حمد باری تعالیٰ و نعت رسول مقبول (ص)

حمد باری تعالیٰ

پتا پتا، بوٹا بوٹا ذکر خدا میں کھویا
ڈالی ڈالی، غنچہ غنچہ ذکر خدا میں کھویا
ذکر خدا میں کھویا، ذکر خدا میں کھویا
اللہ اللہ، اللہ اللہ، اللہ اللہ

پربت پربت، دھرتی دھرتی، امبر امبر واصف
صحرا صحرا، دریا دریا، ذکر خدا میں کھویا
ذکر خدا میں کھویا، ذکر خدا میں کھویا
اللہ اللہ، اللہ اللہ، اللہ اللہ

قریہ قریہ، وادی وادی، گلشن گلشن ذاکر
قطرہ قطرہ، ذرہ ذرہ ذکر خدا میں کھویا
ذکر خدا میں کھویا، ذکر خدا میں کھویا
اللہ اللہ، اللہ اللہ، اللہ اللہ

قمری قمری، طوطی طوطی، بلبل بلبل حامد
چڑیا مینا ہر پروانہ ذکر خدا میں کھویا
ذکر خدا میں کھویا، ذکر خدا میں کھویا
اللہ اللہ، اللہ اللہ، اللہ اللہ

رم جھم، رم جھم گرتی بارش گیت اسی کے گائے
چلتا دریا بہتا جھرنا ذکر خدا میں کھویا
ذکر خدا میں کھویا، ذکر خدا میں کھویا
اللہ اللہ، اللہ اللہ، اللہ اللہ

سندر سندر دل کے اندر نام اجاگر اس کے
میری جاں کا گوشہ گوشہ ذکر خدا میں کھویا
ذکر خدا میں کھویا، ذکر خدا میں کھویا
اللہ اللہ، اللہ اللہ، اللہ اللہ

(علامہ نثار علی اجاگر عطاری )

نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

چھاگئے ابر کرم، ہوگئے ختم ستم
مٹ گئے رنج و الم، آگئے شاہ امم
للہ اب کر دو کرم

چھوڑ کر آپ کا در، جائیں سرکار کدھر
صدقہ حسنین کا دو ورنہ مر جائیں گے ہم
للہ اب کر دو کرم

اے میرے سرور دیں، آپ سا کوئی حسیں
دونوں عالم میں نہیں، حسن یوسف کی قسم
للہ اب کر دو کرم

آیا سدرہ کا مقام، بولا آقا سے غلام
کہ آگے بڑھ سکتا نہیں تیرے قدموں کی قسم
للہ اب کردو کرم

رک گئے روح الامیں، بولے یہ سرور دیں
کہ تیری منزل ہے یہی آگے اب جائیں گے ہم
للہ اب کر دو کرم

آئے دن پھر سے بھلے قافلے طیبہ چلے
سب گئے رہ گئے ہم
للہ اب کر دو کرم

ہوگا جب حشر بپا، انبیاء دیں گے صدا
مصطفی (ص) نظر کرم، مصطفی (ص) نظرم کرم
للہ اب کر دو کرم

(سید نصیر الدین نصیر رحمۃ اللہ علیہ)