25 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 25 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس 9 مارچ 2009ء کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب فرمایا۔ کانفرنس کی صدارت روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خادم خاص الشیخ السید محمد بن احمد بن علی النوری المدنی نے کی۔ شیخ الاسلام مدظلہ کے خطاب سے قبل صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے عربی میں اور ممبر سپریم کونسل صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے انگریزی میں خطاب کیا۔ کانفرنس میں لاکھوں عشاقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جوق در جوق شرکت کی۔ کانفرنس میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ چشتیہ آباد شریف کامونکی پیر سید خلیل الرحمن چشتی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت میاں میر رحمۃ اللہ علیہ لاہور مخدوم سید چن پیر قادری، ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ و تنظیم المدارس پاکستان ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی، پیر طریقت صاحبزادہ قمر سلطان امیر افضل (زیب سجادہ حضرت سلطان باہو رحمۃ اللہ علیہ جھنگ)، پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر، سابق صوبائی وزیر ہاؤسنگ پنجاب سید علی رضا گیلانی، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید احمد پراچہ، پاکستان عوامی تحریک کے سینئر وائس چیئرمین آغا مرتضیٰ پویا، تحریک علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ سید غضنفر کراروی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

منہاج القرآن علماء کونسل کی دعوت پر ملک بھر سے مختلف طبقہ ہائے فکر کے معزز علماء و مشائخ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی۔ سابق کپتان اور سٹار فل بیک اولمپئین ذیشان اشرف کی قیادت میں پاکستان ہاکی ٹیم کا 5 رکنی وفد بھی عالمی میلاد کانفرنس کے معزز مہمانوں میں شامل تھا۔ دیگر کھلاڑیوں میں فارورڈ دلاور حسین، شفقت رسول، سجاد انور اور شبیر احمد خان جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر عطاء الرحمن بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل اور منہاج القرآن انٹرنیٹ بیورو کے ذریعے کانفرنس کی کاروائی کو دنیا بھر میں براہ راست پیش کیا گیا جبکہ ملکی و غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں نے اس پروگرام کی کوریج کی۔

پروگرام کے پہلے حصہ کا آغاز شب دس بجے تلاوت و نعت خوانی سے ہوا۔ جبکہ دوسرے حصہ کا آغاز بارہ بجے زینت القراء قاری اللہ بخش کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ شیخ الاسلام مدظلہ نے گفتگو کے شروع میں فرمایا کہ دنیا میں سوڈان وہ ملک ہے جہاں بہت بڑی میلاد کانفرنس ہوتی ہے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے سرزمین پاکستان پر روئے زمین کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا اور یہ اعزاز تحریک منہاج القرآن کو حاصل ہے کہ آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے میلاد کو ایک جشن اور ثقافت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ آپ نے کہا کہ میلاد منانا بلاشک و شبہ کے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اظہار محبت ہے۔ امت کو یہ تحفہ اللہ تعالیٰ نے عطا کیا ہے۔ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا عطا کردہ تحفہ سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ العالی کے خطاب کا دورانیہ 3 گھنٹوں پر مشتمل تھا۔ اس شاندار عالمی میلاد کانفرنس کا اہتمام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی دعا سے ہوا، دعا کے بعد ہی شرکاء کانفرنس نے نماز فجر ادا کی اور اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔