منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

آل پنجاب بین الکلیاتی درسی کوئز مقابلہ دی برین آف نحو ان پنجاب

دینی علوم کا احیاء آج اتنا ہی ضروری ہے جتنا آج امت مسلمہ کو زوال کی پستیوں سے نکالنا ہے تاکہ دین کی بگڑی ہوئی قدریں دوبارہ سے زندہ کی جا سکیں۔ ان علوم اسلامیہ کی ترقی اور تحسین کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات مغربی یلغار کے اس دور میں اسلامیہ جمہوریہ پاکستان میں ہوتے نظر نہیں آتے اور نہ ہی مستقبل قریب میں اس کی کوئی کرن دکھائی دیتی ہے اور نہ اقتدار کے ایوانوں سے ایسی کوئی نوید سنائی دیتی ہے۔

لہذا اب یہ ذمہ داری دینی درسگاہوں پر ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے عملی اقدامات کریں اور پھر خاص طور پر وہ علوم جو علوم اسلامیہ کے لئے بنیاد ہیں اور پھر جب کہ آج ہر طرف سائنس و ٹیکنالوجی، انگلش زبان، لٹریچر اور کامرس کا دور ہے۔ اس وقت ہمارے درسی نظام تعلیم سے ’’نحو‘‘ جیسے علم جس پر ہماری بنیادی تعلیم کا انحصار ہے عدم دلچسپی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔ لہذا اسی لئے منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ لاہور میں ’’آل پنجاب بین الکلیاتی درسی کوئز مقابلہ بعنوان دی برین آف نحو‘‘ بزم منہاج کے زیراہتمام 31 مئی 2012ء کو کیا گیا۔

اس مقابلہ میں پنجاب بھر سے 50+ جامعات و کلیات کو شرکت مقابلہ کی دعوت دی گئی۔ 10 جامعات نے مقابلہ میں شرکت کی۔ شرکاء مقابلہ کو نحو کی تاریخی کتاب ’’شرح مائۃ عامل‘‘ تیاری کے لئے مقرر کی گئی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 8 ہزار روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 6 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ٹیم کے لئے 4 ہزار روپے کے نقد انعامات تھے۔ مقابلہ تین راؤنڈ پر مشتمل تھا، پہلا راؤنڈ قواعد سے متعلق تھا، دوسرا راؤنڈ عربی عبارات پڑھنے پر مشتمل تھا، جبکہ تیسرا راؤنڈ نحوی ترکیب سے متعلق تھا۔ پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمز کی سبجیکٹ ٹیچرز کے لئے بھی تحائف تھے۔

کل پنجاب دی برین آف نحو کے اس منفرد مقابلہ کی صدارت کے فرائض استاذ العلماء حضرت قبلہ شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام صاحب نے سرانجام دیئے۔ دیگر مہمانات گرامی قدر میں محترم صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی مرکزی امیر تحریک، شیخ الحدیث جامعہ امینیہ رضویہ فیصل آباد مولانا غلام مرتضی عطائی، پرنسپل جامعہ سراجیہ نعیمیہ، میڈم نبیرہ عندلیب، پرنسپل کالج آف شریعہ منہاج یونیورسٹی بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، پروفیسر مسز عائشہ عبیداللہ، پرنسپل ایم جی ایس کرنل (ر) سعید صاحب، ناظم علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ صاحب، پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید صاحب، پروفیسر ڈاکٹر مسعود مجاہد صاحب، میڈم فریاد بی بی صاحبہ (ایچی سن کالج)، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم صاحب شامل ہیں جبکہ منصفین کے فرائض ڈاکٹر ظہوراللہ الازہری (لاہور)، پروفیسر محمد اعظم نوری (گوجرانوالہ) نے انجام دیئے۔

مقابلہ میں پہلی پوزیشن کالج ہذا کی ٹیم (مدیحہ صدیق، بشری بی بی، حافظہ حنا اجمل) اور جامعہ نوریہ رضویہ مدرسۃ البنات (سدرہ نورین، ارم شریف، سدرہ رفیق) کی ٹیم نے حاصل کی۔ دوسری پوزیشن جامعہ امیہ رضویہ فیصل آباد (سیدہ مہوش بتول، مہ جبین کونپل، نادیہ ندیم) کی ٹیم نے حاصل کی اور تیسری پوزیشن جامعہ رضویہ تعلیم القرآن جڑانوالہ (حافظہ روزینہ اسلم، حافظہ اقصیٰ نورین، عمیرہ عباس) نے حاصل کی۔

اس منفرد مقابلہ میں مرکزی امیر تحریک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کالج ہذا کی اس کاوش کو سراہا اور مقابلہ کے منتظم سینئر پروفیسر کالج ہذا محترم نوری الزماں نوری صاحب کو اس خوبصورت پروگرام کے منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔ مہمانان گرامی نے اس پروگرام کو سراہا اور احیائے علوم اسلامیہ کے لئے اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ مقابلہ میں شریک شرکاء نے بھی اس پروگرام کو سراہا۔ یہ دلچسپ مقابلہ چار گھنٹے جاری رہا۔ آخر میں پرنسپل کالج ہذا نے جیتنے والی ٹیمز میں انعامات تقسیم کئے اور مقابلہ میں آنے والے جامعات و کلیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

دو روزہ دورہ راولپنڈی

مورخہ 20 اور 21 جولائی کو مرکزی ناظمہ محترمہ نوشابہ ضیاء اور نائب ناظمہ محترمہ ساجدہ صادق نے راولپنڈی کا تنظیمی دورہ کیا۔ جس میں ضلعی تنظیم کے ساتھ ساتھ تمام PP's حلقہ جات کے کارکنان سے نشستیں رکھی گئیں۔ ان تنظیمی نشستوں کا مقصد قائد محترم کی آمد سے قبل ورکنگ اور ٹارگٹس کے حصول میں تیزی لانا اور ساتھ ہی اعتکاف کے لئے مختص کیا گیا کوٹہ کے مطابق کارکنان کو ہدایات دی گئیں جن PP حلقہ جات میں تنظیمی باڈی مکمل نہ تھی ان کی تنظیم نو بھی کی گئی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام تنظیمات کیمپ برائے کارکنان 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 28 جون 2012ء کو تنظیمات کیمپ برائے کارکنان منعقد ہوا۔ کیمپ کے پہلے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ مرکزی نائب ناظمہ محترمہ ساجدہ صادق نے کیمپ کے مقاصد بیان کیے۔ کیمپ کا پہلا لیکچر "تنظیمی نیٹ ورک پر توسیع" کے عنوان پر ہوا جس پر مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ نوشابہ ضیاء نے بڑے احسن انداز میں گفتگو کی۔

اس کیمپ کا دوسرا لیکچر محترمہ ساجدہ صادق نے "یونین کونسل اور یونٹ لیول تک تنظیم سازی کرنا" کے موضوع پر دیا جس میں انہوں نے ورکنگ پلان کو بریف کیا۔ اس سیشن کا اگلا لیکچر مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد اور مرکزی نائب ناظمہ تربیت افنان بابر نے دیا جس میں انہوں نے بہترین انداز میں ملٹی میڈیا کو استعمال کر کے نظامت تربیت کے ورکنگ پلان اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر مرکزی نائب ناظمہ دعوت محترمہ نائلہ جعفر نے کیمپ کے شرکاء سے دعوت کے پروجیکٹس پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مرکزی ناظمہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز محترمہ شاکرہ چوہدری نے اس سیشن کا آخری لیکچر دیا جس میں انہوں نے ملٹی میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے MSM سسٹرز کے مقاصد، ورکنگ پلان، تنظیمی و انتظامی ذمہ داریوں اور سرگرمیوں کو بریف کیا۔ انہوں نے MSM کی جانب سے شیخ الاسلام کے ساتھ اپنے جذبات کی ترجمانی بھی کی۔

پہلے دن کے دوسرے سیشن میں محترمہ ساجدہ صادق نے تحریک کی رفاقت کا مقصد بہت خوبصورت انداز میں سمجھایا۔ کیمپ کے شرکاء سے سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض کی خصوصی نشست ہوئی۔ جس میں انہوں نے تحریک کے مختلف ورکنگ ادوار کو بریف کرتے ہوئے قائد تحریک کے ساتھ اخلاص، محبت اور خصوصی تعلق کو پختہ کرنے پر زور دیا۔

حسب روایت کیمپ کے دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ امیر تحریک پنجاب محترم احمد نواز انجم نے لیکچر دیتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد اور ان کے فقید المثال استقبال کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ اسی روز مرکز پر صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو مرکز تشریف لانے پر ایک خصوصی استقبالیہ تقریب رکھی گئی جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات نے بھی نمائندگی کی۔ تنظیمات نے حسین بھائی کی آمد پر بھرپور جوش اور ولولہ کا اظہار کیا۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کارکنان سے تربیتی پہلو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کی منزل مصطفوی معاشرہ اور معاشرہ مرتضی ہے۔ انہوں نے قرآن پاک کی آیت مبارکہ سے تحریک اور اس کے مقاصد کی عظمت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نہایت جامع انداز میں قرآن پاک اور اسماء حسنی سے وضاحت کی کہ ہر شعبہ زندگی میں رہتے ہوئے انسان رضائے الہی حاصل کر سکتا ہے۔ بعدازاں تقریب کے افتتاحی کلمات اور دعا مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی نے کی۔

محترم سینئر نائب ناظم اعلی، محترمہ رافعہ علی قادری اور محترمہ عائشہ شبیر کے ساتھ تنظیمات کی خصوصی نشست رکھی گئی۔ جس میں استقبال قائد کے حوالے سے خصوصی Motivation دی گئی۔ محترمہ رافعہ علی قادری نے تنظیمات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ محبت کا تعلق قائم کریں اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا رہیں۔ محترمہ عائشہ شبیر نے شرکاء کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان مسلسل جدوجہد اور محنت جاری رکھیں تاکہ شیخ الاسلام کا والہانہ استقبال کر سکیں۔ سینئر نائب ناظم اعلی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام وہ عظیم شخصیت ہیں کہ جن کا پھیلایا ہوا یہ تنظیمی نیٹ ورک نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تین ماہ میں بھرپور ورکنگ کریں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک شیخ الاسلام کی فکر کو پہنچائیں۔

کیمپ کے تیسرے دن تنظیمات کے ساتھ نشست کے لیے دختر قائد محترمہ فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ان کی شرکت کارکنان کے لیے انتہائی Motivation کا باعث تھی۔ محترمہ فضہ حسین قادری نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام وہ شخصیت ہیں جنہوں نے امت مسلمہ کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا اور آج تحریک منہاج القرآن سے وابستہ لاکھوں کارکنان کا یہ قافلہ شیخ الاسلام کی قیادت میں رواں دواں ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شیخ الاسلام کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں اور ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے مصطفوی مشن کے پیغام کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان آج ہی سے محنت شروع کریں تاکہ استقبال قائد کے لیے خواتین کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے بعد تنظیمات کی غیر معمولی کارکردگی پر اسناد تقسیم کی گئیں۔ محترمہ ساجدہ صادق نے اختتامی کلمات میں کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا اور اپنے جذبوں کو تازہ رکھنے اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔ کیمپ کا اختتام محترمہ افنان بابر کی دعا پر ہوا۔

اسلامک لرننگ کورس2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام مورخہ 3 جولائی 2012ء کو اسلامک لرننگ کورس کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ اور بالخصوص مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد، نائب ناظمہ تربیت محترمہ افنان بابر نے کی۔ لرننگ کورس میں پاکستان بھر سے تقریباً 140 طالبات نے شرکت کی۔ کورس کے انعقاد کا مقصد طالبات کو اسلام کے صحیح پہلو سے متعارف کروانا اور دینی اسلامی تعلیمات کو سکھانا اور طالبات کی اخلاقی و روحانی تربیت کرنا تھا۔

اسلامک لرننگ کورس کے لئے Session کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ پہلا لیکچر قرآن و حدیث سے متعلق تھا۔ محترم محمد شریف کمالوی نے ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ کی تفصیلات بیان کیں۔ دوسرا لیکچر محترم غلام مرتضیٰ علوی نے دیا جس میں انہوں نے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ضرورت اور اہمیت پر گفتگو فرمائی۔ اگلا لیکچر محترم رانا محمد ادریس نے دیا۔ آپ نے شیخ الاسلام کی شخصیت کا تعارف پیش کیا اور بڑے خوبصورت انداز میں آپ کی امت مسلمہ کے لئے خدمات کو بیان کیا۔ طہارت اور پاکیزگی پر محترمہ مصباح کبیر نے خوبصورت گفتگو کی۔ مزید برآں وضو اور غسل کا طریقہ بھی سکھایا۔ فن خطابت کی پہلی بریفنگ محترم نورالزماں نوری نے دی اور طالبات کو خطابت کا طریقہ سکھایا۔ فن نعت کے لیکچر کے لئے محترم ظہیر بلالی کو مدعو کیا گیا۔ دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس میں بہت خوبصورت نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پیش کی گئی۔ محترم محمد شریف کمالوی نے طالبات کو تجوید سکھائی اور آیت مبارکہ تلاوت کی۔ تمام لیکچررز نے اپنے اپنے عنوان پر لیکچرز Deliver کئے۔ جن میں محترم صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی، محترم بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، محترمہ عائشہ شبیر، محترم غلام تیمور ربانی اور محترم ظہیر بلالی شامل تھے۔ محترمہ گلشن ارشاد نے پردہ اور نماز کے طریقہ پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں طریقے بھی سکھائے۔ تیسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی گئی۔ طالبات کو Personality Development پر بریف کیا گیا اور بیداری شعور پر بھرپور Motivation دی گئی۔ محترمہ عائشہ شبیر نے بڑے خوبصورت انداز میں طالبات کو بیداری شعور پر لیکچر دیا۔ محترمہ رافعہ علی قادری نے حقیقت تصوف اور اصلاح احوال پر مدلل گفتگو فرمائی۔

چوتھے دن کا آغاز بھی تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس Session میں اخلاق نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، شرک اور بدعت کیا ہے اور تعمیر شخصیت پر محترم امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، محترم محمد افضل قادری اور محترم بشیر خان لودھی نے خصوصی لیکچرز دیئے۔ تحریک کی موجودہ حکمت عملی اور بیداری شعور پر ناظم تنظیمات محترم ساجد محمود بھٹی نے پرجوش لیکچر دیا جس میں انہوں نے طالبات کو اس سسٹم کے خلاف ووٹ نہ دینے پر زور دیا اور یہ پیغام آگے پہنچانے کی تلقین کی۔ محترمہ گلشن ارشاد نے تربیتی پراجیکٹس پر بریفنگ دی اور محترمہ افنان بابر نے فن خطابت پر طالبات کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔

پانچویں دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر محترم سید فرحت حسین شاہ اور محترمہ نرید فاطمہ نے خوبصورت لیکچرز دیئے۔ مرکزی ناظمہ MWL محترمہ نوشابہ ضیاء نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا تعارف پیش کیا اور طالبات پر واضح کیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کس نہج پر خواتین کی تربیت اور اصلاح کا کام کر رہی ہے۔ اس Session میں دختر قائد محترم فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت فرمائی۔ آپ کی شرکت طالبات کے لئے انتہائی Motivation کا باعث تھی۔ آپ نے سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت کے شخصیت پر اثرات کے عنوان پر خوبصورت انداز میں گفتگو فرمائی۔ آپ نے فرمایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ہی اطاعت کے لائق ہے کیونکہ اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اصل میں اطاعت الہٰی ہے اور آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تاکہ ان کی شخصیت کے پہلوؤں کے فیض سے ہمارا معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکے۔

لرننگ کورس کے چھٹے دن کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ تمام لیکچررز نے اپنے اپنے عنوان پر گفتگو فرمائی جس میں محترم طاہر حمید تنولی، محترم محمد فاروق رانا، محترمہ افنان بابر اور محترم ظہیر بلالی شامل تھے۔ لرننگ کورس کے شام کے Session میں قائد محترم کے خطابات سنوائے گئے اور حلقہ درود کا انعقاد بھی کیا گیا۔ سینئر نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض کے ساتھ طالبات کی خصوصی نشست بھی رکھی گئی جس میں طالبات نے تحریک منہاج القرآن کے حوالے سے سوالات کئے اور آپ نے طالبات کو Satisfy کیا۔ اسلامک لرننگ کورس کی فائنل تقریب میں محترم ساجد محمود بھٹی اور محترم محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی اور لرننگ کورس کے سلیبس آئیں دین سیکھیں کورسز، فن خطابت اور فن نعت میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

اللہ تعالیٰ منہاج القرآن ویمن لیگ کو کامیابیوں اور کامرانیوں سے ہمکنار کرے تاکہ وہ اسی طرح مشن مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لئے اہم خدمات سرانجام دیتی رہے۔ Session کا اختتام محترمہ افنان بابر کی دعا پر ہوا۔

عرفان القرآن کورس2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 11 جولائی کو عرفان القرآن کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں پورے پاکستان سے تقریباً 80 طالبات نے شرکت کی۔ اس کورس کا مقصد خواتین کی اخلاقی و روحانی تربیت رجوع الی القرآن، فیلڈ میں معلمات کی تیاری اور حلقات عرفان القرآن کے فروغ کے لئے تیار کرنا تھا۔ اس کورس کا انعقاد مرکزی منہاج القرآن ویمن لیگ اور بالخصوص مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ سدرہ کرامت اور نائب ناظمہ دعوت محترمہ نائلہ جعفر کی قیادت میں ہوا۔

کورس میں منہاج القرآن ویمن لیگ سے مرکزی ناظمہ محترمہ نوشابہ ضیاء، محترمہ سدرہ کرامت، محترمہ نائلہ جعفر اور محترمہ گلشن ارشاد کے علاوہ مرکز سے محترم سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، محترم غلام مرتضیٰ علوی، محترم محمد شریف کمالوی، محترم سید فرحت حسین شاہ، محترم رانا محمد ادریس، محترم محمد فاروق رانا، محترم بشیر خان لودھی اور محترم ممتاز الحسن نے تدریس کے فرائض سرانجام دیئے۔ کورس کے مضامین میں تجوید اور فن خطابت کے لئے محترم حافظ محمد شریف کمالوی اور محترم غلام تیمور ربانی نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ عرفان القرآن کورس میں مندرجہ ذیل اہم موضوعات پر لیکچر دیئے گئے۔

  1. ترجمہ و تفسیر (سورۃ البقرہ)
  2. ایصال ثواب
  3. شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعارف
  4. تصور شرک و بدعت
  5. تحریک منہاج القرآن کا تعارف
  6. عقیدہ توسل
  7. تحریک منہاج القرآن کی موجودہ حکمت عملی اور بیداری شعور
  8. طہارت کے مسائل
  9. موجودہ دور میں تحریک منہاج القرآن کی ضرورت
  10. وضو/ غسل
  11. ویمن لیگ کا تعارف
  12. روزہ کے مسائل
  13. رجوع الی العلم کی ضروت و اہمیت
  14. آئیں دین سیکھیں کورس
  15. عرفان القرآن کورس

طالبات کو ان تمام عنوانات پر Detail بریفنگ دی گئی۔ نیز طالبات کو عرفان القرآن کورسز کے انعقاد کا مکمل طریقہ کار محترمہ سدرہ کرامت نے بریف کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آئیں دین سیکھیں کورسز کی Details بھی بتائی گئیں۔ حلقات درود و فکر کی اہمیت اور ان کے انعقاد پر بھی طالبات کو بریف کیا گیا۔ شیخ الاسلام کے مختلف خطابات بھی سنوائے گئے۔ سفیر امن اوران کی بیرون ملک مصروفیات کی CD بھی سنوائی گئی جس پر طالبات نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

سات روزہ عرفان القرآن کورس میں طالبات کی روحانی و اخلاقی تربیت کی گئی اور ساتھ ہی ساتھ مخصوص شیڈول پر عمل کروایا گیا جس میں پنجگانہ نماز، نماز تہجد، ذکر و اذکار، محافل میلاد اور شب بیداری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طالبات نے بڑے شوق سے کثیر تعداد میں درود پاک بھی پڑھا۔ آخر میں عرفان القرآن کورس کے سلیبس، فن خطابت کا امتحان بھی لیا گیا۔ کورس کی فائنل Ceremony میں محترم سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے ساتھ محترم منہاج الدین نے بھی شرکت فرمائی۔ محترم شیخ زاہد فیاض نے ویمن لیگ کے کام کو سراہا اور طالبات کو Appreciate کیا۔ بعد ازاں طالبات میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ کورس کے Session کا اختتام دعا پر ہوا۔