حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اقوال زریں

  1. انسان زبان کے پردے میں چھپا ہے۔
  2. ادب بہترین کمال ہے اور خیرات افضل ترین عبادت ہے۔
  3. جو چیز اپنے لئے پسند کرو وہ دوسروں کے لئے بھی پسند کرو۔
  4. بھوکے شریف اور پیٹ بھرے کمینہ سے بچو۔
  5. گناہ پر ندامت گناہ کو مٹادیتی ہے نیکی پر غرور نیکی کو تباہ کردیتا ہے۔
  6. سب سے بہترین لقمہ وہ ہے جو اپنی محنت سے حاصل کیا جائے۔
  7. جو پاک دامن پر تہمت لگاتا ہے اسے سلام مت کرو۔
  8. موت کو ہمیشہ یاد رکھو مگر موت کی آرزو کبھی نہ کرو۔
  9. اگر توکل سیکھنا ہے تو پرندوں سے سیکھو کہ جب شام کو واپس گھر جاتے ہیں تو ان کی چونچ میں کل کے لئے کوئی دانہ نہیں ہوتا۔
  10. سب سے بڑا گناہ وہ ہے جو کرنے والے کی نظر میں چھوٹا ہو۔
  11. اس شخص کو کبھی موت نہیں آتی جو علم کو زندگی بخشتا ہے۔
  12. دو طرح کی چیزیں دیکھنے میں چھوٹی نظر آتی ہیں ایک دور سے دوسری غرور سے۔
  13. کسی کو اس کی ذات اور لباس کی وجہ سے حقیر نہ سمجھنا کیونکہ تم کو دینے والا اور اس کو دینے والا ایک ہے اللہ۔ وہ اسے عطا اور آپ سے لے بھی سکتا ہے۔
  14. دوست کو دولت کی نگاہ سے مت دیکھو۔ وفا کرنے والے دوست اکثر غریب ہوتے ہیں۔
  15. پریشانی حالات نہیں خیالات سے آتی ہے۔
  16. بہترین آنکھ وہ ہے جو حقیقت کا سامنا کرے۔
  17. دنیا میں سب سے مشکل کام اپنی اصلاح کرنا اور آسان کام دوسروں پر تنقید کرنا۔
  18. نفرت دل کا پاگل پن ہے۔
  19. انسان زندگی میں مایوس ہوتو کامیابی میں بھی ناکامی نظر آتی ہے۔
  20. اگر کوئی تم کو صرف ضرورت کے وقت یاد کرتا ہے تو پریشان مت ہونا بلکہ فخر کرنا کہ اس کو اندھیرے میں روشنی کی ضرورت ہے اور وہ تم ہو۔

مٹن بریڈ کباب

اشیاء:

  1. مٹن آدھا کلو
  2. لیموں ایک عدد
  3. آلو چار عدد
  4. نمک، سرخ مرچ پاؤڈر حسب ضرورت
  5. کالی مرچ، سبز دھنیا حسب ضرورت
  6. انڈے دو عدد

ترکیب

آلوؤں اور چکن کو الگ الگ ابال لیں۔ جب آلو اور چکن ابل جائے تو آلوؤں کو میش کرلیں اور دوسری طرف مٹن کے بھی ریشے کرلیں پھر آلوؤں کو مٹن میں مکس کرلیں اور تمام مصالحہ جات اس میں ڈال دیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ ایک لیموں نچوڑ کر رس اس آمیزے میں ڈال دیں۔ جب تمام آمیزہ مکس ہوجائے تو کباب کی شکل میں تیار کرلیں اور تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں۔ بریڈ کے پیس لے لیں اور بریڈ کرمز تیار کرلیں دوسری طرف دو انڈے پھینٹ لیں کباب کو پہلے بریڈ کرمز میں رول کرلیں پھر انڈا لگاکر کڑاہی میں تل لیں، ہلکے براؤن ہونے پر کباب اتار لیں۔ آپ کے کباب تیار ہیں۔ اب آپ گرم گرم کباب کو دہی کی چٹنی اور کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔

آم بڑی آنت، بریسٹ اور بلڈ کینسر سے بچاؤ میں معاون ہے

گرم خشک تاثیر کا حامل آم پھلوں کا بادشاہ کہلاتا ہے جو گرمیوں میں قدرت کا خاص تحفہ بھی ہے۔ جدید تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آم میں موجود اینٹی ایکسڈنٹ کمپاؤنڈ بڑی آنت، بریسٹ، خون اور غدود کے کینسر سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامن اے اور اینٹی آکسائیڈ جلد کو داغ دھبوں سے بھی بچاتا ہے۔ آم کا روزانہ استعمال جلد کو صاف اور جلد کو چمکدار بنانے کے ساتھ جھریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے جبکہ ایسے لوگ جو بینائی کے مسائل سے دوچار ہیں ان کے لئے آم مفید ہے اس میں موجود بیٹاکیروٹین سے بینائی تیز ہوتی ہے مگر شوگر میں مبتلا افراد آم کا استعمال اپنے معالج کے مشورے سے استعمال کریں۔

نظم

افلاک سے آتا ہے نالوں کا جواب آخر
کرتے ہیں خطاب آخر، اٹھتے ہیں حجاب آخر

احوالِ محبت میں کچھ فرق نہیں ایسا
سوزو تب و تاب اول، سوز و تب و تاب آخر

میں تجھ کو بتاتا ہوں، تقدیر امم کیا ہے
شمشیر و سناں اول، طاؤس و رباب آخر

میخانہ یورپ کے دستور نرالے ہیں
لاتے ہیں سرور اول، دیتے ہیں شراب آخر

کیا دبدبہ نادر، کیا شوکت تیموری
ہوجاتے ہیں سب دفتر غرقِ مے ناب آخر

خلوت کی گھڑی گزری، جلوت کی گھڑی آئی
چھٹنے کو ہے بجلی سے آغوشِ سحاب آخر

تھا ضبط بہت مشکل اس سیل معانی کا
کہہ ڈالے قلندر نے اسرار کتاب آخر

(کلیات اقبال، بال جبریل، ص623)