مرتّبہ: نازیہ عبدالستار

کٹھی میٹھی چنا چاٹ

اجزاء:

سفید چنے دو پیالی، نمک حسب ذائقہ، پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچ، آلو دو عدد، پاپڑی حسب ضرورت، املی کا پیسٹ آدھی پیالی، براؤن شوگر ایک کھانے کا چمچ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، ہری مرچیں چار سے چھ عدد، ہرا دھنیا دو سے تین کھانے کے چمچ، آئل دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب:

چنے اور آلوؤں کو الگ الگ ابال کر گلالیں۔ زیرہ بھون کر کوٹ لیں اور اسے املی کے پیسٹ میں براؤن شوگر کے ساتھ ملاکر رکھ لیں۔ پھر آئل کو گرم کریں اور اس میں لہسن ڈال کر ہلکا سا فرائی کریں پھر اس میں املی والا مکسچر، نمک اور لال مرچ ڈال کر بھونیں خوشبو آنے پر اس میں ابلے ہوئے چنے ڈال کر اچھی طرح ملاکر چولہے سے اتارلیں۔ پیالے میں نکال کر چھوٹے کٹے ہوئے آلو کے ٹکڑے باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں، ہرا دھنیا، پاپڑی اور لیموں کا رس چھڑک کر پیش کریں۔

پیزا سینڈوچ

اجزاء:

بریڈ سلائس آٹھ عدد، مکھن چار اونس، چھوٹے کیوبز میں کٹی شملہ مرچ ایک عدد، چھوٹے کیوبز میں کٹا ٹماٹر ایک عدد، چھوٹے کیوبز میں کٹی پیاز ایک عدد، چکن تکہ میٹ کیوبز ایک عدد، کٹے زیتون چار سے چھ عدد اور یگانو ایک چائے کا چمچ، کدوکش چیڈرچیز ایک کپ، نمک آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، پیزا سوس آدھا کپ، کٹی لال مرچ آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب:

پہلے مکھن کو بریڈ سلائسز پر لگائیں۔ ایک پیالے میں پیاز، ٹماٹر، شملہ مرچ، چکن میٹ کیوبز، نمک، کالی مرچ، کٹے زیتون اور یگانو چیڈر چیز، پیزاسوس اور لال مرچ ڈال کر مکس کریں۔ اب بریڈ کے ایک سلائس کو ٹوسٹر پر رکھ دیں۔ درمیان میں فلنگ بھرکر دوسرا سلائس رکھ دیں، پھر اسے پانچ منٹ کے لئے ٹوسٹ کرلیں۔ باقی بریڈ سلائسز بھی اسی طرح تیار کرلیں۔

بے داغ جلد کیلئے ٹوٹکے

چہرے کو جھریوں سے بچائیں

جلد کی صحیح نگہداشت آپ کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنتی ہے جیسے جیسے آپ کی عمر بڑھتی ہے آپ کی جلد ساخت میں تبدیل ہوتی جاتی ہے۔ عمر میں اضافے کے ساتھ دوران خون میں کمی واقع ہوتی ہے جس سے جلد کی بالائی سطح پتلی اور ڈھیلی ہونے لگتی ہے۔ وقت کے ساتھ جلد ڈھیلی پڑجانے کی وجہ سے اس میں حفاظتی چکنے مادے کا کم ہونا ہے۔ جب جلد خشک ہوجاتی ہے تو اس میں انفکیشن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی کم ہوجاتی ہے۔ خشک جلد پر جھریاں نمایاں ہوجاتی ہیں اور چھلکے سے بن جاتے ہیں اگر آپ ایک دن اپنی جلد کی نگہداشت پر صرف کریں تو اس کے اثرات آنے والے کئی دنوں تک رہیں گے۔

دھوپ سے بچاؤ

الٹرا وائلٹ شعاعیں جلد کے لئے نقصان دہ ہیں۔ اس لئے دھوپ میں نکلنے سے پہلے ہمیشہ سن اسکرین کا استعمال کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ کثرت کے ساتھ پانی پینا بھی اس مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

ایکنی کے لئے

ایک آلو چھیل کر اور 1 چمچ کھیرا کدوکش کرکے پیسٹ بنالیں پھر اس میں 1 چمچ لیموں کا رس اور ایک چمچ بیسن ڈال کر ملالیں اور پچیس منٹ لگانے کے بعد دھولیں۔

کالے دھبے ختم کرنے کیلئے

ایک چمچ ملتانی مٹی پاؤڈر، ایک چمچ پودینے کے پتوں کا پاؤڈر اور دہی کو مکس کرکے چہرے پر بیس منٹ کے لئے لگا رہنے دیں، بعد ازاں سادہ پانی سے چہرہ دھولیں۔

چہرے کے کھلے مساموں کیلئے

کھیرے میں سرکہ، چند قطرے لیموں کا رس، شہد، ایلوویرا جیل اور ٹماٹر کا پلپ ملا کر استعمال کرنے سے یہ مسئلہ آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔

جلد کا بہترین ٹانک

کھیرا جلد کا بہترین دوست ہے اسے کدوکش کرکے بیس منٹ تک لگائے رکھیں تو یہ بہترین ٹانک کا کام کرتا ہے۔

چکنی جلد کے لئے

ملتانی مٹی اور عرق گلاب کا ماسک جلد پر لگانے سے جلد کو ٹھنڈک ملتی ہے اور چکنائی بھی ختم ہوتی ہے۔