتھک کوششوں کو بہت خوبصورت پیرائے میں بیان کیا اور بتایا کہ آپ اس صدی کے مجدد ہیں اور وہ لوگ خوش قسمت ہیں جو اس عظیم تحریک کے ساتھ وابستہ ہیں۔ اس پروگرام کی کامیابی میں محترم شاہد فاروق، محترم راشد اور محترم سید جاوید ہاشمی نے خصوصی تعاون کیا۔

خواتین پر مظالم کے خلاف منہاج القرآن ویمن لیگ کا لاہور پریس کلب کے باہر پرامن مظاہرہ

اسلام نے چودہ سو سال قبل عورت کو تحفظ،عزت،احترام اور مرد کے برابر حقوق دے کر معاشرے میں وہ مقام دیا تھا جس کا تصور آج کے ترقی یافتہ معاشرے بھی دینے سے قاصر دکھائی دیتے ہیں مگر اسلام کے نام لیوا عورت کا استحصال کرکے ہمارے معاشرے میں دندنا رہے ہیں اور انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔ عورت کو زندہ درگور کرنے،ہوس کا نشانہ بنا کر کتوں کے آگے پھینکنے،دشمنیاں مٹانے کیلئے زبر دستی شادیاں کرانے،جائیداد کے حصے سے محروم کرنے اور زندہ جلانے کے واقعات آج بھی ہمارے معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ ہم اپنے عمل سے اسلام اور پاکستان دونوں کو بد نا م کر رہے ہیں۔ عورت کو اشتہار بازی کیلئے استعمال کر کے اس کی عزت و عفت کا جنازہ نکالنے والوں کو بھی معاشرے میں باعزت مقام حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظمہ ویمن لیگ سمیرا رفاقت نے لاہور پریس کلب کے سامنے خواتین پر آئے روز ہونے والے مظالم کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے میں شریک سینکڑوں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے میں خواتین نے کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ عور ت کے استحصال اور اس پر ہونے والے مظالم کے خلاف نعرے لگا رہی تھیں۔ سمیرا رفاقت نے کہا کہ عورت کے حقوق کے تناظر میں پاکستانی معاشرہ اسلام سے قبل زمانہ جاہلیتٍٍٍ کی منظر کشی کرتا دکھائی دیتا ہے۔ تسلیم سولنگی کیس اور بلوچستان میں عورتوں کو زندہ درگور کرنے کے واقعات کا تسلسل ہماری حکومتوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے اس لیے عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی کے عمل کو فوری طور پر مکمل کرکے اس کے عملی نفاذکی طرف بڑھا جائے تاکہ بیرونی دنیا اسلام اور پاکستان کے خلاف انگلی نہ اٹھا سکے۔ ناظمہ تنظیمات راضیہ شاہین نے کہا کہ عورت کو بھوکے کتوں کے آگے پھینکنے کے واقعات ہمارے معاشرے میں اس لیے ہو رہے ہیں کہ ہماری اسمبلیاں قانون سازی کی بجائے سیاست کررہی ہیں۔ چند روزہ اقتدار اور وزیر بننے کیلئے تو ساری توانائیاں خرچ ہو رہی ہیں مگر انسانیت سوز واقعات کی روک تھام کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ شعوری بیداری کیلئے اندرون اور بیرون ملک کام کر رہی ہے اور آنے والے سالوں میں اس کے واضح نتائج دکھائی دینا شروع ہوجائیں گے اور وہ وقت آجائے گا جب حوا کی بیٹی بے خوف و خطر اپنے فرائض منصبی کیلئے نکل سکے گی اور اس کی عزت اور جان کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ لاہور کی صدر عائشہ شبیر نے کہا کہ ہمارا معاشرہ خواتین کو حقوق دینے کے حوالے سے یورپ کے ماضی کا آئینہ دکھائی دیتا ہے۔ یہاں اسلامی اور اخلاقی اقدار کا جنازہ نکالنے والے وڈیرے سیاست کے ایوانو ں میں بیٹھے غریبوں کے حقوق کا مذاق اڑاتے دکھائی دیتے ہیں اور اپنے علاقوں میں عورتوں پر انسانیت سوز مظالم کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔ عورت کی تذلیل ان کا مشغلہ اور ان کے حقوق کے ساتھ ہولی کھیلنا ان کا معمول ہے۔ عورت کو حقوق اس وقت تک نہیں ملیں گے جب تک وہ شعور کی آنکھ کھول کر کسی اجتماعیت کے پلیٹ فارم سے عملی جدوجہد نہیں کریگی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا پلیٹ فارم عورت کو حقوق دلانے کیلئے ہے اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ مظاہرے سے ناظمہ دعوت فریحہ خان نے بھی خطاب کیا۔

اجلاس ویمن مشاورتی کونسل (یکم تا 2 نومبر2008ء)

پہلی نشست یکم نومبر

صدر منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ فاطمہ مشہدی کی زیر صدارت اجلاس کے پہلے سیشن کا باقاعدہ آغاز محترمہ صائمہ فیاض کی تلاوت قرآن مجید اور محترمہ فوزیہ عارف کی نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ بعد ازاں صدر ویمن لیگ محترمہ فاطمہ مشہدی نے ملک بھر سے تشریف لانے والی تنظیمی ذمہ داران کو خوش آمدید کہا۔

اجلاس میں درج ذیل تحصیلات نے شرکت کی۔ چکوال، شور کوٹ، بھکر، جہلم، گوجرہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، وزیرآباد، ہارون آباد، جڑانوالہ، خانقاہ ڈوگراں، کمالیہ، حافظ آباد، فیصل آباد، لاہور، واہگہ ٹاؤن، راوی ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، نشتر ٹاؤن، PP-94 گوجرانوالہ، PP-96، PP-98، نارووال، سرائے عالمگیر، سرگودھا، سرگودھا شرقی، کامونکی۔

مشاورتی کونسل میں درج ذیل ایجنڈا پوائنٹس زیر بحث آئے۔

1۔ گذشتہ کارکردگی کا جائزہ 2۔ اعتکاف2008ء جائزہ، تجاویز و آراء

3۔ قربانی مہم اور ہسپتالوں میں کھانے کی تقسیم 4۔ محرم الحرام کی تقریبات

5۔ ویمن لیگ کے یوم تاسیس کی تقریبات 6۔ قائد ڈے تقریبات 7۔ متفرق امور

ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین نے ویمن لیگ کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کی بعد ازاں تمام تحصیلی ذمہ داران نے اپنی تحصیل کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ ناظمہ ویمن لیگ محترمہ سمیرا رفاقت نے اجلاس کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے ایجنڈا پوائنٹس ہاؤس کے سامنے رکھے جس پر شرکاء نے مختلف تجاویز دیں۔

دوسری نشست 2 نومبر

ناظمہ تربیت محترمہ عفت وحید نے نظامت تربیت کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے سی ڈی ایکسچینج، تربیتی مراسلے اور زاد سفر رپورٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کارکنان کے ذاتی معاملات میں بہتری کے لئے شیخ الاسلام کے لیکچرز سننے، کتب کو پڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

محترم شیخ زاہد فیاض (نائب ناظم اعلیٰ) نے تمام تنظیمات کو خوش آمدید کہا اور اجلاس میں حاضری کم ہونے پر تنبیہ فرمائی اس کے بعد ہاؤس میں سے چند سوالات کئے گئے جن کے جوابات نائب ناظم اعلیٰ صاحب نے دیئے۔ اسکے بعد ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان نے حلقہ درود، حلقہ عرفان القرآن اور دروس قرآن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے حلقہ جات کے رجسٹر ہونے کے طریقہ کار کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور Written Report کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہر ماہ کی 28 تاریخ کو مرکز رپورٹس بھیجنے کی درخواست کی۔

سوال و جواب کی نشست میں محترم ناظم اعلیٰ صاحب نے شرکاء کے سوالوں کے جواب دیئے۔ ناظمہ MSM Sisters محترمہ ساجدہ صادق نے MSM کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے تنظیمات سے درخواست کی کہ وہ اپنے شہروں میں MSM کوآرڈینیٹرز مقرر کریں تاکہ طالبات تک مشن مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام احسن طریقے سے پہنچایا جا سکے۔ آخر میں صدر ویمن لیگ نے مرکز اور تنظیمات کے رابطے کی بہتری پر زور دیتے ہوئے تنظیمات سے بروقت رپورٹس بھیجنے اور مرکز سے رابطے میں رہنے کی درخواست کی اور مزید کہا کہ ہمارے قول و فعل میں قرآن کریم کی تعلیمات کا عکس نظر آنا چاہئے۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔