پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیاں

محافل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

رپورٹ: افنان بابر، مرکزی ناظمہ دعوت

منہاج القرآن ویمن لیگ نظامت دعوت کے زیراہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی ماہ ربیع الاول میں میلاد مہم کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے تحت پورے پاکستان میں محافل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکمل تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ جس میں مرکزی ویمن لیگ سے محترمہ گلشن ارشاد، محترمہ قرۃ العین ظہور اور سینئر بہنوں میں سے محترمہ نرید فاطمہ، محترمہ زارا ملک نے بطور مقررہ اپنی خدمات سرانجام دیں۔ علاوہ ازیں منہاج گرلز کالج، منہاج نعت کونسل گوجرانوالہ اور لاہور نعت کونسلز نے بھرپور تعاون کیا۔

منہاج القرآن ویمن لیگ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق امسال ملک بھر میں تقریباً 1500 محافل میلاد کا اہتمام کیا۔ ان محافل کا بنیادی مقصد آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کے ساتھ تعلق محبت اور نسبت تعظیم کو اجاگر کرنا اور بالخصوص پاکستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات رواداری و برداشت اور پیغام امن و محبت کا فروغ تھا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو معاف نہیں کرینگے، ڈاکٹر طاہرالقادری کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب

مورخہ 17 جنوری کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف نہ ملنے پر لاہور پریس کلب کے باہر پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے احتجاجی مظاہرے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے تختہ دار پر لٹکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکمرانوں کا کوئی ہتھکنڈہ ہمیں انصاف کی راہ سے نہیں ہٹا سکتا۔ حکمرانوں کے دہشت گردوں سے رابطے ہیں، فوجی عدالتوں کو ناکام بنانے کیلئے سازشیں شروع ہو چکی ہیں، اس جنگ میں فوج کے بعد صرف عوامی تحریک پوری جرات کے ساتھ آواز اٹھا رہی ہے، اس پارلیمنٹ کو تو دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی جنگ قرار دینے کی بھی توفیق نہیں ہو سکی، قاتلوں کی بنائی جے آئی ٹی نہ پہلے قبول تھی نہ آئیندہ قبول کریں گے۔ 14 بے گناہوں کے خون سے بے وفائی کا تصور بھی نہیں کر سکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن دہشتگردی کا کیس بھی فوجی عدالتوں میں چلایا جائے۔

مظاہرین سے مرکزی صدر عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، صوبائی صدر بشارت جسپال، مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ سید حسن رضا نقوی، قاضی فیض الاسلام، ساجد بھٹی، راضیہ نوید، علامہ فرحت حسین شاہ، احمد نواز انجم، شعیب طاہر، عرفان یوسف و راجہ ندیم نے بھی خطاب کیا۔ کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے بینرز اورکتبے اٹھا کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ احتجاجی مظاہرہ میں خواتین کارکنان اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ شرکاء ’’ن لیگ خون لیگ‘‘، ’’خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا‘‘، ’’جعلی جے آئی ٹی نا منظور‘‘، ’’ظالموں جواب دو خون کا حساب دو‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔

تحریک منہاج القرآن کے تحت توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجی ریلی

تمام اسلامی ممالک انبیاء کرام کی توہین کو جرم قرار دلوانے کیلئے اقوام متحدہ سے قانون سازی کا مطالبہ کریں۔ اقوام متحدہ قانون سازی سے انکار کرے تو تمام اسلامی ممالک احتجاجاً اقوام متحدہ کی رکنیت چھوڑ دیں۔

لاہور (16 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے تحت مرکزی سیکرٹریٹ ’’جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن‘‘سے عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تمام اسلامی ممالک انبیاء کرام کی توہین کو جرم قرار دلوانے کیلئے اقوام متحدہ سے قانون سازی کا مطالبہ کریں اور اگر اقوام متحدہ قانون سازی سے انکار کرے تو تمام اسلامی ممالک احتجاجاً اقوام متحدہ کی رکنیت چھوڑ دیں۔ نماز جمعہ کے بعد نکالی گئی پرامن احتجاجی ریلی میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین کے علاوہ جوانوں، بزرگوں اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک قائدین نے عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے خطابات کئے اور توہین آمیز خاکوں کی پر زور مذمت کی۔ ریلی کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ مسکین فیض الرحمان درانی، قائمقام ناظم اعلیٰ جی ایم ملک اور مرکزی صدر عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کر رہے تھے۔

پرامن ریلی کے شرکاء نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مقدس نام کے کتبے اٹھا رکھے تھے۔ ریلی میں شریک سینکڑوں افراد نے محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام پڑھ کر پوری دنیا کو ان سے وفاداری کا پیغام دیا۔ شرکاء ریلی نے امت مسلمہ کے حکمرانوں اور او آئی سی کی بے حسی کی بھر پور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے یو این اور دیگر مؤثر ممالک اس مذموم عمل کو مستقل ختم کرنے کیلئے پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب انبیاء کرام، الہامی کتب اور مقدس ہستیوں کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، لہذا ایسے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی ناپاک جسارت کرنے والے تمام لوگوں کو عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دینے کے جرم میں فوری گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن سے کھیلنے والے ملعونوں سے عالمی قوانین کے مطابق نبٹا جائے۔

مرکزی صدر عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کی تکریم کو اپنا ایمان سمجھتے ہیں اور دوسروں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مقدس ہستیوں کے احترام کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ امت مسلمہ کے حکمرانوں کو متحد ہو کر اجتماعی فیصلے کرنا ہونگے۔ محض بیانات دینے کی بجائے احترام مذاہب اور ناموس مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحفظ کیلئے قومی پالیسی وضع کی جائے۔ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر پوری دنیا کو افسوس کرنا چاہیے، بالخصوص اہل کتاب کیلئے یہ واقعہ انتہائی شرمندگی اور ندامت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے عمل سے بین المذاہب رواداری کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔

مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانس کی حکومت اس توہین آمیز رویے کا فوری نوٹس لے جس سے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں اور انکے بنیادی حقوق کی پامالی ہوئی ہے۔ ایسا واقعہ اقوام عالم، انسانی تہذیب، مذہبی رواداری اور گلوبل ویلج کی مشترکہ تہذیب کیلئے ذلت و رسوائی کا مقام ہے۔

ڈنمارک: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرانتظام میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

17 جنوری 2015 بروز ہفتہ ویمن لیگ و سسٹر لیگ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نے عید میلا دالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام ایک ٹیم ورک کا نمونہ تھا جو منہاج القرآن ڈنمارک کی ویمن و سسٹرلیگ نے پیش کیا جسے خواتین نے بہت سراہا۔اس پروگرام میں قرات کی سعادت منہاج القرآن ڈنمارک کی طالبہ آنسہ میمونہ سراج نے حاصل کی، حمد باری تعالیٰ سسٹر لیگ کی آنسہ ہاجرہ شاہ نے پیش کی، گلدستہ عقیدت و محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محترمہ کوکب اْپل، محترمہ نگینہ عمر کے علاوہ تینوں منہاج القرآن کے سنٹرز کی یوتھ نے دف کے ساتھ بڑے مسحور کن انداز میں پیش کئے۔ منہاج القرآن ڈنمارک سنٹر آما کی نائب صدر آنسہ سدرہ سعید نے بڑے خوبصورت انداز میں مقامی زبان ڈینش میں میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مرکزی سنٹر کوپن ہیگن کی سسٹر لیگ کی نائب صدر حمیرا فاطمہ مرزا نے اردو زبان میں خطاب کیا۔

خواتین کے مابین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ سے تعلق قائم کرنے کے لئے ذہنی آزمائش کا مقابلہ کروایا گیا اور درست جوابات دینے پر خواتین میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ جس میں خواتین نے کافی دلچسپی کا اظہار کیا اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس کانفرنس کا اہم حصہ یعنی پیغام عشق و محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و پیغام تعلق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پیغام منہاج القرآن اپنے منفرد انداز میں یورپین کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل سے ویمن و سسٹر لیگ کی کوآرڈینیٹر محترمہ سمیرا فیصل صاحبہ نے اپنے ایمان افروز خطاب میں دیا، انہوں نے کہا کہ آج کے پرفتن دور کو دیکھیں اور اسلام کو دیکھیں کہ وہ ہم سے کیا تقاضا کر رہا ہے اور بحیثیت مسلمان ہمارا اپنے آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیسا تعلق ہونا چاہیے اور تعلق کو قائم کرنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فیض آج پہلے سے بھی زیادہ جاری ہے ہم اس فیض کو لینے والے کس طرح بن سکتے ہیں؟ ماہ ربیع الاول میں ہم اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق و محبت کا اعادہ کر سکتے ہیں جس طرح اللہ اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر وقت یاد رکھتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجتا رہتا ہے ہم پر بھی لازم ہے کہ ہم بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہر وقت یاد رکھیں ان سے اپنا تعلق قائم رکھیں۔

سلام عقیدت منہاج یوتھ سسٹرز و ویمن لیگ نے پیش کیا اور منہاج القرآن ڈنمارک کی ویمن لیگ کی صدر محترمہ کنول بٹ صاحبہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ میلاد کانفرنس کی نقابت کے فرائض محترمہ ڈاکٹر شبانہ احمد نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔ دعائے خیر محترمہ ناہید سراج صاحبہ نے کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر ضیافت میلاد سے مہمانوں کی خاطر تواضع کی گئی۔

سالانہ محفل میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ لاہور

منہاج کالج برائے خواتین میں ہر سال کی طرح امسال بھی بزم منہاج اور اسلامک سوسائٹی کے زیراہتمام 31 جنوری 2015 کو کالج کے مصطفوی ہال میں سالانہ محفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے انتظامات کے لیئے بنائی گئی مختلف کمیٹیوں کی انچارج مس ام حبیبہ اور مس فوزیہ تھیں۔

کالج اور ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ ہر طرف رنگ و نور کا سماں تھا۔ محفل کا آغاز قران پاک کی با برکت تلاوت سے ہوا۔ بعد ازاں طالبات نے اردو، عربی اور انگلش زبان میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔نعت خوانوں میں عمارہ خلیل، عروسہ انور، مہ جبین، مہوش شہزادی، نورین فاطمہ، زاہدہ تبسم، سمییہ اسلام، ثناء غضنفر، حفصہ خان اور ہادیہ ثاقب ہاشمی شامل تھیں۔

پروگرام کی مہمان خصوصی محترمہ فضہ حسین قادری تھیں۔دیگر مہان گرامی مین محترمہ راضیہ نوید (صدر مرکزی ویمن لیگ)، محترم فرح ناز، محترمہ فریدہ سجاد اور مسز صاحبزادہ مسکین فیض ارحمن درانی شامل تھیں۔ دوران محفل سامعین پر وجد کی کیفیت طاری رہی۔اور ہال درود و سلام سے گونجتا رہا۔ کالج ہٰذا کی پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ نے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر بچوں کی پرورش کی اہمیت بیان کی۔

محترمہ فضہ حسین قادری نے محفل میلاد کے انعقاد پر انتظامیہ اورطالبات کو مبارکباد پیش کی اور نوجوان نسل میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اہمیت پر خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی۔محفل کا اختتام محترمہ فرح ناز کی پر سوز دعا سے ہوا۔ محفل کے منتظمین میں مس ام حبیبہ، مس جویریہ حسن، مس کلثوم طارق، مس شازیہ بٹ اورمس ندا صدیقہ شامل تھیں۔

Toward peace co-existence سیمینار

مورخہ 9 فروری 2015 کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا وفد مرکزی ناظمہ محترمہ راضیہ نوید کے ساتھ کرسچن سٹڈی سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ Toward peace co-existence سیمینار میں پہنچا۔ جس میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز محترم سہیل احمد رضا، دخترانِ اسلام سے محترمہ ملکہ صبا، ٹاؤن کوآرڈینیٹر ویمن لیگ محترمہ عائشہ مبشر نے مرکز کی طرف سے جبکہ اسلام آباد اورراولپنڈی سے تحصیلی تنظیمات نے خصوصی شرکت کی۔

10 فروری 2015ء کو صبح 9:00 بجے کانفرنس کی اگلی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت محترمہ عائشہ مبشر نے حاصل کی۔ علاوہ ازیں محترمہ ملکہ صبا نے گلہائے عقیدت آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارہ گاہ میں پیش کی۔ اس نشست میں بھی دو لیکچرز کا انعقاد گیا گیا جس میں مسٹر یعقوب نے مسیحیت میں Nonviolence کی فکر پر اور محترمہ راضیہ نوید نے صوفی ازم میں ماضی و حال میں امن کے لئے جدوجہد پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی حیاتِ مبارکہ سے ہی وجودمیں آگیا تھا۔ یہ کوئی نئی اختراع نہیں ہے یہ لوگ اللہ رب العزت کی رضا کے حصول کے لئے تمام حلال اشیاء کو بھی اپنے اوپر حرام کر دیتے ہیں اور ہمہ وقت مخلوق خدا میں امن و محبت، تحمل و برداشت کے فروغ کے لئے کوشاں رہتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوفی وہ ہے جو خلق خدا کے لئے سورج کی طرح شفیق، دریا کی طرح سخی اور زمین کی طرح تواضع ہو اس کا مفہوم یہ ہے کہ جس طرح سورج کی روشنی اور حرارت کسی ایک قوم، مذہب اور خطے کے لئے محدود نہیں ہوتی مسلمان، عیسائی، یہودی، ہندواور سکھ غرضیکہ ہر مذہب وملت کے لوگ اس سے مستفید ہو تے ہیں۔ اسی طرح صوفی اور درویش وہ ہے جو ساری مخلوق کے لئے نفع رساں ہو جواپنے علم وفضل، نورِ ہدایت، شفقت ومہربانی اور خدا کی عنایت میں دوسرں کو بھی شریک کرے۔ درویش کے دریا کی طرح سخی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ جس طرح دریا اور پانی کسی قوم اور مذہب وملت کے لئے مخصوص نہیں کرتا۔ ہر کوئی اپنا برتن اس سے بھر سکتا ہے۔ اسی طرح درویش کی خدمت میں جو بھی آئے وہ فیض رسانی میں بخل سے کام نہیں لیتا اور ہر کوئی اپنے ظرف کے مطابق اپنا حصہ لے سکتا ہے۔ زمین بھی ہر ایک کے آگے بچھی رہتی ہے اس سے جس طرح کوئی فائدہ اٹھانا چاہے وہ انکار نہیں کرتی۔ اس پر کوئی سبک خرام ہویا ایڑ ی مار کر چلے۔ ہر دھرتی اس کیلئے فرش راہ ہوتی ہے۔

محترمہ راضیہ نوید نے کہا کہ : آج کے دور میں شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھی صوفیت کے اسی تصور کو لیکر امن و محبت وبھائی چارگی کی فضاقائم کرنے کیلئے مصروف عمل ہیں جہاں ہر کوئی خوشحال وپُر سکون زندگی بسر کر سکے۔ اپنی تقریر کے ختتا م پر پیغام دیتے ہوئے کہا : چاہیے ہمارا تعلق جس بھی مذہب سے ہو۔ یا جس بھی مسلک سے ہو سب کو اس دنیاکو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے صوفیت کی طرف لوٹنا ہو گا اور اپنے فکروعمل میں محبت، امن ورواداری، اخلاص، ہمدردی، برداشت اور تعاون پیدا کرنا ہو گا تاکہ اس دنیا کو امن ومحبت کا گہوارہ بنایا جاسکے۔

پروگرام کے اختتام پر محترم سہیل رضا (ڈائر یکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز) نے اس عظیم الشان کانفرنس پر مبارک باددیتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ صوفی ازم ہی ہماری اصل اساس ہے۔ ہم ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اس ملک وقوم کو امن کا گہوارہ بنانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔ کیونکہ شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ

محترم سہیل رضا نے اس موقع پر کرسچن سٹڈی سینٹر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا سیٹ تحفتاً لائبریری کیلئے Donate کیا جبکہ منہاج القراان ویمن لیگ نے صوفیت پر لکھی گئی کتب کا بک سٹال لگایا تاکہ شرکاء کانفرنس اسلام میں صوفی ازم کی تعلیمات سے مستفید ہوسکیں۔ بعد ازاں کرسچن ٹریننگ سنٹر پہنچے، جہاں نہایت ہی دلکش لائبریری و کلاس روم کا وزٹ کیا۔ طالبات سے محترمہ راضیہ نوید مرکزی ناظمہ نے دوران تواضع نہایت مفید گفتگو کی۔ واپسی پر محترم سہیل رضا نے کرسچن ٹریننگ سینٹر لائبریری کیلئے بھی شیخ الاسلام کی کتب کا تحفہ دیا اور اس سینٹر کی ٹیچر محترمہ لبنیٰ نے بھی مسیحی کتب کا اردو ترجمہ منہاج القرآن وفد کی خدمت میں پیش کیا۔

میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گوجرانوالہ

مورخہ 25 جنوری 2015 کو منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرانوالہ کے زیراہتمام pp 94 میں عظیم الشان سالانہ محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علاقہ بھر سے تقریبََا 1500خواتین و طالبات نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ محترمہ زینب گورائیہ نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔ محترمہ نور صفیہ (نا ظمہ پی پی 94) نے نہایت احسن انداز میں محفل کو آرگنائز کیا۔ منہاج نعت کونسل نے بڑے خوبصورت اور والہانہ انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کئے۔ محترمہ گلشن ارشاد (مرکزی ناظمہ تربیت) نے "حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبیِ رحمت و امن ـــ" کے عنوان پر انتہائی مدلل اور خوبصورت انداز میں آقا علیہ الصلٰوۃ والسلام کی حیات طیبہ کے رحمت و شفقت کے پہلو کو بیان کیا اور بتایا کہ رب کائنات نے اپنے محبوب کو سراپا رحمت و شفقت بنایا آپ سراپا امن و محبت تھے حضور کی ذات اقدس سے انسان تو دور کبھی کسی جانور کو بھی تکلیف نہیں ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معاشرے کو امن و محبت کا گہوارا بنایا۔ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلقِ وفا پر گفتگو کی اور پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے آج امتِ مسلمہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنے دعویِ محبت و عشق کو اتباع و وفا کاعملی جامہ نہیں پہنا سکی۔ آج امتِ مسلمہ کی مشکلات کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، وفا کی متقاضی ہے اور آج اگر امتِ مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو وفا تک لے کر جانا ہو گا۔اور اصلاح معاشرہ کے لئے عملی خدمات سرانجام دینا ہوگی۔ محفل کا اختتام محترمہ گلشن ارشاد کی دعا پر ہوا۔

تحریک منہاج القرآن ملتان ڈویژن کی میٹنگ

مورخہ 12 فروری 2015ء کو ملتان ڈویژن کی تمام تحصیلات کی میٹنگ ملتان شہر میں منعقد ہوئی جس میں ناظم اعلیٰ تنظیمات محترم شیخ زاہد فیاض کی قیادت میں مرکزی وفد نے شرکت کی۔ جس میں منہاج القرآن کی ناظمہ محترمہ راضیہ نوید، مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ افنان بابر شامل تھیں۔ اس میٹنگ کا بنیادی مقصد 22 فروری 2015ء کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ملتان میں انعقاد پذیر احتجاج کے ٹارگٹ تقسیم کرنا اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دینا تھا۔ اس موقع پر محترم شیخ زاہد فیاض نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے قائد محترم کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان شاء اللہ قائد انقلاب بہت جلد انقلابی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لئے ہمارے درمیان موجود ہوں گے مگر ہم نے اپنی جدوجہد کو ترک کرنے کے بجائے جاری رکھنا ہے تاکہ 70 دنوں کے دھرنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے نتائج کو سمیٹا جاسکے۔

مرکزی ناظمہ ویمن لیگ محترمہ راضیہ نوید نے دھرنے میں خواتین کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خواتین کے کردار کے بغیر کوئی بھی جماعت اپنے مقاصد میں کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی۔ لہذا خواتین کے کردار کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ایک الگ پلیٹ فارم قائم کیا تاکہ خواتین بھرپور انداز میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں اور معاشرے میں ایک اہم کردار ادا کرسکیں۔ یہی وجہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ہو یا 70 دنوں کا انقلابی دھرنا خواتین کسی بھی حوالے سے مردوں سے پیچھے نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ہمیں سیدہ زینب سلام اللہ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے دربار یزید میں للکار بننا ہوگا اور پیغام حق کو گھر گھر پہنچاکر مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع کرنے کے لئے جدوجہد کرنا ہوگا۔

نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ورکشاپ

نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر انتظام لاہور میں خواتین کے سیاسی حقوق سے آگہی کے لئے ورکشاپ اور ڈسکشن فورم کا اہتمام کیا گیا۔ سابقہ MNA محترمہ مہناز رفیع آرگنائزر اور سابق صدر رفیق تارڑ چیف گیسٹ تھے۔ پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کے ویمن ونگ کی خواتین کی نمائندگی تھی۔ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ گلشن ارشاد، محترمہ افنان بابر اور محترمہ زینب ارشد نے شرکت کی۔ محترمہ جسٹس ناصرہ جاوید اقبال، محترم ایس ایم ظفر، مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بھی شریک تھے۔

محترمہ گلشن ارشاد نے ڈسکشن میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے سیاسی شعور کے فروغ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے سیاسی و آئینی حقوق کی آگہی کے لئے جس طرح ڈاکٹر طاہرالقادری نے خدمات سرانجام دیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواتین کو ہر موقع پر اپنی رائے کا موقع دیا۔ محترمہ افنان بابر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کے لئے ہمیں تمام اختلافات بھلاکر اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھتے ہوئے مل کر چلنا ہوگا۔ محترمہ زینب ارشد نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی خواتین قومی مفاد کے لئے کبھی بھی پیچھے نہیں رہیں۔ اب قومی تقاضا ہے کہ ہم سیاسی و آئینی شعور کی بیداری و فروغ کے لئے ایسی نشستیں جاری رکھیں۔