مرکزی امیر تحریک کا دورہ خیبر پختونخواہ

صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی مرکزی امیر تحریک منہاج القران انٹرنیشنل کا دورہ خیبر پختونخواہ

رپورٹ : مفتی سہیل بشیر رہنما تحریک منہاج القرآن پشاور

مجاہد اسلام سلطان العارفین حضرت سید شاہ قبول اولیاء رحمتہ اللہ علیہ کا مزار اقدس خیبر پختونخواہ کے دارالمقام پشاور میں مرجع خاص و عام ہے۔ آج سے تقریباً تین سو سال قبل آپ مراکش کے شہر تینجا سے موسم بہار میں برصغیر پاک و ہند کے مشہور شہر پشاور تشریف لائے تھے لہذا ہر سال موسم بہار شروع ہوتے ہی اہل پشاور آپ کی آمد کی خوشی میں ایک شاندار تین روزہ جشن مناتے ہیں۔ جس میں نہ صرف خیبر پختونخواہ بلکہ ملک عزیز کے دیگر صوبوں سے بھی معتقدین کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ امسال درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت آغا یحییٰ زاہد گیلانی کی خصوصی دعوت پر مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے بطور مہمان خصوصی جشن کی تقریبات میں حصہ لیا۔ جشن کی گوناگوں تقریبات کے چند خاص پروگراموں میں ایک نمایاں پروگرام تحریک منہاج القران ویمن لیگ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد تھا جس کی صدارت درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین کی اہلیہ محترمہ نے کی اور مہمان خصوصی مرکزی امیر تحریک کی اہلیہ محترمہ تھیں۔ ویمن لیگ پشاورکی صدر صاحبہ نے خواتین کی ایک کثیر تعداد کو اس شاندار محفل میلاد کے ذریعے تحریک منہاج القران کے مشن کا پیغام پہنچایا۔ اسی دِن درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین کی خصوصی دعوت پر معززین شہر خاص کر پشاور یونیورسٹی اور متعلقہ کالجوں کے پروفیسروں اور وکلاء کی ایک کثیر تعداد نے محترم امیر تحریک کے ساتھ تحریک کے سرپرست اعلیٰ حضرت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اشاعت اسلام کے عالمی پروگرام کے بارے میں سوال و جواب کی ایک خصوصی نشست کی جس سے حاضرین کو بہت مفید معلومات حاصل ہوئیں۔ جشن کے آخری روز کی تقریبات کا منفرد پروگرام تحریک منہاج القرآن پشاور کے زیر اہتمام ’’عرفان القرآن کورس‘‘ اور ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ میں تقسیم اسناد و انعامات کا تھا۔ دونوں کورس درگاہ عالیہ کے حجرہ مبارک میں کچھ عرصہ پہلے شروع کرائے گئے تھے۔ مرکزی نظامت تربیت کے محترم قاری حافظ محمد حسنین فریدی (سکالر کالج آف شریعہ منہاج القرآن) نے بہت محنت سے ان کورسز کی تکمیل کی۔ اہل پشاور کی ایک بہت بڑی تعداد خاص کر اہل سادات کے صاحبزدگان نے استفادہ کیا۔ محترم مرکزی امیر تحریک کی موجودگی میں درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین نے اپنی زیر کفالت دونوں کورس مستقل طور پر چلانے کا اعلان کیا۔ فروغ دین کے اس شاندار کام کو دیکھ کر پشاور کے سادات خاندان کے دیگر سجادہ نشینوں نے بھی اپنی اپنی درگاہوں پر ان مفید دینی کورسز کے چلانے کی استدعا کی۔ جس پر محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان مرکزی امیر تحریک منہاج القران انٹرنیشنل نے سادات پشاور کے اس جذبہ کو سراہا اور پشاور تنظیم کے قائدین کو دین مبین کی ترویج اور تحریک کے مشن کو فروغ دینے کے لئے پشاور میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔

محترم امیر تحریک نے درگاہ عالیہ کی لائبریری کے لیے حضرت شیخ الاسلام مدظلہ‘ کی منفرد کتابوں کا ایک سیٹ محترم سجادہ نشین کو پیش کیا اور کورسز میں نمایاں اعزاز حاصل کرنے والوں کو بھی حضرت شیخ الاسلام کی کتابیں تحفہ میں پیش کیں۔ اس موقع پر شان اولیاء کے حوالہ سے محترم مرکزی امیر تحریک اور علماء کونسل کوہاٹ کے صدر حافظ عبد الجلیل کے خطابات کو سامعین کی ایک بہت بڑی تعداد نے بہت ذوق و شوق سے سنا۔ درگاہ عالیہ کے سجادہ نشین نے تحریک اور قائد تحریک کی عالمی دینی خدمات کے بارے میں تفصیل سے گفتگو فرمائی۔

محترم مرکزی امیر تحریک نے اپنے دورہ پشاور میں تنظیم کے موجودہ مقامی راہنماؤں کے علاوہ تحریک کے پرانے ساتھیوں سے بھر پور ملاقاتیں کیں اور ان کو حضرت شیخ الاسلام کا سلام پیش کیا۔ محترم مرکزی امیر تحریک نے سابق وفاقی وزیر محترم یونس الہی سیٹھی مرحوم کے ارتحال کی تعزیت کے لئے مرحوم کے بھائی سابق صوبائی صدر تحریک منہاج القران محترم ضیا اکبر سیٹھی کی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے اور مرحوم کے اہلحانہ اور بیٹوں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کو حضرت شیخ الاسلام مد ظلہ‘ کا پیغام تعزیت پیش کیا اور دعا فرمائی۔ محترم مرکزی امیر تحریک خاص طور پر پشاور پریس کلب تشریف لے گئے اور محترم ناصر حسین نو منتخب جنرل سیکرٹری کو تحریک کی جانب سے مبارکباد دی اور مقامی صحافی احباب سے خطاب فرمایا۔ محترم مرکزی امیر تحریک نے اپنے سہ روزہ دورہ پشاور میں آخری روز ادارہ البصیرہ اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی’’انٹرنیشل وحدت امت کانفرنس‘‘ میں شرکت فرمائی اور اپنے بصیرت افروز خطاب سے شرکاء کو محظوظ کیا۔ کانفرنس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر ثاقب اکبر نے خوبصورت الفاظ میں محترم مرکزی امیر تحریک کے پر اثر خطاب کو سراہا اور سر پرست اعلیٰ تحریک منہاج القران کی عالمی خدمات پر روشنی ڈالی، کانفرنس میں یوروپ اور ایشیا کے نامور سکالرز کے علاوہ پاکستان کی تمام دینی اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان بھی کانفرنس میں موجود تھے۔

اسی دن پشاور سے واپسی پر مرکزی امیر تحریک نے درگاہ عالیہ مانکی شریف کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت سید روح الامین صاحب کی عیادت کی اور ان کو حضرت شیخ الاسلام کا پیغام دیا۔ جس پر حضرت پیر صاحب نے شکریہ ادا کیا۔