منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 23 شادیاں

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام 23 شادیوں کی اجتماعی سالانہ تقریب اپریل 2009ء کو مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ شادی کی اس تقریب کو خصوصی طور پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر بعثت مبارکہ کی نسبت سے منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادی محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے اس تقریب میں خصوصی شرکت فرمائی۔ سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل ہالینڈ اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ محترم ڈاکٹر عابد عزیز خان، وفاقی وزیر محترمہ ثمینہ گھرکی، ممبر قومی اسمبلی محترمہ خوش بخت شجاعت (ایم کیو ایم)، ممبر قومی اسمبلی محترمہ ماروی میمن (مسلم لیگ ق)، محترمہ ماجدہ زیدی، محترمہ ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، محترمہ ثمینہ خاور، محترمہ ساجدہ میر، معروف اداکارہ و فلم سٹار محترمہ نشو بیگم، محترمہ انصاف قریشی (ممبر پاکستان پیپلز پارٹی فیڈرل کونسل)، محترم سردار کلیان سنگھ (سکھ رہنما)، محترم شعیب خان نیازی کے علاوہ دیگر وفاقی و صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندے شامل تھے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی (ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن)، محترم شیخ زاہد فیاض (سینئر نائب ناظم اعلیٰ) سمیت جملہ مرکزی قائدین تحریک نے شرکت کی۔ صبح گیارہ بجے تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ اس سے قبل ہی باراتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دوپہر تک جاری رہا۔ پنڈال کو خوبصورت رنگ برنگی جھنڈیوں اور خیر مقدمی بینروں سے سجایا گیا تھا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے دولہا اور اس کے باراتیوں کا پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا جبکہ ویمن لیگ نے دلہن اور ان کے ساتھ آنے والی خواتین کو پروقار انداز میں خوش آمدید کہا۔ پنڈال کا عقبی حصہ جہیز کے لئے مختص کیا گیا تھا۔ اس سامان میں عرفان القرآن کا نسخہ، جائے نماز، چار کرسیاں، ڈبل بیڈ، تکئے، گدے، کمبل، واشنگ مشین، ڈی وی ڈی پلیئر، پیڈسٹل فین، ڈنر سیٹ، استری، جوسر مشین اور روزمرّہ استعمال کی دیگر قیمتی اشیاء بھی شامل تھیں۔ ہر دلہن کو سوا لاکھ روپے جہیز کا سامان دیا گیا۔ اس کے علاوہ دلہنوں کو سونے کا سیٹ اور دولہوں کو گھڑیوں کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ اس تقریب کے انتظامات کسی بھی انفرادی سطح پر ہونے والی شادیوں سے کم نہ تھے۔ 23 جوڑوں میں ایک مسیح جوڑا بھی تھا۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے معزز علماء کرام نے ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح پڑھایا۔ جبکہ مسیحی جوڑے کی شادی کے لئے پاسٹر نے ان کے مذہب کے مطابق دولہا اور دلہن کو اس مقدس رشتے میں باندھا۔ نکاح کے بعد حضرت علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے خطبہ نکاح پڑھا اور امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے دعا کروائی۔

آخر میں مرکزی قائدین نے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ تقریب میں نقابت کے فرائض محترم بلال مصطفوی اور محترم سید افتخار شاہ بخاری نے ادا کئے۔ دوپہر اڑھائی بجے اس تقریب کا اختتام ہوا اور 23 دلہنوں کو قرآن پاک کے سایہ میں رخصت کیا گیا۔